عداوتوں میں سے بد ترین عداوت وہ ہوتی ہے جو دوستی کے پیرائے میں اختیار کی جائے اور انسان کو پتہ ہی نہ چل پائے کہ اس لباس خلعت میں ملبوس شخصیت اس کی دوست نہیں بلکہ اس کی دشمن ہے۔انسان اپنے کھلے دشمن سے نقصان اٹھا سکتا ہے ،مگر دھوکہ نہیں کھا سکتا ہے۔لیکن دوستی کے لباس میں ملبوس دشمن سے انسان نقصان بھی اٹھاتا ہے اور دھوکہ بھی کھاتا ہے۔اسی سلسلے کی ایک کڑی بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں سبحان اللہ کا مصداق بننے والے حافظ ابو خالد ابراہیم المدنی ہیں،جو اپنے خود ساختہ شہوت پرستانہ نظریات کے لئے بہت سی احادیث نبویہ کو تختہ ستم بنا بیٹھے ہیں۔صرف یہی نہیں بلکہ قرآن مجید کو معیار اول قرار دیتے دیتے اسے اپنا ہتھیار بے بدل بھی بنا بیٹھے ہیں کہ جب چاہا جیسے چاہا اسے توڑ مروڑ کر مغربی تہذیب کا لبادہ اڑھا دیا۔زیر تبصرہ کتاب " امراۃ القرآن کا تحقیقی جائزہ " فضیلۃ الشیخ مولانا عبد الوکیل ناصر ﷾کی کاوش ہے ،جس میں انہوں نے نام نہاد سکالر ابو خالد المدنی کی انکار حدیث پر مبنی کتاب " امراۃ القرآن "کا علمی وتحقیقی رد کیا ہے ۔ابو خالد مدنی نے اپنی کتاب میں پردے کو جاہلانہ رسم قرار دیتے ہوئے اسے ملاؤں کی رسم قرار دیا ہے اور پردے سے متعلق احادیث نبویہ کا انکار کر دیا ہے۔چنانچہ فضیلۃ الشیخ مولانا عبد الوکیل ناصر ﷾نے اس کی اس بدنام زمانہ کتاب کا ایک علمی وتحقیقی جواب دیا ہے،اور مستند دلائل کے ذریعے اس کا منہ بند کر دیا ہے۔اللہ تعالی فضیلۃ الشیخ مولانا عبد الوکیل ناصر﷾ کی اس محنت کو قبول فرمائے اور اس کتاب کو اصلاح امت کا ذریعہ بنائے۔آمین(راسخ)
عہد رسالت ﷺ سے لے کرعہد حاضر تک قرآن کریم کی ہزاروں تفاسیر لکھی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ قرآن کریم کےمتعدد پہلوؤں پر علمی و تحقیقی کام موجود ہے۔ مثلاً اسباب نزول، مسائل فقہیہ اور امثال قرآنی جیسی ابحاث پر مستقل تصانیف لکھی گئیں۔ مسلمانوں نے قرآن کریم کے اسرار و نکات معلوم کرنے کے لیے بہت سی مساعی انجام دی ہیں لیکن قرآن کریم کی وسعت و جامعیت کے سامنے مساعی کرنے والے کا عجز و تقصیر کااعتراف کیے بغیر چارہ نہیں رہتا۔ اب تک اردو زبان میں ایسی کوئی جامع کتاب موجود نہیں تھی جس سے علم تفسیر کی مفصل تاریخ اورمفسرین کرام کی جہود و مساعی کا تفصیلی علم ہو سکے۔ پروفیسر غلام احمد حریری نے زیر نظر کتاب کی صورت میں بہت حد تک اس کمی کو پورا کر دیا ہے۔ اس کتاب کا اہم ماخذ و مصدر علامہ محمد حسین الذہبی کی کتاب ’التفسیر والمفسرون‘ ہے۔ کتاب کی اساس اکثر و بیشتر اسی کتاب پر رکھی گئی ہے۔ اس کے غیر ضروری مواد کو حذف کر کے دیگر کتب سے مفید معلومات کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اپنے موضوع اور مواد کے اعتبار سے یہ کتاب اردو زبان میں ایک جامع اور ہمہ گیر تالیف کی صورت میں سامنے آئی ہے۔ (ع۔ م)
قرآن حکیم کے بعد شریعت اسلامیہ کابڑاماخذ احادیث رسول ہیں ۔صحابہ وتابعین اور ائمہ محدثین سے جیسے قرآن مقدس کو اپنے سینوں میں محفوظ کیا ایسے احادیث نبویہ کو اپنے منور سینوں میں جگہ دی اور تعلیم و تدریس اور تحریر وتالیف کے ذریعے اس قدر مامون و محفوظ کیا کہ قیامت تک کےلیے آنے والے مسلمانوں کےلیے احادیث رسول تک انکی رسائی کو ممکن و آسان بنادیا ،جو امت پر محدثین کا بہت بڑا احسان ہے۔یہ محدثین اور علماسلف کی محنتوں اور کوششوں کا ثمرہ ہے کہ دین حنیف اصل شکل میں ہمارے پاس موجود ہےاور دینی مسائل کی تلاش میں ہمیں کو ئی دشواری نہیں-صحیح بخاری و صحیح مسلم احادیث کی دواہم کی کتب ہے ،جن کی صحت پر تمام امت کا اجماع ہے اور وہ احادیث مزید اہم اور صحت کے اعتبار سے اعلیٰ ہے ،جن پر بخاری ومسلم کا اتفاق ہے۔زیرنظر کتاب بخاری و مسلم کی متفق روایات کا مجموعہ ہے ،جن کی صحت مسلمہ اور مسائل قطعی ہیں ۔لہٰذاقارئین اس سے کسی قسم کے شکوک وشبہات کے بغیر فائدہ حاصل کرسکتے ہیں ۔(ف۔ر)
صحابہ کرامؓ کی عظمت کیلئے یہ بات ہی کافی ہے کہ اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ نے ان کو اس دنیا میں ہی اپنی رضا و خوشنودگی کی خوش خبری سنا دی تھی۔ قرآن کریم نے بھی ان کو ’’خیر امت‘‘ اور ’’امت وسط‘‘ سے تعبیر کیا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ دشمنان اسلام نے بھی صحابہ کرام کی نفوس قدسیہ کو ہدف تنقید بنانا شروع کر دیا تھا اور یہ سلسلہ ہنوز جاری و ساری ہے۔ زیر نظر کتاب محقق عالم دین ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ کی ایک علمی و تحقیقی کاوش ہے جس میں انہوں نے صحابہ کرامؓ کا بھرپور دفاع کرت ہوئے اس بات کو پایۂ ثبوت تک پہنچایا ہے کہ صحابہ کرامؓ اپنے باہمی مشاجرات و اختلافات کے باوجود عادل و صادق ہیں۔ امت کے ھدی خواں ہیں اور تمام سلف کا بھی یہی موقف ہے۔ اِس کتاب میں قابل مصنف نے یہ عرض کرنے کی کوشش کی ہے کہ تمام اہل سنت اور سلف امت کے نزدیک مشاجرات صحابہؓ کا حکم کیا ہے تاکہ عامۃ الناس اسے پڑھ کر صحابہ کرام کے بارے اپنے عقائد و نظریات کی اصلاح کر سکیں اور اس طرح کی مباحث و مسائل کو زیر بحث لانے سے گریز کریں جو مشاجرات صحابہ و اختلافات صحابہ پر مشتمل ہوں۔ کتاب میں قدیم و جدید علماء عرب و عجم کے ان اقوال، آراء اور فتاویٰ کا بیان ہے جو مشاجرات صحابہ سے متعلق ہیں۔ کتاب ہذا میں طوالت کے خدشہ کے تحت مقامِ صحابہ، عدالت صحابہ اور سبّ صحابہ کے متعلقات و مباحث پر قصدًا چھوڑ دیا گیا ہے۔ صرف مشاجرات صحابہ کے حوالے سے ائمہ و فقہاء کے اقوال و آراء اور فتاویٰ جات کو نقل کیا گیا ہے۔ کتاب خاص علمی تناظر میں لکھی گئی ہے۔ جو قابل مطالعہ اور لائق تعریف ہے۔(آ۔ہ)
زیر نظر کتاب ہیئۃ کبار العلماء سعودی عرب کے رکن الشیخ بکر بن عبد اللہ ابو زید کی ممتاز کتاب ’’حراسۃ الفضیلۃ‘‘ کا ترجمہ و تفہیم ہے۔ شیخ محترم نے اس کتاب میں دورِ حاضر میں پردے پر وارد ہونے والے الزامات واعتراضات کا مدلل اور مسکت جواب دیا ہے اور اس بات کو ثابت کیا ہے کہ پردہ عورتوں کی عصمت کا اصل محافظ ہے۔ اس کتاب کو اردوقالب میں منتقل کرنے کی سعادت الشیخ محمد یوسف طیبی صاحب نے حاصل کی ہے۔ قابل مصنف نے کتاب کو دو فصول پر تقسیم کیا ہے۔ پہلی فصل میں عورت کی فضیلت و عظمت پر مبنی دس اصولوں کو بیان کیا گیا ہے جو فضیلت نسواں، حفاظت نسواں اور مؤمنات و مسلمات کی ثابت قدمی کی ترغیب پر مشتمل ہیں اور دوسری فصل میں ایسے اصولوں کا بیان ہے جو عورتوں کو ذلت وخواری کی طرف بلانے والوں کی سازش فاش کرتے ہیں اور عورتوں کو خبردار کرنے کے متعلق ہیں تاکہ وہ ان میں ملوث نہ ہو جائیں۔ فاضل مصنف نے اس کتاب میں عورت کے موضوع پرلکھی گئی دو صد کتابوں کا خلاصہ بیان کیا ہے۔ پردے کے موضوع پر یہ ایک اچھوتی تحریر ہے جس کو عالم عرب میں بہت پذیرائی ملی ہے۔ عصر حاضر کے حوالے سے پردے کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر یہ کتاب اردو زبان میں پیش خدمت ہے۔ خواتین اسلام کے لئے یہ قابلِ قدر تحفہ ہے۔ (آ۔ہ)
اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے ،جوانسان کی دینی و دنیوی ہر معاملہ میں پوری راہنمائی کرتاہے اور انسانی زندگی کا کوئی پہلو تشنہ اور ناقص نہیں چھوڑتا جہاں انسان کی راہنمائی نہ ہو۔اسلام دیگرانسانی اقدار کے تحفظ کے ساتھ خاندانی زندگی کا کامل نظام دیتاہے ،جو انسانی سوچ کا عکاس اوردنیا کا معتدل ترین نظام ہے۔اسلام خاندانی نظام واحد مؤثرنظام ہے ،جوعصمت کا محافظ ، خاندانی کفالت کا بہترین ذمہ دار اور خاندان کے افراد کے حقوق وفرائض کا اصل محافظ ہے۔اسی نظام کو اپنانے سے معاشرتی استحکام پیدا ہو سکتاہے اور معاشرتی ناہمواریوں اور باہمی خاندانی تنازعات کا ازالہ ممکن ہے۔زیر نظر مقالہ میں خاندان کی اہمیت ،معاشرتی حقوق و فرائض اور خاندانی افراد کے حقوق کا مفصل بیان ہے،ان تعلیمات پر عمل کر کے معاشرتی نظام کو مستحکم بنایا جاسکتاہے اور تیزی سے روبہ زوال نظام خاندان کے بگاڑ کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے اور معاشرے میں پھیلی بددلی کا ازالہ کیا جاسکتاہے۔(ف۔ر)
تقویٰ اصل میں وہ صفت عالیہ ہے جو تعمیر سیرت و کردار میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ عبادات ہوں یا اعمال و معاملات۔ اسلام کی ہر تعلیم کا مقصود و فلسفہ، روحِ تقویٰ کے مرہون ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن و حدیث میں متعدد مقامات پر تقویٰ اختیار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ خوفِ الٰہی کی بنیاد پر حضرت انسان کا اپنے دامن کا صغائر و کبائر گناہوں کی آلودگی سے پاک صاف رکھنے کا نام تقویٰ ہے۔ زیر نظر کتاب پروفیسر نجیب الرحمٰن کیلانی کی ایک علمی کاوش ہے، جس میں انہوں نے قرآن و حدیث کی متعدد نصوص سے تقویٰ کے موضوع پر سیر حاصل بحث کی ہے۔ کتاب کو پانچ ابواب پر تقسیم کیا گیا ہے۔ باب اوّل میں تقویٰ کا مفہوم، معیار اور مثالیں بیان کی گئی ہیں۔ باب دوم میں حصولِ تقویٰ کے ذرائع نقل کئے گئے ہیں۔ باب سوم میں مختلف انبیائے کرام کے حوالے سے یہ بات نقل کی گئی ہے کہ وہ اپنی اپنی امت کو تقویٰ کی تائید کرتے رہے تھے۔ باب چہارم میں تقویٰ کی برکات و ثمرات کا بیان ہے اور باب پنجم میں تقویٰ کے مظاہر کا بیان ہے۔ مجموعی لحاظ سے کتاب ھذا قابلِ مطالعہ اور قابلِ ستائش ہے۔ (آ۔ہ)
قرآن مقدس کے بعد احادیث نبویہ دین اسلام کا دوسرامعتبر ذریعہ ہے ۔دین اسلام کے یہ دو اصل بڑے ماخذ ہیں ، اس اہمیت کے پیش نظر صحابہ کرام ،تابعین و تبع تابعین اور علماء و محدثین جیسے قرآن حکیم کو سینوں میں محفوظ کیا ،اسی طرح ذخیرہ حدیث کوحفظ وتحریر اوردرس و تدریس کے ذریعہ محفوظ و مامون بنایا اور قبول حدیث کے ایسے حتمی اور معتبر اصول وضع کیے کہ احادیث نبویہ میں اختراع اوروضع احادیث کا خاتمہ ہوگیا ۔پھر علما و محدثین نے فقہ و اجتہاد سے شرعی مسائل مستنبط کیے اور کتاب وسنت کے دلائل سے مسائل اخذ کرنے کے قواعد و ضوابط وضع کیے ،جن کی راہنمائی سے اصل مسئلہ تک رسائی ممکن ہوئی اور علمائے سلف کی ان کاوشوں سے تاویلات وتحریفات اور احادیث نبویہ میں تشکیکات پیدا کرنے والوں کےاہداف متاثر ہوئے اور ایسے فتنہ گروں کو ہر دور میں سخت پسپائی اورندامت کا سامنا کرنا پڑا۔ان متجددین کا اصل ہدف احادیث میں شکوک و شبہات پیداکر کے دین کے اس دوسرے بڑے ماخذ کو بے اثر کر کے اپنی من مانی تاویلات اور فکری کجی کو ایک باقاعدہ دین کی شکل دینا تھا ۔لیکن نہ یہ بازیگر اپنی اس مہم جوئی میں ماضی میں کامیاب ہوسکے اورنہ یہ حال واستقبال میں کبھی سرخرو ہوں گے ،کیونکہ دین کی حفاظت کاذمہ خود اللہ مالک الملک نے اپنے ذمہ لیا ہے ۔لہذا ان فتنہ گروں کو سوائے ذلت و رسوائی اور ہزیمت وشکست کے کچھ نہ ملے گا ۔منکرین احادیث نے احادیث رسول میں کئی طرح سے تشکیک پیدا کرنے کی کوشش کی،ان میں ایک اعتراض یہ تھا کہ احادیث اس حوالہ سے غیر معتبر ہیں کہ ان میں اختلاف پایا جات ہے اورایک ہی معنی کئی متضاد مفہوم کی احادیث پائی جاتی ہیں ۔اس اعتراض کا سبب ان کی علمی کم مائیگی ،جہالت اور حدیث دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔ورنہ مفاہیم و مطالب میں اختلاف تو قرآنی آیات میں بھی موجو د ہے کہ فقط اختلاف مفاہیم کی وجہ سے کلام الہٰی کو غیر معتبر قرار دیا جاسکتاہے،اس عقلی موشگفی کو ماننے کے لیے اپنے یہ کرم فرما بھی تیار نہیں ۔پھر مختلف احادیث کو حل اور جمع کرنے کے باقاعدہ قواعد و ضوابط اور کتب موجود ہیں ،جن سے اس تعارض کا حل ممکن ہے ۔تعارض احادیث کو رفع کرنے کے بارے میں زیرنظر مقالہ ایک اچھی کاوش اور منکرین حدیث کے تعارض حدیث کے اعتراض کابہترین تریاق بھی۔(ف۔ر)
دین کامل ہے ،جس میں زندگی کے تمام معاملات کامکمل احاطہ ہے اور معاملات زندگی کا کوئی پہلو ایسا نہیں جس کی اسلام نے مکمل راہنمائی نہ دی ہو۔لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم احکام دین کے بار ے میں ضروری معلومات سے بہرہ ور ہوں اور اسلامی تعلیمات کو عملا اپنی زندگیوں پر لاگو کریں۔انسانی زندگی میں معاشی معاملات کی گتھیوں کو سلجھانا اورمعاشی ضروریات پوری کرنا ایک پیچیدہ مسئلہ ہے اور معاشیات کے حل اور اس کی ذمہ داری کے متعلق اکثر لوگ دینی تعلیمات سے نابلد ہیں ۔پھر یہ بہت بڑا ظلم ہے کہ کسب معاش کے نام پر عورت کو مردوں کے اداروں میں گھسیٹ دیا اور عورتوں کی بے تو قیری کا اسلام کش ایسا سنگین سلسلہ شروع ہے کہ اسلام نے مردو زن کےاس آزادانہ اختلاط اور فحاشی و عریانی کے اس سلسلہ کو معاشرے کی تباہی قراردیا ہے۔صنف نازک معاشی ذمہ داریوں کی کس قدر مکلف ہے اور کن حالات میں اورکن ذمہ داریوں کی مجاز ہے ،مقالہ ہذا میں اس بحث پر اچھی روشنی ڈالی گئی ہےاور اسلام سے قبل دیگر مذاہب میں حوا کی بیٹی پر جو ظلم روا تھے ان کی قلعی کھولی گئی ہےاور اسلام نے عورت کو جو مقام ومرتبہ عطا کیا ہے ،مذاہب باطلہ میں اس کی نظیر نہیں ملتی ۔مقالہ ہذا عورتوں کی معاش کے متعلق معلوماتی دستاویز ہے،جس کامطالعہ نہایت معلوما ت افزا ثابت ہوگا۔(ف۔ر)
عربی تما م مسلمانوں کی مذہبی زبان ہے ،جس سے تعلق قائم رکھنا اورسیکھنے کی کوشش اور شوق ہر دل میں جاگزیں ہونا چاہیے ،کیونکہ مسلمانوں کی مقدس کتاب اور احادیث نبویہ کےعظیم و و سیع مجموعے عربی زبان میں ہیں اور ان سے عربی سیکھے بغیر کماحقہ فائدہ نہیں اٹھایا جاسکتا۔اس لیے بحیثیت مسلمان ہر شخص کو کوشش کرنی چاہیے کہ وہ عربی زبان کی ضروری معلومات ضرور سیکھے ،لیکن المیہ یہ ہے کہ ہم دنیا کی دوڑ اوراچھی زندگی کے حصول کے لیے بچوں کو اس وقت انگلش سکھانا شروع کرتے ہیں ،جب وہ توتلی زبان سے باتیں کرنا شروع کرتاہے۔جب کہ وہ ولادت سے بڑھاپے تک عربی زبان سے نابلد ہی رہتا ہےاورقرآن و حدیث کی زبان سیکھنے اور اس میں مہارت حاصل کرنی کی کوئی امنگ اور خواہش کبھی پیدا نہیں ہوتے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم خود بھی عربی زبان سیکھیں اور نسل نو میں بھی عربی کی تعلیم کا ذوق پید ا کریں ۔عربی زبان کوسیکھنے کے لیے یہ ابتدائی درجہ کی اچھی معلوماتی کتاب ہے،جس میں نحو و صرف کے ابتدائی قواعد کو بڑے سہل انداز میں پیش کیا گیا ہے۔(ف۔ر)
اد واذکار مسلمان کا مضبوط قلعہ ہے ،جن کی بدولت انسان نفسانی خواہشات ،دلوں کی کجی اور شیطانی تسلط سے محفوظ رہتا ہےنیز اوراد و اذکار اور روز مرہ دعاؤوں کےسب سے بڑا فائدہ یہ کہ اس عمل سے اللہ تعالیٰ کاقرب حاصل ہوتا ،شیطانی تسلط کا زور ٹوٹتا ،بے لگام خواہشات کا خاتمہ ہوتا اور دلوں کو روحانیت اورنورانیت حاصل ہوتی ہے۔انسانی اصلاح،تزکیہ نفس اور تقویٰ وللہٰیت کے دوام واستحکام کے لیے کتاب وسنت میں ذکر اورمسنون ادعیہ کے خاص تاکید ہے،ائمہ محدثین اور علما سلف نے اذکار و ادعیہ کے ابواب کتب احادیث میں باقاعدہ قائم کیے ہیں اور اذکارواوراد کے حصول کی آسانی کی لیے الگ تصانیف بھی تالیف کی ہیں۔زیرنظرکتب بھی اسی مناسبت سےتیار کی گئی ہے ،جو دعاؤوں کا حسین گلدستہ اور روزمرہ کے اذکار ،مختلف اوقات و مقامات اور عبادات کی ادعیہ کے شاندار مجموعہ ہے۔(ف۔ر)
بلاشبہ غزوہ تبوک اس لحاظ سے تاریخ عہد نبوی ﷺ کا سب سے بڑا غزوہ ہے کہ جس میں اسلامی فوج کے جانبازوں کی تعداد تیس ہزار تھی اور عہد نبوی کی تاریخ میں رسولِ کریم ﷺ کی زیر کمان اتنی تعداد پہلے جمع نہیں ہوئی تھی۔ اس طرح یہ غزوہ سب سے بڑا فوجی حملہ تھا اور رسولِ کریم ﷺ کی آخری فوجی کاروائی تھی حتیٰ کہ آپ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ زیر نظر کتاب علامہ محمد أحمد باشمیل کی تصنیف لطیف ہے جس کو اردو قالب میں منتقل کرنے کی سعادت مولانا اختر فتح پوری کو ملی ہے۔ قابل مؤلف نے اس کتاب کو پانچ فصول میں تقسیم کیا ہے اور ہر فصل میں قیمتی اور تحقیقی معلومات نقل کی ہیں۔ فصل اول میں غزوہ حنین اور تبوک کی درمیانی مدت میں وقوع پذیر ہونے والے مختصر فوجی حالات و واقعات کو بیان کیا گیا ہے۔ فصل دوم میں قبائل شام کی تاریخ، تخریبی عناصر کا مدینہ میں متحرک ہونا، منافقین کے تعرفات کے نمونے اور دیگر حالات کا بیان ہے۔ فصل سوم میں غزوہ تبوک کے لئے مسلمانوں کی روانگی، غزوہ تبوک سے پیچھے رہ جانے والے مؤمنین، حجۃ الوداع کے خطبہ کی مانند رسول کریم ﷺ کا خطبہ اور تربیت نبوی ﷺ کا ایک واقعہ اور دیگر مختلف واقعات کا مفصل بیان ہے۔ فصل چہارم میں دومتہ الجندل کی فتح، مسجد ضرار کا واقعہ اور رئیس المنافقین کی موت جیسے واقعات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔ فصل پنجم کافی طویل فصل ہے جس میں اسلام قبول کرنے والے وفود کا بیان ہے۔ نیزنبی کریم ﷺ کے قتل کی سازش کا واقعہ، حجۃ الوداع، آپ ﷺ کا حج، کعبہ کو غلاف چڑھانا، اسامہ بن زید کی فوج کو تیاری کا حکم اور آپ ﷺ کی زندگی میں ظہور ہونے والے ارتدادی فتن کا بیان بھی اس فصل میں شامل ہیں۔ اس غزوہ میں مسلمانوں کو ظاہری فتح کے بجائے معنوی فتح حاصل ہوئی تھی اور وہ اِس طرح کہ انہوں نے اِس طرح وقت دنیا کی سب سے بڑی شہنشاہیت (روم) کی فوج کو خوف زدہ کر دیا تھا۔ غزوہ تبوک کے مقاصد کی تکمیل ہوئی اور بت پرستی کے تمام مظاہر کا مکمل صفایا ہو گیا اور جزیرہ عرب کی انتہائی دور دراز اطراف میں اسلام کا جھنڈا لہرا گیا۔ بہرحال کتاب قابل مطالعہ اور لائق تعریف ہے۔(آ۔ہ)
صحابہ کرامؓ وہ نفوس قدسیہ ہیں جن کو ربّ کائنات نے اپنے آخری پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی صحبت کے لئے چنا ہے۔ اس بابرکت جماعت کی فضیلت و منقبت کے لئے یہ بات ہی کافی ہے کہ پروردگار، ان سب سے راضی ہو چکا ہے اور وہ اپنے پروردگار سے راضی ہو چکے ہیں۔ وحی الٰہی کے اوّلین مخاطب بھی أصحاب رسولؐ ہیں۔ جنہوں نے دینِ اسلام کے لئے اپنا تن من دھن قربان کر دیا اور شیوۂ فرمانبرداری کی ایسی مثالیں رقم کیں جو رہتی دنیا تک پڑھی اور سنی جاتی رہیں گی۔ زیر نظر کتابچہ میں ڈاکٹر اسحاق زاہد صاحب نے قرآن و سنت کی صریح نصوص کی روشنی میں نہ صرف صحابہ کرام کے فضائل و مناقب کو بیان کیا ہے بلکہ اہل بیت اطہار کے فضائل و مناقب کو بھی بیان کیا ہے۔ ان کے درمیان آپس میں محبت بھرے تعلقات، باہمی رشتے داریاں اور اہل سنت والجماعت کا صحابہ کرام اور اہل بیت کے متعلق عقیدہ جیسے اہم عناوین رسالہ ھٰذا کی زینت ہیں۔ رسالہ ھذا اگرچہ مختصر ہے تاہم دفاع صحابہ کرام و اہل بیت اطہار کے حوالے سے ایک مفید کوشش ہے۔ (آ۔ہ)
اسلام کی سنہری تاریخ، قیمتی خزانوں اور بہادرانہ اور قابل تعریف کارناموں سے بھرپور ہے۔ اسلام کے فیصلہ کن معرکوں میں سے ایک ’’معرکہ خیبر‘‘ ہے۔ محرم ۷ہجری کا یہ واقعہ اپنے عوامل اور عواقب کے اعتبار سے بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ اس واقعے کے نتیجے میں نہ صرف یہودیوں کی سطوت اور طاقت پارہ پارہ ہو گئی بلکہ مسلمانوں کو بھی ان کی جانب سے مکمل تحفظ حاصل ہو گیا۔ زیرِ نظر کتاب ’’علامہ محمد أحمد باشمیل‘‘ کی تصنیف ہے جس کو ’’اختر فتح پوری‘‘ نے اردو قالب میں منتقل کیا ہے۔ قابل مصنف نے اسلام کے فیصلہ کن معرکے کے عنوان پر سلسلہ وار مختلف معرکوں پر کتب لکھی ہیں۔ ان میں ہر واقعہ کے پس منظر، محرکات اور جزئیات پر بحث کی ہے اور ایک ایک نقطہ اور ایک ایک مقام کو اپنی وسعت فکر و نظر کا موضوع بنایا ہے۔ واقعہ خیبر اس سے پہلے اتنی مفصل اور مستند معلومات کے ساتھ شاید ہی کسی کتاب میں مذکور ہوا ہو۔ قابل مصنف نے کتاب کو چار فصول میں تقسیم کیا ہے۔ پہلی فصل میں یہود خیبر کی مختصر تاریخ اور خیبر کے جغرافیے پر بحث کی ہے۔ دوسری فصل میں خیبر کی فتح کے متعلق اللہ تعالیٰ کا مسلمانوں سے وعدہ اور اس غزوہ کی تیاری پر بحث کی گئی ہے۔ تیسری فصل میں جنگ خیبر کے آغاز، ابتدائی مبارزت اور خیبر کے نصف اول قلعوں کی فتح پر معلومات درج کی گئی ہیں اور چوتھی و آخری فصل میں خیبر کے نصف ثانی قلعوں کی فتح، یہودیوں کے مذاکرات، شرائط، جنگی غنائم اور دیگر واقعات پر مفصل بحث کی گئی ہے اور کتاب کے آخری صفحات پر اس واقعہ کا تحلیل و تجزیہ، فوجوں کا موازہ، معرکہ خیبر کے اسباق و نتائج کو بیان کیا گیا ہے۔ عسکری ماہرین، آفیسرز اور فوجی دستوں کے لئے یہ کتاب ایک علمی ورثہ اور مشعل راہ ہے۔(آ۔ہ)
دلائل شرعیہ کی رو سے نبی کریمﷺکی ذات اسوہ حسنہ اور معتبرمیزان ہے ،جن کے اتباع کے بغیر کامیابی ممکن نہیں اور کسی بھی عمل کی قبولیت کا معیار یہ ہے کہ وہ سنت نبوی کے مطابق ہو ۔شریعت میں ہر وہ عمل مردود ہے ،جس کی بنیاد مخالفت حدیث پر ہو یا وہ دین میں ایجاد کردہ عمل ہو،چونکہ نماز دین کی اساس اورقرب الہٰی کا بہترین ذریعہ ہے ،اس لیے ہرمسلمان پر لازم ہے کی اس کی نماز سنت کے مطابق ہے اورنماز کا کوئی بھی عمل نماز نبوی کے خلاف نہ ہو ۔لیکن المیہ یہ ہے کہ تقلید کی روش نے سادہ لوح مسلمانوں کو اصل دین سے بے بہرہ کر کے تقلید امام کے نام سے ان کی نماز تک بگاڑ دی اور نمازکے کئی فرائض و سنن کو تقلید کے تیشے سے چھیدکر عامۃ الناس میں اتنامنفی پراپیگنڈہ کیا کہ لوگ انہیں نمازکے فرائض سنن ماننے کے لیے تیارنہیں۔ان سنن میں سے آپ کی ایک دائمی سنت رفع الیدین ہے ،جو آپ سے متواتر ثابت ہے ،کتاب ہذا میں رفع الیدین کے ثبو ت پر سیرحاصل گفتگو کی گئی ہے اوردلائل وآثار سے اس مسئلہ کی حقانیت ثابت کی گئی ہے۔اثبات رفع الیدین کے موضوع پر یہ ایک عمدہ تالیف ہے ،جس کا مطالعہ قارئین کے لیے نہایت مفید ہوگا۔(ف۔ر)
اسلام کے فیصلہ کن معرکوں میں غزوہ حنین کی حیثیت بالکل نمایاں ہے کیونکہ یہ معرکہ عسکری نقطۂ نگاہ سے ایک اہم معرکہ ہے جس میں مسلمانوں نے آنحضرت ﷺ کی زیرِ قیادت شمولیت اختیار کی۔ بارہ ہزار جانبازوں نے شرکت کی اور اتنی تعداد پہلے کسی معرکہ میں نظر نہیں آئی۔ نیز اس معرکہ میں مسلمانوں کی فیصلہ کن فتح، جزیرہ عرب میں بت پرستی کے تابوت، میں آخری کیل ثابت ہوئی۔ زیر نظر کتاب علامہ محمد احمد باشمیل کی تصنیف ہے جیسے اردو قالب میں مولانا اختر فتح پوری نے منتقل کیا ہے۔ کتاب شاندار تعلیمات اور دقیق قیمتی تحلیلات پر مشتمل ہے۔ بنو ثقیف اور بنو حیوازن کا کس طرح قلعہ قمع کیا گیا اور دوران معرکہ کس قسم کے حالات پیش آئے۔ مخالفین کے کتنے لوگ مقتول ہوئے اور مسلمانوں کے کتنے لوگوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ جزیرۂ عرب میں بت پرستی کا خاتمہ کیسے ہوا، یہ سب معلومات کتاب ھذا میں رقم کر دی گئی ہیں۔ ہر وہ شخص جو تاریخ اسلامی کے خزائن و معارف کے اکتشاف کا خواہاں ہے اسے اس کتاب کا مطالعہ بھی کرنا چاہئے اور مؤلف کے قیمتی تاریخی سلسلہ کی بقید کتابوں کی تعلیمات و تحلیلات کا بھی مطالعہ کرنا چاہئے۔ غزوۂ حنین میں جو دروس و عبر اور نصائح پائی جاتی ہیں انہیں مؤلف نے اپنی کتاب میں اپنے تحلیل و تجزیہ کے دوران نہایت شاندار طریق سے پیش کیا ہے۔ مسلم نوجوانوں خاص طور پر تاریخ کے طالب علموں کے لئے مؤلف کا یہ سلسلہ درخشندہ اسلامی تاریخ کے خزانوں کا احاطہ کرتا ہے جس سے وہ اپنی پیاس کی سیرابی کا سامان پائیں گے۔ جزاہ الندا حسن الجزاء۔(آ۔ہ)
صلح حدیبیہ مسلمانوں کی تاریخ کا ایک عظیم الشان واقعہ ہے اس کے نہایت دور رس نتائج اور مفید اثرات رونما ہوئے۔ صلح حدیبیہ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مجید نے اس کو ’’فتح مبین‘‘ اور ’’نصر عزیز‘‘ کا نام دیا ہے۔ تمام مسلمان مؤرخین اس بات پر متفق ہیں کہ صلح حدیبیہ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ کی سیاسی بصیرت اور فہم و فراست کا ایک شاہکار واقعہ ہے۔ حتیٰ کہ مشہور مؤرخ اور فاضل عالم دین ڈاکٹر حمید اللہ نے صلح حدیبیہ کو عہد نبوی کی سیاست خارجہ کا شاہکار قرار دیا ہے۔ زیر نظر کتاب علامہ محمد أحمد باشمیل کی تألیف لطیف ہے اور اس کو اردو قالب میں منتقل کرنے کا فریضہ ’’اختر فتح پوری‘‘ نے انجام دیا ہے۔ فاضل مصنف نے اس کتاب میں صلح حدیبیہ کے مفید اثرات کے ساتھ ساتھ اس وقت کے تاریخی تناظر کے حوالے سے صلح حدیبیہ سے متعلق تمام علمی مباحث کو ایک جگہ سمیٹ دیا ہے۔ موصوف نے اس موضوع کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا ہے اور عالمانہ انداز میں تمام ضروری مباحث کا جائزہ پیش کیا ہے۔ صلح حدیبیہ سے متعلق سیاسی و عسکری واقعات، اس کے اسباب و محرکات، آپ ﷺ کی عمرہ کے لئے روانگی، انٹیلی جنس کے دستے، صحابہ کرام سے مشاورت، صلح کے ثالث حضرات، آپ ﷺ کے نمائندے حضرت عثمانؓ کی مکہ روانگی، بیعت رضوان، صلح کے مذاکرات، شرائط، گواہان، ام سلمہؓ کا مشورہ، اصحاب شجرہ کی فضیلت، قضیہ حدیبیہ کے اسباق، عظیم فوائد اور انقباط اسلامی کے زندہ نمونہ جیسے بیسیوں مضامین پر اس کتاب میں روشنی ڈالی گئی ہے۔ سیاسی اور عسکری امور سے متعلقہ لوگوں کے لئے یہ کتاب روش اور شان دار مشعل راہ ہے۔ (آ۔ ہ۔)
بلوغ المرام من ادلۃ الأحکام، حافظ ابن حجر عسقلانیؒ کی حدیث پر لکھی گئی مشہور و متداول کتاب ہے۔ یہ مختصر اور جامع مجموعہ احادیث ہے۔ جس میں طہارت، نماز، روزہ، حج، زکاۃ، خرید و فروخت، جہاد و قتال غرض تمام ضروری احکام و مسائل پر احادیث کو فقہی انداز پر جمع کر دیا گیا ہے۔ ’’کتاب الجامع‘‘ اسی کتاب کا ہی ایک حصہ ہے جس میں آداب و اخلاق سے متعلق احادیث نبویہ کو جمع کیا گیا ہے۔ زیر نظر کتاب شیخ الحدیث حافظ عبد السلام بن محمد بھٹوی حفظہ اللہ نے لکھی ہے جو ’’کتاب الجامع‘‘ کے ترجمے تخریج احادیث اور تشریح احادیث پر مشتمل ہے۔ کتاب ھذا کا ترجمہ و تشریح، سادگی و سلاست کا بہترین مرقع ہے۔ کتاب میں انسان کی اصلاح سے تعلق رکھنے والے چھ ابواب جمع کئے گئے ہیں جن سے نفس انسانی کی صحیح تربیت ہوتی ہے۔ جن میں ادب کے بیان، نیکی کرنے اور رشتہ داری ملانے کے بیان، دنیا سے بے رغبتی اور پرہیزگاری کے بیان، برے اخلاق سے ڈرانے کے بیان، اچھے اخلاق کی ترغیب کے بیان اور ذکر و دعاء کے بیان پر مشتمل ابواب شامل ہیں۔ یہ کتاب اِس لائق ہے کہ اس کو مدارس ،کلیات اور جامعات کے ابتدا کی کلاسوں میں شامل نصاب کیا جائے تاکہ تعمیر سیرت کردار کی تکمیل ہو سکے اور مسلمانوں کی کامیابی و کامرانی کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو سکے۔ (آ۔ہ)
یہود و نصاریٰ کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ وہ کسی نہ کسی طرح دینِ اسلام کی اساسیات کو کھوکھلا کر دیں۔ اور اس روشن، چراغ کو اپنی پھونکوں سے بجھا دیں۔ لہٰذا ٓغاز اسلام سے ہی وہ اسلام اور اہلِ اسلام کے سازشوں میں مصروفِ عمل ہیں۔ زیرِ نظر کتاب میں قابلِ مصنفہ مریم خنساء نے ان تمام امور کی طرف نشان دہی کر دی ہے جن کو یہود و نصاریٰ نے غیر محسوس طریقے سے ہم پر مسلط کیا ہے اور ہم ان کی سازشوں کا شکار ہو گئے ہیں۔ وہ سازشیں کیا ہیں؟ کس نوعیت کی ہیں؟ ان سے کس طرح بچا جا سکتا ہے؟ یہ سب جاننے کے لئے کتاب ھذا کا مطالعہ انتہائی ضروری ہے۔ قابل مصنفہ نے کتاب ھذا میں فکری اغواء کے عوامل اور طریق کار کو بھی بیان کیا ہے اور اپنی معلومات کو، مسلمانوں کا فکری اغواء، فکری اغواء کے مختلف پہلو، انکار حدیثِ فکری اغواء کے افرادی اور دماغی قوت ختم کرنے کی کوشش جیسے عنادین میں سمو دیا ہے۔ اور کتاب کے اختتام پر ’’حرفِ آخر‘‘ کے عنوان کے تحت پوری کتاب کا نچوڑ اور خلاصہ بیان کر دیا ہے۔ اس پر مستزاد یہ کہ جن مصادر و مراجع سے کتاب میں استفادہ کیا گیا ہے ان کی فہرست بھی کتاب کے آخر میں دے دی گئی ہے۔ ہر مسلمان کو کتاب ھذا کا مطالعہ کرنا چاہئے تاکہ وہ یہود و نصاریٰ کی رشیہ دوانیوں سے مکمل آگاہی رکھ سے اور ان سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر بھی اپنا سکے۔ بہرحال یہ کتاب نہ صرف قابلِ مطالعہ ہے بلکہ لائق ستائش بھی ہے۔ (آ۔ہ)
زیرِ نظر کتاب معروف اسکالر ڈاکٹر محمد حمید اللہؒ کی کتاب ’’The Prophet’s Establishing A State & His Succession‘‘ کا اردو ترجمہ ہے اسے اردو قالب میں پروفیسر خالد پرویز نے منتقل کیا ہے۔ کتاب میں کل گیارہ مضامین کو زیر بحث لایا گیا ہے جو در حقیقت نبی کریم ﷺ کی حکمرانی و جانشینی کے نمایاں پہلو ہیں۔ اس کے دو مضامین ’’اسلامی سلطنت کی تنظیم‘‘ اور ’’دنیا کا پہلا تحریری دستور‘‘ ایسے ہیں جنہیں ڈاکٹر موصوف نے انگریزی واردو دونوں زبانوں میں تحریر کیا ہے۔ چنانچہ ان کا ترجمہ نہیں کیا گیا بلکہ ویسے ہی نقل کئے گئے ہیں۔ کتاب کے آخری مضمون ’’حضرت علی المرتضیٰؓ پہلے خلیفہ کیوں نہ ہوئے؟‘‘ ڈاکٹر حمید اللہ کی ایک اور انگریزی کتاب میں شامل تھا جسے موضوع کی مناسبت سے مترجم کی طرف کتاب ھذا میں شامل کر دیا گیا ہے تاکہ مصنف کا نقطۂ نظر قاری تک مکمل شکل میں پہنچ سکے۔ کتاب کے مضامین کی ترتیب میں اسلام میں آئینی مسائل، دنیا کا سب سے پہلا تحریری دستور، پہلے تحریری دستور کی دفعات، اسلام میں ریاست کا تصور، اسلامی سلطنت کی تنظیم (قرآن کے آئینے میں)، مسلم مملکت میں مالیاتی نظم و نسق، رسول اللہ کے دور میں بجٹ سازی اور ٹیکسیشن، رسول اللہ بحیثیت سیاسی مدبر، جنگ جمل اور صفین کے پس پردہ یہودی ہاتھ، رسول اللہ کی طرف سے بستر وصال پر وصیت لکھوانے کا قصہ اور حضرت علی المرتضیٰ پہلے خلیفہ کیوں نہ ہوئے؟ جیسے عنادین شامل ہیں۔ یہ کتاب رسول اکرم ﷺ کی سیاسی بصیرت کا ایک شاہکار ہے۔ جزاہ اللہ امن الجزاء۔(آ۔ہ)
علوم صرفیہ ونحویہ کی اہمیت کے لیے یہ بات ہی کافی ہے کہ یہ علوم ،قرآن وحدیث پر مبنی بے مثال اور عظیم المرتبت محل کی بنیادیں اور اساسیں ہیں ۔زیر نظر کتاب ’’مسائل النحو والصرف‘‘ مولانا نور حسین قاسمی کی تالیف لطیف ہے جو علوم صرفیہ ونحویہ پر مشتمل سینکڑوں کتب کا خلاصہ اور نچوڑ ہے اس میں علم نحو وصرف سے متعلق ایسے فوائد نافعہ ، قواعد مہمہ اور فرائد منثورہ پنہاں ہیں جو نہایت سود مند ہونے کے باوجود تمام کتب میں با آسانی دستیاب نہیں ہیں اس میں بہت سارے وہ اصول وضوابط اور ادبی وفنی اصطلاحات ونوادرات مندرج ہیں جن کا مکمل مگر جامع تعارف عام کتابوں میں مشکل سے ملتا ہے ۔اس میں بعض ایسے ادبی لطائف وظرائف ، فنی حقائق و دقائق ، قابل قدر نکات وصلات اور بعض مشکل عربی عبارات کی تشریحات وتوضیحات ہیں جو دیگر کتب میں باآسانی دستیاب نہیں ہوتی ہیں۔ کتاب میں موجود ہر مضمون وبحث کا مستند حوالہ مکتوب ہونے کے ساتھ عربی عبارات واصطلاحات کا اردو ترجمہ بھی ہے تاکہ ہر طالب علم اس سے استفادہ کرسکے ۔نیز کتاب میں ایک بحث ’’الف سے یا‘‘ تک بھی ہے جس میں ہر حرف سے متعلق ضروری اور نادر الوجود اسرار ورموز کا خزانہ ہے جو بلاشبہ سرمایہ گراں مایہ ہے ۔یہ کتاب درحقیقت مختلف النوع علوم وفنون کا کشکول ، پوشیدہ دفائن وخزائن کا نچوڑ اور نایاب وکمیاب علمی وتحقیقی مضامین ومباحث سے بھرپور ہے جو ہر طالب علم کی معلومات میں بے بہا اضافہ کرتی ہے ۔متذکرہ بالا امتیازات کی بنا پر یہ فیصلہ کرنا مشکل نہیں ہے کہ قابل مصنف کی یہ علمی کاوش علوم دینیہ اور علوم صرفیہ ونحویہ کے طالبین اور شائقین کیلئے جامع راہنما اور مشعل راہ ثابت ہوگی۔(آ۔ہ)
علوم اسلامیہ اور عربیہ میں علمِ لغت ایک ایسا جامع علم ہے جس سے جملہ علوم کا سلسلہ جڑتا ہے۔ علمِ لغت کو ام العلوم سے بھی تعبیر کیا جاتا ہے کیونکہ علم نحو، صرف، اشتقاق، معانی، بدیع اور علم بیان وغیرہ کا استخراج اسی علم سے ہوا ہے۔ عربی لغت میں الفاظ کے درمیان باہم مناسبت اور ترادف بھی ہوا کرتا ہے جس کی نشاندہی اکثر لغت کی کتب میں چیدہ چیدہ مقامات پر اہل فن نے کی ہے۔ بعد میں اس پہلو کو مزید روشن بنانے کے لئے مستقل عرق ریزی کی ضرورت محسوس ہوئی۔ چنانچہ ارباب علم و فن نے اس پہلو کو خوف روشن کر کے دکھایا۔ زیر نظر کتاب بھی اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ ’’البروق فی انواع الفروق‘‘ یعنی الفاظ مترادفہ کے درمیان فرق، مولانا نور حسین قاسمی کی تصنیف لطیف ہے۔ اس کتاب میں الف سے لیکر یاء تک، دلچسپ الفاظ مترادفات مثلاً اللہ، الہ، رب، خدا جیسے کلمات کا والد، ولد، ابن جیسے کلمات کا، جنگ، جہاد، غزوہ جیسے کلمات کا اور اسی طرح دین، شریعت، ملت، مذہب جیسے کلمات کا آپس میں فرق آسان کتاب میں جا بجا مقامات پر فروق پر مبنی عربی کتب سے براہِ راست اقتباسات باحوالہ نقل کئے گئے ہیں اور آخر میں مصادر و مراجع پر مبنی کتب کی فہرست دے دی گئی ہے جو مستفیدین کو تفصیلی معلومات کی طریق رہنمائی کرتی ہیں۔ مختصر یہ کہ اردو زبان میں الفاظ مترادفہ کے مابین فروق کے حوالے سے، یہ کتاب قابلِ التفات اور قابلِ ستائش ہے۔ (آ۔ہ۔)
نبی اکرمؐ کے وصال پر ملال کے بعد آپ ﷺ کے رفقائے عالی مقام کا دور آتا ہے جنہیں صحابہ کرام کے پر عظمت لقب سے پکارا جاتا ہے۔ تاریخ انتہائی فخر اور احترام کے ساتھ اس گروہ کا ذکر کرتی ہے اور فیصلہ دیتی ہے کہ انبیاء و رسلؑ کے بعد اس سطح ارض پر اور آسمان کی نیلی چھت کے نیچے آج تک کوئی ایسی جماعت پیدا نہیں ہوئی جو صحابہ کرامؓ کی ہم سری کا دعویٰ کر سکے اور نہ آئندہ قیامت تک پیدا ہو گی۔ صحابہ کرامؓ کی مقدس و مبارک جماعت بے شمار خصوصیات کی حامل تھی اور ان میں سے بعض حضرات میں بعض خصوصیات خاص طور پر بے حد نمایاں تھیں جن میں ایک خصوصیت ’’طرزِ حکمرانی‘‘ تھی۔ جن حضرات بلند مرتبت میں یہ خصوصیت پائی جاتی تھی انہیں خود نبی کریم ﷺ نے بھی بعض مقامات پر والی اور حاکم مقرر فرمایا اور آپ کے بعد خلفاء راشدین کے عہد بابرکت میں بھی ان کی اس خصوصیت و صلاحیت سے فائدہ اُٹھایا گیا۔ زیر نظر کتاب میں مولانا محمود احمد غضنفر صاحب نے صحابہ کرام کی اسی خصوصیت کو دادِ تحسین سے نوازا ہے۔ اسلامی ریاست و حکومت کے موضوع پر یہ نہایت اہم کتاب ہے کہ جس میں ان صحابہ کرام کو جمع کر دیا گیا ہے جنہوں نے مختلف مقامات میں داد حکمرانی دی۔ اس کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام کس قسم کی حکمرانی کی تلقین کرتا ہے اور مسلمان حکمران کے اصل فرائض کیا ہیں؟ اس کتاب میں ایسے صحابہ کرام کا تذکرہ کیا گیا ہے جنہوں نے اسلامی مملکت کے مختلف علاقوں میں حکومت کے فرائض سر انجام دیئے۔ عالم اسلام کے موجودہ حکمران اس کتاب کو مشعل راہ بنا کر دنیاو آخرت کی سعادتوں کو حاصل کر سکتے ہیں۔ صحابہ کرام کی حیات طیبہ کو منصۂ شہود پر لانا، ان کے کارناموں کو نکھار کر پیش کرنا اور لوگوں کے علم و مطالعہ میں لانا واقعی ہی بہت بڑی سعادت اور عظیم خدمت ہے۔ (آ۔ ہ)
کسی بھی زبان کو سیکھنے کے لئے نحو و صرف و گرائمر کی اہمیت محتاج بیان نہیں۔ خصوصاً عربی زبان جو قرآن و حدیث کی زبان ہے جسے فصاحت و بلاغت میں بلاشبہ تمام زبانوں پر فوقیت و برتری حاصل ہے۔ چنانچہ ہر دور میں ارباب علم و فن اس زبان کی خدمت کیلئے ’’مختلف قسم کی چھوٹی بڑی کتب تصیف و تألیف کی ہیں۔ اسی سلسلہ کی ایک ساتویں صدی ہجری میں ابن مالکؒ کی ’’الفیہ‘‘ ہے اور اس کی شرح علامہ ابن عقیل نے تحریر فرمائی ہے جو ’’شرح ابن عقیل‘‘ کے نام سے معروف ہے۔ یہ متن و شرح بیشک علم نحو و صرف کی عظیم الشان اور فقید الثال خدمت ہے خصوصاً بلاد عرب میں اس کتاب کو جو پذیرائی حاصل ہوئی ہے وہ کسی سے مخفی نہیں ہے سینکڑوں برس سے یہ کتاب مدارس و جامعات میں شامل و عجم نصاب ہے اس میں علم نحو کی تمام اہم جزئیات کا احاطہ کیا گیا ہے نیز مسائل کو آیات قرآنیہ، احادیث مبارکہ، عربی زبان کے محاورات و ضرب الأمثال فصیح و بلیغ اشعار سے مدلّل و مبرہن کر کے آراستہ کیا گیا ہے چونکہ مذکورہ کتاب اور اس کے حواشی عربی زبان میں ہیں جن سے استفادہ عجمی طلبہ کے لئے قدرے دشوار تھا اور عرصۂ دراز سے یہ شدید ضرورت محسوس ہو رہی تھی کہ اردو زبان میں مذکورہ کتاب کی کوئی خدمت ہو سکے تاکہ اس سے استفادہ کی راہیں مزید آسان اور بہتر ہو سکیں۔ دو جلدوں پر مشتمل زیر نظر کتاب مولانا علی الرحمٰن فاروقی کی سعی مسلسل کا نتیجہ ہے جنہوں نے کمال مہارت سے شرح ابن عقیل کی تسہیل و تحلیل کر دی ہے۔ مقدمہ النحو، شرح ابن عقیل کا با محاورہ ترجمہ و تشریح، اشعار کا بامحاورہ ترجمہ، اشعار کی ترکیب، اشعار کے مفردات مشکلہ کی تشریح، محل استشہاد کی وضاحت، ضرورت کے مطابق شان و رود اور غیر ضروری طوالت سے اجتناب، یہ سب وہ خصوصیات ہیں جن کی بدولت یہ کتاب واقعی ہی قابلِ داد و ستائش ہے اور علم نحو کے شیدائیوں کیلئے ایک عظیم مخزن اور تحفہ ہے۔ (آ۔ہ)
اسلام کے ابتدائی دور ہی سے علمائے حق نے قرآنی علوم کی ترویج وتبلیغ کاسلسلہ شروع کیا اور عامۃ الناس کی آسانی کے لیے قرآن کے مطالب و مفاہیم کو احسن اور عام فہم انداز سے پیش کیا ،تاکہ قرآن حکیم کی تعلیمات عام ہوں اورلوگوں میں قرآن فہمی کا ذوق اجاگر ہو ۔علماءکرام نے یہ فریضہ بخوبی ادا کیا اور قرآن مقدس کی تفسیر ،تشریح ،لغوی بحث ،شان نزول کے بیان سمیت مختلف تحقیقی وتکنیکی پہلؤوں پرکام کیا،جوقرآن کے ساتھ ان کی شدید محبت ومودت کی واضح علامت ہے،قرآن مجید کا ظاہری حسن یہ بھی ہے کہ یہ ادب و بلاغت کی شاہکار کتاب ہے ،جس ایک ایک معنیٰ کے لیے متعدد الفاظ بیان ہوئے ہیں۔جن کے فرق اوربیان کو سمجھنا اور بیان کرنا بھی ایک اہم فن ہے ،جسے ہمارے ممدوح مولانا عبدالرحمٰن کیلانی پ نے نہایت ذوق ،شوق اور پور ی دلجمعی سے کتاب ہذا میں بہترین انداز سے مرتب کیا ہے ۔زیر نظر کتاب مترادفات القرآن کے موضوع پر اہم تصنیف ہے ،جوقارئین اور محقیقین کی علمی آبیاری کا بہترین سامان اور خدمت قرآن کے ایک شاندار کاوش ہے۔(ف۔ر)