مسلمانوں کو کتاب وسنت پرعمل پیرا ہوتے ہوئے اپنےمسائل زندگی کےبارے میں قرآن وحدیث کی روشنی میں اہل علم سے رہنمائی لینی چاہئے؟ یا کسی ایک فقیہ کی تقلید شخصی پرکاربند رہنا چاہیے ؟یہ نکتہ اہل تقلید اور اہل حدیث کے مابین ایک عرصہ سے بحث ونظر کاموضوع رہا ہے ایک حنفی عالم دین نے ''اجتہاد وتقلید'' کےنام سے ایک رسالہ تصنیف فرمایا جس میں ترک تقلید ہی کا رونا رویا گیا تقلید جامد کی حمایت میں لکھي گئی اس کتاب مین کوئی نئی بات نہیں بلکہ وہی سطحی مغالطے ہیں جو ایک زمانے سے حلقہ مقلدین میں چلے آرہے ہیں زیرنظر کتاب میں شیخ العرب والعجم علامہ سیدبدیع الدین شاہ راشدی ؒ نے اس رسالے کامفصل علمی اور تحقیقی جواب دیاہے جس سے مقلدین کاتمام دلائل کا تاروبود بکھر کررہ جاتے ہیں اورتقلید سے متعلق سارے شبہات کامکمل ازالہ ہوجاتا ہے
محترم ڈاکٹر اسرار احمد مرحوم ایک عظیم داعی قرآن تھے جن کی شبانہ روز محنت سے نہ صرف وطن عزیز بلکہ بے شمار دیگر ممالک میں بھی قرآن کریم کی دعوت پھیلی اور لوگ مطالعہ قرآن کی جانب راغب ہوئے محترم ڈاکٹر صاحب قرآن حکیم کی تجدید ایمان کا وسیلہ قرار دیتے تھے اور ایمان وعمل کی تجدید سے قیام خلافت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کےلیے سرگرم عمل تھے اس سلسلہ میں انہوں نے انقلاب بپا کرنے کا ایک مفصل پروگرام بھی تشکیل دے رکھا تھا جو ان کے بقول قرآن مجید اور سیرت نبوی ﷺ سے ماخوذ تھازیر نظر کتاب ''منہج انقلاب نبوی ﷺ''بھی اسی موضوع پرہے ا س میں محترم ڈاکٹر صاحب ؒ نے سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں اولاً مراحل انقلاب کی تعیین فرمائی او راو ربعدازاں رسول معظم ﷺ کی سیرت کو مراحل انقلاب کی توضیح وتفصیل کے پہلو سے بیان کیا ہے کتاب مذکور میں مندرجہ جزئی تفصیلات سے تو بلاشبہ کسی اختلاف کی گنجائش نہیں کہ ان کا ثبوت کتب سیرت میں موجود ہے تاہم محترم ڈاکٹر صاحب مرحوم کے استدلال اوراستنباط و استنتاج پربحث ونظر کی گنجائش موجود ہے خصوصاً یہ نکتہ تجزیہ ومناقشہ کا طالب ہے کہ کیا سیرت سے تشریعی امور پراشتہاد ہوسکتا ہے یا نہیں ؟ اس لیے کہ ارباب اصول کے ہاں اخذواستدلال کے اسالیب میں حدیث وسنت کا تذکرہ توملتا ہے تاہم سیرت کا لفظ یااصطلاح مستعمل نہیں کتب سیرت میں دراصل نبی مکرم ﷺ کے احوال وآثار کو موضوع بحث بنایا جاتاہے ان سے استنباطِ امور شرعیہ مقصود نہیں ہوتا شرعی معاملات میں استدلال کے لیے کتب حدیث وسنت کی جانب رجوع کیا جاتا ہے اس اصولی نکتے کو ذہن نشین رکھتے ہوئے محترم ڈاکٹر صاحب کی زیر نظر کتاب کامطالعہ انتہائی مفید ثابت ہوگا کہ اس سے سیرت طیبہ ﷺ کے کئی مزید پہلو فکرو نظر کے سامنے آتے ہیں
اہل مغرب نے اپنی لادین تہذیب وثقافت کو فروغ دینے کےلیے جومختلف نعرے ایجاد کیے ہیں ان میں سے ایک آزادئ نسواں یا حقوق خواتین کابھی ہے اس کی آڑ میں وہ مسلم ممالک میں فحاشی وعریانی کاایک سیلاب لاناچاہتے ہیں جس میں وہ کافی حد تک کامیاب بھی ہیں جدید تعلیم یافتہ مسلمانوں کی عظیم اکثریت ان کےدام تزویر میں پھنس چکی ہے اور غیرت وحیاء کا جنازہ نکل چکاہے جس سے زنا کاری اور بدکاری بہت تیزی سے پھیل رہی ہے ان حالات میں ضروری ہے کہ اسلامی تعلیمات کو جانا جائے اور ان پر عمل پیرا ہواجائے اسلام نے عورت کو سب سے بڑھ کر عزت اور تحفظ دیا ہے زیرنظر کتاب میں بڑی خوبصورتی سے خواتین کےبارے میں اسلامی تعلیمات کو اجاگر کیا گیا ہے جن سے اسلام میں عورت کی عزت وعصمت کامقام ومرتبہ ظاہر ہوتا ہے اور معاشرے میں باکیزگی اور حیاء کے جذبے فروغ پاتے ہیں
انسانوں میں مسائل ومعاملات کو سمجھنے میں فکرونظر کا اختلاف کچھ اچنبھے کی بات نہیں اس لیے کہ ہر شخص کی سوچ او رفہم وفکر کی صلاحیتیں متفاوت ہیں مزیدبرآں بسااوقات شرعی نصوص میں ایک سے زیادہ معانی کی گنجائش ہوتی ہے لہذا اختلاف واقع ہوجاتاہے لیکن اصل سوال یہ ہے کہاختلاف رائے میں رویہ او رانداز کیا ہونا چاہیے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں بھی اختلاف ہوئے لیکن انہوں نے ایک دوسرے کی نیت پر حملہ کیا اور نہ ایک دوسرے کو کافر وفاسق کہا آج بھی اسی بات کی ضرورت ہے کہ اختلاف کو علمی دلائل تک محدود رکھاجائے اور کتاب وسنت کی روشنی میں ان کو حل کرنے کی سعی کی جائے لیکن اسے باہمی بغض ونفرت اور حسدو کینہ کا سبب نہ بنانا چاہیے زیرنظر رسالے میں اسی نکتے پر زور دیا گیا ہے
اسلام کے ہر دور میں مسلمانوں میں یہ بات مسلم رہی ہے کہ حدیث نبوی قرآن کریم کی وہ تشریح اور تفسیر ہے جو صاحب ِقرآن ﷺ سے صادر ہوئی ہے۔ قرآنی اصول واحکام کی تعمیل میں جاری ہونے والے آپ کے اقوال و افعال اور تقریرات کو حدیث سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ چنانچہ قرآن کریم ہماری راہنمائی اس طرف کرتا ہے کہ قرآنی اصول و احکام کی تفاصیل و جزئیات کا تعین رسول کریم ﷺ کے منصب ِرسالت میں شامل تھا اور قرآن و حدیث کا مجموعہ ہی اسلام کہلاتا ہے جو آپ نے امت کے سامنے پیش فرمایا ہے، لہٰذا قرآن کریم کی طرح حدیث ِنبوی بھی شرعاً حجت ہے جس سے آج تک کسی مسلمان نے انکار نہیں کیا۔ انکارِ حدیث کے فتنہ نے دوسری صدی میں اس وقت جنم لیا جب غیر اسلامی افکار سے متاثر لوگوں نے اسلامی معاشرہ میں قدم رکھا اور غیر مسلموں سے مستعار بیج کو اسلامی سرزمین میں کاشت کرنے کی کوشش کی۔ اس وقت فتنہ انکار ِ حدیث کے سرغنہ کے طور پر جو دو فریق سامنے آئے وہ خوارج اور معتزلہ تھے۔ خوارج جو اپنے غالی افکار ونظریات کو اہل اسلام میں پھیلانے کا عزم کئے ہوئے تھے، حدیث ِنبوی کو اپنے راستے کا پتھر سمجھتے ہوئے اس سے فرار کی راہ تلاش کرتے تھے۔ دوسرے معتزلہ تھے جو اسلامی مسلمات کے ردّوقبول کے لئے اپنی ناقص عقل کو ایک معیار اور کسوٹی سمجھ بیٹھے تھے، لہٰذا انکارِحد رجم، انکارِ عذابِ قبر اور انکارِ سحر جیسے عقائد و نظریات اس عقل پرستی کا ہی نتیجہ ہیں جو انکارِ حدیث کا سبب بنتی ہے۔دور ِجدید میں برصغیر پاک و ہند میں فتنہ انکارِ حدیث نے خوب انتشارپیدا کیا اور اسلامی حکومت ناپید ہونے کی وجہ سے جس کے دل میں حدیث ِ نبوی کے خلاف جو کچھ آیا اس نے بے خوف وخطر کھل کر اس کا اظہار کیا۔ دین کے ان نادان دوستوں نے اسلامی نظام کے ایک بازو کو کاٹ پھینکنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا اور لگا رہے ہیں۔ اس فتنے کی آبیاری کرنے والے بہت سے حضرات ہیں جن میں سے مولوی چراغ علی، سرسیداحمدخان، عبداللہ چکڑالوی، حشمت علی لاہوری، رفیع الدین ملتانی، احمددین امرتسری اور مسٹرغلام احمدپرویز وغیرہ نمایاں ہیں۔ ان میں آخر الذکر شخص نے فتنہٴ انکار ِحدیث کی نشرواشاعت میں اہم کردار ادا کیا، کیونکہ انہیں اس فتنہ کے اکابر حضرات کی طرف سے تیارشدہ میدان دستیاب تھا جس میں صرف کسی غیر محتاط قلم کی باگیں ڈھیلی چھوڑنے کی ضرورت تھی۔ چنانچہ اس کام کا بیڑہ مسٹر غلام احمدپرویز نے اٹھا لیا جو کہ فتنوں کی آبیاری میں مہارتِ تامہ رکھتے تھے۔ زیر تبصرہ کتاب ’آئینہ پرویزیت‘ میں مدلل طریقے سے فتنہٴ انکارِ حدیث کی سرکوبی کی گئی ہے، اور مبرہن انداز میں پرویزی اعتراضات کے جوابات پیش کئے گئے ہیں-
موجود ہ زمانے میں مادیت کی چکا چوند ہر انسان کو اپناگرویدہ کررکھا ہے اور لوگ محض دنیوی مال ومتاع کے حصول میں سرگرم عمل نظر آتے ہیں تخلیق انسانی کااصل مقصد یعنی عقیدہ توحید کو کو اختیار کرتے ہوئے عبادت الہی کی بجا آوری کافریضہ نگاہوں سے اوجھل ہوچکاہے بلکہ دین سے جہالت او رلاعلمی کی صورت حال یہ ہے کہ لوگ توحید کی اہیمت سے بے خبر ہیں او ران امور کابڑی لاپرواہی سے ارتکاب کرتے ہیں جو اسلام ہی کو ختم کردیتے ہیں ان کو نواقض اسلام کہا جاتا ہے زیرنظر کتاب میں اختصار کے ساتھ قرآن وسنت کی روشنی میں توحیدوشرک اور نواقض اسلام سے متعلق بعض تنبیہات ذکر کی گئی ہیں جن کامطالعہ ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے تاکہ وہ عقیدہ توحید پرکاربند رہ سکیں اور اس کےمنافی امور سے بچ سکیں کتابچہ کے مضامین کو سابق مفتی اعظم سعودی عرب علامہ ابن باز ؒ کی سند توثیق حاصل ہے جس سے اس کی وقعت میں اضافہ ہوجاتا ہے
اسلام کی نظر میں منافق مشرک وکافر سے بڑا مجرم ہےاسی لیے فرمایا گیا ہے کہ منافق جہنم کے سب سے نچلے درجے میں ہوں گے یہ تو اعتقادی نفاق کی سزا ہے تاہم عملی نفاق ہی کم خطرناک نہیں ہے جو آج کل کثرت سے نظر آتاہے حدیث کی رو سے جو شخص منافقوں کی حصلتیں اپناتا جاتا ہے وہ منافق ہوتا جاتا ہے تاں آنکہ وہ پکا اور خالص منافق بن جاتا ہے امام ابن القیم الجوزیہ ؒ نےزیر نظر رسالہ میں قرآن وحدیث کی روشنی میں منافقوں کی مذموم صفات کو اجاگر کیا ہے تاکہ ان سے بچا جاسکے اس رسالے کامطالعہ کرکے ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے کہ کہیں ہمارے اندر منافقوں کی صفات وعلامات تو موجود نہیں اگر ایسا ہوتو فوراً اس کی اصلاح کی کوشش کرنی چاہیے
اللہ تعالیٰ کے نزدیک فضل و شرف کا معیار ظاہری افعال و اعمال نہیں بلکہ ایمان کے حقائق ہیں۔ عمال کی فضیلت و برتری صاحب عمل کے دل کے اندر قائم دلیل و برہان کے تابع ہوتی ہے یہاں تک کہ دو عمل کرنے والے بظاہر ایک رتبہ دکھائی دیتے ہیں لیکن فضیلت و برتری اور وزن میں ان دونوں میں زمین و آسمان کا فرق ہوتا ہے۔ قلب کی اصلاح و تزکیہ اور اسے آفات سے پاک رکھنے اور فضائل و خوبیوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دینے والی چیزوں میں سے یہ بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ نےاپنے بندوں سے اپنی نگاہ کا مرکز ان کے دلوں کو قرار دیا ہے۔ اس ضمن میں ماضی قریب کے جید عرب عالم دین شیخ محمد صالح المنجد نے ’سلسلہ اعمال القلوب‘ کے نام سے کتاب لکھی جس کا اردو ترجمہ ’دل کی اصلاح‘ اس وقت آپ کے سامنے ہے۔ اردو ترجمہ نہایت سلیس اور رواں ہے۔ کتاب کومتعدد عناوین میں تقسیم کرنے کے بعد دلوں کی صفائی پر نگارشات پیش کی گئی ہیں۔ ان عناوین میں اخلاص و للّٰہیت، توکل، محبت، خوف و خشیت، امید کی حقیقت، تقویٰ کی حقیقت، تسلیم و رضا، شکر گزاری، صبر و تحمل، ورع اور مشتبہات سے بچاؤ، غور و فکر اور نفس کا محاسبہ شامل ہیں۔ 750 سے زائد صفحات پر مشتمل اس کتاب میں ہر عنوان کے تحت الگ سے مقدمہ قائم کیا گیا ہے اور ہر بحث کا مکمل تعارف کروانے کے بعد اصل موضوع سے بحث کی گئی ہے۔ انسان کی تمام تر کامیابی کا دارو مدار اسی پر ہے کہ دنیا میں وہ اپنی اصلاح کر لے اور اپنے آپ کو آخرت کےلیےتیار کر لے۔ اس ضمن میں یہ کتاب نہایت مددگار ثابت ہو گی۔
(ع۔م)
ہمارے معاشرے میں دینی مسائل سے ناواقفیت کی بناء پرلوگ کثرت سےنام نہاد عاملوں ،جادوگروں اور بنگالی بابوں کے دام تزویر میں پھنس کر متاع دنیا کےساتھ دولت ایمان بھی لٹا بیٹھتے ہیں قرآن وسنت کی روشنی میں جادوٹونہ،علم نجوم اور جفرورمل وغیرہ قطعی ممنوع امور ہیں لیکن اس کے باوجود لوگوں کی ایک بڑی تعداد ان میں مشغول ہے زیر نظرکتاب میں فاضل مؤلف نے ان تمام معاملات کا قرآن وسنت کی روشنی میں بے لاگ جائزہ لیا ہے اور ان کی ممانعت وقباحت ثابت کرنے کےساتھ ساتھ نجومیوں ،رملوں جفریوں ،کاہنوں اور نام نہاد عاملوں وغیر ہ کی کتابوں ،مقالوں ،اشتہاروں اور ان کےمنہ پھٹ دعوؤں کی روشنی میں ان کی کذب وتضادبیانیاں پيش کرکے انہیں جھوٹا ثابت کیا ہے اس کتاب کے مطالعہ سے قارئین نہ صرف جھوٹے عاملوں کے مکروفریب سے بچ سکیں گے بلکہ جادو او رجنات کے توڑ کے شرعی طریقوں سے بھی آگاہی حاصل کرسکیں گے –(انشاء اللہ )
افراد امت تک دین کا پیغام پہنچانا نبوی مشن ہے جسے ارباب علم نےسنبھال رکھا ہے اور بخیر وخوبی سرانجام دے رہے ہیں لیکن بعض لوگ دین ومذہب کے نام پر لوگوں کا جذباتی ،مذہبی اورمعاشی استحصال کررہے ہیں افسوس کہ جناب طاہر القادری صاحب کا نام بھی انہی میں شامل ہے موصوف دین اور عشق رسول ﷺ کے نام پرمعاشرے میں بدعات کو فروغ دے رہے ہیں ان کےنام سے بہت سی کتابیں منصۂ شہود پر آچکی ہیں لیکن ان میں محکم استدلال کے بجائے من گھڑت اور ضعیف وواہی روایات سے دلیل اخذ کی جانے کی کوشش کی جاتی ہے اسی طرح تفسیر میں بھی موصوف کامنہج درست نہیں جناب ڈاکٹر رفض وتشیع کی طرف بھی میلان رکھتے ہیں جیسا کہ وہ باقاعدہ مجالس عزا میں جاکر خطاب کرتے ہیں زیرنظر کتاب میں ڈاکٹر طاہر القادری صاحب کی علمی خیانتوں کو طشت ازبام کیا گیا ہے جس سے ان کااصل چہرہ بے نقاب ہوکر سامنے آگیا ہے امیدہے کہ اس کےمطالعہ سے قارئین کو جناب ''شیخ الاسلام '' کو پہنچاننے میں آسانی رہے گی-
موجودہ مادی دور میں جب کہ ہرشخص دنیوی آسائشات کےحصول میں مگن ہے ایسے لٹریچر کی اشد ضرورت ہے جو مختصر ہو اور اس سے فائدہ اٹھانے میں سہولت ہو اسی کے پیش نظر یہ کتاب مرتب کی گئی ہے تاکہ قرآن حکیم کی کم ازکم ان آیات کو جن کاجاننا اور ان پر اپنی روز مرہ زندگی میں عمل کرنا ہرمسلمان کے لیے نہ صرف انتہائی ضروری ہےبلکہ فرض ہے ہر ایک کے علم میں لایا جاسکے بقول مؤلف یہ کتاب قرآن کے حوالے سے اللہ تعالی کا بتایا ہوا امن وسلامتی کاسیدھا راستہ دکھانے کی ایک عاجزانہ کوشش ہے یہاں یہ پہلو مدنظر رکھنا ضروری ہے کہ دینی تعلیمات کےلیے صرف اسی ایک کتاب پرانحصار کرنا سنگین غلطی ہوگی-
حج اورعمرہ دوعظیم عبادتیں ہیں ان کی ادائیگی کےلیے مکہ مکرمہ کاقصد کرنا پڑتا ہے او روہاں جاکر مناسک حج و عمرہ اداکرنے ہوتے ہیں اس کے لیے ضروری ہے کہ پہلے حج او رعمرہ کےمسائل معلوم ہوں تاکہ سنت کےمطابق ان سے عہدبرآ ہواجاسکے زیرنظر کتاب میں انتہائی مختصر اور جامع انداز میں حج وعمرہ کے تمام مسائل بیان کردیئے گئے ہیں ہربات کا قرآن وسنت سے حوالہ بھی دیا گیا ہے بعض اہم مسائل سے متعلق علماء کے فتاوی بھی اس میں شامل ہیں اس کی منفرد خصوصیت یہ ہے کہ اس میں تصاویر اور نقشوں کا بھی اہتمام کیا گیاہے جس سے عام قاری کو مسائل کے سمجھنے میں سہولت رہتی ہے
اس کائنات ہست وبود کی ہرشے کاایک مقصد وجود ہے انسان جو اشرف المخلوقات ہے یقیناً اس کا بھی کوئی نہ کوئی مقصد ہونا چاہیے قرآن کریم میں بتایاگیا ہے کہ انسان اور جن کی تخلیق کامقصد اللہ عزوجل کی عبادت ہے اللہ رب العزت جو اس کائنات کاخالق ومالک اوررازق ہے وہی بندگی او رپرستش کا اصل مستحق ہے عقل بھی اس نتیجے تک پہنچاتی ہے کہ جس ذات نےہمیں پیدا کیا ہماری پرورش اور تربیت کاانتظام کی اسی کے سامنے اپنی جبیں نیاز کو جھکانا چا ہئے تمام انبیاء علیم السلام کی دعوت بھی یہی تھی کہ لوگو !اللہ کی بندگی کرو اور اس میں کسی کوشریک نہ ٹھہراؤ زیرنظر کتاب میں اسی حقیقت کو انتہائی خوبصورت اور مؤثر پیرایے میں بیان کیا گیا ہے جس کے مطالعہ سے انسان اپنےمقصد وجود کی جانب متوجہ ہوسکتا ہے او راپنا حقیقی فرض جان سکتا ہے ۔
موجودہ مادی دور میں جہاں اور بہت سے مسائل باعث پریشانی ہیں وہاں ایک انتہائی پریشان کن مسئلہ یہ بھی ہے کہ اپنے بچوں کی صحیح اسلامی خطوط پر تربیت کیونکر کی جائے معاشرے میں عمومی طورپر الحادولادینیت کا دور دورہ ہے درس گاہوں کی حالت بھی ابتر ہے اس کےلیے یقیناً بہت احیتاط کی ضرورت ہے لہذا ہمہ وقت بارگاہ ایزدی میں دست بدعا رہنا چاہئے کہ وہ نونہالان وطن کی صحیح تعلیم وتربیت کے لیے ذرائع وسائل مہیا فرمائے بچوں کی تربیت کاایک اہم طریقہ حکایات اور کہانیاں بھی ہیں بچوں میں طبعی طور پر کہانیوں سے ایک لگاؤ ہوتا ہے لیکن عموماً جنوں اور پریوں با بادشاہوں کی کہانیاں سنائی جاتی ہیں جن میں کوئی اخلاقی سبق نہیں ہوتا بلکہ الٹا منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں زیرنظر کتاب میں بچوں کےلیے اسلامی نقطہ نظر سے بہت ہی عمدہ کہانیاں تحریر کی گئی ہیں جن سے بچوں میں اسلامی عقائد وآداب مستحکم ہوں گے البتہ اس کایہ پہلو کھٹکتا ہے کہ یہ فرضی کہانیاں ہیں بہتر ہوتا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین وتابعین عظام اور تاریخ کے سچے واقعات کو کہانی کے انداز میں بیان کیاجاتا۔
یہ عقیدہ کہ سلسلہ نبوت ورسالت سیدنا محمدعربی ﷺ پرختم ہوچکا اور اب آپ ﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اسلام کا بنیادی ترین عقیدہ ہے جسے تسلیم کیے بغیر کوئی شخص مسلمان نہیں ہوسکتا تاریخ میں ایسی کئی روسیاہیوں کا تذکرہ ملتا ہے جنہوں نے ردائے نبوت پر ہاتھ ڈالنےکی ناپاک جسارت کی۔انہی میں مرزا غلام احمد قادیانی کانام بھی آتا ہے جس نے نبوت کا جھوٹا دعوی کیا لیکن مسلمانان برصغیر نے اس فتنے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں بالآخرپاکستان میں انہیں آئینی طور پر کافرقرار دے دیاگیا لیکن اس کےلیے اسلام اور جانثار ختم نبوت نے بےشمار قربانیاں دیں جن کی تفصیل معروف صحافی جناب آغاشورش کاشمیری نے ’’تحرک ختم نبوت‘‘ میں کی ہے جس میں 1891 ء سے لیکر 1974 ء تک اس عظیم تحریک کی تفصیلات کو انتہائی خوبصورت اور مؤثر اسلوب نگارش میں قلمبند کیا گیا ہے اس کتاب کے بعض مندرجات سے اختلاف کی گنجائش ہے لیکن مجموعی طور پر یہ کتاب انتہائی مفید اور لائق مطالعہ ہے ۔
زیر نظر کتاب جو حجم کے اعتبار سے مختصر ہے لیکن افادیت کے پہلو سے بڑی بڑی کتابوں پہ بھاری ہے اس میں عربی بول چال کے حوالے سے بہت ہی احسن انداز سے رہنمائی کی گئی ہے مختلف فنون اور پیشوں کے لیے عربی الفاظ مختلف عناوین کےتحت بیان کیے گئے ہیں جوعربی بول چال کی عملی مشق کےلیےمختلف افراد کےمکالمے بھی اس میں دیئے گئے ہیں مثلاً اگر کوئی عرب ملک میں جانے اور راستہ پوچھنے کی ضرورت ہو ،یا ہوٹل میں گفتگو کرنی پڑے ،یا پاسپورٹ آفس میں بات چیت کی ضرورت پڑے تو کس طریقے سے گفتگو ہوگی اس کےنمونے کتاب میں موجود ہیں آخر میں ایک جامع اور مختصر جدید عربی اردو لغت بھی شامل کتاب ہے عربی بول چال کے شوقین طبقے کےلیے یہ کتاب بہت ہی مفید ہے
زیر نظر کتاب مؤلف کی سالہا سال کی تحقیق وکاوش کاماحاصل ہے ان کی زندگی کا آغاز تقلید اور خانقاہی سلسلوں سے ہوا پھر اللہ تعالی نےانہیں حق کو سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطافرمائی اس دوران انہوں نے مختلف مسالک او ران کے عقائد ونظریات کا گہرائی سے مطالعہ کرکے کتاب وسنت سے ان کاتقابل کیا یوں صراط مستقیم اپنی تمام ترحقانیت کےساتھ ان پر واضح ہوا انہی تفصیلات کو انہوں نے کتابی شکل میں جمع کےکے اس کانام ''تلاش حق'' رکھا تاکہ ان کی یہ بے پناہ ریاضت متلاشیان حق کےلیے سہولت بن جائے کتاب کو کبار اہل علم کی تصدیق وتائید حاصل ہے عقیدہ سے لےکر عبادات تک جملہ اختلافی مسائل کے حل کے لیے انتہائی مدلل او ربہترین کتاب ہے ہر مسلمان کو اس کامطالعہ کرنا چاہیے -
بچے پھولوں کی مانند ہیں جس طرح رنگ برنگے اور مختلف خوشبووالے نرم ونازک پھولوں کی آبیاری کےلیے مناسب غذا اور تہذیب کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح بچوں کی نشوونما کےلیے بھی اچھی تعلیم وتربیت بنیادی اہمیت رکھتی ہے بچوں کو کوئی اہم پیغام یا سبق دینے کا ایک مؤثر ترین طریقہ کہانی ہے پھر یہ کہانی اگر منظوم انداز میں ہو تو اس میں بچوں کی دلچسپی اور بھی بڑھ جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ ہم بچوں کو خوبصورت نظمیں زبانیں سناتے ہوئے دیکھتے ہیں لیکن عموماً کہانیوں او رنظموں میں افسانوی واقعات بیان کیے جاتے ہیں جس سے مثبت فوائد کےساتھ بعض منفی اثرات بھی بچوں کے ذہنوں پر مرتب ہوتے ہیں زیرنظر کتابچے میں فاضل مؤلف پیغمبر اعظم جناب محمد عربی ﷺ کے بعض سچے واقعات کونظم کی صورت میں بیان کیاہے اس کےمخاطب بچے ہیں اگر ان کو یہ نظمیں یادکرادی جائیں تو وہ سیرت رسول ﷺ کے چند روشن پہلو ؤں سے نہ صرف واقف ہوسکتے ہیں بلکہ ان کےکردار وعمل پر بھیاس کے گہرے نقوش ثبت ہوسکتے ہیں اوریہی بچوں کی تربیت کابنیادی مقصد ہے جیسے یہ کتابچہ بخوبی پورا کرتا ہے
جو شخص محمد عربی ﷺ (فداہ ابی وامی) کے بعد کسی نئے نبی کو مانتا ہے وہ دراصل نبوت محمد ﷺ پر ڈاکہ ڈالتا ہے اس اعتبار سے مرزائی ختم نبوت کے ڈاکو ہیں کہ مرزا غلام احمد قادیانی ایسے سیاہ رو کو مسند نبوت پربٹھانے کی کوشش کرتےہیں ان کےمقابلے میں وہ لوگ جو ردائے نبوت کاتحفظ کرنےمیں سرگرم عمل ہیں دراصل ناموس محمد ﷺ کے پاسباں ہیں امت مسلمہ میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ایسے جانباز موجود ہیں جنہوں نے عقیدہ ختم نبوت کے لیے تن من دھن کی قربانیاں دیں او راب تک دے رہے ہیں زیر تظر کتاب میں ایسے خوش نصیب افراد کا دلآویز پیرائے میں تذکرہ کیا گیاہے فاصل مؤلف جناب محمد طارق رزاق نےبغیر کسی تعصب کےتمام مکاتب فکر کے پاسبا ناموس محمد ﷺ کاذکر کیا ہے دیوبندی ،بریلوی اور اہل حدیث کی تفریق کیے بغیر سب کے عشق پرور اور وجدآفرین واقعات نقل کیے ہیں اس سلسلہ میں مختلف طبقہ ہائے زندگی مثلاً علماء،صوفیاء،وکلاء،طلبا ء اور کارکنان کاتذکرہ کیا گیا ہے جو لائق مطالعہ ہے
فی زمانہ مسلمانوں کے زوال وادبار کا ایک اہم سبب اتحادو اتفاق اور نظم وتنظیم کا فقدان ہے معروف عالم دین میاں محمد جمیل صاحب نے زیر نظر کتاب ''اتحادامت نظم جماعت''میں اسی موضوع پربحث کی ہے انہوں نے ثابت کیا ہے کہ قرآن وسنت سے تنظیمی امور سے متعلق ہدایت ورہنمائی موجود ہے کسی تنظیم یا جمعیت کے سربراہ اور کارکنان کے اوصاف کیا ہونے چاہئیں اور ان میں باہمی تعلق کی نوعیت کیا ہو اس کو بھی بحث وفکر کا ہدف بنایا ہے کتاب وسنت کو نصوص سے ان امور کی وضاحت کی ہے ہرمسلمان کو اس کتاب کا مطالعہ کرنا جاہیے اور ایک منظم جماعتی زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے یہی اس کتاب کا پیغام ہے -
یہ خط جناب ریاض احمد صاحب نےلکھا ہے ریاص صاحب پہلے ایک پیر جناب محمدشریف خلیق کے مرید تھے عرصہ پندرہ سال ان کے حلقہ بیعت میں رہے بعدازاں وہ سعودی عرب گئے جہاں ای موحدعالم جناب مولانا اقبال کیلانی سے گفت وشنید کے مواقع میسر آئے مولانا اقبال کیلانی نے انہیں قرآن وسنت کے مطالعہ کی لف راغب کیا جس کے نتیجے میں میں وہ اپنے عقائد ونظریات سے دستبردار ہوگئے جو انہوں نے کتاب وسنت سے لاعلمی کے نتیجہ میں اپنارکھے تھے فکرونظر کی تبدیلی کے بعد جناب ریاض احمد صاحب نے نصیحت او رخیر خواہی کے پیش نظر اپنےساتھ پیر کو خط لکھا حس میں بڑے احسن پیرایے میں ان کے افکار ونظریات کےبارے میں چندسوالات کیے لیکن ہنوز ان کی طرف جواب نہیں آیا اور انشاء اللہ آ بھی نہیں سکتااس لیے باطل عقائد وافکار کے حق میں کتاب وسنت کے دلائل کیونکر پیش کیے جاسکتے ہیں ہر مسلمان کو اس کھلے خط کامطالعہ کرنا چاہیے اس سے جہاں نام نہادپیروں کے ذاتی کردار سے واقفیت ہوتی ہے وہیں ان کے گمراہ کن خیالات سے بھی آگاہی ہوگی جس سے صحیح عقیدہ کو پہنچاننے میں آسانی ہوگی -
اللہ عزوجل نے قرآن کریم میں یہ اعلان فرمایا ہے کہ میں نےتمہارا دین (اسلام)مکمل کردیا ہے اسے یہ لازمی نتیجہ نکلتاہے کہ اب اس میں کسی قسم کی کمی نہیں ہوسکتی ہے او رنہ ہی اضافہ ورنہ تکمیل دۤین کے کوئی معنی نہیں رہتے لکن شیطان انسلان کو گمراہ کرنے کےلیے مختلف حربے استعمال کرتا رہتا ہے انہی میں سے ایک حربہ ’’بدعت‘‘ کا ہے کہ کسی کام کے بارے میں یہ سمجھ لینا کہ یہ تو بڑا اچھا کام ہے جبکہ قرآن وسنت سے اس کا ثبوت نہ ملتا ہو،اسی کو بدعت کہا جاتا ہے یعنی اسے دین کا کام قرار دے دیا جائے علمائ نے بدعت کو عام گناہوں سے زیادہ خطرناک قرار دیا ہے کہ گناہ سے توبہ کی امید ہوتی ہے لیکن تدعتی تو بدعت کو اچھا اور نیک عمل سمجھ کر سرانجام دیتا ہے وہ اس سے توبہ کیسے کرسکتاہے لہذا ضروری ہے کہ اپنے اعمال کا جائزہ لے کر بدعت سے بچاجائے اس سلسلہ میں جناب عبدالہادی عبدالخالق مدنی کی کتاب انتہائی مفید ہے جس کے مطالعہ سے بدعت کی پہچان اور اس کی تباہ کاریوں سے آگاہی حاصل ہوتی ہے
نبی اکرم ﷺ کے اقوال وافعال او راحوال وآثار کاریکارڈ اصطلاحی زبان میں حدیث کہلاتا ہے جس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت وسنت کا علم ہوتا ہے ارباب علم نے احادیث کی شروح لکھنےکا اہتمام کیا جس کے دواسالیب ہیں ایک تو یہ ہے کہ کسی ایک مجموعہ حدیث کی مکمل شرح کی جائے اوردوسرا یہ ہے کہ کسی ایک حدیث کو لے کر اس کی شرح کی جائے زیرنظر کتاب ’’شرح حدیث ہرقل‘‘میں صحیح بخاری کی ایک حدیث کی مفصل تشریح کی گئی ہے جو کہ دوجلیل القدر علماء کے افادات پر مبنی ہے حدیث ہرقل میں دراصل نبی اکرم ﷺ کے کردار کی عظمت او رسیرت کی رفعت کو موضوع بحث بنایا گیا ہے اس سلسلہ میں قابل ذکر نکتہ یہ ہے کہ رسول معظم ﷺ کے کردار اور سیرت کی عظمت کی گواہی دینے والٰے دو سخت ترین دشمن او رکافر تھے گویا’’ الفضل ماشہدت بہ الاعداء‘‘ یعنی جادو وہ جو سر چڑھ کر بولے ۔فی زمانہ جبکہ بعض بدباطن رسول اکرم ﷺ کی ذات گرامی پر بے بنیاد اعتراضات اچھال رہے ہیں اس کتاب کا مطالعہ بہت ہی مفید ثابت ہوگا۔
پیغمبرآخرالزماں حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ ہمارے لیے اسوۂ حسنہ ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک زندگی قرآن کریم کا عملی نمونہ ہے گویا آپ ﷺ چلتا پھرتا قرآن تھے آپ ﷺ کی اطاعت ہی سے ہدایت میسر آسکتی ہے ’’وان تطیعوا تہتدوا‘‘(القرآن) اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ ﷺ کی حیات اقدس کامطالعہ کیا جائے او راپنے کرداروعمل کو اس کے مطابق ڈھالا جائے زیر نظر کتاب ’’الرحیق المختوم‘‘میں انتہائی دلآویز اور مؤثر پیرائے میں رسو ل اکر م ﷺ کی سیرت پاک کو بیان کیا گیا ہے کتاب کے علمی مقام ومرتبہ کے لیے اتنا کافی ہے کہ سیرت نگاری کے عالمی مقابلے میں یہ اول انعام کی مستحق قرار پائی ہے امید ہے کہ اس کے مطالعہ سے دلوں میں اسوۂ رسول ﷺ کو عملاًاپنانے کا جذبہ پیدا ہوگا۔
اسلام دین توحید ہے اسلامی تعلیمات تمام کی تمام عقیدہ توحید ہی کے گرد گھومتی ہیں توحید کی ضد شرک ہے کتاب وسنت میں شرک کی پرزور نفی کی گئی ہے اور ان امور سے بھی مجتنب رہنے کا حکم دیا گیاہے جو شرک کا ذریعہ بن سکتے ہیں انہی میں سے ایک مسئلہ قبروں پر مساجد تعمیر کرنےکابھی ہے کہ اس سے شرک کا دروازہ کھلتاہے رسول اکرم ﷺ نے اپنی حیات طیبہ کے آخری لمحات میں یہودونصاری پرلعنت فرمائی کے انہوں نے اپنے انبیاء کی قبروں کو مساجد کی حیثیت دے دی افسوس کہ آج امت مسلمہ میں یہ روش عام ہوچکی ہے اور بے شمار مزارات پرمساجد نظر آتی ہیں جہاں کھلم کھلاشرک ہورہا ہے عظیم محدث علامہ ناصر الدین البانی ؒ نے زیرنظر کتاب میں اسی مسئلے کی کتاب وسنت کی روشنی میں وضاحت کی ہے علامہ موصوف نے ثابت کیاہے کہ قبروں پرمسجدیں بنانا شریعت کی روسے قطعی حرام اور گناہ کبیرہ ہے او رتمام فقہی مکاتب فکر اسی کے قائل ہین علامہ ناصر الدین البانی ؒ نے اس ضمن میں اہل بدعت کی طرف سے اٹھائے گئے شبہات کا بھی ٹھوس علمی انداز میں ازالہ کیا ہے ہر بات کتاب وسنت کے محکم استدلال اور قوی استشہاد کی بناء پر پیش کی گئی ہے جس سے مسئلہ زیر بحث کے تمام پہلو روز روشن کی طرح نکھر گئے ہیں