اللہ تعالیٰ نے کائنات میں لاکھوں، کروڑوں مختلف النوع مخلوقات پیدا کی ہیں۔ دنیا میں پائے جانے والے بہت سے خونخوار اور معصوم جانوروں کی تخلیق کی حکمت سے خدا تعالیٰ ہی واقف ہیں البتہ اب اتنا ضرور معلوم ہوا ہے کہ حیوانات کے گوشت کےمخصوص حصے، انسانوں کے کے اعضا کے لیے بھرپور اثر رکھتے ہیں۔ ان کی صحبتیں اور ان کی مجلسیں بھی تاثیر سے خالی نہیں۔ حیوانات کے بارے میں جاننا، پڑھنا ایک دلچسپ مرحلہ ہے جو انسان کو ایک نئے دیس میں لے جاتا ہے۔ صدیوں پہلے علامہ دمیری نے ’حیات الحیوان‘ کے نام سے کتاب لکھی جس میں انھوں نے سیکڑوں جانوروں کا تفصیلی تعارف کرایا۔ اس کتاب کو بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی اور اس کے بہت سی زبانوں میں تراجم ہوئے۔ اس کتاب کا اردو قالب اس وقت آپ کے سامنے ہے۔ اس کتاب میں صرف حیوانات پر ہی بحث نہیں ہے اس میں قرآنی آیات اور احادیث پر بھی گفتگو موجود ہے۔ تاریخی واقعات بھی درج ہیں ۔ حلال و حرام کے قصے بھی چھیڑے گئے ہیں اور ضرب الامثال بھی زیر بحث آئی ہیں۔ اس کتاب کو حیوانات کا انسائیکلوپیڈیا کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ (ع۔م)
کھجور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں سے وہ نعمت ہے اور یہ ایسا بابرکت ، لذیز اور شیریں پھل ہے جو مولد خون، مقوہ باہ ، اور مقوی اعصاب ہے۔ جس کا قرآن وحدیث میں کئی مواقع پر ذکر آیا ہے ۔ یہ انبیاء اور صالحین کی پسندیدہ غذا رہی ہے۔ حضور اکرم ﷺ نے کھجور کے پھل کو بے حد پسند فرمایا۔ آپ ﷺ اس سے روزہ افطار کرنے کو بھی پسند فرماتے۔ اسے اردو میں کھجور ، پنجابی میں کھجی، عربی میں نخل کہتے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’ قرآن وحدیث ا ور علمِ طبّ کی روشنی میں کھجور کی اہمیت وافادیت ‘‘ مولانا محمد عبد اللہ (فاضل جامعہ اشرفیہ ،لاہور ) کی تصنیف ہے موصوف نے اس کتاب میں اس بابرکت پھل کی تاریخ، اس کی خصوصیات قرآن وحدیث میں کن کن مقامات پر اس کا تذکرہ ہے اور طبی نقطۂ نظر سے اُس کے کیا کیا فوائد ہیں ۔ یہ سب باتیں اس کتاب میں بڑی حسنِ خوبی کےساتھ بیان کی ہیں ۔(م۔ا)