کل کتب 6741

دکھائیں
کتب
  • 4451 #2541

    مصنف : محمد حیات سندھی

    مشاہدات : 5322

    الایقاف فی سبب الاختلاف

    (پیر 11 مئی 2015ء) ناشر : المکتبہ السلفیہ شیش محل روڈ، لاہور
    #2541 Book صفحات: 33

    کسی آدمی کی وہ بات ماننا،جس کی  نص حجت ِشریعہ،قرآن و حدیث میں نہ  ہو،نہ ہی اُس پر اجماع ہو اور نہ وہ مسئلہ اجتہادی ہو تقلید کہلاتا ہے ۔ تقلید اورعمل  بالحدیث کے مباحث صدیوں  پرانے  ہیں ۔زمانہ قدیم سے  اہل رائے اور اہل  الحدیث باہمی رسہ کشی کی بنیاد ’’ تقلید‘‘ رہی ہے  موجودہ دور میں بھی  عوام وخواص کے درمیان مسئلہ تقلید ہی موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ حالانکہ گزشتہ چندد ہائیوں میں  تقلیدی رجحانات کے علاوہ جذبۂ  اطاعت کو بھی قدرے  فروغ حاصل ہوا  ہے ۔  امت کا  در د رکھنے والے  مصلحین نے  اس موضوع پر  سیر حاصل بحثیں کی ہیں ۔اور کئی کتب  تصنیف کیں ہیں۔لیکن تقلیدی افکار ونظریات پر تعب وعناد کی چڑھتی ہوئی دبیز چادر کے سامنے جتنی بھی ہوں وہ کم ہی ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’ الایقاف فی سبب الاختلاف ‘‘محترم مولانا محمد حیات سندھی﷫ کی عربی تصنیف ہے،جس کا اردو ترجمہ مولانا ابو سعید محمد حسین صاحب بٹالوی ﷫ نے کیا ہے۔ اس کتاب میں مولف موصوف ﷫نے لوگوں کو تقلید شخصی کے بدترین  نتائج سے آگاہ  کرنے کے  ساتھ ساتھ  انہیں کتاب وسنت کی طرف  رجوع کرنے  کی  ترغیب دلائی ہے ۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں کتاب وسنت پر زندہ  رہنے اوراللہ ا ور اس کے رسولﷺ کی اطاعت  کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4452 #2605

    مصنف : قاری محمد صدیق

    مشاہدات : 14428

    رہبر تجوید

    (پیر 11 مئی 2015ء) ناشر : قرآءت اکیڈمی، گجرات
    #2605 Book صفحات: 46

    علم تجوید قرآنی علوم کے بنیادی علوم میں سے ایک ہے ۔ اس علم کی تدوین کا آغاز دوسری صدی کے نصف سے ہوا۔ائمۂ حدیث وفقہ کی طرح تجوید وقراءات کے ائمہ کی بھی ایک طویل لسٹ ہے اور تجوید وقراءات کے موضوع   پرماہرین تجوید وقراءات کی بے شمار کتب موجود ہیں ۔ عرب قراء کی طرح برصغیر پاک وہند کے علماء کرام اور قراءعظام نے بھی علم تجوید قراءات کی اشاعت وترویج کےلیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ۔پاکستان میں دیوبندی قراء کرام کےعلاوہ سلفی قراء عظام جناب قاری یحییٰ رسولنگری، قاری محمداریس العاصم ،قای محمد ابراہیم میرمحمدی حفظہم اللہ اور ان کےشاگردوں کی تجوید قراءات کی نشرواشاعت میں خدمات قابل تحسین ہیں ۔مذکورہ قراء کی تجوید وقراءات کی کتب کے علاوہ جامعہ لاہور الاسلامیہ کے کلیۃ القرآن ومجلس التحقیق الاسلامی ،لاہور کے زیر نگرانی شائع ہونے والے علمی مجلہ رشد کےعلم ِتجویدو قراءات کے موضوع پر تین ضخیم جلدوں پر مشتمل قراءات نمبر اپنے موضوع میں انسائیکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتے ہیں ۔جس میں مشہور قراء کرام کے   تحریر شدہ مضامین ، علمی مقالات اور حجیت قراءات پر   پاک وہند کے کئی جیدمفتیان کرام کے فتاوی ٰ جات بھی شامل ہیں اور اس میں قراءات کو عجمی فتنہ قرار دینے والوں کی بھی خوب خبر لیتے ہوئے ان کے اعتراضات کے مسکت جوابات دیئے گئے ہیں۔ تلاوت ِقرآن کا بھر پور اجروثواب اس امر پرموقوف ہے کہ تلاوت پورے قواعد وضوابط اور اصول وآداب کے ساتھ کی جائے قرآن کریم کی تلاوت کا صحیح طریقہ جاننا اورسیکھنا علم تجوید کہلاتا ہے ہرمسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علم تجوید کے بنیادی قواعد سے آگاہی حاصل کرے ۔ کیونکہ قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی وہ عظیم الشان کتاب ہے کہ ہر مسلمان پراس کتاب کو صحیح پڑھنا لازمی اور ضروری ہے جس کاحکم ورتل القرآن ترتیلا سے واضح ہوتا ہے۔ اس قرآنی حکم کی تکمیل اور تجویدکوطالب تجوید کےلیے آسان اورعام فہم بناکر پیش کرناایک استاد کے منصب کا اہم فریضہ ہے ۔ایک اچھا استاد جہاں اداء الحروف کی طرف توجہ دیتا ہے ۔ وہیں وہ اپنے طالب علم کو کتاب کےذریعے بھی مسائل تجوید ازبر کراتا ہے۔ زیر تبصرہ کتابچہ ’’رہبرتجوید ‘‘ جناب قار ی محمد صدیق صاحب کی کاوش ہے اس کتابچہ میں انہوں نے تجوید کے ابتدائی قواعد کو سوال وجواب کی صورت میں آسان انداز میں مرتب کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی کاوش کو قبول فرمائے اور اسے حاملین قرآن کے لیے نفع بخش بنائے۔ (آمین)

  • 4453 #2540

    مصنف : محمد ابو القاسم بنارسی

    مشاہدات : 6007

    الامر المبرم لابطال الکلام المحکم

    (اتوار 10 مئی 2015ء) ناشر : اہلحدیث اکادمی کشمیری بازار لاہور
    #2540 Book صفحات: 252

    محدثین کا اس بات پر اتفاق ہے کہ قرآن مجید کے بعد سب سے صحیح ترین کتاب صحیح بخاری ہے ،جسے امت  کی طرف سے تلقی بالقبول حاصل ہے۔امام بخاری﷫کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ان کی تمام تصانیف میں سے سب سے زیادہ مقبولیت اور شہرت الجامع الصحیح المعروف صحیح بخاری کو حاصل ہوئی ۔جو بیک وقت حدیثِ رسول ﷺ کا سب سے جامع اور صحیح ترین مجموعہ بھی  ہے اور فقہ اسلامی کا بھی عظیم الشان ذخیرہ بھی  ہے ۔ جسے اللہ تعالیٰ نے صحت کے اعتبار سےامت محمدیہ میں’’ اصح الکتب بعد کتاب اللہ‘‘ کادرجہ عطا کیا او ر ندرتِ استباط اور قوتِ استدلال کے حوالے سے اسے کتابِ اسلام ہونے کاشرف بخشاہے صحیح بخاری کا درس طلبۂ علم حدیث اور اس کی تدریس اساتذہ حدیث کے لیے پورے عالم ِاسلام میں شرف وفضیلت اور تکمیل ِ علم کا نشان قرار پا چکا ہے ۔ صحیح بخاری کی   کئی مختلف اہل علم نے شروحات ،ترجمے اور حواشی وغیرہ کا کام کیا ہے شروح صحیح بخاری میں فتح الباری کو ایک امتیازی مقام اور قبولِ عام حاصل ہے ۔لیکن بعض نام نہاد اہل علم ہمیشہ سے صحیح بخاری  پر اعتراضات کرتے چلے آئے  ہیں اور اس کے رواۃ کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔اور علماء حق نے ان کے کمزور اعتراضات اور بیہودہ تنقید کا مسکت اور مدلل جواب دے کر انہیں چپ رہنے پر مجبور کر دیا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب " الامر المبرم لابطال الکلام المحکم "محترم مولانا محمد ابو القاسم بنارسی﷫  کی تصنیف ہے،اور اس پر تقدیم وتعلیق شیخ الحدیث مولانا محمد عبدہ فیروز پوری ﷫ کی ہے۔مولف موصوف نے اس کتاب میں مولوی عمر کریم حنفی پٹنوی  کے ان اختراعات کا مفصل جواب دیا ہے جو اس نے صحیح بخاری کے ایک سو پچھتر رواۃ پر وارد کئے تھے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ مولف موصوف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور تمام مسلمانوں کو حدیث نبویﷺ پر عمل کرنے کی توفیق دے ۔آمین(راسخ)

  • 4454 #2604

    مصنف : صغیر نعمانی

    مشاہدات : 3724

    ذرا سوچئے!

    (اتوار 10 مئی 2015ء) ناشر : نا معلوم
    #2604 Book صفحات: 155

    اسلام دین فطرت ہے،جو تمام انسانوں اور جنوں کے لئے نازل کیا ہے۔دین اسلام بلا تفریق سب کی ہدایت اور بھلائی کے لئے آیاہے،جس کی تعلیمات پر عمل کر کے رحمت الہی کا حصول ممکن ہوتا ہے۔اسلام کے متعدد محاسن اور بے شمار فوائد ہیں۔یہ عقل وفکر کو مخاطب کرتا ہے اور اسے مزید جلا بخشتا ہے۔یہ صلاحیتوں کو منظم کر کے انسانیت کی خدمت پر آمادہ کرتا ہے۔وحی کی روشنی میں عقل با بصیرت ہو جاتی ہے اور صرف دنیوی مفادات کے حصول کی بجائے آخرت کی تیاری میں مگن ہو جاتی ہے۔یہ اسلام ہی ہے جو نہ صرف اپنے ماننے والوں کو بلکہ اپنے منکرین کو بھی بحیثیت ان کے لا محدود حقوق ومراعات دیتا ہے ،بلکہ وہ تو حیوانات کے حقوق کا بھی پاسدار ہے اور چرند وپرند اور موسم کا بھی محافظ ہے۔اسلام نے زندگی مرد ،عورت ،غلام ،آزاد ،آقا ،غلام سمیت تمام کے حقوق وفرائض کا تفصیل سے تذکرہ کیاہے۔اسلام ہر انسان کی فلاح وبہبود اور کامیابی کی ضمانت دیتا ہے۔ہر انسان فطری اور طبعی طور پر کامیابی چاہتا ہے اور ناکامی سے دور بھاگتا ہے۔لیکن ایک عام انسان اس حقیقت سے ناواقف ہے کہ آخر اسے یہ کامیابی ملے گی کہاں سے۔ہر انسان اپنی عقل وفکر کے گھوڑے دوڑا کر کامیابی تک پہنچنا چاہتا ہے۔کوئی مال میں کامیابی تلاش کر رہا ہے تو کوئی دکان مکان میں اور کوئی سلطنت اور حکومت ،لیکن تاریخ انسانیت گواہ ہے کہ ان میں سے کسی بھی چیز میں کامیابی نہیں ہے۔کامیابی صرف اور صرف اسلام کے مطابق زندگی گزارنے میں پنہاں ہے۔ زیر تبصرہ کتاب "ذرا سوچئے!"اسی فکر اور جذبے کے تحت لکھی گئی ہے جس میں کامیاب زندگی کے راز بتلائے گئے ہیں۔ یہ کتاب کسی ایک کی بجائے متعدد لوگوں نے خیر خواہی کے جذبے سے مرتب کی ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ان تمام مرتبین اور معاونین کو جزائے خیر سے نوازے اور تمام مسلمانوں کو اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق دے۔آمین(راسخ)

  • 4455 #2537

    مصنف : محمد علی جانباز

    مشاہدات : 6486

    اہمیت نماز

    (ہفتہ 09 مئی 2015ء) ناشر : خادم دین ظہور الٰہی گوجرانوالہ
    #2537 Book صفحات: 307

    نماز دین کا ستون ہے۔نماز جنت کی کنجی ہے۔نماز مومن کی معراج ہے۔ نمازمومن  کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔نماز قرب الٰہی کا بہترین ذریعہ ہے۔ نماز اﷲ تعالیٰ کی رضا کاباعث ہے۔نماز پریشانیوں اور بیماریوں سے نجات کا ذریعہ ہے۔نماز بے حیائی سے روکتی ہے۔نماز مومن اور کافر میں فرق ہے۔ہر انسان جب کلمہ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے سامنے اپنے ایمان کی شہادت دیتا ہے اور جنت کے بدلے اپنی جان ومال کا سودا کرتا ہے، اس وقت سے وہ اللہ تعالیٰ کا غلام ہے اور اس کی جان ومال اللہ تعالیٰ کی امانت ہے۔ اب اس پر زندگی کے آخری سانس تک اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی اطاعت واجب ہوجاتی ہے۔ اس معاہدہ کے بعد جو سب سے پہلا حکم اللہ تعالیٰ کا اس پر عائد ہوتا ہے، وہ پانچ وقت کی نماز قائم کرنا ہے۔قیامت کے دن سب سے پہلے نماز کا حساب وکتاب لیا جائے گا،اگر کوئی شخص اس میں کامیاب ہو گیا تو وہ تمام سوالوں میں کامیاب ہے اور اگر کوئی اس میں ناکام ہو گیا تو وہ تمام سوالوں میں ناکام ہے۔ زیر تبصرہ کتاب" اہمیت نماز " پاکستان کے معروف اہل حدیث عالم دین مولانا محمد علی جانباز صاحب ﷫ کی تصنیف ہے ،جس میں انہوں نےنماز کی اہمیت وفضیلت اور مقام ومرتبے کو قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے بے نماز کے انجام اور عقاب کو بیان کیا ہے۔اللہ تعالی مولف کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے،اور تمام مسلمانوں کو نماز کا پابند بنائے۔آمین(راسخ)

  • 4456 #2538

    مصنف : محمد اسحاق بھٹی

    مشاہدات : 6584

    فقہائے ہند جلد اول

    dsa (ہفتہ 09 مئی 2015ء) ناشر : ادارہ ثقافت اسلامیہ، لاہور
    #2538 Book صفحات: 352

    فقہائےکرام﷭نے امت کو آسانی و سہولت پہنچانے کی خاطر قرآن و حدیث میں غور و فکر فرماکر ایسے اصول و جزئی مسائل مرتب کئےکہ جن پرہم  صدیوں سےعمل کرتے ہوئے یہاں تک پہنچے،اورآج بھی ہم اُنہی کی وجہ سےآسانی کے ساتھ حقیقی دینِ اسلام پر عمل کررہے ہیں، اور جدید وجزئی مسائل میں اُن کے رہنمایانہ اصول و ضوابط کی روشنی میں بآسانی مسائل کا حل تلاش کررہے ہیں۔یہ فقہاء ہمارے محسن ہیں ۔اور امت  کا ہر ہر فردان  کا احسان مند ہے۔امت کے ان اسلاف نے ہمیں شریعت سے راہنماءی حاصل کرنے کے اصول بتا دءیے ہیں ،جن پر عمل کر کے ہم اصولی نصوص سے فروعی مسائل اخذ کر سکتے ہیں اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق امت کی راہنمائی کر سکتے ہیں۔ان اسلاف کی سیرت اور حالات زندگی سے آگاہی حاصل کرنا ہمارے لئے بہت زیادہ ضروری ہے تاکہ ہم ان کے نمونہ کو اپنا سکیں اور اپنے لئے راہنمائی کا بندوبست کر سکیں۔ زیر تبصرہ کتاب " فقہائے پاک وہند " پاکستان کے معروف عالم دین مورخ اہل حدیث محترم مولانا محمد اسحاق بھٹی صاحب ﷾کی تصنیف ہے، جو متعدد جلدوں پر مشتمل ہے۔مولف موصوف نے اس کی متعدد جلدوں پر مشتمل کتاب میں پہلے صرف ہندوستان کے فقہاء کرام کا تفصیلی تعارف کروایا ہے اور پھر پاکستان بن جانے کے بعد پاکستان اور ہندوستان  دونوں ممالک کے فقہاء کرام کی سیرت وسوانح کو تفصیل سے بیا ن کیا ہے۔پہلی سات جلدوں کا نام فقہاء ہند جبکہ آخری تین جلدوں کا نام فقہاء پاک وہند رکھا گیا ہے،اور یہ ایک ہی کتاب کی دس جلدیں اور ایک ہی سلسلے کی دس کڑیاں ہیں۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف موصوف﷾ کی اس کوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائےاور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4457 #2603

    مصنف : محمد طیب محمدی

    مشاہدات : 7281

    جیسا کرو گے ویسا بھرو گے

    (ہفتہ 09 مئی 2015ء) ناشر : ادارہ تحقیقات سلفیہ، گوجرانوالہ
    #2603 Book صفحات: 248

    جن لوگوں کے اعمال اچھے نہیں ہوتے ہیں یا وہ اچھائی کرنا نہیں چاہتے ہیں،وہ لوگ قیامت کے بارے میں مختلف قسم کی باتیں کرتے رہتے ہیں۔کبھی کہتے ہیں قیامت نہیں آنی ہے،کبھی کہتے ہیں جزا وسزا نہیں ہوگی،کبھی کہتے ہیں اگر دوبارہ زندہ ہوئے تو جنت میں ہم ہی جائیں گے۔ایسے لوگ بہت بڑی غلط فہمی میں مبتلاء ہیں،ان کو یہ بات اچھی طرح سے سمجھ لینی چاہئے کہ انصاف کا دن ضرور قائم ہوگا اور انسان کو اس کے اعمال کے مطابق جزا وسزا ضرور ملے گی۔اللہ تعالی ہمیشہ انصاف کرتے ہیں اور قیامت کے دن بھی انصاف کریں گے۔اللہ کسی پر ظلم نہیں کرتے ۔یہ کبھی نہیں ہوسکتا ہے اللہ تعالی نیکوکاروں کو تو جہنم میں پھینک دیں اور نافرمانوں اور سرکشوں کو جنت دے دیں،بلکہ ہر شخص سے اس کے اعمال کے مطابق ہی معاملہ کیا جائے گا۔یہ دنیا دار العمل ہے اور آخرت دار الجزاء ہے،وہاں ہر انسان کو اس کے دنیا میں کئے گئے اعمال کے مطابق جزا وسزا ملے گی۔جبکہ ایک محدود حد تک اس دنیا میں بھی اللہ تعالی انسان کو اس کے اچھے یا برے اعمال کا صلہ دے دیتے ہیں۔کارخانہ قدرت کا نظام عدل و انصاف پر مبنی ہے۔اللہ تعالی عدل وانصاف کا اختیار اپنے پاس رکھتے ہیں۔یہاں جو کوئی بھی ظلم کرے گا نظام عدل اس کو ظلم کا بدلہ چکھا دے گا۔ زیر تبصرہ کتاب" جیسا کرو گے ویسا بھرو گے "محترم محمد طیب محمدی کی کاوش ہے جس میں انہوں نے اللہ تعالی کے نظام عدل کا اثبات کرتے ہوئے ظالموں کی اس غلط فہمی کو دور کیا ہے کہ آخرت بھی ان کے لئے ہی ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ جو جیسا کرےگا ویسا ہی بھرے گا۔جزا وسزا کا دن ضرور قائم ہوگا اور ہر انسان کو اس کے عمل کے مطابق بدلہ دیا جائے گا۔اللہ تعالی مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور تمام مسلمانوں کو آخرت کی تیاری کرنے کی توفیق دے۔آمین(راسخ)

  • 4458 #2535

    مصنف : ڈاکٹر حافظ شہباز حسن

    مشاہدات : 8290

    مساجد کی آبادکاری اور بربادی

    (جمعہ 08 مئی 2015ء) ناشر : مکتبہ افکار اسلامی، لاہور
    #2535 Book صفحات: 43

    مساجد کی تعمیر  اور آبادکاری  ایمان  کی علامت  ہے ۔مساجد دین اسلام  میں ایک  عظیم دینی شعار اور درخشاں علامت کی  حیثیت رکھتی ہیں۔ یہ روئے زمین کا سب سے بہتر ٹکڑا ہیں۔اسلام اور مسلمانوں کا مرکزی مقام اور ہیڈ کوارٹر یہی مساجد ہیں ۔ مسجد سے قلبی لگاؤ اور پابندی کے ساتھ اس کی حاضری ایمان کی نشانی  ہے۔ مساجد روزِ اوّل سے رشد وہدایت، اسلام کی تبلیغ واشاعت اور ملی جدوجہد کا مرکز رہی ہیں۔ یہیں سےپیغامِ اسلام ساری  ساری دنیا میں نشر ہوتاہے  ۔ ملت اسلامیہ کی علمی، ثقافتی اور روحانی  قوتوں کا  یہی  سرچشمہ ہیں۔ یہیں سے امت محمدیہ نے ماضی میں بھی اسلام کا سبق لیا اور آئندہ بھی سب سے بڑا علمی اور ثقافتی مرکز مساجد ہی رہیں گی۔ (ان شاء اللہ  ) مگر افسوس  مسلمانوں کےملی انحطاط سے مساجد بھی متاثر ہوئی ہیں۔ مسجد اپنے شرعی مقاصد اور روح سےخالی ہوتی جارہی ہیں۔ دین سے جاہل ،دنیوی جاہ جلال اور ٹھاٹھ باٹھ  کےپجاری متولیان کی اجارہ داری  کے سبب مساجد کا ماحول بے رو ،وحشت ناک اور خستہ ہوتا جارہا ہے۔ جس سے ملتِ اسلامیہ کی تربیت اور نشوو نما پر  بھی برا اثر پڑ رہا ہے  ضرورت اس امر کی  ہےکہ مساجد کا حقیقی مقام اور اصلی حیثیت بحال کی جائے ۔ زیر تبصرہ کتابچہ ’’ مساجد کی آبادکاری اور بربادی‘‘ ڈاکٹر  حافظ  محمد شہباز حسن ﷾ کا تالیف شدہ ہے ۔ انہوں نے  اس کتابچہ   میں  مساجد کی عظمت،  مسجد کی تعمیر کا بنیادی مقصد ، مسجد کی اہمیت وفضیلت اور   مسجد کے احکام و آداب کو  آسان فہم  انداز میں  اختصار کے ساتھ    پیش کیا ہے ۔اللہ تعالیٰ ان کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور امت مسلمہ کو  مساجد کو کما حقہ آباد کرنےکی توفیق دے (آمین)  (م۔ا)
     

  • 4459 #2536

    مصنف : محمد صدیق بن عبد العزیز

    مشاہدات : 8143

    مسئلہ جمع بین الصلوٰتین

    (جمعہ 08 مئی 2015ء) ناشر : ادارہ احیاء السنۃ النبویۃ، سرگودھا
    #2536 Book صفحات: 50

    ایک نماز کو دوسری نماز کے وقت میں پڑھنا جمع بین الصلوتین کہلاتا ہے۔جمع بین الصلوتین کی دو اقسام ہیں:جمع تقدیم اور جمع تاخیر۔جمع تقدیم یہ ہے کہ بعد والی نماز کو پہلی نماز کے وقت میں پڑھ لیا جائے جیسے نماز عصر کو ظہر کے وقت میں اور نماز عشاء  کو مغرب کے وقت میں پڑھنا ،جبکہ جمع تاخیر یہ ہے کہ پہلی نماز کو لیٹ کر کے دوسرے نماز کے وقت میں پڑھ لیا جائے جیسے نماز ظہر کو نماز عصر کے وقت میں اور نماز مغرب کو نماز عشاء کے وقت میں پڑھنا۔اس کے علاوہ بھی ایک جمع پائی جاتی ہے جسے جمع صوری کا نام دیا جاتا ہے،اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ  پہلی نماز کو اس کے آخری وقت پر اور دوسری نماز کو اس کے اول وقت پر پڑھ لیا جائے۔بہر حال جمع بین الصلوتین  کی  متعدد صورتیں ہیں اور پھر ان صورتوں میں اہل علم کے مختلف اقوال پائے جاتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب" مسئلہ جمع بین الصلوتین"محترم مولانا محمد صدیق بن عبد العزیز کی تصنیف ہے ،جس میں انہوں نے  جمع بین الصلوتین کی تعریف،جمع کی اقسام،حالات جمع،سفر ،خوف، مطر،ضروری حاجت اور ناگزیر حالات ،مرض ،حضر میں جمع بین الصلوتین اور سفر میں جمع بین الصلوتین جیسی اہم مباحث کو بیان کیا ہے۔یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک منفر د اور شاندار تصنیف ہے،جس کا ہر طالب علم کو مطالعہ کرنا چاہئے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4460 #2577

    مصنف : جلال الدین قاسمی

    مشاہدات : 7408

    پیارے نبی کی پانچ پیاری نصیحتیں

    (جمعہ 08 مئی 2015ء) ناشر : نا معلوم
    #2577 Book صفحات: 24

    ویسے تو نبی کریم ﷺ کی تمام باتیں اور نصیحتیں اپنے موقع محل میں نہایت ہی اہمیت کی حامل ہیں او رآ پ کے ارشادات وفرمودات وہ مشعل ہدایت ہیں جن کی روشنی میں انسان کو اپنی فلاح وبہبود کی منزلیں نظر آتی ہیں ۔ آپ کی ہر پند ونصیحت میں اسرار وحکم کے سمندر موجزن ہیں۔ آپ کاکوئی بھی ارشاد حکمت ومصلحت سے خالی نہیں۔ اور کیوں نہ ہو جب کہ آپ ﷺ کی مقدس زبان وحی کی ترجمان ہے۔ آپ کی زبان مبارک سے وہی باتیں نکلتی ہیں جو اللہ چاہتا ہے۔اس لیے آپﷺ کا ہر قول اور فرمان انسان کےلیے متاع دنیا وآخرت ہے ۔ زیرنظر کتابچہ نبی کریم ﷺ کی ان پانچ نصیحتوں پر مشتمل ہے جن پر اگر ہم عمل کریں تو ہمارے معاشرے کی غلیظ وادیاں رشک بہشت بن جائیں۔ اور ہمارے بہکے ہوئے افکار وتصورات صحیح ڈھرے پر لگ جائیں اور ہمارے عادات واطوار چال چلن رہن سہن یہاں تک کہ ہماری زندگی کے ہر گو شے میں ایک انقلاب عظیم برپا ہوجائے اور ہم پھر اپنی کھوئی ہوئی ریاست دوبارہ حاصل کرلیں۔ اللہ تعالیٰ مولانا جلال الدین قاسمی صاحب کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے عوام الناس کے لیے نفع بنائے (آمین)

  • 4461 #2532

    مصنف : ڈاکٹر عبد الرحمن رافت پاشا

    مشاہدات : 8431

    تذکرہ تابعین

    (جمعرات 07 مئی 2015ء) ناشر : منشورات، لاہور
    #2532 Book صفحات: 341

    محسنِ  ا نسانیت  محمد رسول اللہ  ﷺ نے  مرکزِ زمین مکہ  مکرمہ میں  جب  اسلام کی صدائے جاں فزا  بلند کی تو سلیم فطرت اور شریف نفس انسان یکے  بعد دیگرے اس صدا پر لبیک کہنے لگے ۔ اس صدائے  توحید پر دورِ اول  میں لبیک کہنے والوں کی خوشی نصیبی اور بلند بختی کا  تذکرہ اللہ تعالیٰ نے  قرآن مجید میں  وَالسَّابِقُونَ الْأَوَّلُونَ مِنَ الْمُهَاجِرِينَ وَالْأَنْصَارِ وَالَّذِينَ اتَّبَعُوهُمْ بِإِحْسَانٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ وَرَضُوا عَنْهُ.... کے الفاظ سے کیا ہے ۔اتبعوا کے زمرے میں وہ لوگ بھی آتے ہیں جو اس سبقت  واوّلیت کا شرف  تو حاصل نہ کرسکے البتہ صحبت رسول کے اعزاز سے سرفراز کیے گئے۔ اور وہ لوگ بھی اس زمرے میں شامل ہیں  جو نہ سبقت واوّلیت کا اعزاز پا سکے  ، نہ صحبت رسو ل ﷺ سے فیض یاب ہوسکے ۔ البتہ  سابقون الاولوں اور دوسرے صحابہ  کرام کی صحبت میں بیٹھے ، ا ن کے سامنے زانوے تلمذ تہ کئے۔ ان کی سیرت کو اپنایا اور ان کے علم قرآن وفہم سنت سےخوب سیراب ہوئے ۔ یہ لوگ اپنے اساتذہ کےنقش قدم پر یوں چلے کہ ان اساتذہ سے دادا پائی۔ان کی موجودگی میں افتاء وارشاد کی مسند پر جلوہ آرا ہوئے اور کتاب وسنت کی تشریح کی گراں بار ذمہ داری سے عہدہ برآ ہوتے رہے ۔ تاریخ نےاس دوسرے طبقے کے ان ہدایت یافتگان کو تابعی کا نام دیا ہے۔مکہ ومدینہ اور بصرہ وشام کےعلاوہ دیگر کئی شہر علم وعرفان اور عبادت ا وریاضت کی ان بے مثال نشانیوں سے جگمگاتے رہے ۔ یہ  انہی لوگوں کی علمی محنتوں اور ریاضتوں کاثمر  ہے کہ دین توحید  کاعلم روئے زمین پر اس شرح وبسط کے ساتھ  موجود ہے کہ دنیا کے کسی اور دین کی تعلیمات اس قدر مستند اور بااعتماد حیثیت میں موجود نہیں جس  قدر اسلام کی تشریح وتعبیر اپنے پورے متن کےساتھ موجود  ہے۔ ائمہ محدثین جن کی شہرت چہاردانگ عالم میں پھیلی اسی طبقہ تابعین کے حلقہ درس  کے فیض یافتہ تھے ۔جس اصحاب  رسول ﷺ کی تعداد لاکھوں میں تھی  یقیناً صحابہ  کے شاگردوں اور زائرین کی تعداد بھی لاکھوں میں ہوگی۔ تاریخ ان سب کی زندگیوں کا احاطہ کرنے سے قاصر ہے تاہم یہ شہادت موجود ہے کہ لاکھوں اصحاب وعلم وفضل کے تذکرے  تفصیل سے  تاریخ کےصفحات پر محفوظ ہیں ۔
    زیرتبصرہ کتاب’’تذکرہ تابعین‘‘ ڈاکٹر عبد الرحمن رأفت پاشا   کی  کتاب  ’’صور من  حیاۃ التابعین‘‘ کا ترجمہ ہے۔ مصنف نے  اس کتاب میں  29  جلیل القدر  تابعین  کرام کے   روح افزا اورایمان افروز  تذکرے  ایک منفرد اسلوب کے ساتھ بیان کیے ہیں ۔محترم جناب ارشاد الرحمن صاحب نے اس کتاب کا اردو دان طبقہ کے  لیے   سلیس اردو ترجمہ کرنے کی سعادت حاصل کی۔یہ ترجمہ  2001ء میں  ہفت روزہ ایشیاء میں   29 اقساط میں شائع ہوا   ۔ بعد ازاں  ادارہ منشورات  نے اسے کتابی صورت میں شائع کیا ۔ اللہ تعالیٰ مصنف ،مترجم او رناشرین کی تمام مساعی جمیلہ کو  قبول فرمائے  اور امت مسلمہ  کو  صحابہ وتابعین جیسی زندگی بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے (آمین) (م۔ا)

  • 4462 #2576

    مصنف : محمد محسن گلزار

    مشاہدات : 25574

    آپ حدیث کیسے تلاش کریں؟

    (جمعرات 07 مئی 2015ء) ناشر : مکتبہ عمر فاروق، کراچی
    #2576 Book صفحات: 349

    شریعتِ مطہرہ کا قرآن پاک کے بعد سب سے بڑا ماخذ احادیث رسولﷺ ہیں۔ حق تعالیٰ نے جس طرح اس امت کے لیے حفظ قرآن کی نعمت کو آسان فرمادیا اسی طرح اس امت کےلیے علم حدیث کو بھی رائج فرمادیا ۔ خیرالقرون اور اس کےبعد کچھ عرصہ تک تو ایسے رجال کار موجود تھے ۔جن کے سینے حدیثِ رسول کےسفینے تھے اور سینہ بسینہ یہ علم منتقل ہوا پھر یہ علم سینوں سے منتقل ہو کر اوراق کتب میں جگمگانے لگا۔ اب اگرچہ علم حدیث اکثر کتب کے اندر تھا مگر اہل علم ایسے جید الاستعداد تھے جو مراجع تک باسانی پہنچ جاتےتھے ۔تخریج الحدیث کے موضو ع پر عربی زبان میں تو ڈاکٹر محمود الطحان وغیرہم کتب موجود ہیں لیکن اردو زبان میں اس کا دامن خالی ہے۔ زیر نظر کتاب ’’آپ حدیث کیسے تلاش کریں‘‘ جو کہ مولانا ابو محمد محسن گلزار نعمانی صاحب کی کاوش ہے۔ اس کتاب کو سامنے رکھ کر تخصصات حدیث وتقابل ادیان کےطلباء کرام کتب احادیث سے احادیث نکالنے کی عملی تربیت حاصل سکتے ہیں۔ اس کتاب کو ترتیب دیتے ہوئے   کتاب ’’تخریج الحدیث الشریف للبقاعی سے کافی استفادہ کیا گیا ہے۔ احادیث کو تلاش کرنےکی معرفت کےلیے یہ ایک جامع کتاب ہے۔ اللہ تعالیٰ مؤلف کی کاوش کو قبول فرمائے اور اسے طالبان علوم نبوت کےلیے نفع بخش بنائے۔ آمین( م۔ا)

  • 4463 #2531

    مصنف : سعد حسن خان یوسفی ٹونکی

    مشاہدات : 4768

    دنیا کا مسافر یا آخرت کا راہی

    (بدھ 06 مئی 2015ء) ناشر : ادارہ رفیق تبلیغ احسن منزل لاہور
    #2531 Book صفحات: 80

    دنیا ایک عارضی اور فانی جگہ ہے،ہر انسان نے یہاں سے چلے جانا ہے۔جبکہ آخرت دائمی اور ہمیشہ رہنے والی جگہ ہے،اور کبھی نہ ختم ہونے والی ہے۔اللہ تعالی دنیا کی حقیقت کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:اور یہ دنیا کی زندگی تو کھیل تماشا ہے ،آخرت کی زندگی ہی اصل زندگی ہے ،کاش وہ اس حقیقت کو جانتے ۔(عنکبوت:64)نبی کریم ﷺ نے دنیا کی حقیقت بیان کرتے ہوئے فرمایا: آدمی کہتا ہے میرا مال میرا مال،حالانکہ اس کا مال صرف تین چیزیں ہیں: ایک وہ جو اس نے کھا لیا۔ دوسرا وہ جو اس نے پہن لیا اور بوسیدہ کرلیا ،اور تیسرا وہ جواپنے ہاتھ سے اللہ کے راہ میں دے دے کل قیامت کو اس کو اس کا بدلہ ملے گا کیونکہ وہ تو اللہ کے پاس چلا گیا اور اللہ کے پاس چلا گیا تو آخرت میں اس کا بدلہ ضرور ملے گا۔ فرمایا :اس کے علاوہ جو بھی مال اپنے ورثاء کے لیے چھوڑ گئے یہ اس کا مال نہیں ہے۔ یہ تو ورثاء کا مال ہے پھر ورثاء بعد میں لڑتے بھی ہیں۔دوسری جگہ فرمایا: میری اور دنیا کی مثال تو بس ایسی ہے جیسے کوئی مسافر کسی درخت کی چھاؤں میں گرمیوں کی کوئی دوپہر گزارنے بیٹھ جائے ۔ وہ کوئی پل آرام کر ے گا تو پھر اٹھ کر چل دے گا۔تیسری جگہ فرمایا: ”یہ دنیا اللہ کی نگاہ میں مچھر کے پر برابر بھی وزن رکھتی تو کافرکوا س دنیا سے وہ پانی کا ایک گھونٹ بھی نصیب نہ ہونے دیتا “زیر تبصرہ کتاب" دنیا کا مسافر یا آخرت کا راہی "مولانا سعد حسن خان یوسفی ٹونکی  کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے دنیا کی حقیقت کو بیان کرتے ہوئے آخرت کی تیاری کرنے کی ترغیب دی ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور ہمیں آخرت کی تیاری کرنے کی توفیق دے۔آمین(راسخ)

  • 4464 #2575

    مصنف : عبد المعید مدنی

    مشاہدات : 5714

    خارجیت جدیدہ کا عظیم فتنہ

    (بدھ 06 مئی 2015ء) ناشر : نا معلوم
    #2575 Book صفحات: 40

    متوازن فکر اور معتدل سوچ اور پھر ان کے مطابق رویہ بنانا انسانی زندگی کی بہت بڑی ضرورت ہے۔ معتدل سوچ اور معتدل رویہ انسان کے لیے کامیابی کی دلیل ہوتی ہے اور ضمانت بھی۔ اس کا ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ انساان بلاوجہ لوگوں کی دل آزاری اور فکری و ذہنی انتشار کا سبب نہیں بنتا ہے اور نئی الجھنیں اور پریشانیاں نہیں لاتا ہے۔ عدم توازان کی ایک نہایت سطحی شکل یہ ہے اور وہ بھی فساد عام کا نتیجہ ہے کہ انسان دین کے نام پر کسی معمولی سی بات کو اساسی اور اصولی مسئلہ بنا دے، یا ایک مباح شے کو عین اسلام یا عین کفر بتانا شروع کردے۔باہمی نزاعات کو عین دین بتانا شروع کردے، کفر سازی اور فتنہ سازی کو مہم جوئی بنا ڈالے۔ علم کی بو بھی سونگھنے کی صلاحیت نہ ہو لیکن علّامہ بننے کی کوشش کرے۔ دعوت و افتاء کا کاروبار کرنے لگے اور اس غیر ذمہ دارانہ عمل پر لوگ اچھلنا شروع کردیں۔بے اعتدالی کی یہ ساری شکلیں اس وقت علمی و دعوتی دائرے میں نظر آتی ہیں اور ان پر اتنا اصرار ہے کہ خارجیت شاداب ہورہی ہے اور اس کے علائم صاف نظر آرہے ہیں۔ عالم اسلام ان دنوں بڑی ناگفتہ بہ صورت حال سے دوچار ہے۔ قدم قدم پہ مسائل کا انبار اور  خارجی سازشوں سے لے کر داخلی پریشانیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ دراز ہوتا جاتا  ہے۔ یوں تو بہت سارے زخم ہیں جو رس رہے ہيں لیکن بطور خاص عالم اسلام کو خارجی فکرو نظر کے سرطان نے جکڑ لیا ہے ۔ ہرچہار جانب تکفیر و تفریق اور بغاوت کی مسموم ہوائیں چل رہی ہیں اور سارا تانا بانا بکھرتا ہوا محسوس ہورہا ہے۔ امت کے جسم کا ایک ایک عضو معطل، اجتماعیت اور وحدت کی دیواروں کی ایک ایک اینٹ ہلی ہوئي سی  ہے اور ایسا لگتا ہے جیسے اب تب امت کے شاندار عمارت کی کہنہ دیوار پاش پاش ہو جائےگی۔ زیر تبصرہ کتاب "خارجیت جدیدہ کا عظیم فتنہ" شیخ عبد المعید مدنی کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے اسی فکری عدم توازن اور خارجیت جدیدہ پر شاندار بحث کی ہے۔ اللہ تعالی ان کی اس کوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4465 #2530

    مصنف : فقیر اللہ

    مشاہدات : 6895

    عدالت صحابہ ؓ

    (منگل 05 مئی 2015ء) ناشر : ادارہ علوم اثریہ، فیصل آباد
    #2530 Book صفحات: 152

    صحابی کا مطلب ہے دوست یاساتھی شرعی اصطلاح میں صحابی  سے مراد رسول  اکرم ﷺکا وہ  ساتھی ہے جو آ پ پر ایمان لایا،آپ ﷺ کی زیارت کی اور ایمان کی حالت  میں دنیا سے رخصت ہوا ۔ صحابی  کالفظ رسول اللہﷺ کے ساتھیوں کے ساتھ کے خاص  ہے  لہذاب  یہ لفظ کوئی دوسراشخص اپنے ساتھیوں کےلیے  استعمال نہیں کرسکتا۔  انبیاء  کرام﷩ کے  بعد  صحابہ کرام   کی   مقدس  جماعت تمام  مخلوق سے  افضل  اور اعلیٰ ہے یہ عظمت اور فضیلت صرف صحابہ کرام  کو ہی  حاصل  ہے  کہ اللہ  نے   انہیں دنیا میں  ہی  مغفرت،جنت اور اپنی رضا کی ضمانت دی ہے  بہت سی  قرآنی آیات اور احادیث اس پر شاہد ہیں۔صحابہ کرام  سے محبت اور  نبی کریم  ﷺ نے  احادیث مبارکہ  میں جوان کی افضلیت  بیان کی ہے ان کو تسلیم   کرنا  ایمان کاحصہ ہے ۔بصورت دیگرایما ن ناقص ہے ۔ اور صحابہ کرام کی  مقدس جماعت  ہی وہ پاکیزہ جماعت  ہے جس کی  تعدیل قرآن نے بیان کی ہے ۔ متعدد آیات میں ان کے  فضائل ومناقب پر زور دیا ہے  اوران کے اوصاف حمیدہ کو ’’اسوہ‘‘ کی حیثیت سے پیش کیا ہے ۔  اوران  کی راہ  سے انحراف کو غیر سبیل المؤمنین کی اتباع سے تعبیر  کیا ہے ۔ الغرض ہر جہت سے صحابہ کرا م  کی عدالت وثقاہت پر اعتماد کرنے  پر زور دیا ہے۔ اور علماء امت نے قرآن  وحدیث کےساتھ  تعامل ِ صحابہؓ کو بھی شرعی حیثیت سے پیش کیا ہے ۔اور محدثین نے ’’الصحابۃ کلہم عدول‘‘  کے قاعدہ کےتحت رواۃ حدیث پر جرح وتعدیل کا آغاز  تابعین سے کیا ہے۔اگر صحابہ پر کسی پہلو سے  تنقید جائز ہوتی توکوئی وجہ نہ تھی  کہ محدثین اس سے صرفِ نظر کرتے یاتغافل کشی سے کام لیتے۔ لہذا تمام صحابہ کرام کی شخصیت ،کردار، سیرت اور عدالت بے غبار ہے اور قیامت تک بے غبار رہی گئی ۔ لیکن مخالفین اسلام نے جب کتاب وسنت کو مشکوک بنانے کے لیے  سازشیں کیں تو انہوں نے سب سے پہلے  صحابہ کرامؓ ہی کو ہدف تنقید بنانا  ضروری سمجھا۔ ان  کے کردار کوبد نما کرنے  کےلیے  ہر قسم کےاتہام تراشنے سے دریغ نہ کیا۔قرآن وسنت کے مقابلہ میں تاریخی وادبی کتابوں سے چھان بین کر کے تصویر کا دوسرا رخ پیش کرنے کی سعئ ناکام کی تو  محدثین اور علمائے امت نے   مستشرقین کے  اعتراضات کے  جوابات اور دفاع صحابہ کے سلسلے میں   گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ زیر نظر کتاب’’ عدالت  صحابہ ‘‘ ادارہ علوم اثریہ ، فیصل آباد کے متخصص  جناب  فقیر اللہ  صاحب کی کاوش ہے ۔جس میں انہوں نے  عدالت صحابہ  سے متعلق چند مباحث  سپرد قلم کیے  ہیں  جن سے عدالت صحابہ  سے متعلق اکثر شبہات کا ازالہ ہوجاتا ہے۔اللہ تعالیٰ  موصوف  کی اس کا وش  کو قبول فرمائے اور اہل اسلام کے دلوں میں صحابہ کی   عظمت ومحبت پیدا فرمائے (آمین)  (م۔ا)
     

  • 4466 #2533

    مصنف : عبد المعید مدنی

    مشاہدات : 7734

    تصوف دین یا بے دینی

    (منگل 05 مئی 2015ء) ناشر : مکتبہ الفہیم مؤناتھ بھنجن، یو پی
    #2533 Book صفحات: 47

    تصوف ایک انسانی روحانی تجربہ ہے اسے دین وشریعت کا نام نہیں مل سکتا ہے اور ہر صوفی کاتجربہ دوسرے صوفی سےجدا ہوتا ہے اوراس تجربے میں جس قدر تعمق آتاجاتا ہے گمراہی اسی قدر بڑھتی جاتی ہے اس تجربے کےلیے انسان کو ہر قدم پر شریعت سے دو ر ہٹنا پڑتا ہے اور تجربے میں جس قد ر تعمق ہوگا اس کے بقدر انسان شریعت سےدور ہٹے گا۔ اور یہ تجربہ کسی حدودوقید کا پابند نہیں ہے ۔اس لیے اس میں ارتقاء آتا گیا اورگمراہیاں بڑھتی گئیں اوراس آزادئ فکر پر قدغن نہیں لگایا جاسکتا اگر تصوف کسی پابندی کوبرا داشت کرلے توتصوف تصوف نہ رہ جائے گا تصوف کا مسلک ہی آزادی اور اباحیت ہے۔ زیر تبصرہ کتاب جناب عبد المعیدمدنی ﷾ کے تصوف کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں پیش کیے گئے مقالہ کی کتابی صورت ہے۔ اس میں انہوں نے تصوف کی شرعیت، عملیت، فعالیت اور مضرت پر بات کی ہے اور یہ نتیجہ ظاہر کیا ہے کہ تصوف ہر اعتبار سے دین سے خارج شئی ہے او رگمراہی کا منبع، دنیا میں کوئی نظریہ تصوف سے زیادہ گمراہ کن اور فاسد نہیں ہے او ردین کی قرآن وسنت سے ثابت شدہ باتوں پر تصوف کا عنوان لگانا بہت بڑی جسارت ہےجو معافی کے لائق نہیں ہے۔ (م۔ا)

  • 4467 #2529

    مصنف : تبسم محمود غضنفر

    مشاہدات : 5718

    سلطنت مدینہ کے سفیر صحابہ ؓ

    (پیر 04 مئی 2015ء) ناشر : ضیاء احسان پبلشرز
    #2529 Book صفحات: 246

    ملکوں کے درمیاں تعلقات اور کاروبار وغیرہ کو باامن طریقے سے چلانے کے عمل کو سفارت کاری کہتے  ہے ۔ بین الاقوامی مذاکرات بہ آسانی حل کرنے کے طریقے اور سفارت کار کے اسلوبِ عمل بھی سفارت کاری سے عبارت ہے ۔ امن ، جنگ ، تجارت ، تہذیب ، معاشیات ، اقتصادیات وغیرہ میں ممالک کے درمیاں معاہدے اور مفاہمتیں سفارتکاری ہی سے انجام پذیر ہو تی ہیں۔ سفارت کا  عہدہ زمانۂ قدیم سے چلا آرہا ہے ۔ یعنی  جب سےتہذیب وثقافت اور ریاستی امور وقوانین وضع کیے گئے اس وقت سے ہی  یہ عہدہ بھی موجو  ہے۔ یونانی ، چینی، ایرانی،  اور رومی سیاسیات کےمطالعہ سے  معلوم ہوتاہے کہ ان کے ہاں عہدۂ سفارت موجود  تھا۔  زمانۂ جاہلیت میں جب عرب معاشرتی لحاظ سے مختلف گروہوں میں تقسیم تھے قبائلی نظام رائج تھا اور ان قبائل میں صدیوں پرانی رقابتیں اور دشمنیاں چلی آرہی تھیں تب بھی وہ قبائل تنازعات کے حل کے لیے سفارت پر یقین رکھتے تھے اور اپنے قبیلے سے سفارت کے لیے  اس شخص کا نتخاب کرتے جو فصیح اللسان ہوتا۔اہل روما نے ایسے معاملات طے کرنے کے لیے مذہبی راہنماؤں کی ایک جماعت مخصوص کر رکھی تھی  جوصلح وامن کی  شرائظ طے  کرتی  تھی۔ ترکی میں ابتدائی زمانے میں  سفیر عموماً قصر شاہی کے افسروں میں سے  چنے جاتے تھے۔اسلامی ریاست جب وجود میں آئی تو اس کے ابتدائی دور میں خود حضرت محمد ﷺ کی زندگی میں دوسری ریاستوں سے معاملات طے کرنے کے لیے نمائندے بھیجے  جاتے  تھے  اور دوسری ریاستوں کےنمائندوں  کواپنے ہاں مدعو کیا جاتا تھا معاہدات کی شرائط  طے کرنےمیں  دونوں طرف سے ان نمائندوں کی خدمات حاصل کی جاتی تھیں ۔ صلح نامۂ حدیبیہ کی شرائط طے کرنے کا معاملہ اس کی ایک اعلیٰ مثال ہے جس میں حضرت محمدﷺ نے حضرت علی    کوعہد نامہ لکھنے کے لیےاپنا نمائندہ مقرر کیا ۔ یہی نمائندے آگے چل کر سفیر کہلائے  اور انہی کی بدولت ریاستوں کے درمیان تعلقات کو ایک مؤثر ذریعہ تسلیم کیا گیا ہے۔ زیرتبصرہ کتاب ’’ سلطنت مدینہ کے سفیر صحابہ‘‘ معروف عالم  دین  اور مترجم کتب کثیرہ محترم  مولانا محمود احمد غضنفر﷫ کی صاحبزادی   محترمہ  تبسم محمود صاحبہ  کا   ایم  اے اسلامیات   کےلیے تحقیقی مقالہ ہےجسے انہوں نے  2001ء میں شعبہ علوم اسلامیہ   پنجاب یونیورسٹی  میں ڈاکٹر حماد لکھوی ﷾ کے اشراف میں’’ سفراء الرسول تعارف وخصوصیات‘‘ کے عنوان سے   پیش کر کے  اول پوزیشن حاصل کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ بعد ازاں اسے’’  سلطنت مدینہ  کے سفیر صحابہ  ‘‘ کے نام سے کتابی صورت میں شائع کیا گیا ہے ۔اس کتاب میں  مصنفہ نے  دربارِ رسالت کے سفیر صحابہ کرام   کے سفارتی کارناموں کو علمی اور تحقیقی انداز میں  قلمبند کیا ہے(م۔ا)
     

  • 4468 #2534

    مصنف : عبد المعید مدنی

    مشاہدات : 5919

    یہودی ریاست اور اس کی تباہ کاریاں

    (پیر 04 مئی 2015ء) ناشر : نا معلوم
    #2534 Book صفحات: 55

    14 مئی 1948ء وہ المناک دن تھا، جس نے مشرقِ وُسطیٰ کو ہلا کر رکھ دیا۔ اُس روز شہر تل ابیب کے ایک عجائب گھر میں ریاست اسرائیل کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ محض چند ایک غیر واضح بلیک اینڈ وائٹ تصاویر، ہلتے ہوئے کیمرے سے بنی ایک مختصر سی فلم اور انتہائی خراب کوالٹی کا صوتی ریکارڈ ہی اِس واقعے کے گواہ ہیں۔ ان تصاویر میں یہودیوں کی خود مختار فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ ڈیوڈ بن گوریان کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، جن کے پیچھے دیوار پر صیہونیت کے بانی تھیوڈور ہیرسل کی تصویر آویزاں ہے۔ بن گوریان کے بائیں ہاتھ میں وہ دستاویز ہے، جس پر اعلانِ آزادی کی عبارت درج ہے۔ بن گوریان نے کہا تھا: ’’اسرائیل ہی میں یہودی قوم نے جنم لیا تھا اور یہیں اُس کے فکری، مذہبی اور سیاسی وجود کی آبیاری ہوئی۔‘‘ اور یہ کہ طاقت کے زور پر در بدر کی جانے والی یہودی قوم جلا وطنی کے دور میں بھی اپنے آبائی وطن کے ساتھ وفاداری کا دم بھرتی رہی۔ مزید یہ کہ اُس کی اپنے وطن واپسی کی امید ہمیشہ زندہ رہی۔ پھر بن گوریان نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ اعلان کیا:’’ہم یہاں اسرائیلی سرزمین پر یہودی ریاست کے قیام کا اعلان کرتے ہیں۔ یہ ہے ریاست اسرائیل۔‘‘زیر تبصرہ کتاب" یہودی ریاست اور اس کی تباہ کاریاں " شیخ عبد المعید مدنی صاحب کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے اسی ناجائز ریاست اور تباہ کاریوں کا تذکرہ کیا ہے۔(راسخ)

  • 4469 #2516

    مصنف : ڈاکٹر خالد علوی

    مشاہدات : 8659

    پیغمبرانہ منہاج دعوت

    (اتوار 03 مئی 2015ء) ناشر : الفیصل ناشران وتاجران کتب، لاہور
    #2516 Book صفحات: 443

    اللہ تعالیٰ  نے انسان  کی فطرت  کے اندر نیکی اور بدی کے پہچاننے کی قابلیت اور نیکی  کو اختیار کرنے  اور بدی  سے  بچنے کی خواہش ودیعت کردی ہے ۔تمام انبیاء کرام نے   دعوت کے ذریعے پیغام الٰہی کو  لوگوں  تک پہنچایا اوران کو شیطان  سے  بچنے اور رحمنٰ  کے راستے   پر چلنے کی دعوت  دی ۔دعوتِ دین اور احکام شرعیہ کی تعلیم دینا شیوۂ پیغمبری ہے ۔تمام انبیاء و رسل کی بنیادی ذمہ داری تبلیغ دین اور دعوت وابلاغ ہی رہی ہے۔ دعوت الیٰ اللہ  میں انبیاء ﷩ کو قائدانہ حیثیت حاصل ہے  ۔ ان کی جدوجہد کو زیر بحث لائے بغیر دعوت کا کوئی تذکرہ مکمل نہیں ہوتا۔امت مسلمہ کو دیگر امم سے فوقیت بھی اسی فریضہ دعوت کی وجہ  سے  ہے۔  اور دعوتِ دین ایک اہم دینی فریضہ ہے ،جو اہل اسلام  کی اصلاح ، استحکام دین اور دوام شریعت کا مؤثر ذریعہ ہے۔لہذا ہر مسلمان پر لازم ہے کہ اسے شریعت کا جتنا علم ہو ،شرعی احکام سے جتنی واقفیت ہو اوردین کے جس قدر احکام سے آگاہی ہو وہ  دوسر وں تک پہنچائے۔علماو فضلا اور واعظین و مبلغین   پر مزید ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ فریضہ دعوت کو دینی وشرعی ذمہ داری سمجھیں اور دعوت دین کے کام کو مزید عمدہ طریقے سے سرانجام دیں۔دین کا پیغامِ حق ہر فرد تک پہنچانے  کے لیے ضروری ہے کہ دعوت کے کام کو متحرک کیا جائے،  دعوت  الی اللہ بنیادی طور پر ایک عملی  پروگرام ہے جو تعلیم  وتعلم ،تربیت واصلاح  کی عملی کشمکش پر مشتمل ہے ۔علماء اور صلحاءِ امت نے  دعوت کےمفاہیم ، طریق کار، داعی کے  خصائل، دعوت کی مشکلات اور تاریخ  دعوت سے متعلق معیاری  کتابیں  لکھیں ہیں ۔منہج  دعوت  اور اصول  دعوت  کے حوالے  سے  ڈاکٹر فضل الٰہی ﷾ کی  کتب قابل ذکر ہیں  جوکہ آسان فہم  او ردعوت دین کا ذوق ،شوق اور دعوتی بیداری پیدا کرنے میں ممد و معاون ہیں۔ دور ِ حاضر میں  دعوت اسلامی ایک مرتب علم کی صورت میں  سامنے آئی ہے اور مختلف اسلامی جامعات نے  اسے اپنے نصابات کا حصہ بنایا ہے ۔ایم اے ، ایم فل ، اور ڈاکٹریٹ   کی  ڈگری کے حصول کے لیے  تحقیقی قسم کے مقالات  بھی لکھے گئے  ہیں ۔ کلیۃ الدعوۃ اور دعوۃ اکیڈمی کے نام سے کئی ادارے   اور کئی دعوتی تحریکیں بھی  وجود میں آئی ہیں جو  دعوت اسلامی کے علمی وعملی کام  میں مصروف عمل  ہیں۔  زیر نظر کتاب ’’ پیغمبرانہ  منہاج دعوت ‘‘ ڈاکٹر خالدعلوی  کی کاوش ہے  جس میں انہو ں نے  حضرت آدم  سے   حضرت عیسیٰ   تک ان انبیاء کا ذتذکرہ کیا ہے  جن  کا ذکر قرآن مجید میں  آیا  ہے ۔انبیاء کرام  کے  قرآنی  حالات کو اصول دعوت کے لحاظ سے  ترتیب دیا ہے  اور کتاب کو وعوت کے طلبا  کےلیے  بالخصوص اور عام قارئین کے لیے  مفید بنانے کےلیے حوالوں کا خاص اہتمام کیا  ہے ۔ اور مقدمہ میں   انبیاء کرام کی دعوت کی خصوصیات کو  تحریر کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ  مصنف کی اس کاوش  کوقبول فرمائے اور  امت مسلمہ کو پیغمبرانہ منہج پر  دعوتِ دین کاکام کرنے کی  توفیق  عطاء فرمائے (آمین ) دعوت و تبلیغ
     

  • 4470 #2528

    مصنف : عبد الحمید خان

    مشاہدات : 5111

    قرآنی جواہر پارے

    (اتوار 03 مئی 2015ء) ناشر : فیروز سنز، لاہور۔ کراچی
    #2528 Book صفحات: 449

    قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام او راس کی آخری کتابِ ہدایت ہے ۔اس عظیم الشان کتاب نے تاریخِ انسانی کا رخ موڑ دیا ہے۔ دنیابھر کی بے شمارکی جامعات،مدارس ومساجد میں قرآن حکیم کی تعلیم وتبلیغ اور درس وتدریس کا سلسلہ جاری ہے۔جس کثرت سے اللہ تعالیٰ کی اس پاک ومقدس کتاب کی تلاوت ہوتی ہے دنیا کی کسی کتاب کی نہیں ہوتی۔ مگر تعجب وحیرت کی بات ہے کہ ہم میں پھر بھی ایمان وعمل کی وہ روح پیدا نہیں ہوتی جو قرآن نےعرب کے وحشیوں میں پیدا کر دی تھی۔ یہ قرآن ہی کا اعجاز تھا کہ اس نے مسِ خام کو کندن بنادیا او ر ایسی بلند کردار قوم پیدا کی جس نے دنیا میں حق وصداقت کا بول بالا کیا اور بڑی بڑی سرکش اور جابر سلطنتوں کی بساط اُلٹ دی۔ مگڑ افسوس ہے کہ تاریخ کے یہ حقائق افسانۂ ماضی بن کر رہ گئے۔ ہم نے دنیا والوں اپنے عروج واقبال کی داستانیں تو مزے لے لے کر سنائیں لیکن خود قرآن سے کچھ حاصل نہ کیا ۔جاہل تو جاہل پڑھے لوگ بھی قرآن سےبے بہرہ ہیں۔ مغربی تعلیم وتہذیب نے ان کےذہنوں کو مسموم کردیا ہے ۔ اور مذہب اوخلاق کاکو ئی گوشہ ایسا نہیں جو اس زہریلے اثر سے محفوظ رہا ہو۔چاہیے تویہ تھا کہ ہماری زندگی کےہر شعبے میں قرآن کا دخل ہوتا۔ ہم اٹھتے بیٹھتے سوتے جاگتے قرآن سے اکتسابِ فیض کرتے اور اس کواپنے لیے مشعل راہ بناتے ۔ مگر دنیا بھر کی کتابوں کے فقرات، ضرب الامثال،محاورات اور مضامین ازبر ہیں ۔جنہیں ہم اپنی تحریر وتقریر اور باہمی گفتگو کومؤثر ودل نشین بنانے کےلیے بلا تکلف استعمال کرتے ہیں مگر قرآن کی کوئی بات ہماری زبان پر شاذونادر ہی آتی ہے۔ زیر نظرکتاب ’’قرآنی جواہر پارے ‘‘عبد الحمید خان ابن مولوی فیر وز الدین کی تصنیف ہے۔ جس میں انہوں نے قرآن کی ان آیات وفقرات کا انتخاب کیا ہے جن سے تحریروتقریر کو پُر زور مدلّل،مؤثر اور پاکیزہ بنایا جاسکتا ہے۔ صاحب کتاب کااس کو تالیف کرنے کامحض یہی مقصد ہے کہ مسلمان عوام قرآن سے وابستہ ہوں۔ مردوں، عورتوں، بوڑھوں، جوانوں اور بچوں کو قرآنی جواہرپارےازبر ہوں اوروہ اپنی تحریر وتقریر اور روز مرہ گفتگو میں قرآنی ضرب الامثال ،محاورات، آیات اور فقرات استعمال کریں اور اس طرح ایک عام اسلامی فضا پیداہوجائے۔ اردو زبان میں اپنی نوعیت کی یہ منفرد کتاب ہے جس سے نہ صرف عوام ہی بلکہ خطیب ،واعظ مقرر اور انشا پرداز حضرات بھی مستفید ہوسکتے ہیں ۔اللہ تعالیٰ مصنف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے عوام الناس کےلیے نفع بخش بنائے۔ آمین( م۔ ا)

  • 4471 #2514

    مصنف : ڈاکٹر نثار احمد

    مشاہدات : 19400

    خطبہ حجۃ الوداع

    (ہفتہ 02 مئی 2015ء) ناشر : بیت الحکمت، لاہور
    #2514 Book صفحات: 258

    یوں تو نبی کریم ﷺ  کا ہر ایک ارشاد، ہر جملہ اور ہر لفظ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ہر ایک لفظ میں،ہر ایک جملے میں ہمارے لیے ہدایت اور راہنمائی کے بہت سے پہلو ہیں۔لیکن آپﷺ کے ہزاروں ارشادات عالیہ میں سے جن ارشادات کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔ان میں سے ایک خطبہ حجۃ الوداع کا خطبہ بھی ہے۔ نبی کریم ﷺ نے جو آخری حج کیا` اسے دو حوالوں سے حجۃ الوداع کہتے ہیں۔ایک اس حوالہ سے کہ نبی کریم ﷺ نے آخری حج وہی کیا،اور اس حوالے سے بھی کہ نبی کریم ﷺ نے خود اس خطبہ میں ارشاد فرمایا : لعلی لا القاکم بعد عامی ھذا۔ یہ میری تم سے آخری اجتماعی ملاقات ہے،شاید اس مقام پر اس کے بعد تم مجھ سے نہ مل سکوں۔ یعنی حضور ﷺ کے ذہن میں یہ بات تھی کہ میں اپنے صحابہ سے آخری اجتماعی ملاقات کر رہا ہوں۔خطبہ حجۃ الوداع کو اسلام میں بڑی اہمیت حاصل ہے۔خطبہ حجۃ الوداع بلا شبہ انسانی حقوق کا اولین اور مثالی منشور اعظم ہے۔اس منشور میں کسی گروہ کی حمایت،کوئی نسلی ،قومی مفاد ،کسی قسم کی ذاتی گرض وغیرہ کا کوئی شائبہ تک نظر نہیں آتا ہے۔آپ نے  اس خطبہ میں  اتحادِ امت کا موضوع اپنے سامنے رکھا اور پھر دردِ امت کی پوری توانائی اسی موضوع پر صرف فرمادی، پہلے نہایت درد انگیز الفاظ میں قیامِ اتحاد کی اپیل کی، پھر فرمایا کہ پس ماندہ طبقات کو شکایت کا موقع نہ دینا، تاکہ حصارِ اسلام میں کوئی شگاف نہ پڑجائے، پھر اسباب نفاق کی تفصیل بیان کرکے ان کی بیخ کنی کا عملی طور پر سروسامان فرمایا، پھر واضح کیا کہ جملہ مسلمانوں کے اتحاد کا مستقل سنگِ اساس کیا ہے؟ آخری وصیت یہ فرمائی کہ ان ہدایات کو آیندہ نسلوں میں پھیلانے اور پہنچانے کے فرض میں کوتاہی نہ کرنا، خاتمہٴ تقریر کے بعد حضور ﷺ نے اپنی ذات کی سرخ روئی کے لیے حاضرین سے شہادت پیش کرتے ہوئے اس طرح بار بار اللہ کو پکارا کہ مخلوق خدا کے دل پگھل گئے، آنکھیں سیلاب بن گئیں اور روحیں انسانی جسموں میں تڑپنے لگیں۔ زیر تبصرہ کتاب " خطبہ حجۃ الوداع ،حقوق انسانی کا عالمی منشور "پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد سابق رئیس کلیہ فنون و صدر شعبہ اسلامی تاریخ جامعہ کراچی کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے اسی عظیم الشان خطبے  کے تاریخی پس منطر،مکمل عربی متن ،اردو ترجمہ اور توضیح وتشریح  فرمائی ہے۔اللہ تعالی ان کی اس محنت کو قبول فرمائے ۔آمین(راسخ)

  • 4472 #2515

    مصنف : محمد ادریس طوروی

    مشاہدات : 6534

    خطبات نبوی ﷺ ( ادریس طوروی )

    (ہفتہ 02 مئی 2015ء) ناشر : ادبستان، لاہور
    #2515 Book صفحات: 193

    سیرت نبوی ﷺ کامو ضوع  ہر دور میں مسلم علماء ومفکرین کی فکر وتوجہ کا مرکز رہا ہے،اور ہر ایک نے اپنی اپنی وسعت وتوفیق کے مطابق اس پر خامہ فرسائی کی ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سیرت کا مطالعہ کرنا ہمارے ایمان کا حصہ بھی ہے اور حکم ربانی بھی ہے۔قرآن مجید نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ کو ہمارے لئے ایک کامل نمونہ قرار دیتا ہے۔اخلاق وآداب کا کونسا ایسا معیار ہے ،جو آپ ﷺ کی حیات مبارکہ سے نہ ملتا ہو۔اللہ تعالی نے نبی کریم ﷺ کے ذریعہ دین اسلام کی تکمیل ہی نہیں ،بلکہ نبوت اور راہنمائی کے سلسلہ کو  آپ کی ذات اقدس پر ختم کر کےنبوت کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ سیرت انسانیت کی بھی تکمیل فرما دی کہ آج کے بعد اس سے بہتر ،ارفع واعلی اور اچھے وخوبصورت نمونہ وکردار کا تصور بھی ناممکن اور محال ہے۔آپ ﷺ کی سیرت طیبہ پر متعدد زبانوں میں بے شمار کتب لکھی جا چکی ہیں،اور لکھی جا رہی ہیں،جو ان مولفین کی طرف سے آپ کے ساتھ محبت کا ایک بہترین اظہار ہے۔سیرت نبوی ﷺ کے متعدد پہلو ہیں جن میں ایک پہلو آپ ﷺ کے خطبات بھی ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب " خطبات نبوی ﷺ  "محترم مولانا محمد ادریس طوروی صاحب کی تصنیف ہے ،جس میں انہوں نے آپﷺ کے خطبات کو تفصیل سے بیان کر دیا ہے،اس کتاب میں انہوں نے اردو ترجمے کے ساتھ ساتھ اصل عربی عبارتوں کو بھی نقل کر دیا ہے تاکہ تحقیق کرنے والے اہل علم کے آسانی رہے۔اللہ تعالی مولف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور ہمیں آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنانے کی بھی توفیق دے۔آمین(راسخ)

  • 4473 #2527

    مصنف : رحیم بخش

    مشاہدات : 6465

    الخط العثمانی فی رسم القرآنی

    (ہفتہ 02 مئی 2015ء) ناشر : ادارہ نشر و اشاعت اسلامیات درجۂ قراءات، مسجد سراجاں، ملتان
    #2527 Book صفحات: 129

    کلمات قرآنیہ کی کتابت کا ایک بڑا حصہ تلفظ کے موافق یعنی قیاسی ہے،لیکن چند کلمات تلفظ کے خلاف لکھے جاتے ہیں اور رسم کے خلاف اس معروف کتاب کو رسم عثمانی یا رسم الخط کہا جاتا ہے۔تمام اہل علم کا اس بات پر اتفاق ہے کہ قرآن مجید کو رسم عثمانی کے مطابق لکھنا واجب اور ضروری ہے ،اور اس کے خلاف لکھنا ناجائز اور حرام ہے۔لہذا کسی دوسرے رسم الخط جیسے ہندی، گجراتی، مراٹھی، ملیالم، تمل، پنجابی، بنگالی، تلگو، سندھی، فرانسیسی، انگریزی ،حتی کہ معروف وقیاسی عربی رسم میں بھی لکھنا جائز نہیں ہے،کیونکہ یہ درحقیقت کتاب اللہ کے عموم و اطلاق، نبوی فرمودات، اور اجماع صحابہ و اجماعِ امت سے انحراف ہے۔ زیر تبصرہ کتاب "الخط العثمانی فی الرسم القرآنی "مدرسہ عربی،خیر المدارس ملتان کے استاذ شیخ القراء واستاذ الاساتذہ محترم قاری رحیم بخش بن فتح محمد صاحب پانی پتی﷫ کی ایک منفرد اور شاندار تالیف ہے۔جس میں مولف نے خط، رسم الخط، خط کی تاریخ ،خط کی اقسام جمع قرآن وتشکیل قراءات کی مختصر تاریخ ،مصاحف عثمانیہ کی تاریخ ،قرآن مجید کے اعراب ،خموس واعشار اجزاء ومنازل جیسی مباحث پر گفتگو کی ہے۔ مولف موصوف﷫ علم قراءات کے میدان میں بڑا بلند اور عظیم مقام ومرتبہ رکھتے ہیں۔آپ نے علم قراءات پر متعددعلمی وتحقیقی کتب تصنیف فرمائی ہیں۔ اللہ تعالی قراء ات قرآنیہ کے حوالے سے سر انجام دی گئی ان کی ان خدمات جلیلہ کو قبول فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4474 #2512

    مصنف : انجینئر مختار فاروقی

    مشاہدات : 4797

    جنوبی ایشیا میں مسلم بیداری کے سو سال

    (جمعہ 01 مئی 2015ء) ناشر : قرآن اکیڈمی جھنگ
    #2512 Book صفحات: 162

    امت مسلمہ کے زوال کے سلسلے میں کوئی حتمی یا یقینی بات متعین طور سے نہیں کہی جاسکتی کہ اس کا زوال کب شروع ہوا۔ البتہ محققین کی رائے کے مطابق شروع دور سے ہی عروج وزوال کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ بارہویں صدی کے اواخر میں جب مسلمانوں کا سیاسی وعسکری زوال سامنے آیا، اور پھر تحقیق وتصنیف، اجتہاد وحرکت اور نئی دریافتوں اور ایجادوں کی راہ چھوڑ کر امت مسلمہ جمود وتعطل کا شکار ہوتی چلی گئی، اور اس کے نتیجے میں مسلسل پسماندگی میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ اس امت کا تنزل ہر میدان میں ہوا، سائنس، ٹکنالوجی، صنعت کاری، تہذیب وثقافت، علوم وفنون اور ادب وآرٹ وغیرہ وغیرہ۔ یہاں تک کہ ایک ترقی یافتہ قوم کی حالت یہ ہوگئی کہ وہ ثریا سے تحت الثری تک پہنچ گئی اور ہر میدان میں ذلیل وخوار ہوکر رہ گئی۔قوموں کا عروج وزوال قوم کے افراد پر منحصر ہوتا ہے، جب کسی قوم کے افراد بیدار ہوتے ہیں تو وہ قوم ترقی کرتی ہے، اور جب اس کے افراد غفلت کا شکار ہوجاتے ہیں تو اس قوم کو بھی پسماندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب " جنوبی ایشیا  میں مسلم بیداری کے سو سال " محترم  انجینئر مختار حسین فاروقی صاحب کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کی ایک سو سال (1910ء سے لیکر 2010ء تک )کی اجتماعی جدوجہد اور اجتماعی سفر کی داستان پیش کی ہے،جس کے سبب یکے بعد دیگرے تین عظیم عالمی مغربی سپر طاقتیں زوال پذیر ہو ئیں۔اس کتاب میں انہوں نے مسلمانوں کو یہ سبق پڑھایا ہے کہ اگر مسلمان اتفاق و اتحاد سے کام لیں تو آج بھی دنیا کی سپر پاور بن سکتے ہیں اور اندھیروں میں ڈوبی انسانیت کو روشنی  کے سفر پر رواں کر سکتے ہیں۔اللہ تعالی مولف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور تمام مسلمانوں کو متحد ہونے کی توفیق دے ۔آمین(راسخ)

  • 4475 #2513

    مصنف : محمد یحیٰ خان

    مشاہدات : 8590

    ذکر محمد ﷺ آسمانی صحیفوں میں

    (جمعہ 01 مئی 2015ء) ناشر : نگارشات مزنگ لاہور
    #2513 Book صفحات: 327

    مسلم دنیا میں سب سے زیادہ لٹریچر نبی کریم ﷺ کے بارے میں چھپتا ہے،چھپتا تھا اور چھپتا رہے گا۔سابقہ کتب سماویہ کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ سیدنا عیسی  نے اپنی امت کو یہ خوشخبری دی تھی کہ میرے بعد ایک رسول آنے والا ہے ،جس کا نام احمد ہوگا۔بائیبل میں متعدد مقامات پر واضح الفاظ میں اس  کی تصریح کی گئی ہے ۔اور قرآن مجید نے بڑی وضاحت کے ساتھ اس حقیقت کو بیان کیا ہے کہ سیدنا عیسی  نے  نام لیکر آپ کی آمد کی  بشارت دی تھی کہ میرے بعد ایک رسول آنے والا ہے جس کا نام احمد ﷺ ہوگا۔لیکن عیسائی از راہ حسداسے تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ نبی کریم کا نام صرف محمد ﷺ ہی نہیں تھا ،بلکہ احمد ﷺ بھی تھا۔اور عرب کا پورا لٹریچر اس بات سے خالی ہے کہ آپ سے پہلے کسی کا نام محمد ﷺ یا احمد ﷺ رکھا گیا ہو۔انجیل برنباس میں واضح طور پر نبی کریم ﷺ کی آمد کی بشارت دی گئی ہے،لیکن عیسائیوں نے از راہ ضد اس کو جھوٹی انجیلوں کی فہرست میں شامل  کر لیاہے۔ زیر تبصرہ کتاب" ذکر محمد ﷺآسمانی  صحیفوں میں "محترم محمد یحیی خان صاحب  کی تصنیف ہے۔آپ نے اس کتاب میں نبی کریم ﷺ کے بارے میں آسمانی کتب میں جو تذکرے موجود ہیں ان کو  مرتب فرما دیا ہے۔اللہ تعالی ان کی اس خدمت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے،اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

< 1 2 ... 176 177 178 179 180 181 182 ... 269 270 >

ایڈ وانس سرچ

اعدادو شمار

  • آج کے قارئین 3292
  • اس ہفتے کے قارئین 43977
  • اس ماہ کے قارئین 332830
  • کل قارئین101893346
  • کل کتب8723

موضوعاتی فہرست