کل کتب 6944

دکھائیں
کتب
  • 51 #7489

    مصنف : عبد المحسن بن محمد القاسم

    مشاہدات : 860

    المدينة المنورة فضائلها،المسجد النبوي،الحجرة النبوية

    (پیر 06 جنوری 2025ء) ناشر : العاصم اسلامک بکس لاہور
    #7489 Book صفحات: 180

    اسلامی تاریخ کے لحاظ سے مدینہ منورہ دوسرا بڑا اسلامی مرکز اور تاریخی شہر ہے ۔نبی ﷺ کی ہجرت سے قبل اس کا نام یثرب تھا جو کہ غیر معروف تھا لیکن آپ ﷺ کی آمد ،مہاجرین کی ہجرت اور اہل مدینہ کی قربانیوں نے اس غیر معروف شہر کو اتنی شہرت و عزت بخشی کہ اس شہر مقدس سے قلبی لگاؤ اور عقیدت ہر مسلمان کا جزو ایمان بن چکی ہے ۔اس شہر میں بہت سے تاریخی مقامات ، اور بکثرت اسلامی آثار و علامات پائے جاتے ہیں جن سے شہر کی عظمت و رفعت شان کا پتہ چلتا ہے۔مدینہ منورہ کی تاریخ و فضیلت کے متعلق اہل علم نے کئی چھوٹی بڑی کتب تصنیف کی ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’ المدينة المنورة فضائلها،المسجد النبوي،الحجرة النبوية‘‘ ڈاکٹر عبد المحسن بن محمد القاسم حفظہ اللہ (امام و خطیب مسجد نبوی ) کی تصنیف ہے فاضل مصنف تقریبا 25سال سے مسجد نبوی میں خطابت و امامت کے ساتھ تدریس کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے اس کتاب میں صحیح مرویات و نصوص کی روشنی میں مدینۃ الرسولﷺ سے متعلق تمام احکام اور فضائل و مناقب کو جمع کر دیا ہے۔ یہ کتاب چونکہ عربی زبان میں ہے تو شیخ القراء و المجودین قاری محمد ادریس العاصم رحمہ اللہ کے صاحبزدے قاری اویس ادریس العاصم (فاضل مدینہ یونیورسٹی ) نے اسے اردو قالب میں ڈھالنے کی سعادت حاصل کی ہے ۔(م۔ا)

  • 52 #7488

    مصنف : ڈاکٹر محمد الیاس الاعظمی

    مشاہدات : 694

    علامہ سید سلیمان ندوی رحمۃ اللہ علیہ بحیثیت مؤرخ

    (اتوار 05 جنوری 2025ء) ناشر : ادبی دائرہ اعظم گڑھ یوپی
    #7488 Book صفحات: 126

    برصغیر پاک و ہند کے معروف سیرت نگار اور مؤرخ مولانا سید سلیمان ندوی ﷫ اردو ادب کے نامور سیرت نگار، عالم، مؤرخ اور چند قابل قدر کتابوں کے مصنف تھے جن میں سیرت النبی کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔مولانا سید سیلمان ندوی ضلع پٹنہ کے ایک قصبہ دیسنہ میں 22 نومبر 1884ء کو پیدا ہوئے۔تعلیم کا آغاز خلیفہ انور علی اور مولوی مقصود علی سے کیا۔ اپنے بڑے بھائی حکیم سید ابو حبیب سے بھی تعلیم حاصل کی۔ 1899ء میں پھلواری شریف (بہار (بھارت)) چلے گئے جہاں خانقاہ مجیبیہ کے مولانا محی الدین اور شاہ سلیمان پھلواری سے وابستہ ہو گئے۔ یہاں سے وہ دربانگا چلے گئے اور مدرسہ امدادیہ میں چند ماہ رہے۔1901ء میں دار العلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ میں داخل ہوئے جہاں سات سال تک تعلیم حاصل کی۔ 1913ء میں دکن کالج پونا میں معلم السنۂ مشرقیہ مقرر ہوئے۔1940ء میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند عطا کی۔ عالمِ اسلام کو جن علماء پر ناز ہے ان میں سید سلیمان ندوی بھی شامل ہیں۔ انکی علمی اور ادبی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب ان کے استاد علامہ شبلی نعمانی سیرت النبی کی پہلی دو جلدیں لکھ کر 18 نومبر 1914ء کو انتقال کر گئے تو باقی چار جلدیں سید سلیمان ندوی نے مکمل کیں۔ اپنے شفیق استاد کی وصیت پر ہی دار المصنفین، اعظم گڑھ قائم کیا اور ایک ماہنامہ معارف جاری کیا جو آج بھی جاری و ساری ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’علامہ سید سلیمان ندوی بحیثیت مؤرخ ‘‘ دار المصنفین ،اعظم گڑھ کے رفیق ڈاکٹر محمد الیاس الاعظمی کی تصنیف ہے ۔ اس کتاب میں انہوں نے علامہ شبلی کے علمی وارث و جانشین مولانا سید سلیمان ندوی ﷫ کے رچے ہوئے پختہ تاریخی مذاق اور ان کی تاریخی بصیرت کے مختلف نقوش ابھارے ہیں ۔ کتاب ہذا کے مطالعہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ مولانا سید سلمان ندوی نے جو جامع کمالات کی حیثیت سے گونا گوں عظیم الشان خدمات انجام دیں ،بہت سے تاریخی اغلاط و اوہام کی اصلاح و تصحیح کی تاریخ نویسی کے صحیح اور بنیادی اصول بتائے ، غلط تاریخ نویسی کی مضرتیں بیان کیں اور تاریخ نگاری کے غلط اور مسموم رجحان اور گمراہ کن انداز کی تردید کی ۔ اس رسالے میں مثالیں دے کر ان امور کو واضح کیا گیا ہے اور آخر میں سید صاحب کی چند ممتاز تاریخی تصانیف و مقالات کا مبسوط جائزہ لے کر فاضل مصنف نے واضح کیا ہے کہ ان کی تاریخ نگاری کا معیار بلند اور نظریہ تاریخ صائب و متوازن تھا۔(م۔ا)

  • 53 #7487

    مصنف : جمشید عالم عبد السلام سلفی

    مشاہدات : 1448

    معاشرے میں پھیلے فواحش ایک جائزہ

    (ہفتہ 04 جنوری 2025ء) ناشر : مکتبہ السلام انتری بازار شہرت گڑھ سدھارتھ یوپی
    #7487 Book صفحات: 250

    فواحش کا اطلاق تمام بیہودہ اور شرمناک افعال پر ہوتا ہے۔ ہر وہ برائی جو اپنی ذات میں نہایت قبیح ہو، فحش ہے۔بالخصوص قوت شہوانیہ کی بے اعتدالی اور حدود الٰہی سے تجاوز کی وجہ سے جن گناہوں کا صدور ہوتا ہے انہیں فواحش کہاجاتاہے،خواہ وہ قولی ہوں یا فعلی ۔موجودہ دور کی جدید اختراعات کہ جس میں حیا باختگی پائی جاتی ہو اور جدید تہذیب کےاندر پائی جانے والی عریانیت وبے حیائی،اخلاق سوز رسائل وجرائد اورمغرب کی درآمدشدہ آزاد رَو کثافتیں بھی فواحش میں داخل ہیں۔ زیرنظرکتاب’’معاشرے میں پھیلے فواحش ایک جائزہ جدید ایڈیشن‘‘   محترم جناب جمشید عالم عبد السلام سلفی صاحب کی تصنیف ہے۔ فاضل مصنف نےاس کتاب میں  سماج ومعاشرے میں پھیلے فواحش سےمتعلق تفصیلی گفتگو کی ہےاور معاشرے میں پھیلے فواحش کی مختلف صورتوں کا جائزہ لیا  ہے۔ اس ضمن میں فواحش کی تفصیلی وضاحت کےبعدسب سے بڑی بے حیائی اور گناہ ِ عظیم شرک کی ہلاکت وسنگینی کو بیان کیا ہے۔ نیز معاشرے میں شرک اور بدکاری کے پھیلاؤ کی قبیح صورتوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ساتھ ہی عریانیت وبے حجابی مرد وعورت کےآزادنہ میل جول اور دورجدید کی بے حیاکثافتوں  پر بھی روشنی  ڈالی ہے۔(م۔ا)

  • 54 #7486

    مصنف : فضل کریم عاصم

    مشاہدات : 665

    تحریک اہلحدیث کے عالمی مراکز کا مطالعاتی سفر

    (جمعہ 03 جنوری 2025ء) ناشر : نعمانی کتب خانہ، لاہور
    #7486 Book صفحات: 667

    اردو ادب میں سفر ناموں کو ایک مخصوص صنف کا درجہ حاصل ہو گیا ہے ۔ یہ سفرنامے دنیا کے تمام ممالک کا احاطہ کرتے ہیں ۔ اِن کی طرزِ نوشت بھی دوسری تحریروں سے مختلف ہوتی ہے ۔ یہ سفر نامے کچھ تاثراتی ہیں تو کچھ معلوماتی ۔ کچھ میں تاریخی معلومات پر زور دیا گیا ہے تو کچھ ان ملکوں کی تہذیب و ثقافت کو نمایاں کرتے ہیں جہاں کا انسان سفر کرتا ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’تحریک اہل حدیث کے عالمی مراکز کا مطالعاتی سفر‘‘مولانا فضل کریم عاصم رحمہ اللہ (بانی و سابق امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ برمنگھم) کے ان اسفار کا مجموعہ ہے جو انہوں نے دینی اور دعوتی و جماعتی کام کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے جذبہ سے کیے تھے۔ یہ سفر نامہ انتہائی دلچسپ، قابل عبرت اور نصیحت آموز واقعات کے ساتھ مفید معلوماتی اضافہ،مشاہیر علماء کا تعارف، تاریخ اہل حدیث اور مسلمان ممالک کی تہذیب و تمدن،جغرافیہ و ثقافت سے مزین ہے۔ یاد رہے یہ سفر مولانا فضل کریم عاصم رحمہ اللہ نے 1969ء میں برطانیہ سے پاکستان بائی روڈ کیا اس سفر میں ان کو تقریباً 15ممالک سے گزرنا پڑا۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے اس طویل سفر کو قلمبند کیا اور نعمانی کتب ،لاہور نے اسے ’’تحریک اہل کے عالمی مراکز کا مطالعاتی سفر‘‘ کے نام سے حسن طباعت سے آراستہ کیا ۔(م۔ا)

  • 55 #7485

    مصنف : ارشاد الحق اثری

    مشاہدات : 954

    تفسیر سورۃ الزمر

    (جمعرات 02 جنوری 2025ء) ناشر : ادارہ علوم اثریہ، فیصل آباد
    #7485 Book صفحات: 659

    قرآن مجید پوری انسانیت کے لیے کتاب ِہدایت ہے اور اسے یہ اعزاز حاصل ہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے۔ اسے پڑھنے پڑھانے والوں کو امامِ کائنات نے اپنی زبانِ صادقہ سے معاشرے کے بہترین لوگ قرار دیا ہے اور اس کی تلاوت کرنے پر اللہ تعالیٰ ایک ایک حرف پر ثواب عنایت کرتے ہیں۔ دور ِصحابہ سے لے کر دورِ حاضر تک بے شمار اہل علم نے اس کی تفہیم و تشریح اور ترجمہ و تفسیر کرنے کی خدمات سر انجام دیں اور ائمہ محدثین نے کتبِ احادیث میں باقاعدہ ابواب التفسیر کے نام سے باب قائم کیے۔اور بعض مفسرین نے بعض سورتوں کی الگ الگ تفسیر اور ان کے مفاہیم و مطالب سمجھانے کے لیے بھی کتب تصنیف کی ہیں جیسے معوذتین، سورہ اخلاص، سورۂ فاتحہ، سورۂ یوسف، سورۂ کہف، سورۂ ملک وغیرہ کی الگ الگ تفاسیر قابل ذکر ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’تفسیر سورۃ الزّمر‘‘ محقق دوراں مولانا ارشاد الحق اثری ﷾ کے محققانہ قلم سے ہفت روزہ الاعتصام میں شائع ہونے والے دروسِ قرآن کا مجموعہ ہے جو مسلسل الاعتصام میں شائع ہوتے رہے۔ اس کی افادیت کے پیش نظر اس میں مزید حک و اضافہ کے ساتھ ادارۃ العلوم اثریہ ،فیصل آباد نے اسے کتابی صورت میں شائع کیا ہے۔ (م۔ا)

  • 56 #7484

    مصنف : طاہر اللہ دیروی

    مشاہدات : 1515

    زبان

    (بدھ 01 جنوری 2025ء) ناشر : مکتبہ السنۃ پشاور
    #7484 Book صفحات: 212

    اللہ تعالیٰ نے انسان کو بہت سی نعمتیں عطا فرمائی ہیں ۔ان نعمتوں میں سے زبان ایک عظیم نعمت ہے۔یہ وہ عضو ہے جس کے ذریعہ انسان اپنے احساسات و جذبات کی ترجمانی کرتا ہے انسان اسی کی وجہ سے باعزت مانا جاتا ہے اور اسی کی وجہ سے ذلت و رسوائی کا مستحق بھی ہوتا ہے۔ اس نعمت کی اہمیت کو وہ شخص سمجھ سکتا ہے جس کے منہ میں زبان ہے لیکن وہ اپنا مافی ضمیر ادا نہیں کر سکتا ہے۔اللہ کا فرمان ہے : أَلَمْ نَجْعَلْ لَهُ عَيْنَيْنِ وَلِسَانًا وَشَفَتَيْنِ(سورۃ البلد) ’’ کیا ہم نے اس کے لئے دو آنکھیں اور ایک زبان اور دو ہونٹ نہیں بنایا۔‘‘ سب سے زیادہ غلطیاں انسان زبان سے ہی کرتا ہے۔ لہٰذا عقلمند لوگ اپنی زبان کو سوچ سمجھ کر اور اچھے طریقے سے استعمال کرتے ہیں۔ زبان کو غلط اور بری باتوں سے بچا کر اچھے طریقے سے استعمال کرنا زبان کی حفاظت کہلاتا ہے۔ ہمارے دین اسلام میں زبان کی حفاظت کو بہت اہمیت دی گئی ہے۔ زیر نظر کتاب ’’زبان ‘‘ محترم جناب طاہر اللہ دیروی حفظہ اللہ کی تصنیف ہے انہوں نے اس کتاب کو تین ابواب میں تقسیم کیا ہے ۔پہلا باب زبان کی حفاظت کے بارے میں ہے ۔دوسرے باب میں زبان کی ہلاکتوں یا برائیوں پر بحث ہے۔جبکہ تیسرے میں زبان کی خوبیوں اور اچھائیوں کے بارے میں قرآن و حدیث کی روشنی میں بحث کی گئی ہے۔(م۔ا)

  • 57 #7483

    مصنف : ارشاد الحق اثری

    مشاہدات : 1220

    شرح حدیث ابن عباس رضی اللہ عنہما

    (منگل 31 دسمبر 2024ء) ناشر : ادارہ علوم اثریہ، فیصل آباد
    #7483 Book صفحات: 178

    جیسے حدیث جبرئیل میں اصول دین کا بیان ہے تو حدیث ابن عباس رضی اللہ عنہما میں دین پر مداومت، توحید پر استقامت اور راہِ استقامت میں آنے والی پریشانیوں اور رکاوٹوں کے حل کا بیان ہے۔بلکہ یہ نبی ﷺ کا سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کے لیے نصیحت و وصیت نامہ ہے ۔ حافظ ابن رجب اللہ رحمہ اللہ نے اربعین نووی کی شرح جامع العلوم و الحکم میں اس حدیث کی بڑی مفصل تشریح کی ہے اور نور الإقتباس في مشكاة وصية النبي لإبن عباس کے نام سے اس کی بڑی مفصل تشریح کی ہے۔ اس حدیث کی اہمیت کے پیش نظر محقق دوراں مولانا ارشاد الحق اثری ﷾ نے حافظ ابن رجب حنبلی کے رسالے ’’نور الاقتباس ‘‘ اور جامع العلوم و الحکم سے استفادہ کر کے اپنے قلم سے اس عظیم الشان حدیث ابن عباس کی بہترین توضیح و تشریح کرنے کی کوشش کی ہے۔(م۔ا)

  • نیل الارب من جامع العلوم و الحکم

    (پیر 30 دسمبر 2024ء) ناشر : مکتبہ اسلامیہ، لاہور
    #7482 Book صفحات: 567

    نبی کریم ﷺ کو جو معجزات عطا کیے گئے ان میں ایک اہم معجزہ ’’جوامع الکلم ‘‘تھا، جس کا مطلب یہ ہے کہ گفتگو میں آپ ﷺ الفاظ تو بہت تھوڑے بولتے تھے مگر ان کے معانی اور دلالات بہت وسیع ہوتے۔بعض اہل علم نے خصوصیت سے ان احادیث کو جمع کرنے کی کوشش کی جن میں الفاظ کے اختصار کے ساتھ جامعیت کا یہ وصف بہت واضح اور نمایاں ہے، اس سلسلے میں سب سے پہلے حافظ ابن صلاح رحمہ اللہ نے 26 ایسی احادیث جمع کیں جن میں عقائد،عبادات اور اخلاق و آداب سے متعلق جامع تعلیمات بیان ہوئی ہیں، پھر ان کے بعد امام نووی رحمہ اللہ نے اسی مجموعے میں 16 احادیث کا اضافہ کیا اور یہ 42 احادیث کا مجموعہ ’’اربعین نووی‘‘ کے نام سے بہت مقبول ہوا اور ہر دور میں اسے پڑھا پڑھایا جانے لگا۔امام نووی رحمہ اللہ کی اس مقبول عام کتاب پر کئی علماء نے حواشی و شروح لکھیں۔ حافظ ابن رجب رحمہ اللہ نے اس میں ایک کام یہ بھی کیا کہ 42 حدیثوں کے ساتھ مزید 8 احادیث کا اضافہ کیا اور پچاس احادیث کی تشریح کی جس کا نام انہوں نے ” جامع العلوم و الحکم فی شرح خمسین حدیثا من جوامع الکلم‘‘ رکھا۔امام ابن رجب کی یہ شرح بھی اربعین نوویہ کی طرح بڑی مقبول ہوئی اور اسے بے حد پسند کیا گیا ۔ زیر نظر کتاب ’’ نیل الارب من جامع العلوم و الحکم‘‘وزارت اوقاف۔کویت کے زیر اہتمام قائم ادارے ’’دار القرآن ‘‘ کی نصابی کتاب ہے۔اہل علم کی ایک کمیٹی نے امام ابن رجب کی کتاب ’’ جامع العلوم و الحکم‘‘میں بعض مقامات پر اختصار کیا اور کچھ جگہوں میں ضروری علمی و تربیتی فوائد کا اضافہ بھی کیا اور اس کا نام ’نیل الارب من جامع العلوم و الحکم‘ رکھا۔’’دار القرآن ‘‘ کویت کے طلباء کی سہولت کے پیش نظر ڈاکٹر حافظ محمد اسحاق زاہد حفظ اللہ ( مصنف زاد الخطیب) نے اسے اردو قالب میں ڈھالا ہے۔ بلا شبہ یہ کتاب اس لائق ہے کہ جہاں اس سے مکاتب و مدارس اور دروس و خطابات میں استفادہ کیا جائے وہیں اسے گھر گھر میں بچوں کو اپنی نگرانی میں سبقا سبقا پڑھایا جائے تو یقینا اس کا نتیجہ بفضلہ تعالیٰ بچوں کی بہتر عملی و اخلاقی تربیت کی صورت میں نکلے گا۔اس کتاب کی افادیت کے پیش نظر اسے جمعیہ احیاء التراث۔کویت کے تمام دعاۃ کی خدمت میں بطور تحفہ پیش کیا گیا ۔اللہ تعالیٰ مترجم و ناشرین کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے عامۃ الناس کے لیے نفع بخش بنائے۔آمین(م۔ا)

  • 59 #7481

    مصنف : ابو عدنان محمد منیر قمر

    مشاہدات : 783

    مختصر احکام حج و عمرہ اور مسائل عیدین و قربانی

    (اتوار 29 دسمبر 2024ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7481 Book صفحات: 122

    بیت اللہ کی زیارت اور فریضۂ حج کی ادائیگی ہر صاحب ایمان کی تمنا اور آرزو ہے۔ ہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک دفعہ فریضہ حج کی ادائیگی فرض ہے، اور اس کے انکاری کا ایمان کامل نہیں ہے اور وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ اجر و ثواب کے لحاظ سے یہ رکن بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے تمام كتب حديث و فقہ میں اس کی فضیلت اور احکام و مسائل کے متعلق ابواب قائم کیے گئے ہیں اور تفصیلی مباحث موجود ہیں ۔ زیرنظر کتاب ’’مختصر احکام ِحج و عمرہ اور مسائل عید ین و قربانی ‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی کاوش ہے۔ جس میں انہوں نے حج و عمرہ کے تمام مسائل اور اس دوران پڑھی جانے والی دعائیں قرآن و حدیث کی روشنی میں جمع کر دی ہیں ۔ (م۔ا)

  • 60 #7480

    مصنف : عبد المبین ندوی

    مشاہدات : 731

    مولانا ثناء اللہ امرتسری رحمۃ اللہ علیہ

    (ہفتہ 28 دسمبر 2024ء) ناشر : ندوۃ المحدثین گوجرانوالہ
    #7480 Book صفحات: 66

    فاتح قادیان مولانا ثناء اللہ امرتسری﷫ 1868ء کو امرتسر میں پیدا ہوئے آپ  نے ابتدائی تعلیم امرتسر میں پائی۔ سات سال کی عمر میں والد اور چودہ برس کی عمر تک پہنچتے والدہ بھی داغِ مفارقت دے گئیں۔ بنیادی تعلیم مولانا احمد اللہ امرتسر ﷫سے حاصل کرنے کے بعد استاد پنجاب، مولانا حافظ عبد المنان وزیرآبادی ﷫سے علم حدیث کی کتابیں پڑھیں۔ ۱۸۸۹ء میں سند فراغت حاصل کر کے صحیحین پڑھنے دہلی میں سید نذیر حسین دہلوی ﷫ کے پاس پہنچے۔مولانا ثناء اللہ امرتسری﷫ وسیع المطالعہ، وسیع النظر، وسیع المعلومات اور باہمت عالم دین ہی نہیں دین اسلام کے داعی، محقق، متکلم، متعلم، مناظر مصنف، مفسر اور نامور ادیب و صحافی بھی تھے۔ مولانا کے پیش نگاہ دفاعِ اسلام اور پیغمبر اعظم جناب محمد رسول اللہﷺ کی عزت و ناموس کی حفاظت کا کام تھا۔ یہود و نصاریٰ کی طرح ہندو بھی اسلام کے درپے تھے۔ مولانا کی اسلامی حمیت نے یہود و نصاریٰ، ہندو اور قادیانیوں کو دندان شکن جواب دیے۔ عیسائیت اور ہندو مت کے رد میں آپ  نے متعدد کتب لکھیں۔اور آپ  نے جس سرگرمی و تندہی سے عقیدہ ختم نبوتﷺ کا دفاع کیا، ایسی سعادت کم ہی مسلمانوں کے حصے میں آئی ہے۔ آپ  نے اسلام کی حقانیت کو ہر موڑ پر ہر حوالے سے ثابت کیا۔ ۱۸۹۱ء میں جب مرزا قادیانی نے دعویٰ مسیحیت کیا‘ آپ  اس وقت طالب علم تھے۔ زمانہ طالب علمی ہی میں آپ  نے ردِ قادیانیت کو اختیار کر لیا۔ قادیانیت کی دیوار کو دھکا دینے میں مولانا نے کلیدی کردار ادا کیا۔ زیر تبصرہ کتاب ’’مولانا ثناء اللہ امرتسر ی﷫ مختصر حالات اور تفسیری خدمات ‘‘محترم جناب عبد المبین ندوی کے دو مقالوں کی کتابی صورت ہے پہلے مقالے میں مولانا امرتسری رحمہ اللہ کے مختصر حالاتِ زندگی پیش کیے گئے ہیں جبکہ دوسرے مقالے میں مولانا کی تفسیری خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی تفسیری خوبیوں، اور کمالات کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔(م۔ا)

  • 61 #7479

    مصنف : محمد خبیب احمد

    مشاہدات : 1254

    مقالات حدیثیہ

    (جمعہ 27 دسمبر 2024ء) ناشر : ادارہ علوم اثریہ، فیصل آباد
    #7479 Book صفحات: 651

    علمائے اسلام نے دینِ اسلام اور عقیدۂ توحید کی ترویج دعوت و تبلیغ ،درس و تدریس ، تصنیف و تالیف ،مضامین و مقالات کے ذریعہ کی ہے بعض علماء نے مختلف موضوعات پر ضخیم کتب اور چھوٹے رسائل و کتابچہ جات تحریر کئے ہیں۔ قارئین کے لیے بڑی ضخیم کتب کی بانسبت ان چھوٹے رسائل،کتابچہ جات اور مضامین و مقالات سے استفادہ کرنا آسان ہے۔بعض ناشرین کتب نے ان رسائل کو افادۂ عام کے لیے یکجا کر کے شائع کیا ہے جیسے کہ مقالات شبلی، مقالات راشدیہ،مقالات محدث گوندلوی ، مقالات مولانا محمد اسماعیل سلفی،مقالات شاغف، مقالات اثری، مقالات پروفیسر عبد القیوم وغیرہ ۔ مذکورہ تمام مقالات تقریبا کتاب و سنت ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’مقالاتِ حدیثیّہ‘‘ مولانا محمد خبیب احمد حفظہ اللہ (رفیق ادارۃ العلوم الاثریہ۔فیصل آباد )کے قلم سے تحریر شدہ 9 مختلف علمی مقالات کی کتابی صورت ہے۔پہلے چار مقالے صومِ عاشورا وغیرہ کے بابت ہیں۔ پانچواں صغار صحابہ کرام کی مراسیل کے حکم کے بارے میں ہے۔ چھٹا اور ساتواں سند کتاب سے متعلق ہے۔ آٹھویں مقالے میں صحیح مسلم پر امام ابو زرعہ رازی رحمہ اللہ کے اعتراضات کا جائزہ لیا اور صحیح مسلم کا دفاع کیا گیا ہے۔ آخری مقالہ وقت کی قدر و منزلت کے حوالے سے ہے۔ ہر مقالے کے آخر میں مقالہ کا خلاصہ بھی پیش کر دیا گیا ہے۔ ہر ہر مقالہ کی اپنی انفرادیت ہے۔ (م۔ا)

  • 62 #7478

    مصنف : ابو انشاء قاری خلیل الرحمن جاوید

    مشاہدات : 1527

    جن اور جادو بائے بائے

    (جمعرات 26 دسمبر 2024ء) ناشر : جامعہ الاحسان الاسلامیہ،کراچی
    #7478 Book صفحات: 244

    جادو کا موضوع ان اہم موضوعات میں سے ہے جن کا بحث و تحقیق اور تصنیف و تالیف کے ذریعے تعاقب کرنا علماء کے لیے ضروری ہے کیونکہ جادو عملی طور پر ہمارے معاشروں میں بھرپور انداز سے موجود ہے اور جادوگر چند روپوں کے بدلے دن رات فساد پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں جنہیں وہ کمزور ایمان والے اور ان کینہ پرور لوگوں سے وصو ل کرتے ہیں جو اپنے مسلمان بھائیوں سے بغض رکھتے ہیں اور انہیں جادو کے عذاب میں مبتلا دیکھ کر خوشی محسوس کرتے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’جن اور جادو بائے بائے ‘‘ معروف اسلامی سکالر ابو انشاء قاری خلیل الرحمن جاوید حفظہ اللہ کی تصنیف ہے اس کتاب کو انہوں نے پانچ ابواب میں تقسیم کیا ہے۔پہلے باب میں ان علوم و فنون کا تعارف دیا گیا ہے جو جادو اور جنات سے متعلقہ علوم تصور کئے جاتے ہیں ۔ دوسرے باب میں نظریۂ آسیب و جادو کے بارے میں پائے جانے والے متضاد عقائد و نظریات کا جائزہ لیتے ہوئے قارئین پر یہ بات عیاں کی گئی ہے کہ نظریۂ آسیب میں کہاں تک حقیقت ہے اور کہاں تک فسانہ ہے۔چوتھے باب میں صبح و شام کے اذکار اور مختلف پریشانیوں اور تکلیفوں کے موقع پر نطقِ رسالتﷺ سے ادا ہونے والی مختلف دعاؤں کو یکجا کیا گیا ہے۔جبکہ پانچویں باب میں صرف قرآنی آیات پر مشتمل ایسے وظائف درج کیے گئے ہیں کہ جو انتہائی مجرب ہیں ۔(م۔ا)

  • 63 #7477

    مصنف : علامہ ابن رجب حنبلی

    مشاہدات : 1391

    جامع العلوم و الحکم کا نادر نسخہ

    (بدھ 25 دسمبر 2024ء) ناشر : کلیۃ القرآن الکریم والتربیۃ الاسلامیہ قصور
    #7477 Book صفحات: 90

    نبی کریم ﷺ کو جو معجزات عطا کیے گئے ان میں ایک اہم معجزہ ’’جوامع الکلم ‘‘تھا، جس کا مطلب یہ ہے کہ گفتگو میں آپ ﷺ الفاظ تو بہت تھوڑے بولتے تھے مگر ان کے معانی اور دلالات بہت وسیع ہوتے۔بعض اہل علم نے خصوصیت سے ان احادیث کو جمع کرنے کی کوشش کی جن میں الفاظ کے اختصار کے ساتھ جامعیت کا یہ وصف بہت واضح اور نمایاں ہے، اس سلسلے میں سب سے پہلے حافظ ابن صلاح رحمہ اللہ نے 26 ایسی احادیث جمع کیں جن میں عقائد،عبادات اور اخلاق و آداب سے متعلق جامع تعلیمات بیان ہوئی ہیں، پھر ان کے بعد امام نووی رحمہ اللہ نے اسی مجموعے میں 16 احادیث کا اضافہ کیا اور یہ 42 احادیث کا مجموعہ ’’اربعین نووی‘‘ کے نام سے بہت مقبول ہوا اور ہر دور میں اسے پڑھا پڑھایا جانے لگا۔امام نووی رحمہ اللہ کی اس مقبول عام کتاب پر کئی علماء نے حواشی و شروح لکھیں۔ حافظ ابن رجب رحمہ اللہ نے اس میں ایک کام یہ بھی کیا کہ 42 حدیثوں کے ساتھ مزید 8 احادیث کا اضافہ کیا اور پچاس احادیث کی تشریح کی جس کا نام انہوں نے ” جامع العلوم و الحکم فی شرح خمسین حدیثا من جوامع الکلم‘‘ رکھا۔امام ابن رجب کی یہ شرح بھی اربعین نوویہ کی طرح بڑی مقبول ہوئی اور اسے بے حد پسند کیا گیا ۔ زیر نظر کتاب ’’جامع العلوم و الحکم کا نادر نسخہ‘‘کلیۃ القرآن الکریم و التربیۃ الاسلامیہ۔ پھولنگر کے سال اول کے نصاب میں شامل ہے۔سال اول کے طلبا کو اس کتاب کی تفہیم و توضیح کروانے کے ساتھ ساتھ اسے زبانی بھی یاد کروایا جاتا ہے۔قاری بلال نزیر حفظہ اللہ  نے طلباء کی آسانی کی خاطر ’’جامع العلوم و الحکم‘‘ کو شیخ عبد المحسن القاسم کے محقق نسخے کو بنیاد بنا کر اس نادر نسخے کو ترتیب جدید و تخریج سے مزین کرنے کے علاوہ اسے مفید بنانے کے لیے آغاز میں حدیث کا لغوی اور اصطلاحی معنیٰ اور حدیث یاد کرنے کی فضیلت اور سنہری اصول بیان کیے ہیں اور اس نادر نسخے کی اصل حقیقت سے آگہی کے لیے اس نسخے کی مختصر تاریخ ، وقیع تعارف بیان کرنے کے علاوہ اس نادر نسخے کے گرامی قدر مولفین کے مختصر اور جامع تعارف کو بھی پیش کیا ہے اور آخر میں اس نادر نسخے میں موجود جملہ احادیث کے مفرادات کی وضاحت اور صرفی و لغوی توجیہ بیان کی ہے۔اللہ تعالیٰ ناشرین کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور طالبانِ علوم نبوت کے لیے نفع بخش بنائے ۔آمین(م۔ا)

  • انسان کا سب سے بڑا دشمن کون؟

    (منگل 24 دسمبر 2024ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7476 Book صفحات: 113

    قرآن مجید جو انسان کے لیے ایک مکمل دستور حیات ہے ۔اس میں بار بار توجہ دلائی گئی ہے کہ شیطان مردود سے بچ کر رہنا  یہ تمہارا کھلا دشمن ہے ۔ شیطان انسان کو کہیں خواہشِ نفس کو ثواب کہہ کر ادھر لگا دیتا ہے ،کبھی زیادہ اجر کا لالچ دے کر اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کے منافی خود ساختہ نیکیوں میں لگا دیتا ہے اور اکثر کو آخرت کی جوابدہی سے بے نیاز کر کے دنیا کی رونق میں مدہوش کر دیتا ہے۔قرآن مجید اور احادیثِ صحیحہ میں شیطانوں سے بچنے کی آسان تدابیر مفصل طور پر موجود ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’انسان کا سب سے بڑا دشمن کون؟‘‘ محترمہ ام عابد نسیم بنت ڈاکٹر عبد الماجد لاری رحمہ اللہ کی تصنیف ہے مصنفہ نے اگرچہ یہ کتاب بنیادی طور پر حلقہ خواتین کے لیے مرتب کی ہے لیکن اس سے مرد حضرات بھی یکساں مستفید ہو سکتے ہیں ۔مصنفہ نے اس کتاب میں شیطان کو انسان کے سب سے بڑے دشمن کے طور متعارف کروایا ہے۔اور سلیس و سادہ اور عام فہم انداز میں شیطان کی اصلیت کو بے نقاب کرنے کی ایک کامیاب کوشش کی ہے۔(م۔ا)

  • 65 #7475

    مصنف : سلطان محمود محدث جلالپوری

    مشاہدات : 1140

    امثال اصطلاحات المحدثین

    (پیر 23 دسمبر 2024ء) ناشر : دار المصنفین لاہور
    #7475 Book صفحات: 75

    احادیث نبویہ کا مبارک علم پڑھنے  پڑھانے میں بہت سی اصطلاحات استعمال ہوتی ہیں جن سے ہر طالب علم کو آگاہ ہونا از حد ضروری ہے تاکہ وہ اس علم میں کما حقہ درک حاصل کر سکے ، ورنہ اس کے فہم و تفہیم میں بہت سے الجھنیں پیدا ہوتی ہیں اس موضوع پر ائمہ فن و علماء حدیث نے مختصر و مطول بہت سی کتابیں تصنیف فرمائی ہیں ۔ ان میں سے ایک زیر نظر مختصر رسالہ ’’ اصطلاحات المحدثین‘‘ کے نام سے مولانا سلطان محمود محدث ﷫ نے بھی ترتیب دیا جو کہ اکثر مدارس اہل حدیث میں شامل نصاب ہے ۔ جس میں اس فن کی بنیادی اصطلاحات کی تفہیم کی گئی ہے جس سے طلبہ و طالبات بخوبی فائدہ اٹھاتے ہیں ۔لیکن اس کتابچہ میں اصطلاحات کے ساتھ ان کی مثالیں نہ تھیں جس کے لیے مدرسین اور طلبا کو کچھ دقت کا سامنا تھا ۔ فضیلۃ الشیخ عبد الرحمٰن عزیز حفظہ اللہ  نے اساتذہ و طلباء کی آسانی کے لیے اس رسالہ میں عام فہم انداز میں مثالوں کا اضافہ کیا ہے جس سے اس رسالہ کی افادیت دوچند ہو گئی ہے۔ دار المصنفین،لاہور نے اسے ’’امثال اصطلاحات المحدثین‘‘ کے نام سے شائع کیا ہے ۔(م ۔ا)

  • 66 #7474

    مصنف : ارشاد الحق اثری

    مشاہدات : 1188

    حرز المؤمن

    (اتوار 22 دسمبر 2024ء) ناشر : ادارہ علوم اثریہ، فیصل آباد
    #7474 Book صفحات: 82

    نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’دعا عبادت کا مغز ہے۔‘‘یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کو یہ ہر گز پسند نہیں کہ دعا جیسی اہم اور خالص عبادت میں کسی دوسرے کو شریک کیا جائے۔دعا کے لئے معیار ،نبی کریم ﷺ کا اسوہ حسنہ ہے جو ہمیں بتاتا ہے کہ نبی کریم ﷺ دعا کیسے کیا کرتے تھے اور کن الفاظ سے کرتے تھے۔ہماری پیدائش سے لیکر موت تک جو بھی الجھنیں ،پریشانیاں یا ضرورتیں ہمیں پیش آ سکتی ہیں ،اس کے لئے نبی کریم ﷺ کی دعاؤں پر مشتمل الفاظ موجود ہیں۔آپ بعض دعائیں ایک ایک دفعہ پڑھتے تھے تو بعض ایک سے زائد بھی پڑھا کرتے تھے،جس کی گنتی کے لئے وہ ہاتھوں کی انگلیوں کو استعمال میں لاتے تھے۔ زیر نظر کتاب ’’ حرز المومن ‘‘محقق دوراں مولانا ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ  کی تصنیف ہے ۔ جس میں انہوں نے صلاۃ الاستخارہ، صلاۃ الحاجہ کا طریقہ اور مختلف بیماریوں سے بچنے کے لیے مسنون دعائیں جمع فرما دی ہیں۔ (م۔ا)

  • 67 #7473

    مصنف : ابو عبد الرحمٰن محمد شفیع مسکین

    مشاہدات : 829

    عرش فرش دیاں خبراں

    (ہفتہ 21 دسمبر 2024ء) ناشر : محمدی پبلشنگ اینڈ کیسٹ ہاؤس لاہور
    #7473 Book صفحات: 340

    اسلام کی دعوت و تبلیغ اور نشر و اشاعت کے لئے نثر کے ساتھ ساتھ نظم بھی ایک اہم ذریعہ ہے،مگر نظم کی صلاحیت سب افراد میں نہیں پاتی جاتی بلکہ یہ صلاحیت بہت کم اہل قلم میں پائی جاتی ہے۔شعر و شاعری کی استعداد وہبی ہوتی ہے نہ کہ کسبی،کوئی بھی شخص صرف اپنی کوشش سے شاعر نہیں بن سکتا ہے۔شاعر صرف وہی بن سکتا ہے جسے اللہ تعالیٰ نے یہ ذوق اور ملکہ عطا کیا ہو۔اردو شعراء کی طرح متعدد پنجابی شعراء نے بھی دعوت و تبلیغ کے لیے پنجابی شاعری میں دعوت و تبلیغ کے سلسلہ میں ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں ۔ ابو عبد الرحمٰن محمد شفیع مسکین رحمہ اللہ کی زیر نظر کتاب ’’عرش فرش دیا خبراں‘‘ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس میں انہوں نے منظوم انداز میں متعدد دینی و اسلامی موضوعات کو ایک خوبصورت اور حسین انداز میں پیش کیا ہے ۔ (م۔ا)

  • 68 #7472

    مصنف : رضیہ مدنی

    مشاہدات : 1060

    الزواج

    (جمعہ 20 دسمبر 2024ء) ناشر : اسلامک انسٹی ٹیوٹ، گارڈن ٹاؤن، لاہور
    #7472 Book صفحات: 154

    اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے پور ی انسانیت کے لیے اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل راہنمائی فراہم کرتاہے انسانی زندگی میں پیش آنے والے تمام معاملات، عقائد وعبادات ، اخلاق وعادات کے لیے نبی ﷺ کی ذات مبارکہ اسوۂ حسنہ کی صورت میں موجود ہے ۔مسلمانانِ عالم کو اپنےمعاملات کو نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق سرانجام دینے چاہیے۔ لیکن موجود دور میں مسلمان رسم ورواج اور خرافات میں گھیرے ہوئے ہیں بالخصوص برصغیر پاک وہند میں شادی بیاہ کے موقع پر بہت سے رسمیں اداکی جاتی ہیں جن کاشریعت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں اور ان رسومات میں بہت زیادہ فضول خرچی اور اسراف سے کا م لیا جاتا ہے جوکہ صریحاً اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ ان مواقع پر تمام رسوم تو ادا کی جاتی ہیں۔ لیکن لوگوں کی اکثریت فریضہ نکاح کے متعلقہ مسائل سے اتنی غافل ہے کہ میاں کو بیو ی کے حقوق کا علم نہیں، بیوی میاں کے حقوق سے ناواقف ہے ،ماں باپ تربیتِ اولاد سے نا آشنا اور اولاد مقامِ والدین سے نابلد ہے۔ اسلام نے شادی کو فریقین کے درمیان محبت اور رحمت قرار دیا ہے اور شادی بیاہ کے معاملات کو اس قدر آسان بنایا ہے کہ اگر ان پر عمل کیاجائے تو والدین کو اپنی جوان بچیوں اور بچوں کی شادی کے معاملے پریشانی ومسائل کا سامنانہ کرنا پڑے۔ لیکن موجو دہ رسم ورواج نے شادی کے آسان کام کو مشکل ترین بنادیا ہے۔ جس کی وجہ سے نہ جانے کتنے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں غلط راستہ اختیار کرتے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’الزواج‘‘ محترمہ رضیہ مدنی صاحبہ کے شادی بیاہ اور حقوق الزوجین کے موضو ع پراسلامک انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام   طالبات وخواتین کو دئیے گئے لیکچرز کی کتابی صورت ہے۔ خواتین کے شدید مطالبہ پر محترمہ کے ان لیکچرز کو اسلامک انسٹی کی ایک استاد عفیفہ بٹ صاحبہ نے بڑی محنت سے مرتب کیا ہے ۔مصنفہ نے اس میں نکاح کی اہمیت، رشتے کا انتخاب، شروطِ نکاح، مسنون نکاح،نکاح کے موقع پر رسم ورواج کی حقیقت، زوجین کے حقوق وفرائض وغیرہ جیسے موضوعات کو آیات قرآنی اوراحادیث صحیحہ کی روشنی میں عام فہم انداز میں میں پیش کیا ہے۔ یہ کتاب خواتین کے لیے بیش قیمت تحفہ ہے اورشادی کے موقعہ پر دوست احباب کو دینے کے لیے بہترین گفٹ ہے۔ کتاب ہذا کی مصنفہ مفسر ِقرآن مولانا عبدالرحمن کیلانی ﷫ کی دختر اور معروف عالم دین مولانا حافظ عبدالرحمن مدنی﷾(مدیر اعلیٰ ماہنامہ محدث مدیر جامعہ لاہور الاسلامیہ ،لاہور ) کی زوجہ اور ڈاکٹر حافظ حسن مدنی ،ڈاکٹر حافظ حسین ازہر ،ڈاکٹر حافظ انس نضر، ڈاکٹر حافظ حمزہ مدنی حفظہم اللہ کی والدہ محترمہ ہیں۔موصوفہ طویل عرصہ سے ’’اسلامک انسٹی ٹیوٹ ‘‘ کی سرپرستی کےفرائض انجام دے رہی ہیں۔ اسلامک انسٹی ٹیوٹ محترمہ کی زیرنگرانی   لاہور میں تقرییا پچیس سال سے خواتین وطالبات کی تعلیم وتربیت کا اہتمام کر رہا ہے ۔لاہور اور اس کےگرد ونواح میں اس کی متعددشاخیں موجود ہیں۔ اب تک سیکڑوں خواتین وطالبات اس سے اسناد فراغت حاصل کرکے دعوت دین کے کاموں میں مصروف عمل ہیں۔ اللہ تعالیٰ محترمہ کےعمل وعمل میں اضافہ فرمائے اور ان کی دعوتی وتدریسی خدمات کو شرف ِقبولیت سے نوازے اور اس کتاب کو خواتینِ اسلام کے لیے نفع بخش بنائے۔ (آمین)(م۔ا)

  • 69 #7471

    مصنف : محمد جونا گڑھی

    مشاہدات : 1242

    واضح البیان

    (جمعرات 19 دسمبر 2024ء) ناشر : مکتبہ قدوسیہ،لاہور
    #7471 Book صفحات: 726

    قرآن مجید انسانوں کی راہنمائی کے لیے رب العالمین کی طرف سے نازل کی گئی آخری کتاب ہے ۔اور قرآن کریم ہی وہ واحد کتاب ہے جو تاقیامت انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا سرچشمہ اور نوعِ انسانی کے لیے ایک کامل اور جامع ضابطۂ حیات ہے ۔ اسی پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں سربلندی اور آخرت میں نجات کا حصول ممکن ہے لہذا ضروری ہے کہ اس کے معانی و مفاہیم کو سمجھا جائے ،اس کی تفہیم کے لیے درس و تدریس کا اہتمام کیا جائے اور اس کی تعلیم کے مراکز قائم کئے جائیں۔ قرآن فہمی کے لیے ترجمہ قرآن اساس کی حیثیت رکھتا ہے ۔آج دنیا میں کم و بیش 103 زبانوں میں قرآن کریم کے مکمل تراجم و حواشی شائع ہو چکے ہیں۔جن میں سے ایک اہم زبان اردو بھی ہے ۔اردو زبان میں اولین ترجمہ کرنے والے شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ﷫ کے دو فرزند شاہ رفیع الدین ﷫اور شاہ عبد القادر﷫ ہیں۔ اب تو اردو زبان میں بیسیوں تراجم قرآن و حواشی اور تفاسیر دستیاب ہیں ۔ہنوز یہ سلسلہ جاری و ساری ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’واضح البیان‘‘شارح صحیح بخاری مولانا داؤد راز رحمہ اللہ کے تفسیری حواشی اور مولانا محمد جونا گڑھی کے ترجمہ قرآن پر مشمل ہے ۔مکتبہ قدوسیہ لاہور نے اسے عبد اللہ ذہبی صاحب اور عمر فاروق قدوسی صاحب کی نظرثانی کے ساتھ اسے حسن طباعت سے آراستہ کیا ہے۔ہر پارہ کے شروع میں فہرست مضامین لگائی گئی ہے اور ہر صفحہ کی حواشی کو اسی صفحہ پر درج کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔(م۔ا)

  • 70 #7470

    مصنف : ابو تقی حفیظ الرحمن لکھوی

    مشاہدات : 948

    تحفۃ الابرار

    (بدھ 18 دسمبر 2024ء) ناشر : معارف ابن تیمیہ لاہور
    #7470 Book صفحات: 308

    دعا ایک ایسی عبادت ہے جو انسان ہر لمحہ کر سکتا ہے اور اپنے خالق و مالق اللہ رب العزت سے اپنی حاجات پوری کروا سکتا ہے۔مگر یہ یاد رہے انسان کی دعا اسے تب ہی فائدہ دیتی ہے جب وہ دعا کرتے وقت دعا کے آداب و شرائط کو بھی ملحوظ رکھے۔ نبی کریم ﷺ نے ہمیں سونے جاگنے،کھانے پینے،لباس پہننے،مسجد اور گھر میں داخل ہونے اور باہر جانے بیت الخلاء میں داخل ہونے اور باہر آنے، الغرض ہر کام کرتے وقت کی دعائیں اور آداب بیان فرمائیں ہیں ۔بہت سارے اہل علم نے قرآن و حدیث سے مسنون ادعیہ پر مشتمل بڑی و چھوٹی کئی کتب تالیف کی ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’تحفة الأبرار بأذکار الصباح و المساء و أطراف النهار ‘‘لکھوی خاندان کے معروف مستند جید فضیلۃ الشیخ ابو تقی حفیظ الرحمن لکھوی حفظہ اللہ کی کاوش ہے۔فاضل مرتب نے اس کتاب کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے ۔(م۔ا)
    نوٹ: یہ کتاب ابھی غیر مطبوع ہے افادۂ عام کے لیے مصنف نے کتاب و سنت سائٹ پر پبلش کرنے کے لیے کتاب کی پی ڈی ایف عنایت کی ہے 

  • 71 #7469

    مصنف : ارشاد الحق اثری

    مشاہدات : 1029

    تفسیر سورہ ص

    (منگل 17 دسمبر 2024ء) ناشر : ادارہ علوم اثریہ، فیصل آباد
    #7469 Book صفحات: 476

    قرآن مجید پوری انسانیت کے لیے کتاب ِہدایت ہے اور اسے یہ اعزاز حاصل ہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے۔ اسے پڑھنے پڑھانے والوں کو امامِ کائنات نے اپنی زبانِ صادقہ سے معاشرے کے بہترین لوگ قرار دیا ہے اور اس کی تلاوت کرنے پر اللہ تعالیٰ ایک ایک حرف پر ثواب عنایت کرتے ہیں۔ دور ِصحابہ سے لے کر دورِ حاضر تک بے شمار اہل علم نے اس کی تفہیم و تشریح اور ترجمہ و تفسیر کرنے کی خدمات سر انجام دیں اور ائمہ محدثین نے کتبِ احادیث میں باقاعدہ ابواب التفسیر کے نام سے باب قائم کیے۔اور بعض مفسرین نے بعض سورتوں کی الگ الگ تفسیر اور ان کے مفاہیم و مطالب سمجھانے کے لیے بھی کتب تصنیف کی ہیں جیسے معوذتین، سورہ اخلاص، سورۂ فاتحہ، سورۂ یوسف، سورۂ کہف، سورۂ ملک وغیرہ کی الگ الگ تفاسیر قابل ذکر ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’تفسیر سورۂ ص‘‘ محقق دوراں مولانا ارشاد الحق اثری ﷾ کے محققانہ قلم سے ہفت روزہ الاعتصام میں شائع ہونے والے دروسِ قرآن کا مجموعہ ہے جو مسلسل الاعتصام میں شائع ہوتے رہے۔ اس کی افادیت کے پیش نظر اس میں مزید حک و اضافہ کے ساتھ ادارۃ العلوم اثریہ ،فیصل آباد نے اسے کتابی صورت میں شائع کیا ہے۔ (م۔ا)

  • 72 #7468

    مصنف : محمود الرشید حدوٹی

    مشاہدات : 802

    سلگتے ریگزار

    (پیر 16 دسمبر 2024ء) ناشر : جامعہ رشیدیہ لاہور
    #7468 Book صفحات: 72

    اردو ادب میں سفر ناموں کو ایک مخصوص صنف کا درجہ حاصل ہو گیا ہے ۔ یہ سفرنامے دنیا کے تمام ممالک کا احاطہ کرتے ہیں ۔ اِن کی طرزِ نوشت بھی دوسری تحریروں سے مختلف ہوتی ہے ۔ یہ سفرنامے کچھ تاثراتی ہیں تو کچھ معلوماتی ۔ کچھ میں تاریخی معلومات پر زور دیا گیا ہے تو کچھ ان ملکوں کی تہذیب و ثقافت کو نمایاں کرتے ہیں جہاں کا انسان سفر کرتا ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’ سلگتے ریگزار ‘‘ مولانا محمود الرشید حدوٹی صاحب کے چوتھے سفرنامہ افریقی ملک نیجر کے خوبصورت شہر اغادیس میں گزرے ایام کی کہانی ہے۔ اس سفر نامے میں افادیس اور نیچر سے متعلق بہت ہی دلچسپ اور معلومات افزا چیزیں پیش کی گئی ہیں، یہاں کی سیاست، یہاں کی تجارت، یہاں کی پیداوار سے لے کر یہاں کے باسیوں کے ذاے ذاتی اور نجی احوال سمیت بہت سے حقائق پیش کیے گئے ہیں ۔اور اس سفر نامے میں لیبیا کے سابق سربراہ جناب کرنل معمر القذافی شہید کی وہ انقلابی تقریر بھی موجود ہے جو انہوں نے اغادیس کے ایک عوامی اجتماع میں کی تھی، جس میں یہود و نصاری کی خوب خبر لی گئی تھی ۔(م۔ا)

  • 73 #7467

    مصنف : حافظ حسنین خالق

    مشاہدات : 687

    قراءات اربعہ شاذہ میں تفردات کی لغوی و تفسیری توجیہات ایک تجزیاتی مطالعہ

    (اتوار 15 دسمبر 2024ء) ناشر : شعبہ علوم اسلامیہ فیکلٹی آف سوشل سائنسز دی یونیورسٹی آف لاہور
    #7467 Book صفحات: 416

    قراءات کی دو اقسام ہیں قراءات متواترہ اور قراءات ِشاذہ۔قراءات متواترہ سے ہر وہ قراءات مراد ہے جو عربی زبان کے مطابق ہو، مصاحف عثمانیہ میں کسی ایک کے موافق اور بطریق تواتر منقول ہو ۔ قراءات شاذہ وہ قراءات ہیں جو متواتر نہ ہوں اور اسے ائمہ قراءات کے ہاں تلقی بالقبول کا درجہ بھی حاصل نہ ہو۔ زیر نظر مقالہ بعنوان ’’قراءات ِ اربعہ شاذہ میں تفردات کی لغوی و تفسیری توجیہات ایک تجزیاتی مطالعہ‘‘وہ تحقیقی مقالہ ہے جسے محترم جناب حافظ حسنین خالق نے ’’دی یونیورسٹی آف لاہور۔ میں پیش کر کے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ (م۔ا)

  • 74 #7466

    مصنف : ارشاد الحق اثری

    مشاہدات : 1116

    قادیانی کافر کیوں

    (ہفتہ 14 دسمبر 2024ء) ناشر : ادارہ علوم اثریہ، فیصل آباد
    #7466 Book صفحات: 139

    اللہ تعالی نے نبی کریمﷺ کو آخری نبی اور رسول بنا کر بھیجا ہے۔آپﷺ خاتم النبیین اور سلسلہ نبوت کی سب سے آخری اینٹ ہیں۔آپﷺ کی آمد سے سلسلہ نبوی کی عمارت مکمل ہو گئی ہے۔آپﷺ کے بعد کوئی برحق نبی اور رسول نہیں آ سکتا ہے ۔آپ ﷺ کے بعد آنے والے متعدد کذابوں میں سے ایک کذاب مرزا غلام احمد قادیانی ہے ،جس نے نبوت کا دعوی کیا اور شریعت کی روشنی میں کذاب اور مردود ٹھہرا۔شریعت اسلامیہ کے مطابق مرزا غلام احمد قادیانی کا یہ عمل کفریہ اور دائرہ اسلام سے خارج کر دینے والا ہے۔اور جو شخص بھی اس کے عمل کی تصدیق کرے گا یا اسے نبی قرار دے گا، وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ اللہ رب العزت نے اس کی حقیقت کو جھوٹ و فریب کا بے نقاب کر دیا ۔چنانچہ کئی اعلیٰ عدالتوں اور پاکستانی پارلیمنٹ نے مرزا قادیانی اور اس کے پیروکاروں کے کفریہ عقائد کی وجہ سے ان کو غیر مسلم قرار دیا ہے۔ زیر نظر کتاب ’’قادیانی کافر کیوں؟‘‘ محقق العصر مولانا ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ کی تصنیف ہے انہوں نے اس کتاب میں قادیانیت اور عقیدہ ختم نبوت کی شرعی حیثیت کو بیان کرتے ہوئے قادیانیوں کے کافر ہونے کے دلائل بیان کئے ہیں۔یہ کتاب ہذا کا جدید ایڈیش ہے جسے مولانا محمد داؤد ارشد حفظہ اللہ کی تصحیح و مراجعت کے ساتھ شائع کیا گیا ۔(م۔ا)

  • نونية السخاوي في علم التجويد

    (جمعہ 13 دسمبر 2024ء) ناشر : دار السلام، لاہور
    #7465 Book صفحات: 98

    قرآن مجید کو غلط پڑھنا گناہ ہے اور تلاوت ِقرآن کا بھرپور اجر و ثواب اس امر پر موقوف ہے کہ تلاوت پورے قواعد و ضوابط اور اصول و آداب کے ساتھ کی جائے قرآن کریم کی تلاوت کا صحیح طریقہ جاننا اور سیکھنا علم تجوید کہلاتا ہے ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علم تجوید کے بنیادی قواعد سے آگاہی حاصل کرے۔ تجوید و قراءات پر مختلف چھوٹی بڑی کئی کتب موجود ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’ نونیہ السخاوی فی علم التجوید‘‘علم الدین ابو الحسن علی السخاوی کی تصنیف ہے جو کہ قواعد تجوید کی عملی ادائیگی خصوصاً صفات کے تقاضوں کے مطابق نصائح پر مشتمل ہے۔محترم جناب حافظ قاری شہریار صاحب نے اس کا بہترین اردو ترجمہ کرنے کی سعادت حاصل کی ہے مترجم اس سے قبل اربعین ابن جزری اور فن تجوید کی پہلی کتاب منظومہ خاقانیہ کا بھی ترجمہ کرنے کی سعادت کر چکے ہیں ۔ (م۔ا)

< 1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 ... 277 278 >

ایڈ وانس سرچ

اعدادو شمار

  • آج کے قارئین 11517
  • اس ہفتے کے قارئین 69532
  • اس ماہ کے قارئین 2364172
  • کل قارئین121068762
  • کل کتب8999

موضوعاتی فہرست