کل کتب 6741

دکھائیں
کتب
  • 4501 #2478

    مصنف : امام ابن تیمیہ

    مشاہدات : 11333

    تفسیر آیت کریمہ

    (ہفتہ 18 اپریل 2015ء) ناشر : مکتبہ ابن تیمیہ لاہور
    #2478 Book صفحات: 206

    زیر تبصرہ کتاب "تفسیر آیت کریمہ "شیخ الاسلام امام ابن تیمیہ﷫  کی تصنیف ہے جو انہوں نے ان آٹھ سوالوں کے جواب میں لکھی جو ایک سائل نے آیت کریمہ(لا الہ الا انت سبحنک انی کنت من الظلمین)  کے ضمن میں پیدا ہونے والے سوال امام ممدوح کی خدمت میں پیش کئے تھے۔یہ تمام سوالات کتاب کی تمہید میں بالترتیب ذکر کر دئیے گئے ہیں۔امام ابن تیمیہ ﷫ کی یہ کتاب عربی میں ہے ،جس کا اردو ترجمہ محترم مولانا عبد الرحیم﷫ ناظم دار العلوم پشاور نے کیا ہے،تاکہ عوام الناس پوری طرح اس سے استفادہ کر سکیں۔نئی طباعت کے وقت اسے از سر نو ترتیب دیا گیا ہے اور مکتبہ ابن تیمیہ کی جانب سے اسے عصرحاضر کے تقاضوں کے عین مطابق شائع کیا گیا ہے۔کتاب کے سات ابواب بنائے گئے ہیں اور کہیں کہیں اسے مزید آسان بنانے کی غرض سے حاشیہ آرائی بھی کی گئی ہے،تاکہ ہر عام وخاص اس سے استفادہ کر سکے۔کتاب کے شروع میں امام ابن تیمیہ ﷫ کے حالات بھی قلم بند کر دئیے گئے ہیں،تاکہ کتاب پڑھنے سے پہلے مطالعہ کرنے والے کے ذہن پر مصنف کی ہمہ گیر شخصیت کا اثر پڑ سکے۔بارگاہ الہی میں دعا ہے کہ وہ مولف اور مترجم دونوں کی اس محنت کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4502 #2479

    مصنف : سید عزیز الرحمن

    مشاہدات : 7187

    تعلیمات نبوی ﷺ اور آج کے زندہ مسائل

    (ہفتہ 18 اپریل 2015ء) ناشر : القلم کراچی
    #2479 Book صفحات: 403

    اس روئے ارض پر انسانی ہدایت کے لیے  حق تعالیٰ نے جن برگزیدہ بندوں کو منتخب فرمایا ہم انہیں انبیاء ورسل﷩ کی مقدس اصلاح سے یاد رکرتے ہیں اس کائنات کے انسانِ اول اور پیغمبرِاول ایک ہی  شخصیت حضرت آدم   کی صورت میں فریضۂ ہدایت کےلیے مبعوث ہوئے ۔ اور پھر یہ کاروانِ رسالت مختلف صدیوں اور مختلف علاقوں میں انسانی ہدایت  کے فریضے ادا کرتے ہوئے پاکیزہ سیرتوں کی ایک کہکشاں ہمارے سامنے منور کردیتاہے ۔درخشندگی اور تابندگی کے اس ماحول میں ایک شخصیت خورشید جہاں تاب کی صورت میں زمانےاور زمین کی ظلمتوں کو مٹانے اورانسان کےلیے ہدایت کا آخری پیغام لے کر مبعوث ہوئی جسے محمد رسول اللہ ﷺ کہتے ہیں ۔ آج  انسانیت کےپاس آسمانی ہدایت کا یہی  ایک نمونہ باقی ہے۔ جسے  قرآن مجید نےاسوۂ حسنہ قراردیا اور اس اسوۂ حسنہ کےحامل کی سیرت سراج منیر بن کر ظلمت کدۂ عالم میں روشنی پھیلارہی ہے  ۔گزشتہ چودہ صدیوں  میں اس  ہادئ کامل ﷺ کی سیرت وصورت پر ہزاروں کتابیں اورلاکھوں مضامین لکھے جا چکے ہیں ۔اورکئی ادارے صرف سیرت نگاری پر کام کرنے کےلیےمعرض وجود میں آئے  ۔یہ سلسلۂ خیر ہنوز  روز اول کی طرح جاری وساری ہے ۔سیرت النبی ﷺ کی ابتدائی کتب عربی زبان میں لکھی گئیں پھر فارسی اور دیگرزبانوں میں یہ بابِ سعادت کھلا ۔ مگر اس ضمن میں جو ذخیرۂ سیرت اردوو زبان میں لکھا اور پیش کیا گیا اس کی مثال اور نظیر عربی کےعلاوہ کسی دوسری زبان میں دکھائی نہیں دیتی۔اردو زبان کی بعض امہات الکتب ایسی ہیں کہ جن کی نظیر خود عربی زبان کے ذخیرے میں مفقود ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’ تعلیمات نبوی  اور آج کے زندہ مسائل‘‘  ڈاکٹر سید عزیز الرحمن  کے  مختلف موضوعاتِ سیرت  پر ان سات  مقالات  کا مجموعہ ہے جو انہوں نے 1996ء سے  2004ء کے عرصے میں  وزارت ِمذہی امور اور حکومت ِپاکستان اسلام آباد کےزیر اہتمام سالانہ قومی سیرت النبی ﷺ کانفرسوں میں پیش کیے  اور انہیں سیرت ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ان میں مقالات میں  سیرت کے سوانحی پہلوؤں کی بجائے یا دلائل وشمائل جیسے ذکر  کے بغیر تعلیمات ِ سیرت کوپیش کیا گیا ہے اور یہ وہ موضوعات میں جو عصر حاضر کےابھرتے ہوئے مسائل ومشکلات سے تعلق رکھتےہیں۔ بظاہر یہ سات مقالات ِسیرت مختلف موضوعات پر لکھے  گئے ہیں مگر ان سب میں ایک مرکزی وحدت موجود ہےکہ کس طر ح ایک اسلامی معاشرہ اور اسلامی ریاست تعلیمات نبوی اور  اسوۂ رسول ﷺکی بنیاد پراپنی انفرادی اوراجتماعی تربیت کاسامان فراہم کرسکتے ہیں۔صاحب کتاب  سید عزیز الرحمن ایک  علمی اور دینی خاندان کے چشم وچراغ ہیں ۔ ان کے خاندان میں علم ومعرفت اور تزکیہ وسلوک کی ایک محکم روایت موجود رہی ہے ، ان کےوالدگرامی سید فضل الرحمن خود ایک نامور عالم دین اور محقق شہیر ہیں۔سید عزیز الرحمن ’’السیرۃ عالمی‘‘ کے عنوان سے  ایک ششماہی جریدہ سیرت کےحوالے  سے نکال رہے ہیں جوبرصغیر میں اردو زبان کے حوالے سے اپنی نظیر اور اپنی مثال آ پ ہے ۔موصوف نےخطبات نبویﷺ کے موضوع   پرتحقیقی کام کر کے  ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی حاصل کی ہے ۔اللہ تعالیٰ مصنف کے علم وعمل  میں  اضافہ فرمائے اورسیرت النبیﷺکے حوالے سے ان کی کاوشوں کوقبول فرمائے (آمین)(م۔ا)
     

  • 4503 #2508

    مصنف : ابن حجر العسقلانی

    مشاہدات : 9201

    کیا خضر ؑ ابھی زندہ ہیں؟

    (ہفتہ 18 اپریل 2015ء) ناشر : مکتبہ الفہیم مؤناتھ بھنجن، یو پی
    #2508 Book صفحات: 150

    سیدنا خضر ﷤ کے نبی یا ولی ہونے اور ان کے اب تک زندہ رہنے نیز بعض لوگوں کے خضر ﷤سے ملاقات کرنے اور خضر ﷤ کے ان کی رہنمائی کرنے کا مسئلہ عرصہ دراز سے موضوع بحث بنا ہوا ہے،اور لوگوں کے درمیان سیدنا خضر کے حوالے سے بے شمار بے تکی،غیر مستند اور جھوٹی کہانیاں زیر گردش ہیں۔ اس سلسلے میں عربی زبان میں اگرچہ کچھ کتابیں موجود ہیں ،لیکن اردو زبان کا دامن اب تک اس سے خالی تھا،اور اس امر کی اشد ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ اس نازک موضوع پر اردو میں بھی کچھ لکھا جائےتاکہ لوگوں کے عقائد کی اصلاح کی جاسکے۔مقام مسرت ہے کہ جامعہ عالیہ عربیہ مئو انڈیا کے ایک عالم دین محترم جناب مولانا عبد اللطیف اثری ﷾نے اس ضرورت کو محسوس کیا اور صحیح بخاری کے شارح علامہ حافظ ابن حجر ﷫کی کتاب"الزھر النضر فی حال الخضر "کا اردو ترجمہ کر کے اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔ آپ نے اس ترجمہ کا اردو نام " کیا خضر﷤ ابھی زندہ ہیں؟"رکھا ہے۔جس پر تحقیق ،تخریج اور تحشیہ کاکام شیخ صلاح الدین مقبول احمد (کویت) نے کیا ہے۔ مولف موصوف نے اس کتاب میں حدیث میں خضر کا قصہ،خضر کے بارے میں خلاصہ بحث،خضر سے کون مراد ہیں؟خضر فرشتہ ہیں یا ولی یا نبی ،نبوت ورسالت پر ولایت کی برتری کی تردید،شارح العقیدہ الطحاویہ کی ایک نفیس بات،قرآن وحدیث سے نبوت خضر پر دلائل،استمرار حیات کا سبب اس کے قائلین کی نظر میں،استمرار حیات خضر کے قائلین کی آراءوغیرہ جیسی مباحث بیان کی ہیں۔بارگاہ الہی میں دعا ہے کہ وہ مولف،مترجم اور تمام معاونین کی اس محنت کو قبول فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4504 #2507

    مصنف : ناصر الدین البانی

    مشاہدات : 9408

    صحیح الأداب المفرد للإمام البخاری

    (جمعہ 17 اپریل 2015ء) ناشر : دار العلم، ممبئی
    #2507 Book صفحات: 448

    امام محمد بن اسماعیل بخاری ﷫ کی شخصیت اور ان کی صحیح بخاری محتاجِ تعارف نہیں۔ آپ امیر االمؤمنین فی الحدیث امام المحدثین کے القاب سے ملقب تھے۔ ان کے علم و فضل ، تبحرعلمی اور جامع الکمالات ہونے کا محدثین عظام او رارباب ِسیر نے اعتراف کیا ہے امام بخاری ۱۳ شوال ۱۹۴ھ؁، بروز جمعہ بخارا میں پیدا ہوئے۔ دس سال کی عمر ہوئی تو مکتب کا رخ کیا۔ بخارا کے کبار محدثین سے استفادہ کیا۔ جن میں امام محمد بن سلام بیکندی، امام عبداللہ بن محمد بن عبداللہ المسندی، امام محمد بن یوسف بیکندی زیادہ معروف ہیں۔ اسی دوران انہوں نے امام عبداللہ بن مبارک امام وکیع بن جراح کی کتابوں کو ازبر کیا اور فقہ اہل الرائے پر پوری دسترس حاصل کر لی۔ طلبِ حدیث کی خاطر حجاز، بصرہ،بغداد شام، مصر، خراسان، مرو بلخ،ہرات،نیشا پور کا سفر کیا ۔ ان کے حفظ و ضبط اور معرفت حدیث کا چرچا ہونے لگا۔ ان کے علمی کارناموںم میں سب سے بڑا کارنامہ صحیح بخاری کی تالیف ہے جس کے بارے میں علمائے اسلام کا متفقہ فیصلہ ہے کہ قرآن کریم کے بعد کتب ِحدیث میں صحیح ترین کتاب صحیح بخاری ہے۔ فن ِحدیث میں اس کتاب کی نظیر نہیں پائی جاتی آپ نے سولہ سال کے طویل عرصہ میں 6 لاکھ احادیث سے اس کا انتخاب کیا اور اس کتاب کے ابواب کی ترتیب روضۃ من ریاض الجنۃ میں بیٹھ کر فرمائی اور اس میں صرف صحیح احادیث کو شامل کیا۔ امام بخاری ﷫ کی صحیح بخاری کے علاوہ بھی متعد د تصانیف ہیں۔ اسلامی آاداب واطوار کے موضوع پر امام بخاری نے ایک مستقل کتاب مرتب فرمائی ہے۔ جو ’’الادب المفرد‘‘ کے نام سےمعروف ومشہور ہے۔ اس میں تفصیل کے ساتھ ان احادیث کو پیش فرمایا ہے جن سے ایک اسلامی شخصیت نمایاں ہوتی ہے۔ ایک مسلمان کے شب وروز کیسے گزرتے ہیں وہ اپنے قریبی اعزہ وقارب کے ساتھ کیسا سلوک کرتا ہے دوست واحباب اور پاس پڑوس کے تعلق سے اس کا کیا برتاؤ ہوتا ہے۔ ذاتی اعتبار سےاسے کس مضبوط کردار اور اخلاق کا حامل ہوتا چاہیے۔ ان جیسے بیسیوں موضوعات پر امام بخاری نے اس کتاب میں احادیث جمع فرمائی ہیں ۔ اس کتاب پر محدث العصر علامہ ناصر الدین البانی ﷫ نے علمی وتحقیقی کام کر کے اس کی افادیت دوچند فرمادی ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب اسی کا ترجمہ ہے ۔ترجمہ کی سعادت عبدالقدوس ہاشمی نے حاصل کی ہے اور اردو ترجمے پر نظر ثانی کا فریضہ مولانا رفیق احمد رئیس سلفی نے انجام دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ   مؤلف ،محقق ،مترجم ، کی مساعی جمیلہ کو قبول فرمائے۔ آمین( م۔ا)

  • 4505 #2448

    مصنف : رفیع الدین ہاشمی

    مشاہدات : 10017

    خطبات رسول ﷺ

    (جمعہ 17 اپریل 2015ء) ناشر : منشورات، لاہور
    #2448 Book صفحات: 115

    سیرت نبوی ﷺ کامو ضوع  ہر دور میں مسلم علماء ومفکرین کی فکر وتوجہ کا مرکز رہا ہے،اور ہر ایک نے اپنی اپنی وسعت وتوفیق کے مطابق اس پر خامہ فرسائی کی ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سیرت کا مطالعہ کرنا ہمارے ایمان کا حصہ بھی ہے اور حکم ربانی بھی ہے۔قرآن مجید نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ کو ہمارے لئے ایک کامل نمونہ قرار دیتا ہے۔اخلاق وآداب کا کونسا ایسا معیار ہے ،جو آپ ﷺ کی حیات مبارکہ سے نہ ملتا ہو۔اللہ تعالی نے نبی کریم ﷺ کے ذریعہ دین اسلام کی تکمیل ہی نہیں ،بلکہ نبوت اور راہنمائی کے سلسلہ کو  آپ کی ذات اقدس پر ختم کر کےنبوت کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ سیرت انسانیت کی بھی تکمیل فرما دی کہ آج کے بعد اس سے بہتر ،ارفع واعلی اور اچھے وخوبصورت نمونہ وکردار کا تصور بھی ناممکن اور محال ہے۔آپ ﷺ کی سیرت طیبہ پر متعدد زبانوں میں بے شمار کتب لکھی جا چکی ہیں،اور لکھی جا رہی ہیں،جو ان مولفین کی طرف سے آپ کے ساتھ محبت کا ایک بہترین اظہار ہے۔سیرت نبوی ﷺ کے متعدد پہلو ہیں جن میں ایک پہلو آپ ﷺ کے خطبات بھی ہیں۔آپ ﷺ نے اپنی زندگی میں بے شمار خطبات ارشاد فرمائے ،مگر یہ سب خطبے اول تا آخر مکمل صورت میں کسی ایک کتاب میں ایک جگہ نہیں ملتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب " خطبات رسولﷺ  "محترم محمد رفیع الدین ہاشمی صاحب کی تصنیف ہے ،جس میں انہوں نے آپﷺ کے خطبات کو تفصیل سے بیان کر دیا ہے۔اللہ تعالی مولف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور ہمیں آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنانے کی بھی توفیق دے۔آمین(راسخ)

  • 4506 #2451

    مصنف : صالح بن عبد العزیز بن محمد آل شیخ

    مشاہدات : 4938

    خطاؤں کا آئینہ ( جدید ایڈیشن)

    (جمعہ 17 اپریل 2015ء) ناشر : دار الابلاغ، لاہور
    #2451 Book صفحات: 260

    ایک مسلمان کی ساری زندگی  عبادات کےگرد گھومتی ہے ،وہ اپنے رب کوراضی کرنے کےلیے  اپنے ہر فعل کو عبادت بنانے کی کوشش کرتا ہے کہ جس پر وہ اجروثواب کاحقدار ٹھہرے ۔لیکن اگر اسے پتہ چل جائے کہ یہ جوعبادت اور نیکی میں ا س قدر محنت خلوص اور خشوع وخضوع سے کررہا ہوں اس میں  فلاں جگہ پر یہ خطاء اور غلطی سرزد ہورہی ہے جس کی وجہ سے عبادت یا نیک کام باعث اجراوثواب ہونےکی بجائے نہ صرف یہ کہ رب کریم کی بارگا ہ میں  قبول  نہیں ہور ہا بلکہ گناہوں کا باعث بن رہا ہے  تو  وہ یقیناً اس  خطاء وغلطی کی اصلاح پہلی فرصت میں کر ے گا ۔آج بہت سےمسلمان پر  اپنی عبادات بالخصوص  ارکان خمسہ  میں بہت ساری خطاؤں  کے مرتکب ہور ہے ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’خطاؤں کا  آئینہ ‘‘صالح بن عبدالعزیز آل شیخ کی  تصنیف ہے جس میں انہوں نے  مسلمانوں کی عبادات میں پائی جانے والی  خطاؤں  کی نشاندہی کی ہے۔ یہ کتاب  اپنے موضوع پر ایک مکمل  اور بے مثا ل کتاب ہے  کہ جس کی روشنی میں ہر مسلمان اپنی عبادت کو خطاؤں سے پاک کر سکتاہے مؤلف نے ایک مسلمان کےلیے عبادات میں واقع ہونےوالی خطاؤں کےمجموعے  کو مرتب کرکے اس کتاب کو گویا ایک آئینہ بنادیا ہے  کہ جس میں انسان اپنی عبادات کے عکس کا جائزہ لےسکتاہے ۔تاکہ اس کی عبادات قرآن وسنت کےمطابق ہوکر اللہ رب العزت کے دربار میں پہنچیں اور قبولیت کادرجہ حاصل کرکےمؤمن کےدرجات میں بلندی کا  عث بنیں اور بندہ کو مزید اپنے رب کےنزدیک کردیں۔اللہ  تعالیٰ مصنف وناشر کی اس کاوش کو قبول فرمائے او ر عوام الناس کی   اصلاح کاذریعہ بنائے (آمین)(م۔ا)

  • 4507 #2454

    مصنف : محمد صادق سیالکوٹی

    مشاہدات : 7313

    جمال مصطفٰی ﷺ

    (جمعرات 16 اپریل 2015ء) ناشر : نعمانی کتب خانہ، لاہور
    #2454 Book صفحات: 546

    دینِ اسلام کاابلاغ او راس کی نشر واشاعت ہر مسلمان پر فرض ہے۔ لہذا اس انعام الٰہی کی وجہ سےایک عام مسلمان کی ذمہ داریاں اور بھی بڑھ جاتی ہیں کہ اصلاحِ انسانیت کےلیے  اللہ تعالیٰ نےامت مسلمہ کو ہی منتخب فرمایا ۔اور ہر دور میں مسلمانوں نےاپنی ذمہ داریوں کومحسوس کیا اور دین کی نشر واشاعت میں گرانقدر  خدمات انجام دیں۔دور  ِحاضر میں  ہر محاذ پر ملت  کفر  مسلمانوں پر حملہ آور ہے  او راسلام اور مسلمانوں  کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ اور نفرت انگیز رویہ اپنائے ہوئےہیں او ر  آئے دن نعوذ باللہ  پیغمبر اسلام کی ذات  کوہدف تنقید کا نشانہ بنا کر انٹرنیشنل میڈیا کے  ذریعے  اس کی  خوب تشہیر کی جاتی ہے۔  تو یقینا ایسی صورت حال میں  رحمت کائناتﷺ کےاخلاقِ عالیہ اور آپﷺ کےپاکیزہ کردار اور سیرت کے روشن ،چمکتے اور دمکتے  واقعات کو دنیا میں عام  کرنے کی شدید ضرورت ہے  تاکہ  اسے پڑھ کر  امت مسلمہ اپنے پیارے  نبیﷺ کے اخلاق  حسنہ اور اوصاف حمیدہ سے  آگا ہ ہوسکے  اور آپ کی سیرت وکردارکوروشنی میں اپنی آنے والی نسل کی تربیت کر سکے ۔ زیر نظر کتاب ’’جمال مصطفیٰ‘‘ مولانا  محمد صادق سیالکوٹی ﷫ کی  تصنیف ہے جس میں انہوں نے  نبی کریم ﷺ کی صفات، خوبیوں ،فضائل ومناقب،  اوصاف   اور آپ کی سیرت صورت کو  بڑے  عمدہ انداز میں بیان کیا ہے ۔اللہ  تعالی ٰ مولانا  کی  تبلیغی و تصنیفی خدمات کو قبول  فرمائے اورانہیں جنت الفردوس  میں  اعلیٰ وارفع مقام عطا  کرے ۔ (م۔ا)
     

  • 4508 #2455

    مصنف : عبد الکریم زیدان

    مشاہدات : 17871

    جامع الاصول ( الوجیز فی اصول الفقہ ) جدید ایڈیشن

    (جمعرات 16 اپریل 2015ء) ناشر : شریعہ اکیڈمی اسلام آباد
    #2455 Book صفحات: 657

    وہ علم جس  میں احکام کے مصادر ،ان کے دلائل کے ، استدلال  کے  مراتب اور استدلال کی شرائط سےبحث کی جائے او راستنباط کے طریقوں کووضع کر کے  معین قواعد کا استخراج کیا جائے  کہ جن قواعد کی پابندی کرتے ہوئے  مجتہد  تفصیلی  دلائل سے احکام  معلوم کرے ، اس علم کا  نام اصول فقہ ہے ۔علامہ  ابن خلدون کے بقول اس وجہ سے یہ علم علوم شریعت میں سے  سب سے عظیم، مرتبے میں سب سے بلند اور  فائدے کے اعتبار سے سب سے زیادہ معتبرہے (مقدمہ ابن خلدون ص:452)جس طرح کسی بھی زبان کو جاننے کےلیے  اس زبان کے قواعد واصول  کو سمجھنا ضروری ہے  اسی طر ح فقہ میں مہارت حاصل  کرنےکے لیے  اصول  فقہ  میں دسترس  اور اس پر عبور حاصل کرناضروری ہے  اس علم کی اہمیت  کے  پیش نظر  ائمہ فقہاء و محدثین نے  اس موضوع پر  کئی کتب تصنیف کی ہیں اولاً  امام شافعی نے الرسالہ کے  نام سے    کتاب تحریرکی  پھر اس کی روشنی میں  دیگر اہل  علم نے کتب  مرتب کیں۔ اصول  فقہ کی تاریخ میں  بیسویں صدی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ا  س دور میں علم اصول فقہ نےایک نئی اٹھان لی اوراس بر کئی جہتوں سے کام کاآغاز ہوا:مثلاً تراث کی تنقیح وتحقیق ،اصول کاتقابلی مطالعہ ،راجح مرجوح کاتعین اور مختلف کتب میں بکھری مباحث کو  یک جا پیش کرنےکے ساتھ  ساتھ  موجودہ قانونی اسلوب اور سہل زبان میں پیش کرناوغیرہ ۔اس میدان میں کام کرنےوالے اہل علم میں ایک نمایاں نام ڈاکٹر عبد الکریم زیدان  کا بھی ہے۔ اصول فقہ  پران کی  مایۂ کتاب ’’ الوجیز فی اصول الفقہ‘‘ اسی اسلوب کی نمائندہ کتاب ہے  اور اکثر مدارس دینیہ میں شامل نصاب  ہے ۔
    زیر نظر  کتاب  ’’ جامع الاصول ‘‘ سید عبدالکریم  زیدا ن کی اصول  فقہ   کے موضوع پر جامع  عربی  کتاب ’’الوجیز فی اصول الفقہ‘‘ کا ترجمہ ہے  ۔ فاضل مصنف نے اس  کتاب کو   چارابو اب(باب اول :حکم کی مباحث۔ باب دوم :احکام کے دلائل کی بحث  میں۔باب ثالث:احکام کے استنباط کے طریقہ  اور قواعد اور ان کے ساتھ ملحق قواعد ترجیح  اور ناسخ  ومنسوخ۔باب  چہارم : اجتہاد ا راس کی شرائط ،مجتہد،تقلید اوراس  کےتعریف۔) میں  تقسیم کرکے   مثالوں کے ساتھ   تفصیلی مباحث پیش کی  ہیں ۔ مصنف  نے  اس میں ہر مسئلے کے بارے  میں بنیادی اوراہم اصول اختصار وجامعیت کے ساتھ بیان کیے ہیں۔ اس کتاب کی بڑی خصوصیت یہ ہے کہ مؤلف نے کسی ایک مکتب فکر  کے اصول پیش  نہیں کیے اور نہ کسی خاص مکتب فقہ کی تقلید وحمایت کی ہے۔اختلافی مسائل میں مصنف نے مختلف آراء کا محاکمہ کیا ہے اور آخر میں اپنی رائے پیش کی ہے ۔ عربی کتاب کو اردو قالب میں ڈھالنےکی سعادت  ڈاکٹر احمد حسن نے  حاصل کی  ہے۔مترجم نےترجمہ کے علاوہ حاشیے میں بعض مقامات پر اضافاجات بھی کیے  ہیں۔اس سے قبل یہ کتاب مجتبائی پریس لاہور سے شائع ہوئی تھی لیکن اس میں   کچھ پیرا گراف   ترجمہ ہونے سے رہ گئے تھے۔اس ایڈیشن میں   ڈاکٹر عبدالحی ابڑو صاحب نے  کتاب کی دوبارہ   نظر ثانی کی اور جن پیراگراف کا ترجمہ رہ گیا تھا ان  کا ترجمہ کرکے  کتاب میں شامل کردیا ہے  اورمکمل کتاب   کو کمپوز کروا کر  طباعت کےاعلیٰ معیار پر شائع کیا۔جس کی وجہ سےیہ ایڈیشن پہلے ایڈیشن سے  زیادہ مفید ہوگیا ہے۔امید ہے یہ کاوش اصول فقہ کے طلبہ  اور علمائے کرام کےلیے مفید ثابت ہوگی۔یہ کتاب اپنے موضوع میں افادیت او رجامعیت  کے پیش نظر   وفاق المدارس  سلفیہ  او راکثر مدارس دینیہ کے  نصاب میں شامل ہے ۔(م۔ا)
     

  • 4509 #2506

    مصنف : ڈاکٹر مہدی رزق اللہ احمد

    مشاہدات : 24415

    سیرت نبوی جلد۔1

    dsa (بدھ 15 اپریل 2015ء) ناشر : دار العلم، ممبئی
    #2506 Book صفحات: 787

    اس روئے ارض پر انسانی ہدایت کے لیے حق تعالیٰ نے جن برگزیدہ بندوں کو منتخب فرمایا ہم انہیں انبیاء ورسل﷩ کی مقدس اصطلاح سے یاد رکرتے ہیں اس کائنات کے انسانِ اول اور پیغمبرِاول ایک ہی شخصیت حضرت آدم ﷤ کی صورت میں فریضۂ ہدایت کےلیے مبعوث ہوئے۔ اور پھر یہ کاروانِ رسالت مختلف صدیوں اور مختلف علاقوں میں انسانی ہدایت کے فریضے ادا کرتے ہوئے پاکیزہ سیرتوں کی ایک کہکشاں ہمارے سامنے منور کردیتاہے ۔درخشندگی اور تابندگی کے اس ماحول میں ایک شخصیت خورشید جہاں تاب کی صورت میں زمانےاور زمین کی ظلمتوں کو مٹانے اورانسان کےلیے ہدایت کا آخری پیغام لے کر مبعوث ہوئی جسے محمد رسول اللہ ﷺ کہتے ہیں۔ آج انسانیت کےپاس آسمانی ہدایت کا یہی ایک نمونہ باقی ہے۔ جسے قرآن مجید نےاسوۂ حسنہ قراردیا اور اس اسوۂ حسنہ کےحامل کی سیرت سراج منیر بن کر ظلمت کدۂ عالم میں روشنی پھیلارہی ہے ۔حضرت محمد ﷺ ہی اللہ تعالیٰ کے بعد ،وہ کامل ترین ہستی ہیں جن کی زندگی اپنے اندر عالمِ انسانیت کی مکمل رہنمائی کا پور سامان رکھتی ہے۔ گزشتہ چودہ صدیوں میں اس ہادئ کامل ﷺ کی سیرت وصورت پر ہزاروں کتابیں اورلاکھوں مضامین لکھے جا چکے ہیں ۔اورکئی ادارے صرف سیرت نگاری پر کام کرنے کےلیےمعرض وجود میں آئے ۔اور پورے عالمِ اسلام میں سیرت النبی ﷺ کے مختلف گوشوں پر سالانہ کانفرنسوں اور سیمینار کا انعقاد کیا جاتاہے جس میں مختلف اہل علم اپنے تحریری مقالات پیش کرتے ہیں۔ ہنوذ یہ سلسلہ جاری وساری ہے۔ زیر تبصرہ کتاب’’سیرتِ نبوی‘‘ عالم ِعرب کے نامور محقق ڈاکٹر مہدی رزق اللہ احمد کی سیرت النبیﷺ پر مشتمل عربی کتاب ’’ السیرۃ النبویۃ فی ضوء المصادر الاصلیۃ‘‘ کا ترجمہ ہے۔ اصل کتاب تو ایک جلد میں ہے اور ترجمہ دو جلدوں پر مشتمل ہے۔ مصنف نے اس میں نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ کو صرف صحیح روایات کی روشنی میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ لیکن جہاں صحیح روایت نہ مل سکی تو موصوف نے مجبوراً ضعیف روایت پیش کردی ہے اور اس کی وضاحت کردی ہے کہ یہ روایت ضعیف ہے اور قابل اعتبار نہیں ہے۔ اس عالمانہ کتاب کا یہ دلکش ترجمہ شیخ الحدیث محترم حافظ محمد امین﷫ نے کیا اور نظرثانی اور حواشی کے ترجمے کا فریضہ حافظ قمر حسن﷾ نے بخوبی انجام دیا ہے ۔اور محسن فارانی صاحب نے اس میں 16 تحقیقی اور معلومات افزا جغرافیائی نقشے شامل کر کے اس کی افادیت میں خاطر خواہ اضافہ کردیا ہے۔ کتاب کے آخر میں ضمیمہ کے الگ عنوان کے تحت اصطلاحی الفاظ کی توضیحات، سیرت النبیﷺ کے واقعات کا زمانی اشاریہ اور مصادر ومراجع بھی شامل کیے گیے ہیں۔دکتور مہدی رزق اللہ قرآنی علوم کے ماہر حدیث کےجید عالم ہیں اور جدید اسالیبِ تحقیق سے بخوبی آگاہ ہیں۔انہوں نے کتاب ہذا کے طویل فاضلانہ مقدمے میں لکھا ہے کہ میں عام مؤرخوں کی کی طرح ضعیف روایات قلم بندنہیں کرتا۔ میرا مقصد صرف یہ ہے کہ صحیح صحیح روایات کی مدد سے سیرت مقدسہ کی حقیقی تصویر پیش کر دو ں۔ انہوں نے سیرت مطہرہ سے متعلق تمام معلومات کی اچھی طرح چھان بین کی ہے۔ ان صحابہ کرام اور تابعین عظام کے اسمائےگرامی بتائے ہیں جنہیں جمالِ نبوت کے احوال لکھنے اور سننے سنانے کا خاص ذوق تھا۔پھر انہوں نے عہد بہ عہد درجہ بدرجہ سیرت نگاروں او رکتبِ سیرت کا تعارف بھی پیش کیا ہے ۔اللہ تعالیٰ مصنف ، مترجم اور ناشرین کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور امت ِمسلمہ کو اس کتاب سے مستفید فرمائے۔ آمین ( م۔ا)

  • 4510 #2428

    مصنف : حافظ محمد الیاس اثری

    مشاہدات : 5697

    اعزاز القرآن لعباد الرحمن المعروف اوصاف مومن

    (بدھ 15 اپریل 2015ء) ناشر : محمد یوسف ملک نزد صغیر پارک گوجرانوالہ
    #2428 Book صفحات: 82

    اخلاق ان صفات اور افعال کو کہا جاتا ہے جو انسان کی زندگی میں اس قدر رچ بس جاتے ہیں کہ غیر ارادی طورپربھی ظہور پذیر ہونے لگتے ہیں۔ بہادر، فطری طور پر میدا ن کی طرف بڑھنے لگتا ہے اور بزدل، طبیعی انداز سے پرچھائیوں سے ڈرنے لگتا ہے۔ کریم کا ہاتھ خود بخود جیب کی طرف بڑھ جاتا ہے اور بخیل کے چہرے ہر سائل کی صورت دیکھ کر ہوائیاں اڑنے لگتی ہیں۔ اسلام نے غیر شعوری اور غیر ارادی اخلاقیات کو شعوری اور ارادی بنانے کا کام بھی انجام دیاہے اور اس کا مقصد یہ ہے کہ انسان ان صفات کو اپنے شعور اور ارادہ کے ساتھ پیدا کرے تاکہ ہر اہم سے اہم موقع پر صفت اس کا ساتھ دے ورنہ اگر غیر شعوری طور صفت پیدا بھی کرلی ہے تو حالات کے بدلتے ہی اس کے متغیر ہو جانے کا خطرہ رہتا ہے۔ مثال کے طور پر ان تذکروں کو ملاحظہ کیا جائے جہاں اسلام نے صاحب ایمان کی اخلاقی تربیت کاسامان فراہم کیا ہے اور یہ چاہا ہے کہ انسان میں اخلاقی جوہر بہترین تربیت اور اعلیٰ ترین شعور کے زیر اثر پیدا ہو۔اللہ تعالی نے قرآن مجید کی سورۃ الفرقان کے آخری رکوع میں عباد الرحمان کی بارہ صفات ذکر کی ہیں ،جو گویا بارہ مستقل مضامین ہیں۔ان صفات میں سے"زمین پر عاجزی سے چلنا ، جاہلوں سے اعراض کرنا ، راتوں کو عبادت کرنا، جہنم کے عذاب سے پناہ مانگنا ، خرچ کرنے میں اعتدال سے کام لینا ، نہ فضول خرچی  کرنا اور نہ ہی بخل کرنا ، شرک سے اجتناب کرنا ، قتل ناحق سے بچنا ، زنا اور بدکاری سے پرہیز کرنا، جھوٹی گواہی سے احتراز کرنا ، بری مجالس سے پہلوتہی  کرنا، کتاب اللہ سے متاثر ہونا ، بیوی بچوں اور اپنے لئے ہدایت کی دعا کرنا "قابل ذکر ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب " اعزاز الرحمان لعباد الرحمان المعروف  اوصاف مومن " محترم حافظ محمد الیاس اثری استاذ جامعہ اسلامیہ گوجرانوالہ  کی تصنیف ہے ۔جس میں انہوں نے مومنوں کی انہی بارہ صفات کو تفصیل سے ذکر کیا ہے۔یہ کتاب  درحقیقت رمضان المبارک میں دئیے گئے ان کے دروس پر مشتمل ہے،جنہیں افادہ عام کی نیت سے طبع کر دیا گیا ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہےکہ وہ مولف موصوف کی اس کوشش کو قبول فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4511 #2452

    مصنف : محمود احمد غضنفر

    مشاہدات : 13453

    جرنیل صحابہ ؓ

    (بدھ 15 اپریل 2015ء) ناشر : مکتبہ قدوسیہ،لاہور
    #2452 Book صفحات: 488

    صحابہ کرام  اس امت کے سب سے افضل واعلی لوگ تھے ،انہوں نے نبی کریم  ﷺ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا،ان کے ساتھ مل کر کفار سے لڑائیاں کیں ، اسلام کی سر بلندی اور اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی کے لئے اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کر دیا۔پوری امت کا اس بات پر اتفاق ہے کہ  صحابہ کرام  تمام کے تمام  عدول ہیں یعنی دیانتدار،عدل اور انصاف کرنے والے ،حق پر ڈٹ جانے والے اور خواہشات کی طرف مائل نہ ہونے والے ہیں۔صحابہ کرام  کے بارے  میں اللہ تعالی کا یہ اعلان ہے کہ اللہ  ان سے راضی ہے اور وہ اللہ سے راضی ہیں۔نبی کریم ﷺ کے ان صحابہ  کرام   میں سے بعض صحابہ کرام   ایسے بھی ہیں جن کی جرات وپامردی،عزم واستقلال اوراستقامت نے میدان جہاد  میں جان اپنی ہتھیلی پر رکھ کر بہادری  کی لازوال داستانیں رقم کیں،اور اپنے خون کی سرخی سے اسلام کے پودے کو تناور درخت بنایا۔ زیر تبصرہ کتاب "جرنیل صحابہ" جماعت اہلحدیث کے نامور صاحب قلم اور ادیب محترم مولانا محمود احمد غضنفر کی تصنیف ہے۔جس میں انہوں نے پچیس صاحب عزیمت اور جرنیل صحابہ    کی سیرت اور حالات زندگی کو قلمبند کر دیا ہے۔مولانا محمود احمد غضنفر صاحب ایک معروف مصنف اور مولف ہیں ۔ان کے قلم سے اب تک متعدد تحریریں شائع ہو کر درجہ قبولیت حاصل کر چکی ہیں۔جن میں سے ایک" حیات صحابہ کے درخشاں پہلو"اور دوسری "حیات تابعین کے درخشاں پہلو" زیادہ مقبول ہیں۔ اللہ تعالی مولف کی اس مخلصانہ کوشش کو  قبول فرمائے اور تمام مسلمانوں کو صحابہ کرام  سے محبت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4512 #2470

    مصنف : محمد صدیق شاہ بخاری

    مشاہدات : 4228

    رواداری اور پاکستان

    (منگل 14 اپریل 2015ء) ناشر : علم و عرفان پبلشرز، لاہور
    #2470 Book صفحات: 540

    المیہ یہ ہے کہ بعض گروہوں کی طرف سے ایک سازش کے تحت شعائر اسلامی کا مذاق اڑایا جاتا ہے،شان رسالت ﷺ میں توہین کا لائسنس طلب کیا جاتاہے،مقدس شخصیات کی تضحیک وتنقیص کی جاتی ہے اور اگر کوئی اس پر کبھی بھول کر بھی صدائے احتجاج بلند کر دے تو اسے رواداری کے نام پر صبر،تحمل اور برداشت سے کام لینے کو کہا جاتاہے،اسے حقوق انسانی ترقی پسندی اور اعلی ظرفی کا درس دیا جاتا ہے ۔وہ جو اسلام دشمنی اور اقدار شکنی کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں ،انہیں بنیاد بنا کر اپنے تئیں دائرہ روشن خیالی سے خارج کر دیا جاتا ہے۔لیکن جب ان لوگوں کے ذاتی مفادات پر زد پڑتی ہے اور وہ آپس میں دست وگریباں ہوتے ہیں تو خود رواداری کی تمام حدود پھلانگ جاتے ہیں۔تحمل وبرداشت اور رواداری ایسے خوشنما الفاظ ان کی ڈکشنری سے خارج ہو جاتے ہیں۔ان میں اتنا حوصلہ بھی نہیں ہوتا کہ وہ معمولی سی تنقید ہی سن سکیں۔ زیر تبصرہ کتاب" روا داری اور پاکستان "محترم جناب محمد صدیق شاہ بخاری صاحب کی مرتب کردہ ہے جس میں انہوں نے روشن خیالوں کی اسی روشن خیالی کا بھانڈہ پھوڑا ہے۔یہ کتاب پاکستان میں اقلیتوں کے ظلم وستم اور رواداری کی آڑ میں مسلمانوں کی دم توڑتی غیرت کی کربناک صداؤں پر مشتمل ایک تحقیقی وتاریخی دستاویز ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ تمام مسلمانوں کی حفاظت فرمائےاور ان کی غیرت دینی کو بیدار کرے۔آمین(راسخ)

  • 4513 #2497

    مصنف : سعید بن علی بن وہف القحطانی

    مشاہدات : 9556

    سنت کی روشنی اور بدعت کی تاریکیاں

    (منگل 14 اپریل 2015ء) ناشر : مکتبہ الفہیم مؤناتھ بھنجن، یو پی
    #2497 Book صفحات: 126

    قرآن کریم  تمام شرعی دلائل کا مآخذ  ومنبع ہے۔اجماع وقیاس کی حجیت کے لیے  بھی اسی سے استدلال کیا جاتا ہے  ،اور اسی نے سنت نبویہ کو شریعت ِاسلامیہ کا مصدرِ ثانی مقرر کیا ہے۔قرآن مجید کے ساتھ سنت نبویہ کوقبول کرنےکی تاکید وتوثیق کے لیے  قرآن مجید میں بے  شمار قطعی دلائل موجود ہیں۔اہل سنت الجماعت کا روزِ اول سے یہ عقیدہ رہا ہے  کہ رسول اللہ ﷺ کی سنت کی ایک مستقل شرعی حیثیت ہے  ۔سنت وہ ہدایت ہےجس پر رسول اللہ ﷺ اور آپ کے صحابہ،علم واعتقاد اور قول وعمل کےساتھ گامزن تھے اور یہی وہ سنت ہے جس کی اتباع واجب ہےاور اس پر چلنے والے قابل تعریف اوراس کی مخالف کرنےوالے قابل مذمت ہیں ۔کیونکہ اتباعِ سنت جزو ایمان ہے  ۔حدیث  سے  انکا ر  واعراض قرآن کریم سے انحراف وبُعد کازینہ اور سنت سے اغماض ولاپرواہی  اور فہم قرآن سے  دوری  ہے ۔سنت  رسول ﷺکے بغیر قرآنی احکام وتعلیمات کی تفہیم  کا  دعو یٰ نادانی  ہے ۔ اطاعتِ رسول ﷺ کے بارے میں یہ بات  پیش  نظر رہنی چاہیے  کہ رسو ل اکرم ﷺ کی اطاعت  صرف آپﷺ کی زندگی  تک محدود نہیں بلکہ آپﷺ کی وفات کے بعد بھی قیامت تک آنے  والے تمام مسلمانوں کے لیے  فرض قرار دی گئی ہے۔گویا اطاعتِ رسول ﷺ اور ایمان لازم  وملزوم ہیں اطاعت ہے تو ایمان بھی ہے  اطاعت نہیں تو ایمان  بھی  نہیں۔ اطاعت ِ رسول ﷺ کے بارے میں  قرآنی  آیات واحادیث نبویہ کے مطالعہ کے بعد یہ فیصلہ کرنا مشکل نہیں کہ دین میں اتباعِ سنت کی حیثیت کسی فروعی مسئلہ کی سی نہیں بلکہ بنیادی تقاضوں میں  سے  ایک تقاضا ہے ۔ اتباع سنت کی دعوت کو چند عبادات کے مسائل تک محدود نہیں رکھنا چاہیے  بلکہ یہ  دعوت ساری زندگی پر محیط ہونی  چاہیے۔جس طر ح عبادات(نماز ،روزہ، حج وغیرہ)  میں اتباع سنت مطلوب ہے  اسی طرح اخلاق وکردار ،کاروبار، حقوق العباد اور دیگر معاملات میں بھی اتباع سنت مطلوب ہے۔اللہ تعالیٰ نے ’’ مَنْ يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللَّه  (سورہ نساء:80) کا فرمان جاری  فرماکر  دونوں مصادر پر مہر حقانیت ثبت کردی ۔ لیکن پھر بھی  بہت سارے لوگوں نے ان فرامین کو سمجھنے اور ان  کی فرضیت کے بارے میں ابہام پیدا کرکے کو تاہ بینی کا ثبوت دیا ۔مستشرقین اور حدیث وسنت کے مخالفین نے  سنت کی شرعی  حیثیت کو مجروح کر کے  دینِ اسلام میں جس طرح بگاڑ کی نامسعود کوشش کی گئی اسے دینِ حق کے خلاف ایک سازش ہی کہا جاسکتا ہے۔لیکن الحمد للہ  ہر دور میں محدثین  اور  علماءکرام کی ایک جماعت اس سازش اور فتنہ کا سدباب کرنے میں کوشاں رہی  اور اسلام کے مذکورہ ماخذوں کے دفاع میں ہمیشہ سینہ سپر رہی ۔ سنت کےمقابلے   بدعت کورواج دینا صریحا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ بدعت سے مراد ہر وہ کام جسے ثواب یا برکت کاباعث یا نیکی سمجھ کر کیا جائے   لیکن شریعت میں اس کا کوئی ثبوت نہ ہو۔ یعنی نہ تویہ کام خود رسول اللہﷺ نے کیا ہواور نہ ہی کسی کو کرنےکا حکم دیا ،نہ ہی اسے کرنے کی کسی کواجازت دی ہو۔ بدعات وخرافات کرنے والے کل قیامت کو حوض کوثر سے محروم کردیئےجائیں گے ۔ جس کی وضاحت فرمان ِنبوی میں موجو د ہے۔ اہل سنت زندہ زندہ دل،روشن ضمیر ہوتے ہیں اور ظاہروباطن میں اللہ کے حکم کےپابند اور رسول اللہ ﷺکےتابع دار ہوتے ہیں۔ اور اہل بدعت مردہ اور تاریک دل ہوتے ہیں ،ان پر مکمل طور پر تاریکی چھائی ہوتی ہے ان کے دل سیاہ اوران کے سارے احوال اندھیروں میں ڈوبے ہوتے ہیں۔لہذا جن کےساتھ اللہ تعالیٰ خیر کا ارادہ فرماتا ہے انہیں ان تاریکیوں سے نکال کر سنت کی روشنی کی طرف رہنمائی فرماتا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب’’سنت کی روشنی اور بدعت کی تاریکیاں قرآن وحدیث کی روشنی میں ‘‘دنیائے عرب کے ایک فاضل مؤلف ومحقق جناب ڈاکٹر سعید بن علی بن وہف القحطانی کی کتاب ’’نور السنۃ وظلمات البدعۃ فی ضوء الکتاب والسنۃ‘‘ کا اردو ترجمہ ہے۔ فاضل مؤلف نے بڑی عمدگی اور نہایت مدلل طریقہ پر سنت کی اہمیت اوراہل سنت کے مقام ومرتبہ، ان کے اسمائے گرامی اور ان کی نشانیاں بیان فرمائی ہیں۔ اسی طرح بدعت اوراہل بدعت کی حقیقت،قبولیت عمل کی شرائط ،بدعت کی مذمت، اس کے اسباب، انواع اوران کے احکام نیز معاشرے میں پھیلی ہوئی متعدد بدعات کی نشاندہی فرمائی ہے اور بدعتی کی توبہ کا حکم اور بدعات کےبرے اثرات ونقصانات کا کا تفصیلی جائزہ لیاہے۔ عربی سے اردو رواں وسلیس ترجمہ کا کام محترم جناب شیخ سہیل احمد فضل الرحمن مدنی ﷾ نے انجام دیا ہے اللہ تعالیٰ مصنف، مترجم اور ناشرین کی اس کاوش کوقبول فرمائے اور اسے معاشرے میں رواج پاجانےوالے بدعات وخرافات کے خاتمے اورسنت کو عام کرنے کا ذریعہ بنائے۔ آمین(م۔ا)

  • 4514 #2457

    مصنف : ڈاکٹر خالد غزنوی

    مشاہدات : 12373

    علاج نبوی ﷺ اور جدید سائنس پیٹ کی بیماریاں

    (منگل 14 اپریل 2015ء) ناشر : الفیصل ناشران وتاجران کتب، لاہور
    #2457 Book صفحات: 388

    بیماری اور شفاء کا نظام اللہ کے ہاتھ میں ہے۔وہ جسے چاہتا ہے بیماری میں مبتلا کر دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے صحت جیسی عظیم الشان نعمت سے سرفراز فرما دیتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ہی  اس نے بیماری کے وقت ادویات استعمال کرنے اور ظاہری اسباب کو بروئے کار لانے کی ترغیب دی ہے۔نبی کریمﷺنے متعدد اشیاء کو بطور علاج استعما ل کرنے کا حکم دیا ہے۔ آپﷺ نے اپنی حیات میں جہاں روحانی اور باطنی بیماریوں کے حل تجویز فرمائے وہیں جسمانی اور ظاہری امراض کے لیے بھی اس قدر آسان اور نفع بخش ہدایات دیں کہ دنیا چاہے جتنی بھی ترقی کر لے لیکن ان سے سرمو انحراف نہیں کر سکتی۔زیر تبصرہ کتاب"علاج نبوی ﷺ اور جدید سائنس"محترم ڈاکٹر خالد غزنوی کی تصنیف ہے،جس میں انہوں نے طب نبوی کے چند شہہ پارے جمع فرما دیئے ہیں،اور ابتداء پیٹ کی بیماریوں سے کی ہے،اس سلسلے میں انہوں نے نبی کریم ﷺ کے اس ارشاد گرامی سے راہنمائی لی ہے کہ اکثر وبیشتر بیماریوں پیٹ سے پیدا ہوتی ہیں۔اگر معدہ صحیح ہو گا تو کوئی باقی جسم بھی تندرست ہوگا اور اگر معدہ خراب ہوگیا تو باقی جسم بھی بیمار پڑ جائے گا۔۔اللہ تعالی  سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4515 #2496

    مصنف : انصار زبیر محمدی

    مشاہدات : 4254

    سگریٹ نوشی سے توبہ

    (پیر 13 اپریل 2015ء) ناشر : مکتب توعیۃ الجالیات الشماسیۃ، دہلی
    #2496 Book صفحات: 40

    شرعی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ تمباکو نوشی کے حرام ہونے میں کوئی شک وشبہ نہیں ہے۔کیونکہ اس میں ایک تو فضول خرچی پائی جاتی ہے اور دوسرے نمبر پر یہ صحت کے لئے نقصان دہ بھی ہے۔اور شریعت نے فضول خرچی اور مضر صحت اشیاء ان دونوں سے منع فرمایا ہے۔یہ ترقی یافتہ زمانے کا ایسا زہر ہے جس سے چند خوش نصیب ہی محفوظ ہو نگے۔ روزانہ لاکھوں لوگ لاکھوں کروڑوں روپے اس زہر کی خریداری پر یہ جانتے ہوئے بھی خرچ کرتے ہیں کہ "تمباکو نوشی صحت کے لیے مْضر ہے۔"تمباکو میں شامل ایک کیمیائی مادہ نکوٹین ہے جو زہریلے اور نشیلے اثرات کا حامل ہوتاہے۔یہ انسانی بدن میں سرایت کر کے وقتی طور پر اسے تسکین و لذت فراہم کرتا ہے،مگر خون میں شامل ہو کر اسے گاڑھا کر کے دورانِ خون کے کئی ایک عوارض کا باعث بھی بنتا ہے۔گردوں کے لیے گاڑھے خون کو صاف کرنا مشکل ہو جاتا ہے اور نتیجے کے طور پر سگریٹ نوش ہائی بلڈ پریشر،بلڈ شوگر،یورک ایسڈ ،کلیسٹرول،ہارٹ اٹیک،انجائنا،گردوں کے فیل ہونا جیسے جان لیوا اورخطرناک امراض کے چنگل میں پھنستا چلا جاتا ہے۔اسی طرح سگریٹ کا دھواں حلق کے کینسر،پھیپھڑوں کے کینسر،ٹی بی اور دماغی جھلیوں کی سوزش کا سبب بھی بنتا ہے۔ایسے افراد جو سگریٹ کے دھوئیں کو منہ کے رستے معدے اور انتڑیوں تک پہنچاتے ہیں ،انہیں معدے اور انتڑیوں کے السر ،بواسیر اور جگری سوزش ہونے کے خطرات عام آدمی کی نسبت کئی گنا زیادہ ہوتے ہیں۔اس کے علاوہ اعصابی اور دماغی امراض میں نیند کا نہ آنا،ڈپریشن،بے چینی،پٹھوں کی کمزوری جیسے عوارض شامل ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب " سگریٹ نوشی سے توبہ"سعودی عرب کے معروف عالم دین شیخ حمد بن ابراہیم الحریقی کی تصنیف ہے ،جس کا اردو ترجمہ مکتب جالیات قصیم کے داعی اور مبلغ محترم انصار زبیر محمدی نے کیا ہے۔مولف موصوف نے شرعی دلائل کی روشنی میں تمباکو نوشی کے حرمت کو ثابت کرتے ہوئے اس سے بچنے کی ترغیب دی ہے۔اللہ مولف کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4516 #2447

    مصنف : خالد عبد اللہ

    مشاہدات : 8362

    معلم القرآن نورانی قاعدہ

    (پیر 13 اپریل 2015ء) ناشر : مکتبہ قدوسیہ،لاہور
    #2447 Book صفحات: 64

    اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو بندوں کی رشد و ہدایت کے لیے نازل فرمایاہے۔،یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کیا جانے والا ایسا کلام ہے جس   کے ایک ایک حرف کی تلاوت پر دس دس نیکیاں ملتی ہیں۔اور قرآن مجید کی درست تلاوت اسی وقت ہی  ممکن ہو سکتی ہے، جب اسے علم تجویدکے  قواعد وضوابط اور اصول وآداب کے ساتھ پڑھا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو ترتیل کے ساتھ پڑھنے کا حکم دیا ہے ۔لہٰذا قرآن کریم کو اسی طرح پڑھا جائے جس طرح اسے پڑھنے کا حق ہے۔اور ہرمسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علمِ تجوید کے بنیادی قواعد سے آگاہی حاصل کرے،اور قراء کرام کا تجربہ گواہ ہے کہ اگر بچپن میں ہی تلفظ کے ساتھ قاعدہ پڑھا دیا جائے تو بڑی عمر میں تلفظ کا مسئلہ پیدا نہیں ہوتا ہے۔انہی مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے محترم خالد عبد اللہ  صاحب نے بچوں  کے لئے یہ "معلم القرآن نورانی قاعدہ" مرتب فرمایا ہےتاکہ بچے شروع سے ہی درست تلفظ کے ساتھ ادائیگی کر سکیں ۔اس کے ساتھ ساتھ ہی قاعدے کے آخر میں انہوں نے نماز ،نماز جنازہ اور روز مرہ کی متعدد مسنون دعائیں بھی جمع کر دی ہیں۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف موصوف  کی ان خدمات کو قبول ومنظور فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4517 #2463

    مصنف : محمد علی جانباز

    مشاہدات : 7761

    معراج مصطفٰی ﷺ

    (پیر 13 اپریل 2015ء) ناشر : مکتبہ قدوسیہ،لاہور
    #2463 Book صفحات: 64

    اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو بے شمارآیات و معجزات سے نوازاہے،تاکہ لوگ ان معجزات کے سامنے سر تسلیم خم کر دیں اور آپ ﷺ کی نبوت پر ایمان لے آئیں۔ان میں سے ایک سب سے بڑا اور اہم ترین معجزہ واقعۂ معراج ہے،جو  درحقیقت ایک  مجموعۂ معجزات ہے۔ اس میں اللہ تعالیٰ نے آپ کو متعددآیات کبریٰ کا مشاہدہ کروایاہے اور آپ کو جنت وجہنم کی سیر کروائی تاکہ آپ کا ایمان عین الیقین کی حد تک پختہ ہو جائے۔معراج میں جہاں نبی کریم ﷺ کی عظمت وشان کا اظہار ہے وہیں اس میں بہت سے فوائد و اسباق بھی ہیں۔ اردو زبان میں اس موضوع پر جو کچھ لکھا گیا ہے،وہ یا تو ضخیم کتب کے اندر ہے یا پھر مستند و غیر مستند اور صحیح و ضعیف و موضوع روایات کی تمیز اور واقعات کی صحت و ضعف کی تحقیق کے بغیر ہے۔ نیز فوائد کے استنباط میں بھی توحید و شرک،سنت و بدعت اور منہج سلف کی تمیز روا نہیں رکھی گئی ہے، الا ماشاء اللہ۔ زیر تبصرہ کتاب" معراج مصطفیﷺ " جماعت اہل حدیث کے معروف عالم دین شیخ الحدیث مولانا محمد علی جانباز صاحب مہتمم جامعہ ابراہیمیہ سیالکوٹ کی تصنیف ہے۔جس میں انہوں نے صحیح و مستند روایات نیز مقبول و معتبر احادیث وآثار ہی کو جگہ دی ہے، جس کی وجہ سے اس کتاب کی اہمیت و افادیت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔بارگاہ الہی میں دعا ہے کہ وہ مولف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4518 #2495

    مصنف : محمد ایوب سپرا

    مشاہدات : 8535

    خواتین کا مسجد میں نماز با جماعت پڑھنے کا مسئلہ

    (اتوار 12 اپریل 2015ء) ناشر : دار الکتب الاسلامیہ، دہلی
    #2495 Book صفحات: 63

    اسلام نے جہاں خواتین کوبے شمار حقوق عطا کیے ہیں وہاں نیک کام کرنے اور عبادات انجام دینے کے بھر پور مواقع بھی فراہم کیے ہیں ۔ بلاشبہ خواتین کےلیے پانچ وقت کی نمازوں کی ادائیگی گھر کی چاردیواری میں افضل ہے مگر اسے مسجد میں حاضر ہوکر نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے اور صحابیات کا مسجدِ نبوی ﷺمیں نماز پڑھنا ثابت ہے ۔مگر بعض لوگ خواتین کی مسجد میں حاضری اور نماز عیدین میں شرکت کوفتنہ سمجھتے ہیں   اور اپنے اختیار کردہ نظریئے کو صحیح ثابت کرنے کے لیے احادیثِ صحیحہ کی بے جا تاویلات کر کے انہیں ردکرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ خواتین کامسجد میں نماز باجماعت پڑھنے کا مسئلہ ‘‘ محترم جناب محمد ایوب سپرا ﷾کی کاوش ہے۔ جس میں نہایت سنجیدگی کے ساتھ دلائل کی روشنی میں ثابت کیا ہےکہ شریعتِ اسلامیہ نے خواتین کو مسجد میں آکر نماز ادا کرنے اور نماز عیدین میں شرکت کی اجازت دی ہے۔ اس کتابچہ میں خواتین سے متعلق تین موضوعات کو زیر بحث لایا گیا ہے۔ خواتین کاطریقہ نماز،خواتین کے لیے نماز باجماعت کےلیے مسجد میں آنے کا حکم، خواتین کےلیےمسجد جانے کی آداب۔ مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف ﷾ کی کتاب ہذا پر نظر ثانی سے کتاب کی افادیت میں مزید اضافہ ہوگیاہے۔ اللہ تعالیٰ مرتب وناشرین کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے عوام الناس کےلیے نفع بخش بنائے۔ آمین( م۔ا)

  • 4519 #2466

    مصنف : شاہ محمد جعفر پھلواری

    مشاہدات : 6120

    محمد ﷺ پیغمبر انسانیت

    (اتوار 12 اپریل 2015ء) ناشر : ادارہ ثقافت اسلامیہ، لاہور
    #2466 Book صفحات: 559

    سیرت نبوی ﷺ کامو ضوع  ہر دور میں مسلم علماء ومفکرین کی فکر وتوجہ کا مرکز رہا ہے،اور ہر ایک نے اپنی اپنی وسعت وتوفیق کے مطابق اس پر خامہ فرسائی کی ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سیرت کا مطالعہ کرنا ہمارے ایمان کا حصہ بھی ہے اور حکم ربانی بھی ہے۔قرآن مجید نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ کو ہمارے لئے ایک کامل نمونہ قرار دیتا ہے۔اخلاق وآداب کا کونسا ایسا معیار ہے ،جو آپ ﷺ کی حیات مبارکہ سے نہ ملتا ہو۔اللہ تعالی نے نبی کریم ﷺ کے ذریعہ دین اسلام کی تکمیل ہی نہیں ،بلکہ نبوت اور راہنمائی کے سلسلہ کو  آپ کی ذات اقدس پر ختم کر کےنبوت کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ سیرت انسانیت کی بھی تکمیل فرما دی کہ آج کے بعد اس سے بہتر ،ارفع واعلی اور اچھے وخوبصورت نمونہ وکردار کا تصور بھی ناممکن اور محال ہے۔آپ ﷺ کی سیرت طیبہ پر متعدد زبانوں میں بے شمار کتب لکھی جا چکی ہیں،اور لکھی جا رہی ہیں،جو ان مولفین کی طرف سے آپ کے ساتھ محبت کا ایک بہترین اظہار ہے۔ زیر تبصرہ کتاب " محمد پیغمبر انسانیتﷺ "محترم مولانا شاہ محمد جعفر پھلواری صاحب  کی تصنیف ہے ۔جس میں انہوں نے نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ کو بیان فرمایا ہے۔اللہ تعالی مولف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور ہمیں آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنانے کی بھی توفیق دے۔آمین(راسخ)

  • 4520 #2467

    مصنف : ڈاکٹر فرحت ہاشمی

    مشاہدات : 11021

    رب زدنی علما

    (اتوار 12 اپریل 2015ء) ناشر : الہدیٰ انٹر نیشنل ویلفیئر فاؤنڈیشن، اسلام آباد
    #2467 Book صفحات: 85

    علم کی تاریخ اتنی  ہی قدیم ہے جتنا خود انسان کائنات کے پہلے انسان سیدنا آدم  کی تخلیق کے بعد سب سے پہلے  نعمت جس سے  انہیں نوازا گیا وہ علم ہے ۔ اور پھر  علم کی بنا پر ہی سیدنا آدمؐ کو مسجود ملائکہ ہونے کاشرف حاصل ہوا نسل ِ آدم کے لیے  بھی  فضیلت اور درجات کی بلندی کا معیار علم ہی قرار پایا ۔ اور زیادہ علم کی طلب اور خواہش کو پسندیدہ  قرار دیتے ہوئے  آپ کو  خطاب فرمایا:  وَقُلْ رَبِّ زِدْنِي عِلْمًا انسان کو ملنے والے  علوم میں  علم الاسماء یعنی دنیا کی اشیاء  کے ناموں کا علم تو انسان کو اس زمین پر آنے سے قبل ہی عطا کردیا گیا  لیکن آدمؐ جب محض اس علم کی بنا پر شیطان کی چالوں کا مقابلہ نہ کرسکے تو  اللہ تعالیٰ نے ان کو  دنیا میں بھیجنے کے ساتھ ہی حقیقی فائدہ مند علم یعنی علم ہدایت کا سلسلہ بھی جاری فرمادیا۔ علم ہدایت کا یہ سلسلہ جو حضرت آدم سے شروع ہوا وہ رسول اللہ ﷺً پر آکر ختم اورمکمل ہوجاتاہے آخر الزماں پیغمبر پر اس سلسلے کی وحی کی ابتدا جن کلمات سے ہوئی وہ بھی حصول علم سے  متعلق ہی  ہیں ۔اس کی مزید تاکید رسول  اللہ ﷺ کے ارشا دات سے ہوتی ہے ۔ارشاد نبوی ہے: طَلَبُ الْعِلْمِ فَرِيضَةٌ عَلَى كُلِّ مُسْلِمٍ۔اور جو چیز انسان کوجانور سے ممتاز کرتی ہے وہ  علم ہی ہے  ایک شخص اگر علم حاصل نہیں کرتا اور محض کھاپی کر ، اپنی نسل بڑھا کر اس دنیا سے خصت ہوجاتاہے تواس میں اور جانور میں کیافرق باقی رہ گیا؟اس دنیا میں جس قوم  نے بھی ترقی کی علم کے راستے پر چل کر ہی کی۔ دورِ حاضر میں تمام ترقی یافتہ اقوام اپنی آمدنی کا کثیر حصہ تعلیم وتحقیق پر خرچ کرتی ہیں اور یوں دنیا کے وسائل سےبھر پور استفادہ کررہی ہیں ۔حقیقی کامیابی کے لیے  صرف دنیاوی  علم کافی نہیں بلکہ ایسا علم  حاصل کیا جائے جودنیا وآخرت  دونوں میں فائدہ مند ہو ۔علم اور طلب کی  اہمیت وفضیلت کے حوالے سے کتب احادیث میں  متعدد احادیث موجود ہیں ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’رب زدنی علما‘‘ الہدی اانٹرنیشنل کی سرپرست اعلیٰ  ڈاکٹر فرحت ہاشمی   صاحبہ کی کاوش ہے اس کتاب میں انہوں نے  علم پر مبنی  آیات واحادیث کو  مشکوٰۃ المصابیح اور ریاض الصالحین   سے  جمع کرکے  ان کا ترجمہ پیش کردیا ہے ۔ تاکہ لوگ شوق سے علم کے راستے پر چلیں عبادت سمجھ کر علم کریں۔ اور چراغ سے چراغ جلاتے چلے جائیں اور معاشرے سے  جہالت کے  اندھیرے دور ہوں ۔اللہ تعالیٰ محترمہ کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے  طالبانِ نبوت کے نفع بخش بنائے (آمین)  (م۔ا)

  • 4521 #2494

    مصنف : عبد الرؤف ندوی

    مشاہدات : 6409

    خانہ ساز شریعت اور آئنہ کتاب و سنت

    (ہفتہ 11 اپریل 2015ء) ناشر : دار العلم، ممبئی
    #2494 Book صفحات: 455

    دینِ اسلام ایک سیدھا اور مکمل دستورِ حیات ہے جس کو اختیار کرنے میں دنیا وآخرت کی کامرانیاں پنہاں ہیں۔ یہ ایک ایسی روشن شاہراہ ہے جہاں رات دن کا کوئی فرق نہیں اور نہ ہی اس میں کہیں پیچ خم ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس دین کو انسانیت کے لیے پسند فرمایا اوررسول پاکﷺ کی زندگی ہی میں اس کی تکمیل فرمادی۔عقائد،عبادات ، معاملات، اخلاقیات ، غرضیکہ جملہ شبہ ہائے زندگی میں کتاب وسنت ہی دلیل ورہنما ہے۔ ہر میدان میں کتاب و سنت کی ہی پابندی ضروری ہے ۔صحابہ کرام ﷢ نے کتاب وسنت کو جان سے لگائے رکھا۔ ان کے معاشرے میں کتاب وسنت کو قیادی حیثیت حاصل رہی اور وہ اسی شاہراہ پر گامزن رہ کر دنیا وآخرت کی کامرانیوں سے ہمکنار ہوئے ۔ لیکن جو ں جوں زمانہ گزرتا گیا لوگ کتاب وسنت سے دور ہوتے گئے اور بدعات وخرافات نے ہر شعبہ میں اپنے پیر جمانے شروع کردیئے۔ مسلمانوں کی دینی زندگی کے لیے سب سے زیادہ مضر چیز بدعت ہے جسے نبی اکرم ﷺ نے گمراہی قرار دیا ہے۔ اسلام کی صاف ستھری تعلیم اور اس کی روشن وتابناک تصویر دھندلی ہوجاتی ہے۔ افرادِ امت کی دینی ترجیحات کا رخ بدل جاتاہے اور وہ   طرح طرح کی خرافات اور رسموں کوعین اسلام سمجھنے لگتے ہیں ۔ غیر مسلم دنیا کےلیے اس میں کوئی کشش نہیں رہ جاتی بلکہ بسا اوقات غیر مسلموں کے قبول اسلام میں سب سے بڑی روکاٹ بن جاتی ہے۔برائیوں میں لت پت ایک مسلمان اپنے گناہوں اور برائیوں سے توبہ کر کے ایک صالح اور متقی مسلمان بن کر زندگی گزارنے لگتاہے۔ اسی طرح بے عمل مسلمان اپنے شب وروز عیش ومستی میں ضرور گزارتا ہے لیکن وہ اپنی بے عملی پرپشیمان ضرور ہوتا ہے۔ خواہ ایک عرصے تک اپنی زبان نہ کھولے اور ضمیر کی آواز کو دبائے رکھے۔ لیکن زندگی کےکسی موڑ پروہ خواب غفلت سے بیدار ہوتا ہے اور بے عملی کی زندگی ترک کر کے ایک باعمل اور باکردار مسلمان بن کر زندگی گزارنے لگتاہے۔ اس کے برعکس بدعت میں گرفتار مسلمان جس تاریکی میں پہنچ جاتا ہے وہاں سیاہ رنگ اسے سفید دکھائی دیتا ہے بلکہ اسے زیادہ سفیدی کسی چیز میں نظر نہیں آتی ۔ وہ اندھیرے کو اجلا سمجھ لیتا ہے۔ اور اسی میں اپنا سفر حیات طے کرتا رہتاہے اس کی وجہ یہ ہےکہاس نے بدعت کو عین دین سمجھ کر اختیار کیا ہے۔جید اہل علم نے   بدعات اور اس کے نقصانات سے روشناس کروانے کے لیے اردو وعربی زبان میں متعدد چھوٹی بڑی کتب لکھیں ہیں جن کے مطالعہ سے اہل اسلام اپنے دامن کو بدعات سے خرافات سے بچا سکتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب’’خانہ ساز شریعت اورآئینۂکتاب وسنت‘‘ محترم مولانا عبد الرؤف ندوی کی تصنیف ہے۔ جس میں انہو ں نے ان بدعات کی نشاندہی کی ہے جو بالعموم برصغیر میں پائی جاتی ہیں اور سال کے بارہ مہینوں میں طرح طرح کے ناموں سے ان کویاد کیا جاتا ہے۔ مصنف نے کوشش کی ہے کہ وہ ہر بدعت کے پس منظر پر گفتگو کریں، جن لوگوں نے اس کو ایجاد کیا ہے ان کی تفصیل بیان کریں۔ اور نصوص کتاب وسنت سے اس کاٹکراؤ کیسے ہورہا ہے اور مسلم معاشرے پر اس کے کیا منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اس کی وضاحت کریں۔ کتاب کے جملہ مباحث انتہائی معلومات افزا ا ور بیش قیمت ہیں ۔اگر کوئی یہ جاننا چاہے کہ مسلمانوں کی دینی زندگی میں بدعات نے کہاں کہاں تباہی مچارکھی ہے تو اس کتاب کے مطالعہ سے اسے مکمل رہنمائی حاصل ہوسکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ مصنف، وناشرین کی اس عظیم کاوش کو قبول فرمائے اور اسے عوام الناس کےلیے نفع بخش بنائے اور مسلمانوں کو بدعات وخرافات سے محفوظ فرمائے۔ آمین( م۔ا)

  • 4522 #2464

    مصنف : نجیب اللہ ندوی

    مشاہدات : 7208

    اہل کتاب صحابہ ؓ و تابعین

    (ہفتہ 11 اپریل 2015ء) ناشر : الفیصل ناشران وتاجران کتب، لاہور
    #2464 Book صفحات: 287

    اللہ تعالیٰ نے جس دین کو حضور نبی کریم ﷺ پر مکمل فرمایا ہے اس کی تاریخ اصحابِ رسول  ﷺ سے شروع ہوتی ہے۔اورجس کثرت و شدت اور تواتر و تسلسل کے ساتھ نبی کریم ﷺ نے صحابہ کرامؓ کے فضائل ومناقب ان کے مزایا و خصوصیات اور ان کے اندرونی اوصاف وکمالات کو بیان فرمایا اس سے واضح ہوتا ہے کہ آپ ﷺ اپنی اُمت کے علم میں یہ بات لانا چاہتے تھے کہ انہیں عام افراد اُمت پر قیاس کرنے کی غلطی نہ کی جائے۔ان حضرات کا تعلق چوں کہ براہِ راست آپ ﷺ کی ذات گرامی سے ہے، اس لیے ان کی محبت عین محبت رسول ﷺ ہے اور ان سے بغض ، بغض رسول ﷺ کا شعبہ ہے۔صحابہ کرام کے اسی مقام ومرتبے کی وجہ سے ہر دور میں اہل علم نے ان کے مناقب وفضائل پر کتب لکھی ہیں اور ان سے محبت کا اظہار فرمایا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب ""محترم  کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے ان صحابہ کرام کا تذکرہ کیا ہے جو اسلام لانے سے پہلے یہودی یا عیسائی(یعنی اہل کتاب) تھے اور انہوں نے حق کو تسلیم کرتے ہوئے  اسلام کا قلادہ اپنے گلے میں پہن لیا۔مولف نے  پہلے صحابہ کرام کے حالات حروف تہجی کے اعتبار سے درج کئے ہیں،پھر اسی ترتیب سے تابعین اور اس کے بعد صحابیات اور پھر تابعات کا تذکرہ کیا ہے۔پوری کتاب میں 63 تریسٹھ صحابہ ،7 سات صحابیات اور 13 تیرہ تابعین اور 2 دو تابعات کا تذکرہ موجود ہے۔یہ کتاب ایک منفرد  اور نادر موضوع پر مشتمل ہے۔جس پر اس سے پہلے کوئی کتاب دستیاب نہیں ہے۔ان صحابہ کرام کے تراجم اگرچہ مصادر کی مختلف  کتب میں متفرق طور پر تو موجود ہیں لیکن کسی ایک جگہ پر اکٹھا کرنے کی یہ پہلی کاوش ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور تمام مسلمانوں کو صحابہ کرام کے ساتھ محبت کرنے کی توفیق دے۔آمین(راسخ)

  • 4523 #2465

    مصنف : سوامی لکشمن

    مشاہدات : 9767

    عرب کا چاند

    (ہفتہ 11 اپریل 2015ء) ناشر : مکتبہ تعمیر انسانیت لاہور
    #2465 Book صفحات: 421

    اس روئے ارض پر انسانی ہدایت کے لیے  حق تعالیٰ نے جن برگزیدہ بندوں کو منتخب فرمایا ہم انہیں انبیاء ورسل﷩ کی مقدس اصلاح سے یاد رکرتے ہیں اس کائنات کے انسانِ اول اور پیغمبرِاول ایک ہی  شخصیت حضرت آدم   کی صورت میں فریضۂ ہدایت کےلیے مبعوث ہوئے ۔ اور پھر یہ کاروانِ رسالت مختلف صدیوں اور مختلف علاقوں میں انسانی ہدایت  کے فریضے ادا کرتے ہوئے پاکیزہ سیرتوں کی ایک کہکشاں ہمارے سامنے منور کردیتاہے ۔درخشندگی اور تابندگی کے اس ماحول میں ایک شخصیت خورشید جہاں تاب کی صورت میں زمانےاور زمین کی ظلمتوں کو مٹانے اورانسان کےلیے ہدایت کا آخری پیغام لے کر مبعوث ہوئی جسے محمد رسول اللہ ﷺ کہتے ہیں ۔ آج  انسانیت کےپاس آسمانی ہدایت کا یہی  ایک نمونہ باقی ہے۔ جسے  قرآن مجید نےاسوۂ حسنہ قراردیا اور اس اسوۂ حسنہ کےحامل کی سیرت سراج منیر بن کر ظلمت کدۂ عالم میں روشنی پھیلارہی ہے  ۔گزشتہ چودہ صدیوں  میں اس  ہادئ کامل ﷺ کی سیرت وصورت پر ہزاروں کتابیں اورلاکھوں مضامین لکھے جا چکے ہیں ۔اورکئی ادارے صرف سیرت نگاری پر کام کرنے کےلیےمعرض وجود میں آئے  ۔یہ سلسلۂ خیر ہنوز  روز اول کی طرح جاری وساری ہے ۔سیرت النبی ﷺ کی ابتدائی کتب عربی زبان میں لکھی گئیں پھر فارسی اور دیگرزبانوں میں یہ بابِ سعادت کھلا ۔ مگر اس ضمن میں جو ذخیرۂ سیرت اردوو زبان میں لکھا اور پیش کیا گیا اس کی مثال اور نظیر عربی کےعلاوہ کسی دوسری زبان میں دکھائی نہیں دیتی۔اردو زبان کی بعض امہات الکتب ایسی ہیں کہ جن کی نظیر خود عربی زبان کے ذخیرے میں مفقود ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’عرب کا چاند‘‘نبی ﷺ کی سیرت پر مشتمل ہے ۔ جوکہ سیرت محمدی پر ایک ہندونوجوان کی ادبی  کاوش ہے ۔ابتدائے اسلا م سے  آج تک نہ جانے کتنی بے شمار کتب مختلف زبانوں میں  مؤرخانہ، عالمانہ  اور عارفانہ انداز میں  لکھی جاچکی ہیں  اور لکھی  جاتی رہیں گی لیکن ادیبانہ انداز  میں سیرت کے موضوع پر کتاب ہذااپنی شان انفرادیت کا   ایک عجیب  وغریب شاہکار ہے۔اپنے انداز کی ندرت وجدت کے اعتبار سے زبانِ اردو کے خزینہ ادب کے لیے  سرمایۂ فخر ہے۔ اس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس کا مصنف ایک ہندو نوجوان ادیب ہے جس نے قومی تعصب سےبالاتر رہ کر حقیقت شناسی کے جذبہ سے خاتم الانبیاء کی حیات طیبہ کو ایسے ادبی انداز میں پیش کیا ہے کہ اس کا مطالعہ سے  نہ صرف دادِ تحسین بلکہ رشک آتا ہے۔(م۔ا)
     

  • 4524 #2468

    مصنف : ڈاکٹر اسرار احمد

    مشاہدات : 9231

    راہ نجات سورۃ العصر کی روشنی میں

    (جمعہ 10 اپریل 2015ء) ناشر : مکتبہ مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور
    #2468 Book صفحات: 91

    سورۃ العصر قرآن  حکیم کی مختصر ترین سورتوں میں سے ایک ہے ۔اس سورۃ میں اللہ تعالیٰ نےزمانے کی قسم کھا کر کہا ہے کہ بالعموم انسان خسارے میں ہے سوائے  اس آدمی کے جس کے اندر وہ چار صفات پائی جائیں جن کا ذکر آیت نمبر 3 میں آیا ہے ۔خوش قسمتی سےاس میں جو الفاظ استعمال ہوئے ہیں وہ تقریبا سب کےسب اردو میں عام طور پر مستعمل ہیں  اور ایک عام اردو دان بھی ان سے  بہت حدتک مانوس ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اس سورۃ  کاسرسری مفہوم تقریبا ہر شخص  فوراً جان لیتا ہے اوراس میں کسی قسم کی دقت محسوس نہیں کرتا۔اپنے مضامین کے   اعتبار سے  قرآن مجید کی  ایک  عظیم الشان سورت ہے  امام شافعی﷫ نے اس کےبارے  میں فرمایا کہ ’’ اگر  لوگ تنہا اسی ایک سورۃ پر غور کریں تو یہ ان کے لیے  کافی ہوجائے ‘‘ یہ سورۃ کل تین آیات پر مشتمل ہے  او راس کی دوسری  آیت عددی اعتبار ہی  سے نہیں بلکہ مفہوم کے  لحاظ سے بھی مرکزی حیثیت کی حامل ہے۔ اس میں یہ درد ناک حقیقت بطور کلیہ بیان ہوئی  ہے کہ ’’انسان بالعموم اور بحیثیت مجموعی خسارے میں ہے ۔ پہلی آیت میں  اس حقیقتِ کبریٰ کے دلائل وشواہد کوصرف ایک  قَسم میں سمو کر پیش کردیاگیا ہے ۔ جبکہ تیسری آیت اس کلیے سے ایک استثناء کو بیان کررہی ہے۔اس سورۃ کے  دو حصے  ہیں  ایک دعویٰ اور اس کی دلیل پر مشتمل ہونےکی بناپر انتہائی گہری  علمی اہمیت کا حامل ہے  جبکہ دوسرا جز  عملی اعتبار سے انتہائی اہم   ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’را ہِ نجات سورۃ  العصر کی روشنی میں ‘‘ تحریک تنظیم اسلامی  کے بانی  ڈاکٹر اسرار احمد  ایک ہی موضوع پر مختلف دوتحریروں  کی کتابی صورت  ہے۔ جس میں   انہو ں نے  سورۃ کے  بعض مجموعی تاثرات ا ور خاص طور پر اس کے جز وِثانی کےبعض مضمرات کو  واضح کیا ہے  تاکہ دین کے تقاضوں کا  ایک مجمل مگر جامع تصور سامنے آجائے ۔ (م۔ا)
     

  • 4525 #2493

    مصنف : شمیم احمد خلیل سلفی

    مشاہدات : 9680

    تعویذ و گنڈے کی حقیقت

    (جمعہ 10 اپریل 2015ء) ناشر : ادارہ اشاعت دینیات، نیو دہلی
    #2493 Book صفحات: 40

    اردو میں مستعمل لفظ ”تعویذ“ کا عربی نام ”التمیمة“ ہے۔ عربی زبان میں ”االتمیمة‘ کے معنی اس دھاگے، تار، یا گنڈے کے ہیں، جسے گلے یا جسم کے کسی اور حصے میں باندھا جائے۔اور شریعت اسلامیہ نے ہر طرح کے تعویذات کے استعمال سے مطلقا منع فرمایا ہے۔لیکن افسوس کہ آج کے بہت سارے مسلمان ان شرکیہ اور حرام کاموں میں مبتلاء ہیں،اور ان میں مختلف ناموں سے کثرت سے تعویذوں کا رواج پایا جاتا ہے۔مثلا بچوں کو جنوں وشیاطین اورنظر بد وغیرہ سے حفاظت کے لیے، میاں بیوی میں محبت کے لیے ، اسی طرح اونٹوں، گھوڑوں، اور دیگر جانوروں پر نظر بدوغیرہ سے حفاظت کے لیے، اپنی گاڑیوں کے آگے یا پیچھے جوتے یا چپل، آئینوں پر بعض دھاگے اور گنڈے لٹکاتے ہیں، اسی طرح بعض مسلمان اپنے گھروں اور دوکانوں کے دروازوں پر گھوڑے کے نعل وغیرہ لٹکاتے ہیں، یا مکانوں پر کالے کپڑے لہراتے ہیں۔اسی طرح بعض لوگ بالخصوص عورتیں نظر بد وغیرہ سے بچاوٴ کے لیے بچوں کے تکیے کے نیچے چھری، لوہا، ہرن کی کھال ، خرگوش کی کھال، اور تعویذیں وغیرہ رکھتی ہیں یا دیواروں پر لٹکاتی ہیں، یہ ساری چیزیں زمانہ جاہلیت کی ہیں، جن سے اجتناب کرنا بے حد ضروری ہے۔سلف صالحین، حضرات صحابہ وتابعین، ائمہ و محدثین کرام اور دیگر اہل علم کی رائے کے مطابق یہی بات راجح اور صحیح بھی ہے کہ تعویذ خواہ قرآنی ہو یا غیر قرآنی اس کا لٹکانا حرام ہے۔ زیر تبصرہ کتاب" تعویذ گنڈے کی حقیقت"محترم شمیم احمد خلیل السلفی کی تصنیف ہے۔جس میں انہوں نے تعویذ گنڈے کی حقیقت،تعویذ گنڈے کے مفاسد ،مشروع طریقہ علاج اور مسنون اذکار وادعیہ جیسی مباحث کو بیان کیا ہے۔ اللہ تعالی ان کی اس محنت کو قبول ومنظور فرمائے۔ آمین(راسخ)

< 1 2 ... 178 179 180 181 182 183 184 ... 269 270 >

ایڈ وانس سرچ

اعدادو شمار

  • آج کے قارئین 3226
  • اس ہفتے کے قارئین 43911
  • اس ماہ کے قارئین 332764
  • کل قارئین101893280
  • کل کتب8723

موضوعاتی فہرست