کل کتب 6945

دکھائیں
کتب
  • 251 #7289

    مصنف : حافظ ثناء اللہ مدنی

    مشاہدات : 1353

    اجازة الرواية

    (جمعرات 09 مئی 2024ء) ناشر : نا معلوم
    #7289 Book صفحات: 35

    سند دین ہے، دین اسلام کا دارومدار اور انحصار سند پر ہے۔ سند ہی حدیث رسولﷺ تک پہنچنے کا واحد طریقہ ہے، نیز سند احکام شرعی کی معرفت کا واحد ذریعہ ہے۔ سند امت محمدیہ ﷺ کا خاصہ ہے ۔ زیر نظر کتاب’’ اجازۃ الروایۃ‘‘استاذی المکرم محدث العصر فضیلۃ الشیخ حافظ ثناء اللہ مدنی رحمہ اللہ (صاحب جائزۃ الاحوذی ) کی سند حدیث اور ان اجازات پر مشتمل ہے جو انہوں نے حدیث کے عظیم اساتذہ سے حاصل کیں۔اس میں اولاً حضرت حافظ ثناء اللہ مدنی رحمہ اللہ نے اپنے 21 اساتذہ گرامی کے نام پیش کیے ہیں جن میں اپنے وقت کی عظیم نابغۂ عصر شخصیات کے اسمائے گرامی شامل ہیں بعد ازاں ابو القاسم محمد عبدہ الفلاح،محدث محمد عبد الحق ہاشمی ، محدث مدینہ شیخ حماد الانصاری،ڈاکٹر تقی الدین ہلالی مراکشی،شیخ عبد الغفار حسن ،شیخ ابو الحسن محمد علی لکھوی ثم مدنی ،شیخ یوسف محمد السلفی رحمہم اللہ سے ملنے والی اجازات حدیث کو پیش کیا ہے۔ ص34 پر شیخ حماد الانصاری سے ملنے والی اجازہ میں مولانا عبد السلام کیلانی رحمہ اللہ ، حافظ عبد الرحمٰن مدنی حفظہ اللہ کے اسمائے گرامی بھی ہیں۔ حضرت حافظ رحمہ اللہ کی یہ ’’اجازۃ الروایۃ‘‘ پی ڈی ایف کی صورت میں کہیں سے ملی تھی تو اسے محفوظ کرنے کی خاطر کتاب و سنت سائٹ پر پبلش کر دیا ہے۔اللہ تعالیٰ استاد گرامی حافظ ثناء اللہ مدنی رحمہ اللہ کی تدریسی و تبلیغی ، تحقیقی و تصنیفی جہود کو قبول فرمائے اور ان کی مرقد پر اپنی رحمتوں کی برکھا برسائے ، جنت الفردوس کے بالا خانوں میں جگہ دے ۔آمین (م۔ا)

  • 252 #7287

    مصنف : محمد رفیق طاہر

    مشاہدات : 2195

    تکفیر و خروج اور عصر حاضر کی خارجی تحریکیں

    (ہفتہ 04 مئی 2024ء) ناشر : مکتبہ بیت السلام الریاض0000
    #7287 Book صفحات: 235

    بنیادی طور پر کوئی بھی مسلمان جب تک وہ علانیہ طور پر دین پر عمل پیرا ہو تو اسے مسلمان ہی سمجھا جائے گا، تا آنکہ شرعی دلائل کی رو سے اس کا دائرہ اسلام سے خارج ہونا ثابت ہو جائے۔ کیونکہ کسی کو کافر یا فاسق قرار دینا ہمارے اختیار میں نہیں ہے، بلکہ یہ اختیار اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے پاس ہے کیونکہ کسی کو کافر یا فاسق قرار دینا ان شرعی احکام سے تعلق رکھتا ہے جن کی بنیاد کتاب و سنت ہوتی ہے، اسی لئے اس معاملے میں انتہائی احتیاط سے کام لینا ضروری ہے اور صرف اسی کو کافر یا فاسق کہا جائے گا جس کے کافر یا فاسق ہونے کے متعلق کتاب و سنت میں دلائل موجود ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’تکفیر و خروج اور عصر حاضر کی خارجی تحریکیں‘‘ مولانا محمد رفیق طاہر حفظہ اللہ کے فتنۂ تکفیر سے متعلق ان کے سات مضامین کا مجموعہ ہے۔ پہلے چار مضامین میں انہوں نے اس میں تکفیر و خروج سے متعلق شرعی تعلیمات کو بیان کیا ہے اور موجودہ دور کی بعض خارجی تحریکوں کی حقیقت حال بیان کرتے ہوئے ان کے شبہات اور اشکالات کا نہایت عمدہ پیرائے میں علمی جائزہ لیا ہے۔ جبکہ آخری تین رسائل عصرِ حاضر کی معروف خارجی تحریک داعش اور ان کے افکار و نظریات کی تردید پر مشتمل ہیں جن میں داعش کی حقیقت اور ان کے گمراہ کن عقائد پر روشنی ڈالی گئی ہے۔(م۔ا)

  • 253 #7286

    مصنف : یوسف بن عبد اللہ الوابل

    مشاہدات : 4236

    قیامت کی نشانیاں

    (جمعہ 03 مئی 2024ء) ناشر : صوبائی جمعیت اہل حدیث، ممبئی
    #7286 Book صفحات: 469

    وقوع قیامت کا عقیدہ اسلام کے بنیادی عقائد میں سے ہے اور ایک مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے ۔ قیامت آثار قیامت کو نبی کریم ﷺ نے احادیث میں وضاحت کے ساتھ بیان کیا ہے جیسا کہ احادیث میں ہے کہ قیامت اس وقت تک قائم نہ ہو گی جب تک عیسیٰ بن مریم ﷤نازل نہ ہوں گے ۔ وہ دجال اور خنزیر کو قتل کریں گے ۔ صلیب کو توڑیں گے۔ مال عام ہو جائے گا اور جزیہ کو ساقط کر دیں گے اور اسلام کے علاوہ کوئی اور دین قبول نہ کیا جائے گا اسے زمانہ میں اللہ تعالیٰ اسلام کے سوا سب ادیان کو ختم کر دے گا اور سجدہ صرف اللہ وحدہ کے لیے ہو گا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ عیسٰی ﷤کے زمانہ میں تمام روئے زمین پر اسلام کی حکمرانی ہو گی اور اس کے علاوہ کوئی دین باقی نہ رہے گا۔ اسی لیے اسلام میں ایمان بالآخرۃ اور روز قیامت پر ایمان لانا فرض ہے اور اس کے بغیر بندہ کا ایمان صحیح نہیں ہو سکتا۔ زیر تبصرہ کتاب "قیامت کی نشانیاں؟" شیخ یوسف بن عبد اللہ الوابل کی عربی کتاب ’’ اشراط الساعۃ‘‘ کا اردو ترجمہ ہے۔ یہ کتاب اپنے موضوع پر نہایت ہی جامع اور محقق و مدلل ہے اس میں قیامت کی نشانیوں کے علاوہ اس پر ایمان لانے کے فوائد اور انسانی زندگی پر اس کے بہتر ثمرات پر روشنی ڈالی گئی ہے مکتبہ قدوسیہ ،لاہور نے اسے ’’قیامت کب آئے گی ؟ ‘‘کے نام سے شائع کیا ہے۔ (م۔ا)

  • 254 #7285

    مصنف : ابو حمدان اشرف فیضی

    مشاہدات : 1803

    نوِشتہ قلم

    (جمعرات 02 مئی 2024ء) ناشر : جامعہ محمدیہ عربیہ رائید رگ اننت پور انڈیا
    #7285 Book صفحات: 370

    زیر نظر کتاب ’’ نوشتۂ قلم‘‘ ابو حمدان اشرف فیضی صاحب کے 15 دینی و اصلاحی مضامین کا مجموعہ ہے جو مختلف رسائل و مجلات میں شائع ہوئے ۔ان مضامین کی افادیت کے پیش نظر ابو حمدان صاحب نے تصویب و تنقیح اور نظرثانی کے بعد ان مضامین کو کتابی صورت میں مرتب کیا ہے۔ مضمون نگار نے پوری کوشش کی ہے کہ ہر مضمون زیادہ سے زیادہ قرآن و آیات اور احادیث مبارکہ سے مزین ہو۔اصلاح عقیدہ،اصلاح معاشرہ اور اصلاح اعمال میں عوام و خواس کے لیے یکساں مفید ہے۔(م۔ا)

  • 255 #7284

    مصنف : صالح بن فوزان الفوزان

    مشاہدات : 2397

    اتحاف القاری شرح شرح السنہ للامام البر بہاری

    (بدھ 01 مئی 2024ء) ناشر : نا معلوم
    #7284 Book صفحات: 698

    اسلام کی فلک بوس عمارت عقیدہ کی اساس پر قائم ہے ۔ اگر اس بنیاد میں ضعف یا کجی پیدا ہو جائے تو دین کی عظیم عمارت کا وجود خطرے میں پڑ جاتا ہے۔ عقائد کی تصحیح اخروی فوز و فلاح کے لیے اولین شرط ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ کی طرف سے بھیجی جانے والی برگزیدہ شخصیات سب سے پہلے توحید کا علم بلند کرتے ہوئے نظر آتی ہیں۔ اور نبی کریم ﷺ نے بھی مکہ معظمہ میں تیرا سال کا طویل عرصہ صرف اصلاح ِعقائد کی جدوجہد میں صرف کیا عقیدہ توحید کی تعلیم و تفہیم کے لیے جہاں نبی کریم ﷺ اور آپ کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے بےشمار قربانیاں دیں اور تکالیف کو برداشت کیا وہاں علماء اسلام نے بھی دن رات اپنی تحریروں اور تقریروں میں اس کی اہمیت کو خوب واضح کیا ۔ عقائد کے باب میں اب تک بہت سی کتب ہر زبان میں شائع ہو چکی ہیں اردو زبان میں بھی اس موضوع پر قابل قدر تصانیف اور تراجم سامنے آچکے ہیں ہنوز یہ سلسلہ جاری ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ اتحاف القاری‘‘ از فضیلۃ الشیخ صالح الفوزان ﷾ چوتھی صدی ہجری کے عظیم امام اہل السنۃ و الجماعۃ ابو محمد حسن بن علی بن خلف البر بہاری ﷫کی عقیدہ کے اہم ابواب پر مشتمل انتہائی جامع کتاب بعنوان ’’ شرح السنۃ‘‘ کی شرح کا اردو ترجمہ ہے۔یہ کتاب (شرح السنۃ)172 فرقوں کی تشریح و توضیح پر مشتمل ہے۔اور اس میں اہل سنت و الجماعہ کے اصولوں اور بہترین وصیتوں اور مفید نصیحتوں کو پیش کیا گیا ہے ۔ جناب حافظ عبد التواب محمدی صاحب نے اردو قالب میں ڈھالنے کی سعادت حاصل کی ہے ۔(م۔ا)

  • 256 #7283

    مصنف : غلام مصطفی ظہیر امن پوری

    مشاہدات : 1656

    کتاب الصوم ( امن پوری)

    (منگل 30 اپریل 2024ء) ناشر : نا معلوم
    #7283 Book صفحات: 387

    روزہ اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ہے نبی کریم ﷺ نے ماہ رمضان اور اس میں کی جانے والی عبادات کی بڑی فضیلت بیان کی ہے ۔روزہ کے احکام و مسائل سے آ گاہی ہر روزہ دار کے لیے ضروری ہے ۔لیکن افسوس روزہ رکھنے والے بیشتر لوگ ان احکام و مسائل سے لاعلم ہوتے ہیں،بلکہ بہت سے افراد تو ایسے بھی ہیں جو بدعات و خرافات کی آمیزش سے یہ عظیم عمل برباد کر لینے تک پہنچ جاتے ہیں ۔ کتبِ احادیث میں ائمہ محدثین نے کتاب الصیام کے نام سے باقاعدہ عنوان قائم کیے ۔ اور کئی علماء اور اہل علم نے رمضان المبارک کے احکام و مسائل اور فضائل کے حوالے سے مستقل کتب تصنیف کی ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’ کتاب الصوم ‘‘ علامہ غلام مصطفیٰ ظہیر امن پوری حفظہ اللہ کی کاوش ہے۔ اللہ تعالیٰ علامہ امن پوری صاحب کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے امت مسلمہ کے لیے نفع بخش بنائے اور ان کی تدریسی، دعوتی ،تحقیقی و تصنیفی مساعی کو قبول فرمائے۔(م۔ا)

  • 257 #7282

    مصنف : غلام مصطفی ظہیر امن پوری

    مشاہدات : 2075

    حجیت حدیث ( امن پوری)

    (پیر 29 اپریل 2024ء) ناشر : نا معلوم
    #7282 Book صفحات: 170

    حدیث کا انکار کرنے سے قرآن کا انکار بھی لازم آتا ہے۔ منکرین اور مستشرقین کے پیدا کردہ شبہات سے متاثر ہو کر مسلمانوں کی بڑی تعداد انکار حدیث کے فتنہ میں مبتلا ہو کر دائرہ اسلام سے نکلنے لگی ۔ لیکن الحمد للہ اس فتنہ انکار حدیث کے رد میں برصغیر پاک و ہند میں جہاں علمائے اہل حدیث نے عمل بالحدیث اور ردِّ تقلید کے باب میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں وہیں فتنہ انکار حدیث کی تردید میں بھی اپنی تمام تر کوششیں صرف کر دیں۔اس سلسلے میں سید نواب صدیق حسن خان، سید نذیر حسین محدث دہلوی،مولانا شمس الحق عظیم آبادی ،مولانا محمد حسین بٹالوی ، مولانا ثناء اللہ امرتسری ، مولانا عبد العزیز رحیم آبادی،حافظ عبداللہ محدث روپڑی، مولانا ابراہیم میر سیالکوٹی ،مولانا داؤد راز شارح بخاری، مولانا اسماعیل سلفی ، محدث العصر حافظ محمد گوندلوی ﷭وغیرہم کی خدمات قابل تحسین ہیں۔اور اسی طرح ماہنامہ محدث، ماہنامہ ترجمان الحدیث ،ہفت روزہ الاعتصام،لاہور ،پندرہ روزہ صحیفہ اہل حدیث ،کراچی وغیرہ کی فتنہ انکار حدیث کے رد میں صحافتی خدمات بھی قابل قدر ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’حجیت حدیث‘‘ علامہ غلام مصطفیٰ ظہیر امن پوری حفظہ اللہ حجیت حدیث کے متعلق تحریر کردہ مختلف مضامین کی کتابی صورت ہے ۔(م۔ا)

  • 258 #7281

    مصنف : ابو عدنان محمد منیر قمر

    مشاہدات : 2252

    فقہ الصلاۃ نماز نبوی مدلل جلد اول ( جدید ایڈیشن)

    dsa (جمعہ 26 اپریل 2024ء) ناشر : توحید پبلیکیشنز، بنگلور
    #7281 Book صفحات: 653

    نماز دین ِ اسلام کا دوسرا رکن ِ عظیم ہے۔ قرآن و حدیث میں نماز کو بروقت اور باجماعت ادا کرنے کی بہت زیادہ تلقین ہے ۔نماز کی ادائیگی اور اس کی اہمیت اور فضلیت اس قدر اہم ہے کہ سفر و حضر ، میدان ِجنگ اور بیماری میں بھی نماز ادا کرنا ضروری ہے ۔نماز کی اہمیت و فضیلت کے متعلق بے شمار احادیث ذخیرۂ حدیث میں موجود ہیں اور بیسیوں اہل علم نے مختلف انداز میں اس پر کتب تالیف کی ہیں ۔ نماز کی ادائیگی کا طریقہ جاننا ہر مسلمان مرد و زن کے لیے ازحد ضروری ہے کیونکہ اللہ عزوجل کے ہاں وہی نماز قابل قبول ہو گی جو رسول اللہ ﷺ کے طریقے کے مطابق ادا کی جائے گی اسی لیے آپ ﷺ نے فرمایا صلو كما رأيتموني اصلي لہذا ہر مسلمان کے لیے رسول اللہ ﷺ کے طریقۂ نماز کو جاننا بہت ضروری ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ فقہ الصلاۃ نماز نبوی مدلل ‘‘ابو عدنان محمد منیر قمر﷾ کی ان تقاریر کا مجموعہ ہے جو انہوں نے متحدہ عرب امارات کی ریاست ام القیوین کے ریڈیو اسٹیشن کی اردو سروس سے نماز کے بارے میں روزانہ نشر ہونے والے پروگرام ’’ دین و دنیا‘‘ میں تقریباً 786 نشستوں میں پیش کیے ۔بعد ازاں مولانا حافظ ارشاد الحق (فاضل مدینہ یونیورسٹی) نے انہیں بڑی محنت سے مرتب کیا ہے ۔یہ کتاب 3؍ ضخیم جلدوں پر مشتمل ہے جو کہ اپنے موضوع میں اردو زبان میں شاید ضخیم ترین کتاب ہے ۔ اس کتاب میں احکام ِطہارت اور نماز کے جملہ احکام و مسائل کو قرآن و حدیث کی روشنی میں تفصیلاً مدلل انداز میں بیان کیا گیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ مصنف کی تمام دعوتی و تبلیغی ، تحقیقی و تصنیفی کاوشوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے ۔(آمین)(م۔ا)

  • 259 #7280

    مصنف : عبد السلام بن برجس آل عبد الکریم

    مشاہدات : 2133

    سلفی دعوت کے اصول

    (جمعرات 25 اپریل 2024ء) ناشر : صوبائی جمعیت اہل حدیث، ممبئی
    #7280 Book صفحات: 74

    ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ دعوت و تبلیع اور اشاعتِ دین کا کام اسی طرح انتہائی محنت اور جان فشانی سے کرے جس طرح خود خاتم النبیین ﷺ اور آپ کے خلفائے راشدین اور تمام صحابہ کرام کرتے رہے ہیں ۔ مگر آج مسلمانوں کی عام حالت یہ ہے کہ اسلام کی دعوت و تبلیغ تو بہت دور کی بات ہے وہ اسلامی احکام پر عمل پیرا ہونے بلکہ اسلامی احکام کا علم حاصل کرنے کے لیے بھی تیار نہیں ہوتے ۔ علما و فضلا اور واعظین و مبلغین پر مزید ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ فریضہ دعوت کو دینی و شرعی ذمہ داری سمجھیں اور دعوت دین کے کام کو مزید عمدہ طریقے سے سرانجام دیں۔ زیر نظر کتاب ’’سلفی دعوت کے اصول ‘‘ فضیلۃ الشیخ عبد السلام بن برجس آل عبد الکریم کے ایک لیکچر کی کتابی صورت ہے شیخ موصوف نے اس میں اس بات کو واضح کیا ہے کہ جو دعوت الی اللہ جسے ہم سلفی دعوت کہتے ہیں وہ دیگر تمام بدعتی دعوتوں سے کچھ اصولوں میں جدا اور ممتاز ہے اور اسے اپنے انہی اصولوں کی بنا پر دوسرے ان فرقوں سے جداگانہ حیثیت حاصل ہے جو صراط مستقیم سے بھٹکی ہوئی ہیں۔ (م۔ا)

  • 260 #7279

    مصنف : حافظ زبیر علی زئی

    مشاہدات : 2392

    مسئلہ ختم نبوت قرآن و حدیث کی روشنی میں

    (بدھ 24 اپریل 2024ء) ناشر : مکتبہ الحدیث، حضرو ضلع اٹک
    #7279 Book صفحات: 251

    مسلمانوں کے عقیدہ کے مطابق ختم نبوت سے مراد یہ ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور آخری رسول ہیں۔ اللہ رب العزت نے آپ ﷺ کو اس جہاں میں بھیج کر بعثت انبیاء کا سلسلہ ختم فرما دیا ہے۔ اب آپ ﷺ کے بعد کوئی نبی مبعوث نہیں ہو گا۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی ختم نبوت کا ذکر قرآن حکیم کی متعدد آیات میں نہایت ہی جامع انداز میں صراحت کے ساتھ کیا گیا ہے۔ زیر نظر کتاب ’’مسئلہ ختم نبوت قرآن و حدیث کی روشنی میں ‘‘محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کے عقیدہ ختم نبوت کے متعلق اور قادیانیوں کے ردّ میں لکھے گئے مضامین کی کتابی صورت ہے ۔ ان مضامین میں حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ نے صحیح احادیث کی روشنی میں عقیدہ ختم نبوت واضح کیا ہے بلکہ قادیانیوں کے اعتراضات و شبہات کا بھی بخوبی جائزہ لیا ہے اور ابطال باطل کیا ہے۔اللہ تعالیٰ حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کی تحقیقی و تصنیفی، دعوتی و تدریسی جہود کو قبول فرمائے اور ان کی مرقد پر اپنی رحمتوں کی برکھا برسائے ۔آمین (م۔ا)

  • 261 #7278

    مصنف : مولوی محمد علی قصوری

    مشاہدات : 1461

    مشاہدات کابل و یاغستان

    (منگل 23 اپریل 2024ء) ناشر : انجمن ترقی اردو کراچی
    #7278 Book صفحات: 170

    مولوی محمد علی قصوری متوفی 1956ء نے انگلستان سے واپس آنے کے بعد 1914ء میں مولانا ابو الکلام آزاد،مولانا عبید اللہ سندھی،حکیم اجمل خان اور دوسرے لیڈروں کے مشورہ سے افغانستان جانے کا فیصلہ کیا ۔جب آپ کابل پہنچے تو قابل کے امیر عبد الرحمن نے آپ کو حبیبہ کالج کا پرنسپل مقرر کر دیا۔آپ نے تعلیمی اصلاحات کا ایک خاکہ بنایا اس کے مطابق ایک نصاب تعلیم تیار کیا۔بعد ازاں امیر عبد الرحمن نے مولانا کو کابل حکومت کا وزیر خارجہ بنا دیا تو میر عبد الرحمن کے بعض حواری مولانا محمد علی قصوری کے اثر و رسوخ سے بہت خائف ہوئے اور انہوں نے مولانا کے خلاف امیر عبد الرحمن کے کان بھرے جس کی وجہ سے مولانا کے لیے کابل میں رہنا مشکل ہو گیا تو آپ جون 1916ء میں یاغستان منتقل ہو گئے۔یاغستان سے آپ ہندوستان آنا چاہتے تھے لیکن کابل کے امیر عبد الرحمٰن کے حواریوں نے آپ کے خلاف ایسا پروپیگنڈہ کیا کہ ہندوستان میں بھی کئی لوگ آپ کے مخالف ہو گئے سرحد کے وزیر عبد القیوم کی کوششوں سے آپ پشاور پہنچے۔ زیر نظر کتاب ’’مشاہدات کابل و یاغستان ‘‘ مو لانا محمد علی قصوری رحمہ اللہ کے اسی سفر کی روداد پر مشتمل ہے۔ (م۔ا)

  • 262 #7277

    مصنف : حافظ شفیق الرحمن زاہد

    مشاہدات : 1961

    ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم کے مجرم

    (پیر 22 اپریل 2024ء) ناشر : الحکمہ انٹر نیشنل
    #7277 Book صفحات: 40

    مسلمانوں کے عقیدہ کے مطابق ختم نبوت سے مراد یہ ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور آخری رسول ہیں۔ اللہ رب العزت نے آپ ﷺ کو اس جہاں میں بھیج کر بعثت انبیاء کا سلسلہ ختم فرما دیا ہے۔ اب آپ ﷺ کے بعد کوئی نبی مبعوث نہیں ہو گا۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی ختم نبوت کا ذکر قرآن حکیم کی متعدد آیات میں نہایت ہی جامع انداز میں صراحت کے ساتھ کیا گیا ہے۔ قرآن حکیم میں متعدد آیات ایسی ہیں جو عقيدہ ختم نبوت کی تائید و تصدیق کرتی ہیں۔ خود نبی اکرم ﷺ نے متعدد متواتر احادیث میں خاتم النبیین کا یہی معنیٰ متعین فرمایا ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ختم نبوت کے مجرم‘‘ فاضل نوجوان حافظ شفیق الرحمٰن زاہد حفظہ اللہ (فاضل جامعہ لاہور الاسلامیہ ، مدیر ’’الحکمۃ انٹرنیشنل،لاہور ) کی کاوش ہے ۔انہوں نے اس کتابچہ میں متعلقہ موضوع پر کتاب و سنت اور تاریخی حقائق کی روشنی میں جامع تجزیہ پیش کیا ہے۔قاری شفیق الرحمٰن صاحب اور ان کے رفقاء ماشاء اللہ بڑی جدوجہد سے اصلاح معاشرہ ، عصری تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کی تعلیم تربیت اور جدید فتنوں کے سد باب کے لیے کوشاں ہیں اللہ تعالیٰ ان کی کاوشوں کو قبول فرمائے اور انکے ادارے کو ترقی کی مزید منازل طے کرنے کی توفیق دے ۔آمین۔(م۔ا)

  • 263 #7276

    مصنف : مفتی شعیب عالم

    مشاہدات : 2350

    حلال و حرام ( چند اہم مباحث)

    (اتوار 21 اپریل 2024ء) ناشر : مکتبہ السنان کراچی
    #7276 Book صفحات: 117

    اللہ تبارک وتعالیٰ نے انسان کو اپنی عبادت کے لیے پیدا فرمایا اور انبیاء و رسل ﷩ کے ذریعے اپنے احکامات ان تک پہنچائے۔اللہ تعالیٰ کے اوامر و نواہی کی پابندی کرنا عین عبادت ہے ۔ منہیات سے بچنا اور حرام سے اجتناب کرنا ایک حدیث کی رو سے عبادت ہی ہے۔ حرام کے اختیار کرنے سے عبادات ضائع ہو جاتی ہیں اور ایک شخص کو مومن و متقی بننے کے لیے حرام کردہ چیزوں سے بچنا ضروری ہوتا ہے اور اسلام نے بہت سی اشیاء کو حرام قرار دیا ہے جن کی تفصیل قرآن و حدیث کے صفحات پر بکھری پڑی ہے۔ بعض علماء نے اس پر مستقل کتب تصنیف کی ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’حلال و حرام چند اہم مباحث ‘‘ مفتی شعیب کی تصنیف ہے ۔انہوں نے اس کتاب میں حلال و حرام کے حوالے سے ریاست کی ذمہ داری ،موضوع سے متعلق حلال تصدیقی اداروں کے کام اور چند ذیلی جزئیات کو موضوع بحث بنایا ہے۔( م۔ا)

  • 264 #7275

    مصنف : مفتی شعیب عالم

    مشاہدات : 1434

    گھریلو تشدد بل کا شرعی جائزہ

    (ہفتہ 20 اپریل 2024ء) ناشر : مکتبہ السنان کراچی
    #7275 Book صفحات: 168

    گھریلو تشدد بل 19؍ اپریل 2021 کو تحریک انصاف کی وفاقی وزیر شیریں مزاری نے قومی اسمبلی میں پیش کیا ۔تو تحریک انصاف کی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ مذہبی حلقے اسے اسلام اور معاشرتی اقدار کے خلاف جبکہ حقوق انسانی کے کارکن گھر کے ہر فرد کے تحفظ کا ضامن ماننے لگے ۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے ایوان بالا میں اس بل کی مخالفت کی اور بل پر اعتراضات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ قانون کا سپیکٹرم بہت وسیع ہے، جس کے غلط استعمال کا اندیشہ ہمیشہ موجود رہے گا۔ مفتی طارق مسعود صاحب نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے قانون کے نافذ ہونے کی صورت میں آنے والی نسلوں کو نقصان کا اندیشہ رہے گا۔ زیر نظر کتاب ’’گھریلو تشدّد بِل کا شرعی جائزہ ‘‘مفتی شعیب عالم صاحب کی تصنیف ہے ۔انہوں اس کتاب کو تین ابواب میں تقسیم کیا ہے ۔ (م۔ا)

  • 265 #7274

    مصنف : غلام مصطفی ظہیر امن پوری

    مشاہدات : 2235

    غیر مسنون نفلی نمازیں

    (جمعہ 19 اپریل 2024ء) ناشر : نا معلوم
    #7274 Book صفحات: 206

    اللہ تعالیٰ کی بندگی کا سب سے بہتر اظہار نماز سے ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ فرض نمازوں کے ساتھ ساتھ نفلی نمازوں کا بھی بکثرت اہتمام کیا کرتے تھے نفلی نمازیں بہت اہمیت کی حامل ہیں حدیث نبوی ﷺ کی رو سے روز قیامت اگر فرائض میں کمی ہوئی تو وہ نوافل سے پوری کر دی جائے گی۔ لہذا ہر مسلمان کو نفل نماز کی ادائیگی کے لیے سعی و کاوش کرنی چاہئے۔ زیر نظر کتاب ’’غیر مسنون نفلی نمازیں‘‘محقق العصر علامہ غلام مصطفیٰ ظہیر امن پوری حفظہ اللہ کی کاوش ہے۔انہوں نے اس کتاب میں تقریبا دو درجن غیر مسنون نمازوں پر علمی ،تحقیقی اور تنقیدی جائزہ پیش کیا ہے۔نیز ان کے علاوہ گمراہ صوفیا کی من گھڑت نمازوں کو بھی پیش کیا ہے ۔ یہ کتاب غیر مطبوعہ ہے افادۂ عام کے لیے اسے کتاب و سنت سائٹ پر پبلش کیا گیا ہے۔ (م۔ا)

  • 266 #7273

    مصنف : مفتی شعیب عالم

    مشاہدات : 2517

    الفاظ طلاق کے اصول

    (جمعرات 18 اپریل 2024ء) ناشر : مکتبہ السنان کراچی
    #7273 Book صفحات: 177

    نکاح کے بعد میاں بیوی دونوں میں سے کوئی ایک یا دونوں ہی یہ محسوس کریں کہ ان کی ازدواجی زندگی سکون و اطمینان کے ساتھ بسر نہیں ہو سکتی اور ایک دوسرے سے جدائی کے بغیر کوئی چارہ نہیں تو اسلام انہیں ایسی بےسکونی و بےاطمینانی اور نفرت کی زندگی گزارنے پر مجبور نہیں کرتا بلکہ مرد کو طلاق اور عورت کو خلع کا حق دے کر ایک دوسرے سے جدائی اختیار کر لینے کی اجازت دیتا ہے ۔لیکن اس کے لیے بھی اسلام کی حدود قیود اور واضح تعلیمات موجود ہیں۔طلاق چونکہ ایک نہایت اہم اور نازک معاملہ ہے اس لیے ضروری ہے کہ پوری طرح غور و فکر کے بعد اس کا فیصلہ کیا جائے ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ الفاظِ طلاق کے اصول ‘‘ماہنامہ بینات،کراچی میں مفتی شعیب عالم صاحب کے گیارہ اقساط میں شائع ہونے والے مضامین کی کتابی صورت ہے ۔ جس میں انہوں نے الفاظِ طلاق سے متعلقہ اصولوں کی تفہیم و تشریح کو تفصیلا ً پیش کیا ہے۔(م۔ا)

  • 267 #7271

    مصنف : سعید بن علی بن وہف القحطانی

    مشاہدات : 3006

    زبان کی تباہ کاریاں ( آفات اللسان)

    (بدھ 17 اپریل 2024ء) ناشر : توحید پبلیکیشنز، بنگلور
    #7271 Book صفحات: 162

    زبان اللہ کی ایک بہت بڑی نعمت ہے ۔ یہ وہ عضو ہے جس کے ذریعہ انسان اپنے احساسات و جذبات کی ترجمانی کرتا ہے انسان اسی کی وجہ سے باعزت مانا جاتا ہے اور اسی کی وجہ سے ذلت و رسوائی کا مستحق بھی ہوتا ہے۔ اس نعمت کی اہمیت کو وہ شخص سمجھ سکتا ہے جس کے منہ میں زبان ہے لیکن وہ اپنا مافی ضمیر ادا نہیں کر سکتا ہے۔اللہ کا فرمان ہے : أَلَمْ نَجْعَلْ لَهُ عَيْنَيْنِ وَلِسَانًا وَشَفَتَيْنِ(سورۃ البلد) ’’ کیا ہم نے اس کے لئے دو آنکھیں اور ایک زبان اور دو ہونٹ نہیں بنایا۔‘‘ سب سے زیادہ غلطیاں انسان زبان سے ہی کرتا ہے۔ لہٰذا عقلمند لوگ اپنی زبان کو سوچ سمجھ کر اور اچھے طریقے سے استعمال کرتے ہیں۔ زبان کو غلط اور بری باتوں سے بچا کر اچھے طریقے سے استعمال کرنا زبان کی حفاظت کہلاتا ہے۔ ہمارے دین اسلام میں زبان کی حفاظت کو بہت اہمیت دی گئی ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ زبان کی تباہ کاریاں ‘‘ شیخ سعید بن علی قحطانی کی عربی کتاب آفات اللسان فی ضوء الکتاب و السنۃ کا ترجمہ ہے۔ ترجمہ کی سعادت مولانا عبد الرحمٰن عامرفاضل مدینہ یونیورسٹی نے حاصل کی ہے ۔ یہ کتاب آفات زبان کے موضوع پر کلام لٰہی اور فرمانِ نبوی اور اقوال سلف صالحین کا شاندار مجموعہ ہے۔انہوں نے اس کتاب میں کتاب و سنت کی روشنی میں زبان کی خرابیوں اور تباہ کاریوں کے سلسلے میں تمام تعلیمات کو ایک خوبصورت لڑی میں پرو کر اس موضوع کا حق ادا کر دیا ہے ۔ (م۔ا)

  • 268 #7270

    مصنف : محمد حنیف یزدانی

    مشاہدات : 1921

    تحریک پاکستان اور علماء اہلحدیث

    (منگل 16 اپریل 2024ء) ناشر : مکتبہ نذیریہ لاہور
    #7270 Book صفحات: 35

    قیامِ پاکستان و تحریک پاکستان میں اہل حدیث قائدین اور علمائے اہل حدیث کی جدوجہد اور خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں ۔تحریک پاکستان میں علمائے اہل حدیث نے جو مثالی کردار ادا کیا وہ تاریخ کا سنہری باب ہے۔مولانا شورش کاشمیری﷫ نے اسی قافلہ آزادی کے علمبرداروں کے بارے میں لکھا تھا کہ چھ لاکھ علمائے اہل حدیث کو تختۂ دار پر لٹکایا گیا تھا۔تحریک پاکستان میں علمائے اہل حدیث کا کردار ایک طویل داستان ہے۔مسلک اہل حدیث کے مختلف رسائل و جرائد میں ’’ تحریک پاکستان میں علمائے اہل حدیث کا کردار‘‘ کے عنوان سے مختلف قلم کار گاہے گاہے لکھتے رہتے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’ تحریک پاکستان اور علماءِ اہل حدیث‘‘ مولانا محمد حنیف یزدانی کی تصنیف ہے انہوں نے اس کتاب میں اس بات کو واضح کیا ہے کہ انگریز کی آمد کے بعد علمائے اہل حدیث نے مذہب و ملت کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں ۔ مذہب و سیاسب کی وہ کون سی تحریک ہے جس میں علمائے اہل حدیث صف اوّل میں نظر نہیں آتے تحریک آزادی ہو یا تحریک پاکستان علمائے اہل حدیث ہر اولین دستہ میں شامل رہے ہیں۔(م۔ا)

  • 269 #7269

    مصنف : الطاف احمد اعظمی

    مشاہدات : 2879

    تفسیر قرآن کے اصول و مسائل

    (پیر 15 اپریل 2024ء) ناشر : حمزہ بکس لاہور
    #7269 Book صفحات: 366

    اصول ِتفسیر ایسے اصول و قواعد کا نام ہے  جو مفسرین قرآن کے لیے نشان ِمنزل کی تعیین کرتے ہیں۔ تاکہ کلام اللہ کی تفسیر کرنے والا ان کی راہ نمائی اور روشنی میں ہر طرح کے ممکنہ خطرات سے محفوظ رہے  اور اس کے منشاء و مفہوم کا صحیح ادراک کر سکے ۔ زیر نظر کتاب ’’ تفسیر قرآن کے اصول و مسائل‘‘ محترم جناب الطاف احمد اعظمی کی تحریر کردہ تفسیر ’’تفسیر میزان  القرآن ‘‘کا مقدمہ ہے جسے  تفسیر قرآن کے اصول و مسائل کے نام سے الگ کتابی صورت میں شائع کیا گیا  ہے۔ فاضل مصنف نے اس کتاب کو پانچ ابواب میں تفسیم کیا ہے۔ باب اول میں وحی کی حقیقت ، قرآن کی وجہ تسمیہ اور اس کے صفاتی اسماء سورتوں کی غیر نزولی ترتیب اور نظم قرآن جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے ہیں ۔ دوسرے باب میں قرآن کے بنیادی علوم، اس کی غایت نزول اس کی زبان ،اس کے اسالیب اس کی مصطلحات ، ظواہر قرآن اور ناسخ و منسوخ جیسے مشکل قرآنی مباحث پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔ تیسرے باب میں ان علمی کوششوں کا تنقیدی جائزہ لیا گیا ہے جو ماضی میں قرآن کی تفسیر و تشریح کے سلسلے میں انجام دی گئی ہیں ۔ چوتھے باب میں اس طریقۂ تفسیر کو بیان کیا گیا ہے  جو تمام علماء کے نزدیک تفسیر کا سب سے عمدہ طریقہ ہے۔ جبکہ باب پنجم کا تعلق تفسیر کے ثانوی ماخذوں سے ہے۔(م۔ا)

  • 270 #7268

    مصنف : ابو عبد الرحمن الاثری

    مشاہدات : 3010

    صبح و شام کے اذکار زندگی کی بہار

    (اتوار 14 اپریل 2024ء) ناشر : دار الفلاح قصور
    #7268 Book صفحات: 8

    قرآن و حدیث میں صبح و شام کے اذکار کی بہت زیادہ فضیلت اور اہمیت بیان کی گئی ہے۔صبح کے وقت کے اذکار پڑھنا بہت بڑی کامیابی کی دلیل ہے جو مسلمان اپنی صبح کا آغاز صبح کے اذکار سے کرتا ہے۔ اس کے لیے شام تک خیر و برکت اور عافیت کے سب دروازے کھول دئیے جاتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ صبح کے اذکار کی برکت سے اپنے بندے کو سارا دن بڑے بڑے خطرناک نقصانات سے محفوظ فرما لیتے ہیں۔ زیر نظر کتابچہ ’’ صبح و شام کے اذکار زندگی کی بہار‘‘فضیلۃ الشیخ عبد الرحمٰن علی الاثری حفظہ اللہ کا مرتب شدہ ہے اس میں صبح و شام کے مستند اذکار اور ان کے فضائل و فوائد کو بڑے خوبصورت انداز میں مع اردو ترجمہ بحوالہ جمع کیا گیا ہے۔(م۔ا)

  • 271 #7267

    مصنف : ابو عدنان محمد منیر قمر

    مشاہدات : 2347

    شراب کی حرمت و مذمت

    (ہفتہ 13 اپریل 2024ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7267 Book صفحات: 197

    شراب اور نشہ آور اشیاء معاشرتی آفت ہیں جو صحت کو خراب، خاندان کو برباد کر ڈالتی ہے۔شراب نے جتنی تیزی سے اور جتنی گہرائی تک اپنی جڑیں پھیلائی ہیں اس کا اندازہ اس سے کیا جا سکتا ہے کہ تمام عالمی مذاہب نے اس کے استعمال کو ممنوع قرار دیا ہے۔دین ِ اسلام میں اللہ تعالیٰ نے دنیا میں انسان کے لیے شراب کے استعمال کو حرام قرار دیا ہے اور رسول اللہ ﷺ نے اس کے استعمال کرنے والے پر حد مقرر کی ہے یہ سب اس مقصد کے تحت کیا گیا کہ مسکرات یعنی نشہ آور چیزوں سے پیدا شدہ خرابیوں کو روکا جائے ان کے مفاسد کی بیخ کنی اور ان کے مضمرات کا خاتمہ کیا جائے ۔کتبِ احادیث و فقہ میں حرمت شرات اور اس کے استعمال کرنے پر حدود و تعزیرات کی تفصیلات موجود ہیں ۔ اور بعض اہل علم نے حرمت شراب پر مستقل کتب تصنیف کی ہیں ۔شراب کے نجس و طاہر ہونے میں اہل علم کے اقوال مختلف ہیں ۔اور اسی طرح شراب سے علاج کے بارے میں بھی علماء کا اختلاف ہے۔ زیر نظر کتاب ’’شراب کی حرمت و مذمت‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر ﷾ کے متحدہ عرب امارات کے ام القیوین ریڈیو سٹیشن سے اردو پروگرام میں روزانہ نشر ہونے والی تقاریر کا مجموعہ ہے۔جسے افادۂ عام کے لیے جناب مولانا غلام مصطفیٰ فاروق نے کتابی صورت میں مرتب کیا ہے۔اس کتاب میں مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر صاحب نے اس بات کو واضح کیا ہے کہ شراب کا پینا حرام ہے اور اس کا چھونا باعث نجاست ہے ۔کیونکہ وہ بداتہ نجس و ناپاک ہے ۔ (م۔ا)

  • 272 #7266

    مصنف : ابو عبد الرحمن الاثری

    مشاہدات : 2440

    صحیح اور مستند صبح و شام کے اذکار زندگی کی بہار

    (جمعہ 12 اپریل 2024ء) ناشر : دار الفلاح قصور
    #7266 Book صفحات: 8

    قرآن و حدیث میں صبح و شام کے اذکار کی بہت زیادہ فضیلت اور اہمیت بیان کی گئی ہے۔صبح کے وقت کے اذکار پڑھنا بہت بڑی کامیابی کی دلیل ہے جو مسلمان اپنی صبح کا آغاز صبح کے اذکار سے کرتا ہے۔ اس کے لیے شام تک خیر و برکت اور عافیت کے سب دروازے کھول دئیے جاتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ صبح کے اذکار کی برکت سے اپنے بندے کو سارا دن بڑے بڑے خطرناک نقصانات سے محفوظ فرما لیتے ہیں۔ زیر نظر کتابچہ ’’ صحیح اور مستند صبح و شام کے اذکار زندگی کی بہار‘‘فضیلۃ الشیخ عبد الرحمٰن علی الاثری حفظہ اللہ کا مرتب شدہ ہے اس میں صبح و شام کے مستند اذکار اور ان کے فضائل و فوائد کو بڑے خوبصورت انداز میں مع اردو ترجمہ بحوالہ جمع کیا گیا ہے۔(م۔ا)

  • 273 #7265

    مصنف : عبدالقہار محسن

    مشاہدات : 3542

    عمیق النظر اردو ترجمہ شرح نخبۃ الفکر

    (جمعرات 11 اپریل 2024ء) ناشر : دار الخلود کامونکی
    #7265 Book صفحات: 162

    اصولِ حدیث پر حافظ ابن حجر عسقلانی﷫ کی سب سے پہلی اور اہم تصنیف نخبة الفکر فی مصطلح أهل الأثر ہے جو علمی حلقوں میں مختصر نام نخبة الفکر کے نام سے جانی جاتی ہے اور اپنی افادیت کے پیش نظر اکثر مدارس دینیہ میں شاملِ نصاب ہے۔ اس مختصر رسالہ میں ابن حجر نے علومِ حدیث کے تمام اہم مباحث کا احاطہ کیا ہے ۔حدیث اور اصول میں نخبۃ الفکر کو وہی مقام حاصل ہے جو علمِ لغت میں خلیل بن احمد کی کتاب العین کو ۔مختصر ہونے کے باوجود یہ اصول حدیث میں اہم ترین مصدر ہے کیونکہ بعد میں لکھی جانے والی کتب اس سے بے نیاز نہیں ۔حافظ ابن حجر  نے ہی اس کتاب کی نزهة النظر فی توضیح نخبة الفکر فی مصطلح أهل الأثر کے نام سے شرح لکھی جسے متن کی طرح قبول عام حاصل ہوا۔ اور پھر ان کے بعد کئی اہل علم نے عربی اردو زبان میں نخبۃ الفکر کی شروح لکھی ۔ زیر نظر کتاب ’’عمیق النظر اردو ترجمہ شرح نخبۃ الفکر‘‘امام ابن حجر رحمہ اللہ کی نخبۃ الفکر کی تحریر کردہ شرح بعنوان نزهة النظر فی توضیح نخبة الفکر فی مصطلح أهل الأثر کا اردو ترجمہ ہے۔ حافظ عبد القہار محسن صاحب نے یہ سلیس ترجمہ کرنے کی سعادت حاصل کی ہے اور حتی المقدور آسان فہم انداز میں سمجھانے کی کوشش کی ہے۔ کتاب کے آخر میں وفاق المدارس السلفیہ کے پانچ سالوں کے سوالات کے جوابات کی طرف اشارہ کر کے کتاب کو طلبہ و طالبات کے لیے مفید کار بنا دیا ہے۔(م۔ا)

  • 274 #7264

    مصنف : عبد الرحمٰن بن عبد اللہ السند

    مشاہدات : 1284

    تحفظ توحید اور شرک سے آگاہی سے متعلق مملکت سعودی عرب کی گرانقدر خدمات

    (بدھ 10 اپریل 2024ء) ناشر : نا معلوم
    #7264 Book صفحات: 65

    سعودی عرب توحید کا علمبردار ملک اور خالص اسلام کا آہنی قلعہ ہے۔توحید اور منہج کتاب و سنت اس ملک کا طرۂ امتیاز ہے۔یہ مملکت اپنے آغازِ قیام سے لیکر اب تک توحید اور کتاب و سنت کے منہج پر گامزن ہے۔لہذا بت پرستانہ عقائد، غیراللہ کی عبادت اور انکے نام پر قربانی، نذر و نیاز جیسی شرک جلی پر مبنی عقائد، اوہام و خرافات، بدعات و ضلالات کو کہیں جائے پناہ نہیں،دنیا کی کوئی طاقت انہیں انکے مشن اور اصولوں سے نہیں ہٹا سکتی،شرک و بدعت کے لیے یہ حکومت زہر ہلاہل ہے۔سلف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انھوں نے پورے ملک کو خیر و تقوی اور امن و امان کا گہوارہ بنا دیا ہے۔ زیر نظر کتاب شیخ عبد الرحمن بن عبد اللہ السند کی تصنیف جهود المملكة العربية السعودية في صيانة جناب التوحيد کا اردو ترجمہ ہے۔اس کتاب میں انہوں نے تحفظ توحید اور شرک سے آگاہی سے متعلق حکومت سعوی عرب کی گرانقدر خدمات کو پیش کیا ہے۔(م۔ا)

  • 275 #7272

    مصنف : نگہت ہاشمی

    مشاہدات : 4458

    قرآناً عجباً سوالاً جواباً: پارہ 01

    dsa (پیر 11 مارچ 2024ء) ناشر : النور پبلی کیشنز/النور انٹرنیشنل
    #7272 Book صفحات: 231

    قرآن مجید کے معجزاتی پہلوؤں میں ایک پہلو یہ ہے کہ ہر دور کی ضروریات اور تقاضوں کے مطابق مختلف اسالیب اور پیرایوں میں اس کی تفاسیر،ترجمہ ،معانی ،تفہیم، و تسہیل کا اور تدریس و تعلیم کے لیے علوم عالیہ وغیرہ کی مدد سے اس پر نصاب سازی کا کام ہوتا رہا ہے۔ اور یہ مبارک سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔ خوش بخت اور عالی قدر ہیں وہ نفوس جنہیں اس خدمتِ عالیہ میں حظ اٹھانے کا موقع ملا۔ عصر حاضر میں قرآن مقدس کو عام فہم انداز میں لوگوں کے سامنے پیش کرنے کے لیے خانوں میں ترجمے ،رنگوں اور علامات کے ذریعے ترجمہ پیش کرنے نیز اس کے فہم میں مزید دلچسپی پیدا کرنے کے لیے عربی زبان اور اس کے قواعد پر مشتمل نصاب سازی کے اسالیب اپنائے جا رہے ہیں ۔اس سلسلے میں کئی اہل علم نے تعلیم و تدریس اور تصنیف کے ذریعے کوششیں اور کاوشیں کیں۔فہم قرآن کے سلسلے میں الہدیٰ انٹرنیشنل، النور انٹرنیشنل ڈاکٹر اسرار، قرآن انسٹیٹیوٹ،اسلامک انسٹیٹیوٹ،دارالفلاح ،لاہور وغیرہ اور بالخصوص مولانا عطاء الرحمن ثاقب شہید کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ قرانا عجبا سوالاً جواباً پارہ 01 ‘‘ خواتین کی تعلیم و تربیت کے معروف ادارے النور انٹرنیشنل کی بانی و سرپرست محترمہ ڈاکٹر نگہت ہاشمی صاحبہ کی مرتب شدہ ہے ۔انہوں نے اسے سوال و جواب کی صورت مرتب کرنے کی کوشش کی ہے ۔ ہر آیت کے اہم پہلوؤں کو سوال کی صورت میں اٹھایا ہے اور نکات کی صورت میں ان کا جواب قرآن حکیم ہی سے لینے کی کوشش کی ہے ۔کیونکہ سوال و جواب کے انداز میں سیکھنا زیادہ آسان ہو جاتا ہے ۔ انسان کو سوالوں کے جواب مل جائیں تو اطمینان ہو جاتا ہے اور دل جمتا ہے ۔قرآن کو اس انداز میں پڑھ کر ہر وہ شخص فائدہ اٹھا سکتا ہے جو قرآن کے راستے کا مسافر بننا چاہتا ہے ۔(م۔ا)

< 1 2 ... 8 9 10 11 12 13 14 ... 277 278 >

ایڈ وانس سرچ

اعدادو شمار

  • آج کے قارئین 80921
  • اس ہفتے کے قارئین 200898
  • اس ماہ کے قارئین 80921
  • کل قارئین121200128
  • کل کتب8999

موضوعاتی فہرست