زیر نظر کتاب’’یہ در یہ آستانے‘‘دراصل آب بیتی ہے ایسے شخص کی جو تیس سال سے زائدعرصہ تک شرک وبدعت اور اوہام وپرخرافت کے کے بحربیکراں میں غرق حیران وسرگرداں رہا۔بالآخر ایک دن سفینہ توحیدپر سوار ہوکر ساحل حق ونجات سے ہمکنار ہواپھر اپنے اس سفر نامہ توحید کو صفحہ قرطاس کیا تاکہ دنیا کے بیشتر حصوں میں اس کے ہی جیسے حالات اور نفسیاتی کیفیات سے دوچار بے شمار مسلمانوں کےلیے یہ مشعل راہ ثابت ہونہایت ہی مفید کتاب ہے۔
موجودہ دور میں امت مسلمہ کو سب سے خطرناک مرض جو لاحق ہوا ہے وہ ہے اختلاف اور مخالفت۔ ذوق ، رجحان، کردار، اخلاق یہاں تک کہ معتقدات و نظریات ، افکار و آراء، اسالیب فقہ، فرض عبادات، ہر شے اور ہر معاملے میں اختلاف!۔ حالانکہ اسلام نے توحید کے بعد باہمی اختلافات سے اجتناب ، تعلقات کو مکدر اور اخوت اسلامیہ کو مجروح کرنے والی ہر چیز کے ازالہ اور امت مسلمہ کے اتحاد پر سب سے زیادہ زور دیا ہے۔ اس کتاب میں اختلاف کی حقیقت اور اس کے حدود، اسباب و علل اور اس کے قواعد و ضوابط، اختلاف کی گنجائش، اس کے منفی پہلوؤں سے بچنے کی راہ وغیرہ جیسی اہم مباحث شامل ہیں۔ اس اہم موضوع پر یہ ایک مبارک اور اطمینان بخش کوشش ہے جس سے تعلیم یافتہ مسلمان اچھی طرح سمجھ لے گا کہ استنباط مسائل کے لیے علماء کا طریقہ کار کیا تھا۔ کن اصولوں پر ان کے اجتہاد کی عمارت کھڑی تھی اور ان کے اختلاف کی تعمیری بنیاد کیا ہوا کرتی تھی۔ نیز اختلاف کے اصولوں سمیت احتساب عمل کے آداب پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ جدید تعلیم یافتہ مسلمانوں کے لئے خالص علمی و تحقیقی اسلوب پر مشتمل معلمانہ حیثیت کی حامل مقصد اتحاد و اعتدال کی طرف والہانہ دعوت دیتی شاندار کتاب ہے۔
یہ کتاب مدینہ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شیبۃ الحمد کی عربی کتاب "الادیان والفرق والمذاھب المعاصرۃ" کا اردو ترجمہ ہے۔ اس کتاب کی اہمیت کے ثبوت کیلئے یہ بیان کافی ہے کہ یہ عالم اسلام کی مایۂ ناز مدینہ یونیورسٹی میں گریجویشن میں بطور نصاب شامل ہے۔ اس کا اسلوب نگارش دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔ اس تحقیقی کاوش میں مؤلف حفظہ اللہ نے ادیان و مذاہب اور فرقوں کا تفصیل سے تذکرہ کیا ہے، ان کے بانیان کے حالات سامنے رکھیں، ان ادیان و مذاہب کی ابتدا کے متعلق بتایا ہے، ان کے عقائد و نظریات واضح کیے ہیں، ان کی مقدس کتابوں کا ذکر کیا ہے، اور مختصر طور پر اسلام سے ان کا تقابل کیا ہے۔ نیز اسلام میں ان باطل گروہوں کے متعلق احکام آشکارا کئے ہیں۔ ہر مذہب اور ہر فرقے پر مضامین کے آخر میں اس مذہب کا خلاصہ بھی پیش کر دیا ہے۔
مولانا امیر حمزہ حفظہ اللہ نے اس کتاب میں نبی اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ کے شگفتہ اور ایمان افروز رویوں کو احادیث صحیحہ کی روشنی میں قلم بند کیا ہے اور رسول رحمت ﷺ کے خاکوں کی شر انگیز جسارت کرنے والوں کو بھرپور جواب دے کر ہر محبّ رسول ﷺ کی ترجمانی کی گئی ہے۔ اس لحاظ سے یہ کتاب دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ امریکہ و یورپ کے اہل کتاب کے لئے بھی فکر کی نئی راہیں کھولتی ہے۔ حقوق انسانی، خدمت خلق، تکریم انسانیت اور حسن اخلاق سے متعلق رحمتہ اللعالمین ﷺ کے اقوال و افعال کے جواہر پارے مستند احادیث کی مدد سے چن چن کر جمع کئے گئے ہیں۔
شریعت اسلامی کا بہترین اور مختصر قانون یہ ہے کہ جو رسول اللہ ﷺ فرمان جاری فرمائیں اس کو مان لو اور جس سے روکنے کا حکم سنائیں اس سے رک جاؤ۔ آپ ﷺ اطاعت و فرمانبرداری ہی فقط وہ چیز ہے جس کی بدولت آدمی راہ راست پر چل کر جنت تک پہنچ سکتا ہے ورنہ ذلت و رسوائی اس کا مقدر بن جائے گی۔ اس کتاب میں وہ تمام منہیات جو قرآن میں یا صحیح احادیث میں آئی ہیں، یعنی وہ تمام امور جن سے اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے ہم مسلمانوں کو روکا ہے، کو جمع کر دیا گیا ہے۔ یہ بلاشبہ نہایت ہی عظیم ذخیرہ ہے۔ آج اگر ہم خود سے وعدہ کر لیں کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے جس جس چیز سے منع کیا ہے، ہم اسے اپنی زندگی سے نکال باہر کریں گے، تو صرف اس کتاب کا مطالعہ ہی ان شاء اللہ کافی رہے گا۔
باجماعت نماز کی اہمیت کا اندازہ لگانے کے لیے دین اسلام کی یہ ہدایات ہی کافی ہیں کہ میدان جہاد میں موت کے مدمقابل بھی نماز ترک نہ کی جائے بلکہ جماعت بھی ترک نہ کی جائے۔ ایمان و اسلام کی سلامتی نماز کے قیام سے ہی مشروط ہے۔ تارک نماز کے گناہ گار ہونے پر تو امت کا اجماع ہے۔ لیکن اس کے مشرک، کافر اور ابدی جہنمی ہونے پر اختلاف ہے۔ زیر تبصرہ کتاب میں مصنف نے دلائل قطعیہ اور استنباطات فقہیہ سے تارکین نماز کو گناہ کی شدت کا احساس دلایا ہے۔
محمد مصطفیٰ ﷺ کے فضائل و مناقب اور امتیازات و خصوصیات کا شمار آسان نہیں۔ آپ کی سیرت نگاری ایک شرف ہے اور "آپ ﷺ" کی وفات سیرت کا ایک اہم موضوع ہے۔ جو نہ صرف موت کی یاد دلانے اور دنیا سے رشتہ کاٹ کر آخرت کی طرف لو لگانے کی وجہ سے اہمیت کا حامل ہے بلکہ دور حاضر میں مروّج بہت سے عقائد کی تصحیح کا پہلو بھی اس موضوع میں بہت نمایاں ہے۔اگرچہ اس موضوع پر عربی زبان میں بہت کتب موجود ہیں، لیکن اردو میں غالباً مستقل اس موضوع پر کوئی تصنیف موجود نہیں تھی۔ زیر تبصرہ کتاب میں موضوع کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے اور قرآن کریم ، احادیث صحیحہ اور مستند تاریخی روایات سے مدلل مؤقف پیش کیا گیا ہے۔
یہ کتاب دراصل علامہ ابن قیّم الجوزیہ رحمتہ اللہ علیہ کی مایہ ناز تالیف "تحفۃ الودود باحکام المولود" کا کچھ اختصار و اضافہ کے ساتھ اردو ترجمہ ہے۔ بچے کی پرورش کے موضوع پر اتنی تفصیلی کتاب شاید ان سے پہلے کسی نے نہیں لکھی۔ موضوع سے متعلق کوئی گوشہ تشنہ نہیں چھوڑا ہر مسئلے پر گفتگو کی اور بادلیل کی۔ اسی لیے یہ کتاب آج تک اہل علم کے لیے مرجع و مصدر کا درجہ رکھتی ہے۔ زیر نظر ایڈیشن محقق ہے یعنی ہر حدیث کی تخریج اور حکم ساتھ ہی موجود ہے، جس کی وجہ سے اس کتاب کی افادیت بہت بڑھ گئی ہے۔ بچوں کی پیدائش سے بلوغت تک کے احکام و آداب پر مشتمل یہ نہایت ہی عمدہ کتاب ہے۔
نبی آخر الزماں محمد عربی ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار آیات و معجزات سے نوازا، ان میں سے ایک اہم اور انوکھا معجزہ واقعۂ معراج ہے۔ درحقیقت یہ مجموعۂ معجزات ہے۔ اس میں اللہ تعالیٰ کی آیات کبریٰ کا مشاہدہ بھی عظیم تر ہے اور اس میں بہت سے فوائد و اسباق بھی ہیں۔ اردو زبان میں اس موضوع پر جو کچھ لکھا گیا ہے یا تو ضخیم کتب کے اندر ہے یا پھر مستند و غیر مستند اور صحیح و ضعیف و موضوع روایات کی تمیز اور واقعات کی صحت و ضعف کی تحقیق کے بغیر ہے نیز فوائد کے استنباط میں بھی توحید و شرک، سنت و بدعت اور منہج سلف کی تمیز روا نہیں رکھی گئی ہے، الا ماشاء اللہ۔ زیر تبصرہ کتاب میں صرف صحیح و مستند روایات نیز مقبول و معتبر احادیث و آثار ہی کو جگہ دی گئی ہے جس کی وجہ سے اس کتاب کی اہمیت و افادیت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔
رسول اکرم ﷺ کی مختصر سوانح پر مشتمل درجہ چہارم کے طلباء کیلئے ایک بہترین درسی کتاب ہے۔ قاری آسانی سے اس کتاب کے مطالعے سے ایک ہی نشست میں رسول اکرم ﷺ کے بارے میں مکمل بنیادی معلومات حاصل کر سکتا ہے۔ انداز بیان ایسا دلنشین ہے کہ ذرا بھی اکتاہٹ محسوس نہیں ہوتی۔ ہمارے دینی مدارس و مکاتب کے نصاب تعلیم میں اس کتاب نے اس عظیم خلا کو پر کر دیا ہے جسے ارباب نظر شدت سے محسوس کرتے تھے۔ سیرت نبوی سے متعلق ہمارے طلبہ و طالبات اور عوام الناس کی معلومات حد درجہ ناقص اور محدود ہیں ۔ اس کتاب کے ذریعہ اسی خلا کو پر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ذمہ داران مدارس سے گزارش ہے کہ اگر یہ کتاب ان کے مدرسہ کے نصاب تعلیم میں اب تک داخل نہیں، تو ازراہ کرم قدردانی کا ثبوت دیجئے اور اس عمدہ تصنیف کو طلباء کے افادہ عام کی خاطر شامل نصاب فرمائیں۔
ملوکیت یعنی بادشاہت کے معائب و نقائص اور اس کی ہلاکت خیزیوں کو ابھار کر، جمہوریت کا "الحمرا" تعمیر کرنےوالوں میں ایک نام مودودی صاحب کا بھی ہے۔ جسے انہوں نے "خلافت و ملوکیت" نامی کتاب لکھ کر خوب واضح کیا ہے۔ جس میں مودودی صاحب نے پہلے تو تاریخی روایات کے متفرق جزئی واقعات کو چن چن کر جمع کیا ، پھر انہیں مربوط فلسفہ بنا کر پیش کیا، جزئیات سے کلیات کو اخذ کر لیا اور پھر ان پر ایسے جلی اور چبھتے ہوئے عنوانات صحابہ کرام کی طرف منسوب کر کے جما دئے کہ جنہیں آج کی صدی کا فاسق ترین شخص بھی اپنی طرف منسوب کرنا پسند نہ کرے۔ یہ نہ تو دین و ملت کی کوئی خدمت ہے، نہ اسے اسلامی تاریخ کا صحیح مطالعہ کہا جا سکتا ہے۔ البتہ اسے تاریخ سازی کہنا بجا ہوگا۔ یہ بات طے ہے کہ جو حضرات اپنے خیال میں بڑی نیک نیتی، اخلاص اور بقول ان کے وقت کے اہم ترین تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے قبائح صحابہ کو ایک مرتب فلسفہ کی شکل میں پیش کرتے ہیں اور اسے "تحقیق" کا نام دیتے ہیں، انہیں اس کا احساس ہو یا نہ ہو لیکن واقعہ یہ ہے کہ اس تسویدِ اوراق کا انجام اس کے سوا کچھ نہیں کہ جدید نسل کو دین کے نام پر دین سے بیزار کر دیا جائے۔ اور ہر ایرے غیرے کو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین پر تنقید کی کھلی چھٹی دے دی جائے۔
مودودی صاحب کی اس کتاب نے صحابیت کے قصر رفیع میں جو نقب زنی کی ہے خصوصاً حضرت عثمان و معاویہ ؓ کا جو کردار اس کتاب میں پیش کیا گیا ہے، وہ لائق مذمت ہے۔ ان کی اس کتاب کی تردید میں اگرچہ متعدد کتابیں اور مضامین شائع ہو چکے ہیں لیکن حافظ صلاح الدین یوسف صاحب کی زیر تبصرہ کاوش بعض حیثیتوں سے انفرادیت کی حامل ہے۔ ایک تو اس کتاب میں مودودی صاحب کے اس مؤقف کا نہایت تفصیلی رد ہے۔ حتی کہ کتاب کے آخر میں موجود ضمیمہ کا بھی جواب فاضل مصنف نے دیا ہے۔ دوسرے اکثر مقامات پر مودودی صاحب کا موقف ان کے اپنے الفاظ میں بیان کر کے اس کا ضعف واضح کیا گیا ہے۔ جس سے طرفین کے دلائل قاری کے سامنے خوب نکھر کر آ جاتے ہیں اور اسے حق بات پہچاننے میں دشواری نہیں ہوتی۔ مودودی صاحب کی کتاب سے جو جو غلط فہمیاں عوام الناس میں پھیل سکتی تھیں، اس کتاب میں ان سب کا باحوالہ، نہایت مفصل اور مدلل رد کیا گیا ہے۔
افراط و تفریط کے اس دور میں اگر ایک طرف مغربی تہذیب نے پوری زندگی کو کھیل کود بنا دیا ہے تو دوسری طرف بعض دین دار حلقوں نے اپنے طرز عمل سے اس تصوّر کو فروغ دیا ہے کہ اسلام صرف عبادات اور خوف و خشیت کا نام ہے جس میں کھیل، تفریح ، خوشدلی اور زندہ دلی کا کوئی گزر نہیں۔ زیر تبصرہ کتاب دراصل مصنف کی چند تقاریر اور موضوع سے متعلق ایک تفصیلی فتوٰی کا مجموعہ ہے۔جس میں تفریح اور کھیل کود کی شرعی حدود کو نہایت مدلل انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ نیز لہو و لعب کو تفریح کا نام دینے والوں کا بھرپور رد بھی ہے اور جائز و مثبت تفریح کی اسلام میں پائی جانے والی حوصلہ افزائی کا بھی زبردست بیان ہے۔
ہماری بدقسمتی اور بدنصیبی ہے کہ ہم عبادات اور شخصی معاملات میں تو کسی حد تک اسلامی احکام پر عمل کرتے ہیں لیکن اجتماعی نظام کو ہم نے دین حق سے آزاد کر دیا ہے۔ معاشی بے انصافی اور اقتصادی استحصال کی اساس سود ہے۔ ہمارے عقیدے اور آئین پاکستان کا تقاضا تو یہ تھا کہ سود کی لعنت سے ہمارا ملک پاک ہوتا۔ لیکن یہاں لادین حکمران طبقہ اور مغرب کی فکری غلامی کے اسیر سود کے حامیان نے کبھی ایسی کوشش تک نہیں کی۔ بلکہ قرآنی اصطلاح ربا سے بنکوں کے سود کو مستثنٰی قرار دینے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگاتے رہے۔ علماء کرام کی اجتماعی کوششوں سے ۱۹۹۱ میں وفاقی شرعی عدالت نے بنکوں کے سود کو ربا قرار دیتے ہوئے ۲۰۰۱ تک سودی معیشت کا مکمل خاتمہ کرنے کا حکم جاری کیا۔ سودی معیشت کے پیشہ ور وکلاء اور علمائے کرام کے درمیان اس عدالتی جنگ میں مولانا گوہر رحمان کی جانب سے وفاقی شرعی عدالت میں پیش کئے جانے والے سود کے موضوع پر تحریری بیانات کو یکجا کر کے زیر تبصرہ کتاب کی صورت میں مدون کر دیا گیا ہے۔ سود کے موضوع پر یہ کتاب بلاشبہ اپنی نوعیت کی انفرادی تصنیف ہے کہ جس میں دونوں فریقین کا موقف، مخالفین کے آئینی داؤ پیچ اور اسلامی قوانین سب یکجا پڑھنے کو ملتے ہیں۔ دور جدید کی معاشی ضروریات کے حساب سے سودی نظام کے متبادل اور عملی اسلامی نظام کی تفصیلات بھی موجود ہیں، جس سے مخالفین کا یہ شبہ باطل ہو جاتا ہے کہ علمائے کرام صرف سودی نظام کے مخالف ہیں لیکن متبادل ان کے پاس بھی موجود نہیں۔ وفاقی شرعی عدالت کا ان بیانات اور دیگر علمائے کرام کی کاوشوں کی بنیاد پر سودی نظام کے پاکستان سے مکمل خاتمے کا حکم جاری کرنا ایک اہم کامیابی ہے۔ اگرچہ اس پر آج تک عملدرآمد نہیں ہو پایا۔ دعا ہے کہ اللہ ہمیں اسلام کی جڑوں کو کھوکھلا کر دینے والے سودی نظام سے جلد نجات عطا فرمائے۔ آمین۔
ہاروت و ماروت نامی دو فرشتوں کے متعلق عوام الناس میں عجیب عجیب قصے مشہور ہیں۔ جن کے جھوٹا ہونے میں کچھ شک نہیں۔ زیر تبصرہ کتاب میں شیخ بدیع الدین شاہ الراشدی ؒ نے کئی داخلی و خارجی قرائن کے ذریعے اس قصے کا موضوع و باطل ہونا ثابت کیا ہے۔ نیز اس باب میں پیش کی جانے والی احادیث کا ضعف بھی واضح کیا ہے۔ کتاب کے دوسرے حصے میں جادو کی حقیقت، اس کے نقصانات ، جادو پر یقین رکھنے والوں کی سزا، جادو کے متعلق اہلسنت کا مؤقف نیز سحر ، کرامت اور معجزہ میں فرق، دور حاضر میں مروج تعویزات کے چند نمونے اور عملی زندگی سے کئی مثالیں پیش کر کے جادو ٹونہ کرنے اور کرانے والوں کو کتاب و سنت کی روشنی میں راہنمائی مہیا کی گئی ہے۔
سیرت طیبہ ﷺ پر تصنیف و تالیف کا سلسلہ عہد اسلام کی تاریخ جتنا ہی قدیم ہے اور یہ ایسا موضوع ہے جس کی رعنائی و زیبائی اور عطر بیزی دنیا کی ہر زندہ زبان میں دیکھی اور محسوس کی جا سکتی ہے ۔ شاید ہی دنیا کی کوئی ایسی زبان ہو جو سیرت النبی ﷺ کے پاکیزہ ادب کی لطافتوں اور رعنائیوں سے محروم ہو۔ قاضی محمد سلیمان منصور پوری ؒ کی زیر تبصرہ کتاب "رحمۃ اللعالمین" مؤلف کی مؤرخانہ بصیرت، اسلوب بیان کی ندرت ، مثبت انداز بیان، داعیانہ شیریں بیانی، جاندار اور پر حکمت اسلوب ، شستہ انداز تحریر کی بدولت اپنی نوعیت کی ایک بہت ہی منفرد تصنیف ہے۔ پوری کتاب میں ایک سطر بھی موضوع اور محل سے ہٹی ہوئی نہ ہوگی۔ استدلال کی فراوانی اور موقع محل کی مناسبت سے آیات و احادیث کے برمحل استدلال نے تصنیف کی قدرو منزلت میں اور بھی اضافہ اور شان پیدا کر دی ہے۔ ہزار سے کچھ کم صفحات پر مشتمل تین جلدوں پر پھیلی یہ کتاب مصنف کی تئیس برسوں کی محنت شاقہ اور عرق ریزی کا جیتا جاگتا شاہکار ہے۔ واقعات کی صحت کے التزام کے ساتھ سیرت نبوی ﷺ کے موضوع پر بلاشبہ یہ ایک جامع تصنیف ہے۔
موجودہ دور میں مسلمانوں کی اکثریت یہود و نصاریٰ کی نقال اور ان کے رسم و رواج کی دلدادہ ہو چکی ہے۔ معاشرتی و تمدنی آزادی کے خوگر قرآن و سنت کے احکام سے آزادی اور بے زاری کا اظہار کر رہے ہیں۔ اسی لادینیت اور الحاد کا نتیجہ ہے کہ بیگم عابدہ حسین (سابقہ وزیر بہبود آبادی) کا بیان اخبارات میں چھپا تھا کہ پردہ منافقت ہے۔ عورت کے نام پر قائم یہودی تنظیمیں، انجمنیں ، ہیومن رائٹس کمیشن وغیرہ مسلم بیٹی کی حیا کو اتارنے میں سرفہرست ہیں۔ ستر و حجاب اسلام کا انتہائی اہم مسئلہ ہے۔ اس مختصر سے کتابچے میں صرف پردے کے شرعی حکم کی بحث ہے۔ لمبی لمبی فقہی ابحاث کو نہیں چھیڑا گیا کیونکہ مقصود اپنی مسلمان ماؤں، بہنوں تک پردے کی اہمیت اجاگر کرنا ہے اور بے حجابی و بے پردگی سے نفرت دلانا ہے۔
زیر نظر کتابچہ سعودی دارالافتاء کے جاری کردہ فتاویٰ کے اس حصے پر مشتمل ہے جس کا تعلق خواتین کے ستر و حجاب سے ہے۔ جس میں بے حجابی، چست لباسی، پتلون، سکرٹ پوشی، خودنمائی اور نگاہوں کی عشوہ طرازی کے بارے میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کی روشنی میں دئے گئے سوالات کے جوابات عربی سے اردو زبان میں منتقل کئے گئے ہیں۔ فتنوں کے اس تلاطم خیز دور میں ملت مسلمہ کی وہ خواتین جو جہالت کے اندھے پن میں مبتلا ، مغرب کی تقلید اور خودنمائی کا فیشن اپنانے میں دیوانی ہو رہی ہیں ان کے لیے ان جید علماء کے فتاوٰی کی روشنی بے حد ضروری ہے۔ چنانچہ علم شریعت میں وقت کے اعلیٰ مسند نشین علماء نے ایسے تمام مسائل سے متعلقہ احکام شرعیہ کو فتاویٰ کی صورت میں شائع فرما دیا ہے جن سے علمی راہنمائی حاصل کر کے ملت مسلمہ کی خواتین اپنے دین، ملّی وقار ، آبرو، حیا اور عفّت کا تحفظ حاصل کر سکتی ہیں۔ شرعی حدود اور علم اوامر و نواہی کی آگاہی کیلئے یہ کتابچہ خواتین کیلئے ایک عمدہ تحفہ ہے۔
یہ ایک عظیم انتہاہی اورنفع بخش رسالہ ہےجو ایک سوال کا جواب ہے جسے محدث عصرشیخ ناصرالدین البانی ؒ نے دیا ہے او روہ سوال مجمل طور پر مندرجہ ذیل ہے ۔وہ کیا طریقہ کار ہے جومسلمانوں کو عروج کی طرف لے جائے اور وہ کیا راستہ ہے کہ جسے اختیار کرنے پراللہ تعالی انہیں زمین پر غلبہ عطاکرے گا اور دیگر امتوں کے درمیان جوان کا شایان شان مقام ہے اس پر فائز کرے گاپس علامہ البانی ؒ نے اس سوال کا نہایت ہی مفصل اور واضح جواب ارشاد فرمایاجس کی افادیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے قارئین کی خدمت میں یہ رسالہ پیش کیا جارہاہے نہایت ہی مفید مضمون ہے ۔
شیخ محمد بن عبدالوہاب ؒ کی سیرت کے بہت سے پہلو ہیں جن کو تذکرہ نگاروں اور آپ کی حیات علمیہ کے مؤرخین نے اپنے اپنے انداز سے پیش کیا ہے۔ لیکن ہر مصلح اور داعی کے حاسدین اور ناقدین بھی ضرور ہوا کرتے ہیں جو ان کی دعوت اور اصلاحی کاموں کے لئے رخنہ اندازی کے درپے رہتے ہیں۔شیخ کے مخالفین نے بھی آپ کی کتابوں، تحریروں اور آپ کے اقوال و آراء کی طرف رجوع کر کے اصل حقیقت جاننے کی بجائے ہمیشہ بہتان طرازی اور دروغ گوئی سے کام لیتے ہوئے طرح طرح کے الزامات لگائے ہیں تاکہ اس جعلی پراپیگنڈے کے ذریعے اس عظیم مصلح کی پیشانی داغدار کی جا سکے۔ انہیں جھوٹے الزامات مثلاً یہ الزام کہ وہ اہل بیت سے بغض رکھتے تھے ،نواصب سے متعلق مؤقف یا شیعہ و روافض کی طرف سے لگائی جانے والی تہمتوں کے جواب میں یہ ایک عمدہ کتاب ہے جو شیخ پر کئے جانے والے اعتراضات کے بھرپور جوابات مہیا کرتی ہے۔
قرآن مجید اس پوری انسانی دنیا کا رہنما ہے دنیا کا بہت بڑاحصہ اس حقیقت سےبے خبر ہے اس لیے گم کردہ راہ ہوکروہ تباہی و بربادی کاشکار ہورہا ہے اس بات کاعلم صرف مسلمانوں کو ہے لیکن انہوں نے بحیثیت مجموعی اپنے علم کےخلاف طرز عمل اختیار کر رکھا ہےاس لیے وہ خود بھی گم کردہ راہ ہیں اور اور دنیاکو بھی گمراہی میں چھوڑدینے کا دوہرا وبال و غلامی ،پستی اور ذلت کی صورت میں بھگت رہے ہیں اس ذلت سے نجات کی کوئی صورت اس کے سوا نہیں ہے کہ وہ خدا کی اس کتاب کے ساتھ اطاعت وفرمانبرداری کارویہ اختیار کریں۔جب تک وہ اس کتاب سےمنحرف ہیں ساری دنیا ان سے منحرف رہے گی اور اس انحراف کی سنگین سزا وہ بھگتتے رہیں گے۔
مسلمان ہونےکےناطےہمارایہ پختہ اعتقاد ہے کہ انسانی زندگی کا کوئی بھی پہلو ایسا نہیں خواہ وہ انفرادی ہو یا اجتماعی،سیاسی ہو یا اخلاقی،معاشرتی ہو یا معاشی جس کے متعلق دین میں اصولی رہنمائی موجود نہ ہو۔مگر بدقسمتی کی بات یہ ہےکہ آج مسلمانوں کی اکثریت دین سے بیگانگی کے باعث اسلام کےان سنہری اصولوں سےنابلد ہے جولوگ نماز روزہ کےپابند ہیں ان میں بھی ایک طبقہ ایسا ہے جس نے دین صرف عبادات،نماز،روزہ ،حج اور زکوۃ کا نام سمجھ لیا ہے مالی معاملات کے بارہ میں احکام شریعت کواس طرح نظر انداز کیے ہوئے ہے کہ گویا ان کادین کے ساتھ کوئی تعلق ہی نہیں ہے بالخصوص جدید معاملات کےمتعلق ان کاانداز فکر یہ ہے کہ یہ چونکہ دور حاضر کے پیداوار ہیں عہد رسالت میں ان کاوجود ہیں نہیں تھا اس لیے یہ جائز ہیں۔ان حالات میں اہل علم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاملات جدید ہ سمجھیں او رلوگو ں کی صحیح او رکما حقہ رہنمائی کریں۔یہ کتاب دور حاضر کےمالی معاملات پر جتنے بھی سوالات واشکالات ہیں ان کاجواب ہے ۔
اسلام میں داخل ہونے کےلیے سب سےپہلے کلمۂ شہادت پڑھا جاتا ہےیہ کلمۂ پڑھنےوالے کو کفر کی تمام تر نجاستوں سے پاک کر دیتاہےاس لیے اسے کلمۂ طیبہ کہاجاتا ہے چونکہ اس میں اللہ وحدۂ لاشریک کی توحید کااقرار بھی ہے اس لیے اسے کلمۂ توحید بھی کہا جاتا ہےکلمۂ طیبہ کو شعوری طور پر سمجھنا نہایت ضروری ہے کیونکہ اللہ تعالی کی صفات کے بارے میں اکثر لوگوں نے کہیں نہ کہیں ٹھوکر کھائی اورایسی غلط راہ پر چل نکلے جوانہیں کفر کے راستے پر گامزن کر گئی۔کلمۂ میں دوسری شہادت محمد ﷺ کی رسالت کی گواہی دینا ہے جن کے اسوۂ حسنہ اورسنت کو چھوڑ کرایمان کی سلامتی ممکن ہی نہیں۔کتاب میں انہی دو باتوں پر بحث کی گئی ہے ۔
بسااوقات انسان اپنےوسائل سےاپنی ضروریات یااپنےکاروباری منصوبےپورےنہیں کرسکتاایسے حالات میں پیدا ہونے والے سوالات میں سے چند ایک درج ذیل ہیں۔کیا وہ قرض لے سکتاہے؟،قرض کی ادائیگی کس حد تک ضروری ہے؟،ادائیگی میں کیساطرزعمل اختیار کرناچاہیے؟،قرض واپس کروانےکےلیے شریعت اسلامیہ میں کون سے اخلاقی اقدامات ہیں ؟قرض لیتے وقت کوئی شرط لگائی جاسکتی ہے؟ اس کتاب میں ان سوالات کےعلاوہ اور بھی بہت سارے سولات کےجوابات سمجھنےسمجھانےکی کوشش کی گئی ہے ۔
یہ بات مسلم ہے کہ انتشار واختلاف،تشتت اوافتراق اور فرقہ واریت کو فروغ دینے والی کوئی چیز ہے تو وہ تقلید ہے آغاز نبوت سے تکمیل دین تک اللہ تعالی او ررسول اکرم ﷺ نےنو ع انسانی کےلیے یہ (تقلید)ناکارہ لفظ قرآن وسنت میں کہیں ذکر نہیں کیا۔ذرا غور فرمائیے اگر اپنے باپ کے ساتھ دوسرے باپ کا تصور نہیں ہوسکتاتو اللہ تعالی کے مقابلے میں کوئی اور معبودو مسجوداور ہادئ برحق پیغمبر آخرالزماں ﷺ کے بالمقابل کوئی او رمطاع کیسے ہوسکتا ہے ؟اس رسالے میں فرقہ واریت او رتقلید جیسے اہم مضامیں پر قرآن وسنت کی روشنی میں تفصیل بیان کی گئی ہے ۔جو متلاشیان حق کے لیے مینارۂ نور کی سی حیثیت رکھتا ہے ۔
ایک مصری بزرگ ڈاکٹر محمد بہی کی تصنیف "الفکر الاسلامی فی تطورہ" جس میں امام محمد بن عبدالوہاب ؒ اور آپ کی تحریک احیاء و تجدید دین سے متعلق نہایت کچی، سطحی اور سنی سنائی باتوں پر انحصار کرتے ہوئے خوب زور قلم صرف کیا گیا ہے، کا نہایت متین اور شستہ انداز میں جواب زیر تبصرہ کتاب میں سعودی عرب کے ڈاکٹر محمد خلیل راس نے دیا ہے۔ جس میں ڈاکٹر صاحب کے ایک ایک اعتراض کا جواب دیا گیا ہے اور ایک ایک غلط فہمی کا ازالہ کیا گیا ہے۔ اس کتاب کی ثقاہت اور متانت کیلئے یہ عرض کر دینا شاید کافی ہو کہ اسے اسلامک یونیورسٹی مدینہ منوّرہ نے زیور طباعت سے آراستہ کرایا ہے۔