امت مسلمہ کے ہر فرد کے لیے ضروری ہے کہ وہ بغیر کسی مسلکی تفریق کے اپنے دامن کو بدعتی خرافات سے پاک رکھے- لیکن بدقسمتی سے مسلکی جکڑبندیوں کی وجہ سے بہت سے مسلمان بدعات کو سنت کا نام دے کر ان پر عمل پیرا ہیں-زیر نظر کتاب میں بدعت کیاہے ؟ اور یہ سنت سے کس طرح مختلف ہے؟ جیسے سوالات کا تفصیلی جواب دیا گیاہے- مصنف نے ہمارے ہاں پائی جانے والی معاشرتی بدعات کا تفصیلی تذکرہ کرتے ہوئے بدعات سے دامن بچا کر سنت کو اختیار کرنے کی انتہائی آسان راہ دکھائی ہے-کتاب کے آخر میں صوفیاء کی نظر میں بدعات کیا مقام رکھتی ہیں کا حقائق کی روشنی میں تجزیہ کیا گیا ہے-
ایک شخص نہایت مایوسی اور ناامیدی کی کیفیت میں مبتلا ہے اوروہ اپنے تائیں اپنی دنیا وعاقبت دونوں کو برباد کرچکا ہے ایسے شخص کےلیے علامہ ابن قیم ؒ نے ''الجواب الکافی ممن سأل عن الدوائے شافعی'' تحریر کی - مایوس اور ناامید افراد معاشرہ کو بامقصد زندگی گزارنے کا پیغام دیا - زیر مطالعہ کتاب دراصل اس کتاب کا اردو قالب ہے اس میں علامہ موصوف نےقرآن وحدیث اور آثار صحابہ کی روشنی میں تعلق بااللہ کی استواری اور استحکام کیلئے دعا کی اہمیت واضح کی اعلی اخلاق سے دوری کے نتیجے میں انسان جن خرابیوں اور گناہوں کاشکار ہوجاتاہے ان سے بچنے کی تلقین ،توبہ واستغفار کی اہمیت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ ایک مسلمان کو اپنی دنیا وآخرت سنوارنے کےلیے کیا کرنا چاہیے اس کی جانب توجہ دلائی -کتاب کے آخر ی حصہ میں عشق سے متعلقہ مباحث کو تفصیل کےساتھ قلمبند کیا گیاہے اور اس کی اثر آفرین سے بچنے اور حب الہی کی جانب متوجہ ہونے کی دعوت دی گئی ہے المختصریہ کتاب دینی واخلاقی برائیوں کےتدارک پر مشتمل ایک دلچسپ اور ہر طرح سے مکمل ہے-
ہمارے بہت سارے نام نہاد دانشور ایک عرصے سے اس بات کا اعلان کرتے چلے آرہے ہیں کہ بسنت ایک خالص موسمی اور علاقائی تہوار ہے جس کا مذہب کے ساتھ دور کا بھی تعلق نہیں ہے- اس دعوے کی حقیقت کیا ہے آئیے ملاحظہ کرتے ہیں مولانا اختر صدیق صاحب کی اس کتاب میں-مولانا نے کتاب کے شروع میں بسنت کا مکمل تعارف کرواتے ہوئے بسنت کی ابتدا اور تاریخ پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے جس سے ثابت ہوجاتا ہے کہ یہ خالص ہندوانہ مذہبی تہوار ہے جو کہ گستاخ رسول ''حقیقت رائے'' کی یاد میں منایا جاتا ہے-بسنت نے پاکستانیوں کی زندگی میں کیا گل کھلائے ہیں اوراس کی وجہ سے انہیں کس قدر جانی ومالی نقصان برداشت کرنا پڑا اس کی تفصیل بھی آپ کو اس کتاب میں پڑھنے کوملے گی-کتاب کے آخر میں بسنت کے حق میں دلائل کا مختصر جائزہ پیش کرتے ہوئے بسنت کے خلاف عوام الناس کے بیانات کو قلمبند کیا گیا ہے-
زیر نظر کتاب ''پاکستان میں انٹیلی جنس ایجنسوں کا سیاسی کردار''اپنی نوعیت کی پہلی اور اہم کتاب ہے جس میں پاکستان کے معروف صحافی منیر احمد نے خفیہ سروس کے ادارے کی خامیوں اور خوبیوں کو لوگوں کے سامنے پیش کرتے ہوئے ایسے حکمرانوں کا تذکرہ کیا ہے جنہوں نے خفیہ اداروں کا غلط استعمال کیا- کتاب میں ایسے خفیہ ہاتھوں کو بھی بے نقاب کیا گیا ہے جن کے ہاتھوں میں ہمارے سیاستدان کٹھ پتلیاں بنے ہوئے ہیں-اس کے علاوہ آپ کو اس کتاب میں بھٹو نے خفیہ اداروں کو سیاسی مقاصد کے لیے کس طرح استعمال کیا اور قائد اعظم سے آج تک خفیہ ادارے کس حد تک ملک کے سیاہ وسفید کے مالک رہے، کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے- کتاب کے مطالعے سے آپ کو قدم قدم پر ایسے حیرت انگیز اور چشم کشا انکشافات ملیں گے جن سے آپ کبھی بھی واقف نہ تھے-
بریلوی مکتبہ فکر کے حکیم الامت مفتی اعظم احمد یار گجراتی نے بریلوی شریعت پر ایک ضخیم کتاب جاء الحق وزہق الباطل نامی تحریر کی جو کہ ان کے حلقہ فکر کے نزدیک انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے واعظین، خطباء و مفتیان عظام کا مبلغ علم اور معیار تحقیق یہی کتاب ہے جس میں بدعات اور خرافات ہفوات کو ایک جگہ جمع کر کے کتاب و سنت کے واضح نصوص کی تحریف کر کے شریعت مطہرہ کے صاف و شفاف پانی میں بدعات و رسومات کی ناپاک ملاوٹ کی ناکام کوشش کی ہے۔ دین الحق کے مطالعے سے قارئین اندازہ کر سکیں گے کہ فاضل مصنف محمد داؤد ارشد نے ان کی پیش کردہ بدعات کے سامنے کتاب و سنت کے نصوص کا کیسا مضبوط بند باندھ دیا ہے۔ مصنف نے مفتی صاحب کی پیش کردہ ہر دلیل پر عالمانہ و محققانہ تبصرہ پیش کیا ہے اور ناقدانہ تعاقب کیا ہے اس کے ساتھ جو صحیح حقیقت ہے اس کو کتاب و سنت کی روشنی میں واضح کیا ہے اور فی الواقع بیان کرنے کا حق ادا کر دیا ہے۔ بلاشبہ ان کی یہ کاوش بدعت کے رد اور کتاب و سنت کے دفاع میں سنگ میل ثابت ہوگی۔
زیر نظر مختصر کتابچہ فاضل مصنف نے دین اسلام کی عورتوں کے حوالے سے قدردانی کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا گیا ہے۔ جس میں انتہائی اختصار سے کام لیتے ہوئے طہارت سے متعلقہ خواتین کے چند مخصوص مسائل کا جائزہ لیا گیا ہے۔ جو کہ عوامی محفل میں اشارۃ و کنایۃ اور شاذ و نادر ہی بیان کئے جاتے ہیں۔ حالانکہ ان مسائل کا جاننا انتہائی اشد ضروری ہے تاکہ طہارت و پاکیزگی کی تکمیل ہو سکے، کیونکہ طہارت ہی عبادت کی کنجی ہے۔
بچے کو ایک اچھا انسان اور خاص طور پر ایک اچھا مسلمان بنانے کے لیے اس کی نیک اور صالح تربیت انتہائی ضروری ہے تاکہ وقت کے ساتھ ساتھ نہ صرف وہ معاشرے کی تعمیر وترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے بلکہ اسلامی طرز حیات اپناتے ہوئے دنیا وآخرت میں سرخرو ہو سکے- زیر نظر کتاب میں مصنف اسی موضوع کو تفصیل کے ساتھ زیر بحث لائے ہیں – کتاب کی سات ابواب میں تقسیم کی گئی ہے جن میں بچے کی اولاد سے قبل کی ضروریات اور ولادت کے بعد اسلامی آداب کا تذکرہ کیا گیا ہے، پھر طبی اور نفسیاتی اعتبار سے بچوں کی کچھ مشکلات اور عوارض کا ذکر ملتا ہے کتاب کے چوتھے باب میں بچوں کے حفظان صحت کے اسلامی اصول بیان کیے گئے ہیں- پانچویں باب میں بچے کی اخلاقی، معاشرتی اور جنسی تربیت کے بارے میں اسلامی نقطہ نظر کو واضح کیا گیا ہے-جبکہ آخری ابواب میں بچے کی تربیت پر اثر انداز ہونے والے عوامل، بچوں کے بگاڑ اور ان کی اصلاحی تدابیر کے بارے میں عمدہ لوازمہ پیش کیا گیا ہے-
شيطان کے بارے میں مختلف ادیان ومذاہب میں مختلف تصورات پائے جاتے ہیں- کہیں اسے دیوتا کا مقام حاصل ہے تو کہیں نفس امارہ اور خواہش شر کی حیثیت سے دیکھا جاتاہے خود مسلمانوں میں بھی کچھ لوگ ایسے ہیں جو اس کے وجود کے انکاری ہیں- شیطان کیا ہے؟ اسے کیوں پیدا کیا گیا؟ اس کا انسان کے ساتھ کیا تعلق ہے ؟کیا شیطان ہر انسان کےساتھ ہوتا ہے؟شیطان انسان کو کیسے گمراہ کرتا ہے؟ اوراس سے بچاؤ کی کیا احتیاطی تدابیر ہوسکتی ہیں؟ کتاب ہذا میں ان تمام سوالوں کے جواب قرآن وسنت کی روشنی میں انتہائی سادہ انداز میں دئیے گئے ہیں- علاوہ ازیں فلسفہ خیر وشر، دنیا میں ہونے والی برائیوں میں شیطان کا کردار، اور خود انسان کے ارادہ و اختیار کی نوعیت وغیرہ پر بھی سیر حاصل بحث کی گئی ہے اس سلسلہ میں بہت سے گمراہانہ عقائد کا رد بھی کتاب ہذا کی زینت ہے-
اسلام ایک دین فطرت ہے جو ہر انسان کو شریعت کے تابع رہتے ہوئے تمام فطری تقاضوں کو پورا کرنے کی اجازت دیتا ہے- انسان کے اندر چونکہ مزاح اور خوش طبعی کا فطری میلان پایا جاتا ہے اس لیے دین اسلام میں شرعی حدود وقیود کے اندر رہتے ہوئے اس پر کسی قسم کی کوئی قدغن نہیں لگائی بلکہ اس کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ہے -لیکن بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں مزاح اور ہنسی کے نام پر ایسے رسائل وجرائد دستیاب ہیں جو یا تو انتہائی فحش ہیں یا پھر جھوٹ سے بھرے ہیں اس لیے زیر مطالعہ کتاب میں مصنف نے اسلام کے اندر تصور مزاح پر اپنی معروضات پیش کرتے ہوئے تاریخ انسانی سے ایسے معتبر اور معیاری واقعات جمع کر دئیے ہیں جنہیں پڑھ کر یقیناً آپ کے چہرے پر مسکراہٹ بکھر جائے گی
موجودہ مسلم معاشروں میں ایسے محرمات کا ارتکاب عام ہوگیا ہے جو اللہ تعالی کے ہاں سخت ناپسندیدہ اور مہلک ہیں- طرفہ تماشہ یہ ہے کہ ان گناہوں کو نہ صرف یہ کہ انتہائی معمولی خیال کیا جاتا ہے بلکہ ان کے جواز کے فتوے بھی جڑے جاتے ہیں- زیر مطالعہ کتاب میں ایسے ہی برے اعمال کے ہولناک نتائج پر بالتفصیل روشنی ڈالی گئی ہے- مصنف نے غیر اللہ کے نام کی قسم اٹھانا،نماز میں ترک اطمینان، لواطت، بیوی سے دوران حیض مباشرت، دیوثیت، سود خوری، کپڑا ٹخنوں سے نیچے لٹکانا اور پڑوسیوں سے بدسلوکی جیسے دیگر درجنوں مسائل کی اصل حقیقت بیان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان گناہوں کو اختیار کرنے کی وجہ سے ہم ایک انتہائی ہولناک اور نہ ختم ہونے والے عذاب کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں-
یہ کتاب معروف امریکی دانشور اور صحافی ولیم بیلم کی تہلکہ مچا دینے والی کتاب روگ سٹیٹ کا اردو ترجمہ ہے جس میں مصنف نے بے شمار حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ امریکہ جو بظاہر جمہوریت اور انسانی حقوق کا علمبردار بنا بیٹھا ہے اصل میں وہ ودونوں کا قاتل ہے- مصنف کا کہنا ہے کہ اب تک لاکھوں معصوم انسان امریکی مفادات اور مظالم کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں- افغانستان ہو ویتنام ہو یا عراق ہر جگہ پر امریکہ کے ہاتھ انسانی خون سے رنگے ہوئے نظر آتے ہیں، امریکہ کی خفیہ ایجنسیاں نہ صرف سربراہان کو قتل کرا رہی ہیں، حکومتوں کے تختے الٹ رہی ہیں بلکہ اپنی خفیہ سازشوں کے ذریعے بڑی آسانی کے ساتھ ملکوں کا سیاسی نقشہ بھی تبدیل کر رہی ہیں- کتاب میں موجود ایک ایک لفظ چونکا اور لرزا دینے والا ہے جس سے امریکہ کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے-
مصنف نے اس کتاب میں معاشرتی برائیوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے ہر کی قباحت اور شرعی حکم کو بیا ن کیا ہے- ان معاشرتی بداخلاقیوں اور کبیرہ گناہوں کو مختلف ابواب کے تحت بیا ن کیا ہے-مصنف نے کتاب کو موضوعات کے اعتبار سے سات مختلف ابواب میں تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ ہر باب کو مختلف فصول میں تقسیم کیا ہے-مصنف نے اپنی کتاب میں جن موضوعات کا احاطہ کیا ہے وہ اجمالا درج ذیل ہیں:حیا کی فضیلت و اہمیت،شرک و تکبیر سے اجتناب،زبان کی حفاظت،جھوٹ وغیبت سے اجتناب اور نقصانات،گالی گلوچ سے اجتناب،پردے کا احکام،حرام مال سے اجتناب،حرام مال کے مختلف ذرائع،مدارس کے مال اور مختلف خیراتی اداروں کے مال کو خرچ کرنے میں احتیاط کو مدنظر رکھنا،دنیا کی محبت ،مال کی محبت اور بخل سے اپنے آپ کو بچانے کی ضرورت واہمیت،سخاوت اور مہمان نوازی کی اہمیت وفضیلت،بغض وعداوت سے بچتے ہوئے تزکیہ نفس کی ضرورت واہمیت کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ اس چیز پر زور دیا گیا ہے کہ انسان کو ہروقت اپنی موت کو یاد رکھنا چاہیے-اس کے علاوہ بے شمار شاندار موضوعات کو زیر بحث لایا گیا ہے-
اولاد خدا تعالی کی جانب سے عطاء کردہ ایک ایسی نعمت غیر مترقبہ ہے جس کی حقیقی قدر وہی لوگ محسوس کر سکتے ہیں جو اس نعمت سے محروم ہوں- اولاد کو خدا تعالی نے والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک اور سکون کا ذریعہ بنایا ہے – لیکن ہمارے معاشرے میں جہاں دیگر انسانی اقدار میں اتار چڑھاؤ کی کیفیت پیدا ہو رہی ہے وہاں ہم دیکھتے ہیں کہ والدین اور اولاد کے مابین خلیج اور فاصلہ بڑھتا جا رہا ہے-آخر کیا وجہ ہے کہ ہمیں اپنی اولادوں میں اس طرح کا رویہ دیکھنے میں نہیں آ رہا جس کی ہم ان سے توقع کرتے ہیں اور کیا وجہ ہے کہ بچے اپنے والدین کی نافرمانی پر تلے ہوئے ہیں؟ زیر نظر کتاب میں الشیخ ابو یاسر نے کتاب وسنت کے براہین کی مدد سے اسی موضوع کی تفصیلی وضاحت کرتے ہوئے بچے کے نافرمان ہونے میں والدین کے کردار کو زیر بحث لائے ہیں- اس کے ساتھ ساتھ فاضل مصنف نے آسان فہم انداز میں صرف صحیح احادیث اور موجودہ دور کے چند چشم کشا واقعات کی روشنی میں اولاد کو نیک اور والدین کی آنکھوں کا سرور بنانے کے اصول بیان کیے ہیں- اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی اولاد دنیا اور آخرت میں آپ کے لیے سود مند ثابت ہو تو اس کتاب کا ضرور مطالعہ فرمائیے-
عقائد کے باب میں جس طرح ایمان باللہ اور ایمان بالرسل کو اہم حیثیت حاصل ہے اسی طرح ایمان بالملائکہ کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا- لیکن ہمارے ہاں اس موضوع پر بہت کم لٹریچر ایسا موجود ہے جو فرشتوں سے متعلق صحیح رخ کی نشاندہی کرتا ہویہی وجہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں ان لوگوں کی گمراہ کن فکر پروان چڑھ رہی ہے جو فرشتوں کے وجود کے سرے سے قائل ہی نہیں ہیں- زیر مطالعہ کتاب میں مبشر حسین لاہوری نے اپنے مخصوص انداز میں فرشتوں کی دنیا سے متعلق تمام حقائق سپرد قلم کر دئیے ہیں- فاضل مؤلف نے کتاب کے نو ابواب میں فرشتوں کا تعارف، فرشتوں کو عطاء کردہ قدرت، ان کی صفات واخلاق، اور مشہور فرشتوں کی ذمہ داریوں سے آگأہ کرتے ہوئے اہل ایمان کے ساتھ فرشتوں کے تعلق کی نوعیت واضح کی ہے- اس کے علاوہ کتاب وسنت کے صریح دلائل کی روشنی میں منکرین ملائکہ کے شبہات واعتراضات کا بھی کافی و شافی جواب دیا گیا ہے-
دین اسلام میں ذکر الہی کو بڑی اہمیت حاصل ہے اور انسان کا اللہ تعالی سے تعلق کو گہرے کرنے والی سب سے بنیادی چیز بھی ذکر الہی ہے-مصنف نے اپنی کتاب میں ذکر کے معنی ومفہوم کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ ذکر کی اہمیت ،ذکر کا طریقہ کار،ذکر کی مختلف اقسام،ذاکر کی فضیلت اور ذکر کے فوائد وثمرات کو بڑی تفصیل سے بیان کیا ہے-اس کے ساتھ ساتھ یہ واضح کیا ہے کہ ذکر کی سب سے بہترین صورتیں کون سی ہو سکتی ہیں اور ذکر الہی سے انسان کس طرح گناہوں سے بچ کر نیکیوں میں سبقت حاصل کرتا ہے-ذکر الہی چونکہ عبادت ہے تو مصنف نے اس چیز کو بھی تفصیل سے بیا ن کیا ہے کہ ذکر الہی کے آداب وتقاضے کیا ہیں،محفل ذکر کی اللہ تعالی کے ہاں کتنی فضیلت ہے اور ذکر کرنے والوں کو اللہ تعالی کیا کیا انعامات سے نوازتے ہیں اور ذکر کرنے سے جنت میں درجات کیسے بڑھتے ہیں-
مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے- مصنف نے اپنی کتاب کو ارکان خمسہ کے اعتبار سے پانچ حصوں میں تقسیم کیا ہے اور ہر ایک حصے میں الگ الگ ایک ایک رکن اسلام پر مدلل او رتفصیلی گفتگو کی ہے-پہلے حصے میں حقیقت توحید کو بیان کرتے ہوئے ایمان اور عمل صالح کی یکجائی کو حسن کمال کے ساتھ بیان کیا گیا ہے-حقیقت التوحید میں خدا، کائنات اور فطرت کو موضوع بنایا گیا ہے جبکہ دوسرا حصہ حقیقت صلوۃ پر مشتمل ہے جس میں یہ واضح کیا ہے کہ اسلام کے نظام صلوۃ میں مرکزی حیثیت انسان کو حاصل ہے-حقیقت صلوۃ میں مولانا نے مسائل صلوۃ کی بجائے نماز جس جوہر بندگی اور حقیقت عبدیت کا مظہر ہے، اس کی طرف اس انداز سے توجہ دلائی ہے کہ مسلمان ہونے کا حقیقی مطلب لائق فہم ہوجاتا ہے-تیسرا حصہ حقیقت زکوۃ پر مشتمل ہے جس میں اسلام کے نظام زکوۃ کی افادیت پر زور دیا ہے-چوتھے حصے میں حقیقت صایم کی وضاحت کرتے ہوئے صیام کے بارے میں جو اسلامی تصور پیش کیا گیا ہے، کی مکمل وضاحت کرتے ہوئے زکوۃ کی قانونی ہیئت پر بھی عام اسلوب سے ہٹ کر مجتہدانہ انداز سے گفتگو کی ہے-پانچویں حصے میں حقیقت حج پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے جس میں حج کے موضوع پر لکھے جانے والے سارے لٹریچر سے نہ صرف یہ کہ منفرد ہے بلکہ اس میں حج کے عمل کو عظیم روحانی تناظر میں رکھ کر دیکھا گیا ہے-
مصنف نے اس کتاب میں معاشرتی برائیوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے ہر کی قباحت اور شرعی حکم کو بیا ن کیا ہے- ان معاشرتی بداخلاقیوں اور کبیرہ گناہوں کو مختلف ابواب کے تحت بیا ن کیا ہے-مصنف نے کتاب کو موضوعات کے اعتبار سے سات مختلف ابواب میں تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ ہر باب کو مختلف فصول میں تقسیم کیا ہے-مصنف نے اپنی کتاب میں جن موضوعات کا احاطہ کیا ہے وہ اجمالا درج ذیل ہیں:حیا کی فضیلت و اہمیت،شرک و تکبیر سے اجتناب،زبان کی حفاظت،جھوٹ وغیبت سے اجتناب اور نقصانات،گالی گلوچ سے اجتناب،پردے کا احکام،حرام مال سے اجتناب،حرام مال کے مختلف ذرائع،مدارس کے مال اور مختلف خیراتی اداروں کے مال کو خرچ کرنے میں احتیاط کو مدنظر رکھنا،دنیا کی محبت ،مال کی محبت اور بخل سے اپنے آپ کو بچانے کی ضرورت واہمیت،سخاوت اور مہمان نوازی کی اہمیت وفضیلت،بغض وعداوت سے بچتے ہوئے تزکیہ نفس کی ضرورت واہمیت کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ اس چیز پر زور دیا گیا ہے کہ انسان کو ہروقت اپنی موت کو یاد رکھنا چاہیے-اس کے علاوہ بے شمار شاندار موضوعات کو زیر بحث لایا گیا ہے-
ہر انسان اپنی دنیاوی زندگی کو بہترین اور حسین انداز میں گزارنا چاہتا ہے جس میں نہ معاشی پریشانیاں ہوں اور نہ ہی معاشرتی اور بداخلاقی پر مبنی برائیاں ہوں-ہر طرف سے سکون واطمینان کے ساتھ اس کے شب وروز بسر ہوں-مصنف نے ایسی ہی مطمئن اور باسلیقہ زندگی گزارنے کے لیے ان شرعی اصولوں کا تذکرہ کیا ہے جن کا تعلق انسانی زندگی کی خوشحالی کے ساتھ ہے-مصنف نے جن اصولوں کو بیان کیا ہے ان میں سے چند ایک یہ ہیں کہ ایمان وعمل ، صبر وشکر،تقوی،نمازکی پابندی،ذکر الہی،قناعت اور توکل جیسی وہ عظیم الشان صفات ہیں کہ جن کو اختیار کرنے کے بعد انسان اپنی دنیوی زندگی کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی بہت بڑے اجر کا مستحق بن سکتا ہے-اور اس کے ساتھ ساتھ دعا جیسا ایک ایسا اہم فعل کا بھی تذکرہ کیا ہے کہ جس سے انسان پر آنے والی مصبیتیں اور پریشانیاں بھی ٹل جاتی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ مصنف نے چند ایک انبیاء کی مشکل حالات کے وقت مانگی جانے والی دعاؤں کو بھی بیان کیا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ کسی بھی انسان پر کوئی تکلیف ومصیبت آ جاتی ہے تو وہ بھی یہی دعا مانگے اللہ تعالی کے فضل سے انسان پریشانیوں اور مصیبتوں سے محفوظ رہے گا-
دين اسلام میں جس قدر نماز کی پابندی پر زور دیا گیا ہے اسی قدر اسے اسوہ رسول ﷺ کے مطابق ادا کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے- صرف وہی نماز خدا تعالی کے ہاں قابل قبول ہے جو رسول اللہ ﷺ کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق ہوگی-زیر نظر رسالہ میں حافظ زبیر علی زئی نے انتہائی اختصار کے ساتھ احادیث رسول کی روشنی میں نماز نبوی کا مکمل طریقہ سپرد قلم کر دیاہے-علاوہ ازیں وضو کا مسنون طریقہ،دعائے قنوت،نماز کے بعد کے اذکار اور نماز جنازہ پڑھنے کا صحیح اور مدلل طریقہ بھی مختصر انداز میں ذکر کر دیا گیا ہے-حافظ صاحب نے احادیث کا تذکرہ کرتے ہوئے صرف صحیح اور حسن لذاتہ احادیث کو دلیل کے طور پر پیش کیا ہے۔
مصنف کی یہ تصنیف دراصل زمانہ طالب علمی میں ایم –اے وفاق المدارس کے لیے لکھا جانے والا ایک مقالہ ہے جس کو موضوع کی اہمیت کے پیش نظر استفادہ عام کے لیے پیش خدمت ہے-امت مسلمہ کے باہمی انتشار اور اختلافات کی بہت ساری وجوہات ہیں جن کواس مقالہ میں موضوع بحث بنایا گیا ہے-مثلا امت مسلمہ کا فکری ارتقاء اور عقائد کی خیر وبرکات،امت مسلمہ کے سیاسی مسائل اور ان کاحل،مسلمانوں میں مذہبی اختلافات کے اسباب اور مختلف گمراہ گروہوں کا جنم اور ان کے عقائد پر گفتگو،اسلامی افکار کو متاثر کرنے والے اسباب جن سے اسلام میں غلط نظریات کو فروغ ملا،تصوف کی حقیقت اور صوفیا کے مختلف عقائد کی وضاحت،اسلام کو در پیش موجودہ دور میں چیلنجز،دہشت گردی اور اسلام سے اس کا تعلق،تہذیبوں کا تصادم اور نیو ورلڈ آرڈر کی حقیقت،اور آخر میں امت مسلمہ کو در پیش مسائل کے حل کے لیے چند ایک تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں-
چند صفحات پر مشتمل یہ کتابچہ ان مشہور بدعات کی نشاندہی کرتا ہے جن میں اکثر و بیشتر مسلمان شعوری یا لاشعوری طور پر گرفتار ہیں۔ جنازہ، قبر اور تعزیت سے متعلقہ اکثر بدعات کو بہت سے کتاب و سنت کے شیدائی بھی بدعات نہیں سمجھتے اور ان میں بالواسطہ یا بلا واسطہ شریک ہو جاتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتابچہ ان تمام احباب کیلئے انشاء اللہ سنت و بدعت کے درمیان تفریق کا شعور پیدا کرے گا۔
مولانا سید ابو الاعلی مودودی نے اپنی کتاب میں قرآن کریم میں بار بار ذکر ہونے والی چار اصطلاحات کو موضوع سخن بنایا ہے-وہ چار اصطلاحات یہ ہیں:1-الہ2-رب3-عبادت4-دین-مصنف نے اپنی کتاب میں ان چار اصطلاحات کی اہمیت اور ان کے مفہوم کو بیان کرتے ہوئے قرآن کریم کا مقصد اور مختلف امم سابقہ کے حالات کو پیش کر کے مثالوں سے سمجھانے کی کوشش کی ہے-قرآن کریم میں ان اصطلاحات کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اس لیے ان میں سے ہر ایک لغوی اور شرعی وضاحت کو آیات قرآنی سے واضح کیا گیا ہے اور یہ بتایا گیا ہے کہ ان چار اصطلاحات کو سمجھے بغیر قرآن کریم کو سمجھنا ناممکن ہے-ان اصطلاحات سے ناواقفیت یہ نقصان ہو گا کہ نہ تو توحید وشرک کا پتہ چلے گا اور نہ عبادت اللہ کے لیے خاص ہو سکے گی اور نہ ہی دین اللہ کے لیے خالص رہے گا اور اس کے ساتھ ساتھ ایمان لانے کے باوجود عقیدہ اور عمل دونوں نامکمل ہو جائیں گے-
قرآن کریم اللہ تعالی کی کلام ہے اور اس کا یہ معجزہ ہے کہ اس جیسی کلام کرنا کسی کے اختیار میں نہیں-قرآن کریم اللہ تعالی نے انسان کی راہنمائی کےلیے نازل فرمایا اور اس کے احکامات پر عمل کو لازمی قرار دیا جس سے انسانی دنیا وآخرت کی کامیابی کو سمو دیا-مذکورہ کتاب مولانا وحید الدین خاں کے مختلف دروس وتقاریر کو کتابی شکل میں ڈھالا گیا ہے-چونکہ مختلف مقامات پر دیے جانے والے دروس کے مابین موضوع کا اشتراک موجود تھا تو اس لیے اس کو کتابی میں شکل میں پیش کر دیا گیا ہے-مصنف نے قرآن کریم کی روشنی میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ قرآن کریم مخاطب اصل میں انسان ہے-اس لیے مصنف نے جن چیزوں کو بڑی وضاحت سے بیان کیا ہے وہ درج ذیل ہیں:1-قرآن کا مطلوب اصل میں انسان ہے2-مومن کی عملی زندگی کیسی ہونی چاہیے3-انسانی زندگی بامقصد ہونی چاہیے4-خدمت دین میں کون کون سی مشکلات آتی ہیں5-اور ان مشکلات کی صورت میں انسان کو کیا کرنا چاہیے-
قرآن کریم اللہ تعالی کی کلام ہے اور یہ نزول سے لے کر اس زمانے تک اور قیامت تک کے لیے ویسے ہی محفوظ ہے جیسے یہ نازل ہوئی تھی-قرآن کریم اور دوسری کتابوں کے درمیان فرق افضل مفضول اور اکمل وغیراکمل کا نہیں بلکہ بنیادی فرق محفوظ اور غیر محفوظ کا ہے،کیونکہ اللہ تبارک وتعالی نے کسی بھی کتاب کی بقا اور حفاظت کی ذمہ داری قبول نہیں جبکہ قرآن کریم کی حفاظت کی ذمہ داری خود قبول کی ہے جس سے یہ بھی اندازہ ہوتا ہے کہ پہلی کتابیں وقت کے ساتھ ختم ہو جائیں گی اور قیامت تک کے لیے راہنمائی اس کتاب سے حاصل کی جائے جس کی حفاظت کی ذمہ داری اللہ تعالی نے خود لی ہے-مصنف نے اپنی کتاب میں قرآن کریم کے حوالے سے تین مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی ہے-1-قرآن اپنی ذات میں اس بات کی دلیل ہے کہ وہ اللہ تعالی کی کلام ہے-2-یہ کہ قرآن اسی طرح محفوظ ہے جیسے یہ نازل ہوا تھا اور اس میں کسی بھی قسم کا تغیر وتبدل یا کمی وبیشی نہ کی گئی ہے اور نہ ہی کوئی کر سکتا ہے-3-یہ ایک کتاب دعوت ہے اور اگر اس کی دعوت کو صحیح طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا جائے تو یہ دنیا کو مسخر کر سکتی ہے-
مسلمانوں کا اس بات پر اتفاق ہےکہ صحیح بخاری اصح الکتب بعد کتاب اللہ یعنی اللہ کی کتاب قرآن کے بعد سب سے زیادہ صحیح ترین کتاب ہے بخاری ومسلم ان دونوں کتابوں کو ساری امت نے قبول کر لیا ہے سوائے تھوڑے حروف کے جن پر بعض حفاظ مثلا دار قطنی نے تنقید کی ہے لیکن ان دونوں کی صحت پر امت کا اجماع ہے اور اجماع امت اس پر عمل کرنے کو واجب کرتا ہے اس کتاب میں مصنف نے بخاری کی چند احادیث پر دور حاضر کے منکرین حدیث نے جو اعتراضات کئے ہیں ان کا با التفصیل جواب دیا ہے جس کے مطالعہ سے ان حضرات کی علمی قابلیت اور دیانت و امانت کا خوب نظارہ کیا جا سکتا ہے۔