قادیانیت اسلام کے متوازی ایک ایسا مصنوعی مذہب ہے جس کا مقصد اسلام دشمن سامراجی طاقتوں کی سرپرستی میں اسلام کی بنیادوں کو متزلزل کرنا ہے۔ قادیانیت کے یوم پیدائش سے لے کر آج تک اسلام اور قادیانیت میں جنگ جاری ہے یہ جنگ گلیوں، بازاروں سے لے کر حکومت کے ایوانوں اور عدالت کے کمروں تک لڑی گئی اہل علم نے قادیانیوں کا ہر میدان میں تعاقب کیا ۔ تحریر و تقریر، سیاست و قانون اور عدالت میں غرض کہ ہر میدان میں انہیں شکستِ فاش دی ۔ زیر نظر کتاب ’’ مرزائیت کیا ہے؟ (یعنی مذہبی ٹھگ)‘‘ مولانا ابو عبد الرحمٰن محمد شفیع مسکین رحمہ اللہ کی تصنیف ہے ۔ مصنف نے بعض مقامات پر پنجابی نظمیں پیش کر کے پنجابی نبی کی پنجابی میں تردید کا خُوب انطباق کیا ہے ۔ ( م۔ا)
اسلام کی دعوت و تبلیغ اور نشر و اشاعت کے لئے نثر کے ساتھ ساتھ نظم بھی ایک اہم ذریعہ ہے،مگر نظم کی صلاحیت سب افراد میں نہیں پاتی جاتی بلکہ یہ صلاحیت بہت کم اہل قلم میں پائی جاتی ہے۔شعر و شاعری کی استعداد وہبی ہوتی ہے نہ کہ کسبی،کوئی بھی شخص صرف اپنی کوشش سے شاعر نہیں بن سکتا ہے۔شاعر صرف وہی بن سکتا ہے جسے اللہ تعالیٰ نے یہ ذوق اور ملکہ عطا کیا ہو۔اردو شعراء کی طرح متعدد پنجابی شعراء نے بھی دعوت و تبلیغ کے لیے پنجابی شاعری میں دعوت و تبلیغ کے سلسلہ میں ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں ۔ ابو عبد الرحمٰن محمد شفیع مسکین رحمہ اللہ کی زیر نظر کتاب ’’عرش فرش دیا خبراں‘‘ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس میں انہوں نے منظوم انداز میں متعدد دینی و اسلامی موضوعات کو ایک خوبصورت اور حسین انداز میں پیش کیا ہے ۔ (م۔ا)
دعا ایک ایسی عبادت ہے جو انسان ہر لمحہ کر سکتا ہے اور اپنے خالق و مالق اللہ رب العزت سے اپنی حاجات پوری کروا سکتا ہے۔مگر یہ یاد رہے انسان کی دعا اسے تب ہی فائدہ دیتی ہے جب وہ دعا کرتے وقت دعا کے آداب و شرائط کو بھی ملحوظ رکھے۔ نبی کریم ﷺ نے ہمیں سونے جاگنے،کھانے پینے،لباس پہننے،مسجد اور گھر میں داخل ہونے اور باہر جانے بیت الخلاء میں داخل ہونے اور باہر آنے، الغرض ہر کام کرتے وقت کی دعائیں اور آداب بیان فرمائے ہیں ۔بہت سارے اہل علم نے قرآن و حدیث سے مسنون ادعیہ پر مشتمل بڑی و چھوٹی کئی کتب تالیف کی ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’محمدی دعائیں اور غذائیں‘‘ابو عبد الرحمٰن محمد شفیع مسکین رحمہ اللہ کی تصنیف ہے انہوں نے اس کتاب میں انسان کی پیدائش سے لے کر شادی غمی، رات اور دن ،صبح و شام یہاں تک کہ انسان کی پوری زندگی کے ہر موقعہ پر پڑھی جانے والی مسنون دعائیں بحوالہ درج کرنے کے علاوہ ہے جسمانی بیماریوں کے لیے اپنے پیارے نبیﷺ کے فرمائے نسخے بیان کیے ہیں ۔ (م۔ا)