زیر تبصرہ کتاب"حقیقت اسلام" جماعت اسلامی پاکستان کے بانی مولانا سید ابو الاعلی مودوی کی تصنیف ہے ۔جس میں آپ کے وہ خطبات جمع ہیں جو انہوں نے 1938ء میں چند مہینوں تک مشرقی پنجاب کے ایک دیہاتی علاقے میں قیام کے دوران ارشاد فرمائے۔وہ فرماتے ہیں کہ وہاں میں نے جمعہ کے اجتماعات میں عام مسلمانوں کو دین سمجھانے کے لئے خطبات کا ایک سلسلہ شروع کیا اور چونکہ مخاطب ناخواندہ اور نیم ناخواندہ لوگ تھےچنانچہ ان خطبات میں زیادہ سے زیادہ عام فہم اور آسان زبان استعمال کی تھی۔انہیں تعلیم یافتہ لوگ بھی دین سمجھنے کے لئے پڑھ سکتے ہیں اور اپنے ان پڑھ عوام کو سنا کر بھی یہ بتا سکتے ہیں کہ ان کا اصل دین کیا ہے۔یہ خطبات دراصل چانچ الگ الگ حصوں میں شائع کئے گئے ہیں، جوحقیقت اسلام، حقیقت صوم وصلوۃ، حقیقت زکوۃ، حقیقت حج اور حقیقت جہاد کے موضوعات پر مشتمل ہیں۔ زیر تبصرہ کتابچہ حقیقت اسلام ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔ آمین(راسخ)
اللہ تعالی نے عورت کو معظم بنایا لیکن قدیم جاہلیت نے عورت کو جس پستی کے گھڑے میں پھینک دیا اور جدید جاہلیت نے اسے آزادی کا لالچ دے کر جس ذلت سے دو چار کیا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے ایک طرف قدیم جاہلیت نے اسے زندگی کے حق سے محروم کیا تو جدید جاہلیت نے اسے زندگی کے ہر میدان میں دوش بدوش چلنے کی ترغیب دی اور اسے گھر کی چار دیواری سے نکال کر شمع محفل بنادیا ۔ جاہل انسانوں نےاسے لہب ولعب کاکھلونا بنا دیا اس کی بدترین توہین کی اور اس پر ظلم وستم کی انتہا کردی تاریخ کے اوراق سے پتہ چلتاہے کہ ہر عہد میں عورت کیسے کیسے مصائب ومکروہات جھیلتی رہی اور کتنی بے دردی سے کیسی کیسی پستیوں میں پھینک دی گئی اور عورت اپنی عزت ووقار کھو بیٹھی آزادی کے نام پر غلامی کا شکار ہوگئی۔ ۔ لیکن جب اسلام کا ابرِ رحمت برسا توعورت کی حیثیت یکدم بدل گئی ۔محسن انسانیت جناب رسول اللہ ﷺ نے انسانی سماج پر احسان ِعظیم فرمایا عورتوں کو ظلم ،بے حیائی ، رسوائی اور تباہی کے گڑھے سے نکالا انہیں تحفظ بخشا ان کے حقوق اجاگر کیے ماں،بہن ، بیوی اور بیٹی کی حیثیت سےان کےفرائض بتلائے اورانہیں شمع خانہ بناکر عزت واحترام کی سب سےاونچی مسند پر فائز کردیااور عورت و مرد کے شرعی احکامات کو تفصیل سے بیان کردیا ۔آج مغربی اقوام بھی عورت کی غلام بنام آزادی سے تنگ آچکی ہیں ۔ کیونکہ مغربی تمدن میں اس بے جا آزادی کے نتائج ،زنا کاری اور بے حیائی کی شکل میں ظاہر ہورہے ہیں افسو س اس بات کا ہے کہ مسلمان عورت بھی آج اسی آزادی کے حصول کی کوشش میں سرگرداں نظر آتی ہے جبکہ اسلام قرآن کے ذریعے اس کا قرآن وحدیث کے لیے اس کا مقام ، حیثیت اور حقوق وفرائض متعین کرتا ہے۔ زیر نظر کتاب ’’اکیسویں صدی اور مسلمان عورت ‘‘ محترمہ عامرہ احسان کی مرتب شدہ ہے ۔ انہوں نےاس کتاب میں عصر حاضر میں خواتین کے پیش آنے والے مسائل اور حالات کا تجزیہ کیا ہے ۔ عورت کی نفسیات کے پچیدہ پہلوؤں پر بڑی ہی پُر معنیٰ بحث کی ہے۔ کتاب کوتاریخی دلائل سے سجایا ہے اور اس تجزیے کےدوران مسلمان عورت اور یورپ زدہ عورت کےفکری خدو خال پوری طرح واضح کیے ہیں ۔ جہاں انہوں نےقرآن وحدیث کی روشنی میں عورت کے فطری مقام کوواضح کیا اور اسکےبہترین نتائج کو نئی نسل کےسامنے رکھا ہے وہیں یورپ کےعلمی ماخذ اور مستند کتابوں کے ذریعے خواتین کو دوسرے رخ سےبھی باخبر کیا ہے ۔اور بڑی محنت سے مسلمان خواتین کی رہنمائی فرمائی ہے کہ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہﷺ ان سے کیا چاہتے ہیں اور کن فتنوں سےانہیں خود کوبھی اوراپنے خاندان کو بھی بچانا ہے جو زن کو نازن بلکہ ناگن بنادیتے ہیں ۔(م۔ا)
عمرانیات یا سماجیات سماجی رویے، اس کے مآخذ، ترقی، تنظیم اور اداروں کے مطالعے کا علم ہے۔ یہ ایک ایسا سماجی علم ہے جو مختلف تجرباتی تفتیشی طریقوں اور تنقیدی جائزوں کے ذریعے معاشرتی نظم، بدنظمی اورمعاشرتی تبدیلی کے بارے میں ایک علمی ڈھانچہ وضع کرتا ہے۔ ایک ماہر عمرانیات کا عمومی ہدف سماجی پالیسی اور فلاح کے لیے براہ راست لاگو ہونے والی تحقیق منعقد کرنا ہوتا ہے، تاہم عمرانیات کے علم میں معاشرتی عمل کی تصوراتی تفہیم کو بہتر بنانا بھی شامل ہے۔ موضوعاتی مواد کا احاطہ فرد کے کردار اور عمل سے لے کر پورے نظام اور سماجی ڈھانچے کی تفہیم تک جاتا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب ’’قرآنی عمرانیات‘‘ ڈاکٹر سیدضمیر علی اختر کی کاوش ہے۔ انہوں نے یہ کتاب اسلامی عمرانیات کے نصاب کے مطابق مرتب کی ہے۔ اس کتاب کی تیاری میں انہوں نے نے بعض غلط فہمیوں کو دور کرنے اور انہیں صحیح اسلامی مناظر میں پیش کرنےکی کوشش کی ہے۔ یہ کتاب قرآنی عمرانیات علوم مروجہ کے علاوہ جامعات میں ایک روز افزوں مقبولیت حاصل ہونےوالے مضمون عمرانیات کی ایک نصابی ضروریات کوپورا کرتی ہے۔ (م۔ا)
عورتیں مردوں کے لئے شدید ترین فتنہ ہیں۔ نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے: مَا تَرَكْتُ بَعْدِي فِتْنَةً أَضَرَّ عَلَى الرِّجَالِ مِنْ النِّسَاءِ.(صحيح بخاری ومسلم )’’میں نے اپنے بعد مردحضرات کے لئے عورتوں سے زیادہ نقصان دہ کوئی فتنہ نہیں چھوڑا ۔‘‘عورتوں کی فتنہ انگیزی یہ ایسی واضح بات ہے جس کے اندردو دانشمندوں کا کبھی اختلاف نہیں ہوسکتا۔ البتہ اس فتنہ سے بچنے کے راستے ،وسائل وذرائع نبی کریم ﷺ نے بیان کردئیے ہیں جنھیں اختیار کرکے ہم اس فتنہ سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتا ب’’ فتنہ خواتین او ران سے بچنے کی تدبیریں ‘‘ سعودی عرب کے نامور عالم شیخ محمد صالح المنجد کے عربی رسالہ ’’ الابتلاء بفتنۃ النساء ‘‘ کا اردو ترجمہ ہے ۔اس رسالہ کو عربی سے اردو قالب میں ڈھالنے کی سعادت جناب ابو عاصم فضل الرحمٰن فیصل ﷾ ( مدرس جامعہ الدعوۃ الاسلامیہ ،مرید کے ) نے حاصل کی ہے ۔شیخ موصوف نے اس مختصر رسالہ میں قرآن واحادیث کی روشنی میں عورتوں کے فتنے کی وضاحت کی ہے اور ان احتیاطی تدابیر کو بیان کیا ہے جن کو اختیار کر کے عورتوں کے فتنہ سے بچا جاسکتا ہے ۔ اللہ تعالیٰ رسالہ ہذا کے مصنف ، مترجم وناشر کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے عامۃ الناس کے لیے اصلاح کا ذریعہ بنائے ۔ (آمین) (م۔ا)
اسلام دین فطرت ہے،جو تمام انسانوں اور جنوں کے لئے نازل کیا ہے۔دین اسلام بلا تفریق سب کی ہدایت اور بھلائی کے لئے آیاہے،جس کی تعلیمات پر عمل کر کے رحمت الہی کا حصول ممکن ہوتا ہے۔اسلام کے متعدد محاسن اور بے شمار فوائد ہیں۔یہ عقل وفکر کو مخاطب کرتا ہے اور اسے مزید جلا بخشتا ہے۔یہ صلاحیتوں کو منظم کر کے انسانیت کی خدمت پر آمادہ کرتا ہے۔وحی کی روشنی میں عقل با بصیرت ہو جاتی ہے اور صرف دنیوی مفادات کے حصول کی بجائے آخرت کی تیاری میں مگن ہو جاتی ہے۔یہ اسلام ہی ہے جو نہ صرف اپنے ماننے والوں کو بلکہ اپنے منکرین کو بھی بحیثیت ان کے لا محدود حقوق ومراعات دیتا ہے ،بلکہ وہ تو حیوانات کے حقوق کا بھی پاسدار ہے اور چرند وپرند اور موسم کا بھی محافظ ہے۔اسلام نے زندگی مرد ،عورت ،غلام ،آزاد ،آقا ،غلام سمیت تمام کے حقوق وفرائض کا تفصیل سے تذکرہ کیاہے ۔ زیر تبصرہ کتاب " ہمارے فرائض اور ہمارے حقوق "محترم حافظ نذر احمد صاحب پرنسپل شبلی کالج لاہورکی تصنیف ہے، جس میں انہوں نے قرآن وسنت کی روشنی میں ہر انسان کے حقوق وفرائض کو تفصیل سے بیان کر دیا ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کو جزائے خیر سے نوازے اور تمام مسلمانوں کو ان فرائض وحقوق کا خیال رکھنے کی توفیق دے۔آمین(راسخ)
بلاشبہ دنیا کی تاریخ میں عہد نبویﷺ سیاسی، دینی اور اقتصادی اعتبار سے ممتاز ہے نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں پر سیرت نگاروں نے کاوشیں کیں۔ کتب احادیث بھی آپﷺ ہی کے کردار کا مرقع ہیں۔ عبادات و معاملات، عقائدوغزوات اور محامد وفضائل، کو نسا باب اور فصل آپ کےتذکرے سے مزین نہیں۔ پیغمبر اسلام ﷺ کی حیات پاکیزہ سے متعلق صدہا مصنفینِ اسلام نے قابل قدر تصانیف لکھی ہیں اور اس کثرت سے لکھی ہیں کہ آج تک کسی علمی یا ادبی موضوع پر اس قدر سیر حاصل کتابیں تصنیف نہیں کی گئیں۔ سیرت مقدسہ کی ا ن کتابوں میں مصنفین نے جہاں رسول اکرمﷺ کی پاک زندگی کے مختلف گوشوں پر پوری شرح وبسط کے ساتھ روشنی ڈالی ہے۔ اسی کے ذیل میں انہوں نے آپ کے ان فرامین مکاتیب عالیہ کابھی ذکر کیا ہے۔ جو مختلف حالات کے زیر اثر دنیا کے مختلف حصوں میں ارسال کئے گئے۔ ان مکاتیب النبیﷺ کی جمع و تدوین میں راویان حدیث اور محدثین کرام کابڑا حصہ ہے۔ زیر تبصرہ کتا ب ’’فرمان نبوی ترجمہ و شرح مکاتیب النبیﷺ‘‘ تیسری صدی ہجری کے معروف محدث ابو جعفر الدیبلی السندی کی نبی کریمﷺ کے مختلف مکتوبات پر مشتمل عربی کتاب کا اردو ترجمہ ہے۔ ترجمہ کی سعادت مولانا محمد عبد الشہید نعمانی نے حاصل کی ہے موصو ف نے ترجمہ کے ساتھ ساتھ ان مکاتیب کی جستجو وعرق ریزی سے محققانہ شرح بھی تحریر کی ہے۔ نیز جن اہل قلم نے مکاتیب النبیﷺ پر تحقیقی کام کیا ہے ان پر ناقدانہ نظر بھی ڈالی ہے جس سے اس کی افادیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ (م۔ا)
اسلام ایک پاکیزہ دین اور مذہب ہے ،جو اپنے ماننے والوں کو عفت وعصمت سے بھرپور زندگی گزارنے کی ترغیب دیتا ہے۔ایک مسلمان خاتون کے لئے عفیف وپاکدامن ہونے کا مطلب یہ کہ وہ ان تمام شرعی واخلاقی حدود کو تھامے رکھے جو اسے مواقع تہمت و فتنہ سے دور رکھیں۔اور اس بات میں کوئی شک وشبہ نہیں ہے کہ ان امور میں سے سب سے اہم اور سرفہرست چہرے کو ڈھانپنا اور اس کا پردہ کرنا ہے۔کیونکہ چہرے کا حسن وجمال سب سے بڑھ کر فتنہ کی برانگیختی کا سبب بنتا ہے۔امہات المومنین اور صحابیات جو عفت وعصمت اور حیاء وپاکدامنی کی سب سے اونچی چوٹی پر فائز تھیں،اور پردے کی حساسیت سے بخوبی آگاہ تھیں۔ان کا طرز عمل یہ تھا کہ وہ پاوں پر بھی کپڑا لٹکا لیا کرتی تھیں،حالانکہ پاوں باعث فتنہ نہیں ہیں۔ اسلام ایک غیرت وحمیت پر مبنی ایک پاکیزہ مذہب ہے جو عورت کو گھر کی ملکہ قرار دیتا ہے اور بلا ضرورت اس کے گھر سے نکلنے کو ناپسند کرتا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب"عورت چراغ خانہ یا شمع محفل"محترم مولانا محمد اسلم زاہد صاحب کی تصنیف ہے،جس میں انہوں عورت کو چراغ خانہ بننے کی ترغیب دیتے ہوئے اسے شمع محفل بننے سے منع کیا ہے۔اللہ تعالی مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور تمام مسلمان ماؤں اور بہنوں کو عفت وعصمت کا مجسمہ بننے اور پردہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین(راسخ)
اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے او رانسان کی ہر شعبے میں مکمل راہنمائی کرتا ہے اسلام نے جس طرح مردوں کے لیے مفصل احکامات صادر فرمائے ہیں اسی طرح عورتوں کےمسائل کو بھی واضح اور واشگاف الفاظ میں بیان کیاہے نبی کریم ﷺ نے مردوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ عورتوں کی تربیت پر بھی زور دیا ہے ۔ کیونکہ ایک عورت کی تعلیم وتربیت سےایک پورا گھرانہ راہِ راست پرآسکتاہے ۔ لیکن دورِ حاضر میں عورتوں کی تعلیم وتربیت نہ ہونےکےبرابر ہے جس کانتیجہ ہےکہ عورتیں کفریہ شرکیہ عقائد، فحاشی وعریانی ، بےپردگی وبے حیائی ، ترکِ نماز، بدزبانی ، غیبت وچغلی، اور لعن وطعن ، قبروں اور مزاروں کے طواف کرنے ان کے نام کی نذر نیاز،تعوید گنڈے او ردیگر شرکیہ امور جیسے خطر ناک گناہوں میں مردوں کی نسبت بہت زیادہ مبتلا ہیں ۔ زیر نظر رسالہ ’’ عورتوں کی 80 دینی خلاف ورزیاں ‘‘ سعودی عرب کےنامور عالم دین شیخ عبد اللہ بن عبدالرحمٰن الجبرین کی عربی تصنیف کا اردو ترجمہ ہے ۔ شیخ موصوف نے عورتوں کے حالات کو ملحوظ رکھتے ہوئے ا س رسالہ میں عورتوں سے پائی جانے والی 80 قسم کی شرعی ودینی خلاف ورزیوں کو ذکر کیا ہے ۔خواتین اسلام اس کتاب کے مطالعہ سے اپنے آپ کو خطر ناک گناہوں سے بچا سکتی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ مصنف ومترجم اور ناشرین کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور تمام مسلمان مرد وخواتین کوشریعت اسلامیہ کےمطابق زندگی بسر کرنےکی توفیق دے ۔(م۔ا)
حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلویؒ کے آباء واجداد اصل میں بخاراکے رہنے والے تھے ۔جو دہلی میں آکر سکونت پذیر ہوئے۔ آپؒ شہر دہلی میں 958ھ مطابق 1551ء پیداہوئے۔ آپ کا پورا نام شیخ ابو المجد عبدالحق بن سیف الدین دہلوی بخاری ہے، مغلیہ دور میں متحدہ ہندوستان کے مایہ ناز عالم دین اور محدث تھے۔ ہندوستان میں علم حدیث کی ترویج و اشاعت میں آپ کا کردار ناقابل فراموش ہے۔آپ کی تعلیم وتربیت آپ کے والد نے بڑی محبت اور محنت سے کی ۔حضرت شخ نے صر ف تین ماہ میں پورا قرآن پاک مکمل قواعدکے ساتھ اپنے والد ماجد سے پڑھ لیا۔ اورایک ماہ میں کتابت کی قدرت اور انشاء کا سلیقہ حاصل ہو گیا اٹھارہ سال کی عمر میں آپ نے تمام علوم عقلیہ اور نقلیہ اپنے والد ماجد سے حاصل کر لیے۔ اس دوران آپ نے جید علماء کرام سے بھی اکتساب علم کیا۔ 996ھ / 1588ء میں حجاز کا رخ کیا اور کئی سال تک حرمین شریفین کے اولیاء کبار اور علماء زمانہ سے استفادہ کیا۔ بالخصوص شیخ عبد الوہاب متقی خلیفہ شیخ علی متقی کی صحبت میں علم حدیث کی تکمیل کی۔ آپ نے ایک درجن سے زائد کتابیں تصنیف کیں۔1642ء میں دہلی میں وفات پائی۔ زیر تبصرہ کتاب’’حیات شیخ عبد الحق محدث دہلوی ‘‘ خلیق احمد نظامی کی تصنیف ہے جو کہ پانچ حصوں ، مقدمہ او رآخر میں تعلیقات پر مشتمل ہے ۔فاضل مصنف نے مقدمہ میں شیخ عبد الحق محدث دہلوی سے قبل ہندوستان میں علوم اسلامی کی نشوو نما کا جائزہ لیا ہے۔ اور اسلامی ہند کے مختلف زمانوں میں علوم دینی کی حالت پر بحث کی ہے اس مقدمہ کے مطالعہ سے ہندوستان کی علمی اور دینی تاریخ میں شیخ عبدالحق کا صحیح مقام متعین کرنے میں بڑی مدد ملتی ہے ۔حصہ اول چودہ ابواب پر مشتمل ہے جس میں شیخ کی زندگی کا ایک ایک گوشہ اجاگر کیا گیا ہے، ان کےخاندان کے حالات، ابتدائی تعلیم وتربیت، حجاز میں تعلیم، ہندوستان میں قیام درس گاہ وغیرہ پر سیر حاصل گفتگو کی ہے۔ حصہ دوم میں سولہ باب ہیں یہ حصہ شیخ کی تصانیف کے متعلق ہے ۔کتاب کے تیسرے حصے میں شیخ عبد الحق کے ان کے معاصرین سے تعلقات پر بحث کی گئی ہے۔ چوتھے حصہ میں شیخ کی اولاد کا تذکرہ ہے ۔پانچویں حصہ میں مصنف نے شیخ محدث کی علمی اور دینی خدمات کاجائزہ بڑی گہری نظر سے لیا ہے اور ان کی خدمت حدیث ، فقہ ،تاریخ، ادب وغیرہ پر بحث کی ہے اور آخر میں تعلیقات ہیں جن میں دونادر اور نایاب علمی جواہر پارے درج ہیں۔ (م۔ا)
اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات اور دستور زندگی ہے۔اسلام نے ہمیں زندگی کے تمام شعبوں کے بارے میں راہنمائی فراہم کی ہے۔عبادات ہوں یا معاملات،تجارت ہو یا سیاست،عدالت ہو یا قیادت ،اسلام نے ان تمام امور کے بارے میں مکمل تعلیمات فراہم کی ہیں۔اسلام کی یہی عالمگیریت اور روشن تعلیمات ہیں کہ جن کے سبب اسلام دنیا میں اس تیزی سے پھیلا کہ دنیا کی دوسرا کوئی بھی مذہب اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا ہے۔اسلامی تعلیمات میں طبی مسائل اور احکامات کے حوالے سے تفصیلی راہنمائی موجود ہے۔ زیر تبصرہ کتاب " طبی اخلاقیات، دائرے اور ضابطے فقہ اسلامی کی روشنی میں "محترم قاضی مجاہد الاسلام قاسمی کی مرتب کردہ ہے، جو ایفا پبلیکیشنز، نئی دہلی نے شائع کی ہے، جس میں اسلامک فقہ اکیڈمی کےآٹھویں فقہی سیمینار مؤرخہ22 تا 24 اکتوبر1995ء منعقدہ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ انڈیا میں طبیب سے متعلق شرعی ہدایات، متعدی امراض اور خصوصا ایڈز کی بناء پر مرتب ہونے والے احکام پر پیش کئے گئے علمی، فقہی اور تحقیقی مقالات ومناقشات کے مجموعے کو جمع کر دیا گیا ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ایفا پبلیکیشنز والوں کی اس خدمت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)
روز مرہ زندگی میں خواتین کو بہت سارے خصوصی مسائل کاسامنا کرنا پڑتا ہے جن میں سے بیشتر کاتعلق نسوانیت کے تقاضوں،عبادات اور معاشرتی مسائل سے ہوتا ہے عموماً خواتین ان مسائل کوپوچھنے میں جھجک محسوس کرتی ہیں جبکہ ان مسائل کا جاننا پاکیزہ زندگی گزارنے کے لیے انتہائی ضروری ہے کیونکہ پاکیزگی او رطہارت کسی بھی قوم کا طرۂ امتیاز ہے معاشرے اور خاندان میں عورت کی اہمیت او رمقام مسلمہ ہے اگر آپ معاشرہ کو مہذب دیکھناچاہتے ہیں تو عورت کومہذب بنائیں۔رسول اللہ اکرمﷺ کی زندگی ہر مسلمان ، خواہ مردہو یا عورت ، کے لیے اسوۂ حسنہ ہے۔ یقیناً یہ اسلامی تعلیمات کا اعجازی پہلو ہے کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات میں مردو زن ہرایک کےلیے یکساں طور پر احکا م ومسائل کابیان ملتا ہے ۔ کیونکہ دین اسلام کی نگاہ میں شرعی احکام کے پابند اور مکلف ہونے نیز اجروثواب کے اعتبار سےمرد وزن میں کوئی فرق نہیں ہے۔خواتین کے متعلقہ احکام ومسائل کوجس تفصیل ووضاحت اور جامعیت کےساتھ قرآن وحدیث میں بیان کیا گیا ہے یہ بھی ہمارے دین کی ایسی امتیازی خوبی ہے جس میں کوئی دوسرا مذہب اس کی ہمسری کا دعویٰ نہیں کرسکتا ہے ۔ اور یہ تعلیمات ایسی کامل واکمل ہیں کہ تا قیامت پیدا ہونے والے پچیدہ اور دشوار مسائل کا حل بھی انہیں تعلیمات میں موجود ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب’’500سوال وجواب برائے خواتین‘‘ سعودی عرب کے کبار علماء ومفتیان عظام کےخواتین کے متعلق 500احکام ومسائل پر مشتمل عربی کتاب 500 جواب فی أحکام المرأۃ کا اردو ترجمہ ہے۔اس کتاب میں خواتین کے پیش آمدہ مسائل کا قرآن وسنت کی روشنی میں حل پیش کیا گیا ہے ۔اس کتاب کی خصوصیت یہ ہےکہ اس میں عالم اسلام کے نامور علماء کے فتاویٰ کو یکجا کیاگیا ہے جو کسی امتی کے اقوال پر مبنی نہیں بلکہ خالصتاً کتاب وسنت کی بنیاد پر تحریر کیے گئے ہیں۔اس مجموعے کی ایک امیتازی صفت یہ بھی ہے کہ اس میں صرف صحیح اور ثابت احادیث پر اعتماد کیاگیا ہے ۔اللہ تعالیٰ اس کتاب کو خواتین اسلام کے لیے نفع بخش بنائے ۔(آمین) (م۔ا)
حج بیت اللہ ارکانِ اسلام میں ایک اہم رکن ہے بیت اللہ کی زیارت او رفریضۂ حج کی ادائیگی ہر صاحب ایمان کی تمنا اور آرزو ہے ہر صاحب استطاعت اہل ایمان کے لیے زندگی میں ایک دفعہ فریضہ حج کی ادائیگی فرض ہے اور اس کے انکار ی کا ایمان کامل نہیں ہے اور وہ دائرہ اسلام سےخارج ہے اجر وثواب کے لحاظ سے یہ رکن بہت زیادہ اہمیت کاحامل ہے تمام كتب حديث وفقہ میں اس کی فضیلت اور احکام و مسائل کے متعلق ابو اب قائم کیے گئے ہیں اور تفصیلی مباحث موجود ہیں۔ حدیث نبویﷺ کہ آپ نے فرمایا الحج المبرور لیس له جزاء إلا الجنة’’حج مبرور کا ثواب جنت سوا کچھ اور نہیں ۔اس موضوع پر اب تک اردو و عربی زبان میں چھوٹی بڑی بیسیوں کتب لکھی جاچکی ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب’’حج و عمرہ کتاب وسنت کے آئینے میں ‘‘ سعودی عرب کے دعوت وتبلیغ اور نہی عن المنکر کے فعّال ادارے ’’جالیات ‘‘ کے دعوۃ سینٹر الجیل کے داعی و مبلغ مولانا مختار احمد مدنی﷾ کی تالیف ہے اس میں مولانا موصو ف نے حج و عمرہ کےاحکام ومسائل اور اس کےمختلف مراحل میں ہونے والی غلطیوں کی بخوبی نشاندہی کی ہے۔ (م۔ا)
لفظ سحر (جادو)قرآن مجید کی مختلف آیات میں کم وبیش ساٹھ مرتبہ استعمال ہوا ہے ۔فرمان نبوی ﷺ کے مطابق جادو سات ہلاک کرنےوالے اشیاء میں سے ایک اور صحیح بخاری کی روایت کے مطابق خود نبی کریم ﷺ پر بھی جادو ہوا تھا۔جادو کرنا او رکالے علم کےذریعے جنات کاتعاون حاصل کر کے لوگوں کو تکالیف پہنچانا شریعتِ اسلامیہ کی رو سےمحض کبیرہ گناہ ہی نہیں بلکہ ایسا مذموم فعل ہےجو انسان کو دائرۂ اسلام سے ہی خارح کردیتا ہے اور اسے واجب القتل بنادیتا ہے ۔جادو، جنات اور نظر بد سے تعلق رکھنے والی بیماریوں کے علاج کےلیے کتاب وسنت کے بیان کردہ طریقوں سے ہٹ کر بے شمار لوگ شیطانی اور طلسماتی کرشموں کے ذریعے ایسے مریضوں کاعلاج کرتے نظر آتے ہیں جن کی اکثریت تو محض وہم وخیال کے زیر اثر خود کو مریض سمجھتی ہے ۔جادوکا موضوع ان اہم موضوعات میں سے ہے جن کا بحث وتحقیق اور تصنیف وتالیف کے ذریعے تعاقب کرنا علماء کےلیے ضروری ہے کیونکہ جادو عملی طور پر ہمارے معاشروں میں بھر پور انداز سے موجود ہے اور جادوگرچند روپوں کے بدلے دن رات فساد پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں جنہیں وہ کمزور ایمان والے اور ان کینہ پرور لوگوں سے وصو ل کرتے ہیں جو اپنے مسلمان بھائیوں سے بغض رکھتے ہیں او رانہیں جادو کے عذاب میں مبتلا دیکھ کر خوشی محسوس کرتےہیں لہذا علماء کے لیے ضروری ہے کہ وہ نظر بد ،جادو کے خطرے اوراس کے نقصانات کے متعلق لوگوں کوخبر دارکریں اور اس کا شرعی طریقے سے علاج کریں تاکہ لوگ اس کے توڑ اور علاج کے لیے نام نہادجادوگروں عاملوں کی طرف رخ نہ کریں۔ زیر تبصرہ کتاب’’ جادو ٹونہ کے فرد اورمعاشرے پر خطرناک اثرات ‘‘ عالم عرب کے ممتاز عالم دین ڈاکٹر صالح بن فوزان الفوزان کا جادو کےموضوع تحریر کردہ عربی رسالہ ’’ السحر والشعوذة وخطورتها علىٰ الفرد والمجتمع ‘‘ کا اردو ترجمہ ہے ۔جو اپنے موضوع میں نہایت مختصر اورجامع ہے ۔اس مختصر رسالہ میں شیخ موصوف نے جادو ٹونہ ، علم نجوم اوراسکی مختلف اقسام ( شعبدہ بازی ، گرہوں میں پھونکنا، سحر بیانی ، چغل خوری) کی حرمت نیز اسلام میں ایسے افعال کے مرتکبین کے بارے میں قرآن وسنت کی روشنی میں احکامات پر مختصر مگر تفصیلی روشنی ڈالی ہے ۔اللہ تعالیٰ اس رسالہ کو عوام الناس کی اصلاح کاذریعہ بنائے ۔(آمین)
بیماری اور شفاء کا نظام اللہ کے ہاتھ میں ہے۔وہ جسے چاہتا ہے بیماری میں مبتلا کر دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے صحت جیسی عظیم الشان نعمت سے سرفراز فرما دیتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ہی اس نے بیماری کے وقت ادویات استعمال کرنے اور ظاہری اسباب کو بروئے کار لانے کی ترغیب دی ہے۔نبی کریمﷺنے متعدد اشیاء کو بطور علاج استعما ل کرنے کا حکم دیا ہے۔ آپﷺ نے اپنی حیات میں جہاں روحانی اور باطنی بیماریوں کے حل تجویز فرمائے وہیں جسمانی اور ظاہری امراض کے لیے بھی اس قدر آسان اور نفع بخش ہدایات دیں کہ دنیا چاہے جتنی بھی ترقی کر لے لیکن ان سے سرمو انحراف نہیں کر سکتی۔آپ ﷺ نے فرمایا کہ کلونجی موت کے علاوہ ہر مرض کی دوا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب" کلونجی کے کرشمات"محترم حکیم محمد طارق محمود چغتائی صاحب کی تصنیف ہے،جس میں انہوں نے طب نبوی کی روشنی میں کلونجی سے مختلف بیماریوں کے علاج اور اس کے فوائد پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)
سورۂ فاتحہ کو الفاتحہ اس لیے کہا جاتاہے کہ اس کے ساتھ قرآن کا آغاز ہوتا ہے اور یہ سورۃ سب سے پہلے نازل ہونے والی کامل سورت ہے۔ اس سورت کے بارے میں علماء کرام فرماتے ہیں کہ: کہ مکمل قرآن کریم کےمجمل معانی کوشامل ہے جس میں توحید، احکام ،جزاء اور بنی آدم کےاختیار کردہ راستوں وغیرہ کا ذکر ہے اسی لیےاسے ’’ام القرآن‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس سورت کے بہت سے امتیازات ہیں جن کی وجہ سے یہ دوسری سورتوں سے ممتاز ہے۔ نماز کے مختلف فیہ مسا ئل میں سے ایک مسئلہ فاتحہ خلف الامام کا ہے کہ امام کے پیچھے مقتدی سورۃ الفاتحہ پڑھے گا یا نہیں پڑھے گا۔ ہمارے علم کے مطابق فرض نفل سمیت ہر نماز کی ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ پڑھنا فرض اور واجب ہے، نمازی خواہ منفرد ہو،امام ہو یا مقتدی ہو۔کیونکہ سورۃ الفاتحہ نماز کے ارکان میں سے ایک رکن ہے اور اس کے بغیر نماز نامکمل رہتی ہے۔نبی کریم ﷺ نے فرمایا: اس شخص کی کوئی نماز نہیں جس نے اس میں فاتحۃ الکتاب نہیں پڑھی۔دوسری جگہ فرمایا: “جس نے أم القرآن (یعنی سورۃ الفاتحہ)پڑھے بغیرنماز ادا کی تو وہ نماز ناقص ہے، ناقص ہے، ناقص ہے، نا مکمل ہے۔ یہ احادیث اور اس معنیٰ پر دلالت کرنے والی دیگر متعدد احادیث سے ثابت ہوتا ہے کہ امام کے پیچھے سورۃ الفاتحہ پڑھنا واجب اور ضروری ہے۔ زیر تبصرہ کتاب ’’تفسیر سورۃ الفاتحۃ‘‘ سعودی عرب کی مایہ ناز دو شخصیات فضیلۃ الشیخ محمد بن صالح العثیمین فضیلۃ الشیخ صالح بن فوزان الفوزان﷾ کی سورۃ الفاتحہ کی تفسیر وفوائد پر مشتمل ہے۔ جناب طارق علی بروہی نے اسے اردو دان حضرات کے لیے اردو زبان میں منتقل کیا ہے۔ (م۔ا)
دعاء کا مؤمن کاہتھیار ہے جس طرح ایک مجاہد اپنے ہتھیار کواستعمال کرکے دشمن سےاپنادفاع کرتا ہے اسی طرح مؤمن کوجب کسی پریشانی مصیبت اور آفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے تووہ فوراً اللہ کےحضو ر دعا گو ہوتا ہے ۔ دعا ہماری پریشانیوں کے ازالے کےلیے مؤثر ترین ہتھیارہے انسان اس دنیا کی زندگی میں جہاں ان گنت ولاتعداد نعمتوں سےفائدہ اٹھاتا ہے وہاں اپنی بے اعتدالیوں کی وجہ سے بیمار وسقیم ہو جاتاہے اس دنیاکی زندگی میں ہر آدمی کے مشاہد ےمیں ہےکہ بعض انسان فالج ،کینسر،یرقان،بخاروغیرہ اوراسی طرح کئی اقسام کی بیماریوں میں مبتلاہیں ان تمام بیماریوں سےنجات وشفا دینےوالا اللہ تعالیٰ ہے ان بیماریوں کے لیے جہاں دواؤں سے کام لیا جاتا ہے دعائیں بھی بڑی مؤثر ہیں۔ اس لیے مشکلات کے ازالہ کےلیے خود ساختہ طریقوں سے پرہیز کیا جائے اور مسنون دعاؤ ں سے اپنی مشکلات کا مدوا کیا جائے ۔بہت سارے اہل علم نے قرآن وحدیث سے مسنون ادعیہ پر مشتمل بڑی وچھوٹی کئی کتب تالیف کی ہیں تاکہ قارئین ان سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے مالک حقیقی سے تعلق مضبوط کرسکیں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ وایاک نستعین ‘‘ الہدیٰ انٹرنیشنل کی سرپرست اعلی وبانی ڈاکٹر فرحت ہاشمی صاحبہ کی مرتب شدہ ہے ۔اس کتاب میں انہوں نے صبح وشام کے اذکار کے علاوہ ایسی دعائیں بھی شامل کی ہیں جو مصیبتوں، پریشانیوں، آفات اور بلاؤں سے حفاظت کے لیے سنت نبوی ﷺ سے ثابت ہیں ۔یہ اس کتاب کا جدید ایڈیشن ہے اس میں کچھ مزید عنوانات کے تحت دعاؤں کا اضافہ کیاگیا ہے ۔(م۔ا)
لفظ سحر (جادو)قرآن مجید کی مختلف آیات میں کم وبیش ساٹھ مرتبہ استعمال ہوا ہے ۔فرمان نبوی ﷺ کے مطابق جادو سات ہلاک کرنےوالے اشیاء میں سے ایک اور صحیح بخاری کی روایت کے مطابق خود نبی کریم ﷺ پر بھی جادو ہوا تھا۔جادو کرنا او رکالے علم کےذریعے جنات کاتعاون حاصل کر کے لوگوں کو تکالیف پہنچانا شریعتِ اسلامیہ کی رو سےمحض کبیرہ گناہ ہی نہیں بلکہ ایسا مذموم فعل ہےجو انسان کو دائرۂ اسلام سے ہی خارح کردیتا ہے اور اسے واجب القتل بنادیتا ہے ۔جادو، جنات اور نظر بد سے تعلق رکھنے والی بیماریوں کے علاج کےلیے کتاب وسنت کے بیان کردہ طریقوں سے ہٹ کر بے شمار لوگ شیطانی اور طلسماتی کرشموں کے ذریعے ایسے مریضوں کاعلاج کرتے نظر آتے ہیں جن کی اکثریت تو محض وہم وخیال کے زیر اثر خود کو مریض سمجھتی ہے ۔جادوکا موضوع ان اہم موضوعات میں سے ہے جن کا بحث وتحقیق اور تصنیف وتالیف کے ذریعے تعاقب کرنا علماء کےلیے ضروری ہے کیونکہ جادو عملی طور پر ہمارے معاشروں میں بھر پور انداز سے موجود ہے اور جادوگرچند روپوں کے بدلے دن رات فساد پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں جنہیں وہ کمزور ایمان والے اور ان کینہ پرور لوگوں سے وصو ل کرتے ہیں جو اپنے مسلمان بھائیوں سے بغض رکھتے ہیں او رانہیں جادو کے عذاب میں مبتلا دیکھ کر خوشی محسوس کرتےہیں لہذا علماء کے لیے ضروری ہے کہ وہ نظر بد ،جادو کے خطرے اوراس کے نقصانات کے متعلق لوگوں کوخبر دارکریں اور اس کا شرعی طریقے سے علاج کریں تاکہ لوگ اس کے توڑ اور علاج کے لیے نام نہادجادوگروں عاملوں کی طرف رخ نہ کریں۔ زیر تبصرہ کتاب’’جادو کا آسان علاج جو آپ خود بھی کرسکتے ہیں ‘‘ مشہور اسلامی اسکالر ، مصنف ومترجم کتب کثیرہ مولانا محمدمنیر قمر﷾کے 2002ءسعودی ریڈیومکہ مکرمہ کےہفتہ وار پروگرام ’’ اسلام اور ہماری زندگی ‘‘ میں نشرکی جانے والی تقاریر کا تحریری مجموعہ ہے ۔جسے کی ان کی لخت جگر محترمہ ام طلحہ نبیلہ قمر صاحبہ نےمرتب کیا ہے۔ اس کتاب میں قرآن وسنت کی روشنی میں صحیح منہج اور طریقے کے مطابق جادو اور ایسے ہی دیگر امراض کا علاج درج گیا ہے۔عوام الناس کی راہنمائی کے لیے قرآن وحدیث کی روشنی میں اس موضوع کے متعلقہ احکام ومسائل اور تجاویز وتدابیر کو یکجا کیا اور نہایت مرتب و آسان انداز میں پیش کیا ہے ۔یہ کتاب بظاہر ایک مختصر سا رسالہ ہے لیکن حسنِ ترتیب اوروسعت معلومات کی بنا پر اس موضوع پر لکھی گئی دوسری کتابوں سے بے نیاز کردیتی ہے ۔یہ کتاب پاک وہند میں متعدد بار اس سے قبل شائع ہوئی ہے ۔لیکن زیر نظر ایڈیشن کی خاصیت یہ ہے کہ اسے پوری تحقیق وتخریج کے ساتھ شائع کیا گیا ہے ۔تخریج وتحقیق کا فریضہ محترم جناب حافظ شاہد محمود صاحب نےانجام دیا ہے ۔جس سےکتاب کی افادیت میں مزید اضافہ ہوگیاہے ۔ (م۔ا)
حدوداللہ سے مراد وہ امور ہیں جن کی اللہ تعالیٰ نے حلت و حرمت بیان کردی ہے اور اس بیان کے بعد اللہ کے احکام اور ممانعتوں سے تجاوز درست نہیں۔ اللہ تعالیٰ کی قائم کردہ حددو سے تجاوز کرنے والے کو اللہ تعالیٰ نے اپنے آپ پر ظلم کرنے والا قرار دیا ہے اور ان کے لیے عذاب مہین کی وعید سنائی ہے۔ اسلام کایہ نظام جرم وسزا عہد رسالت اورعہد خلافت راشدہ میں بڑی کامیابی سے قائم رہا جس کے بڑے فوائد وبرکات تھے۔ عصر حاضر کے بعض سیکولرذہنیت کےحاملین نے اسلامی حدود کو وحشیانہ اور ظالمانہ سزائیں کہا ہے۔ (نعوذ باللہ من ذالک) اور بعض اسلام دشمنوں نےیہ کہا کہ اسلام کانظام جرم وسزا عہد رسالت وخلافت راشدہ کے بعد کبھی کسی ملک میں کامیبابی سے نہیں چل سکا۔ زیر تبصرہ کتا ب ’’تاریخ نفاذ حدود‘‘ ڈاکٹر نور احمد شاہتاز کی تحقیقی کاوش ہے فاضل مصنف نے اس کتاب میں تاریخی حولوں سے ثابت کیا ہے۔ کہ یہ نظام گزشتہ چودہ صدیوں میں ہر ملک وہر خطہ اسلامی میں نہایت کامیابی سے نافذ رہا اور اس کی برکات سے طویل عرصہ تک نسل انسانی نے استفادہ کیا۔ نیز فاضل مصنف نے شرائع سابقہ میں مقرر سزاؤں کا اسلامی سزاؤ ں سے تقابلی جائزہ کر کے معترضین ومعاندین کے منہ بند کردیئے ہیں اور یہ ثابت کیا ہے کہ تمام شرائع سماویہ وادیان ارضیہ و عارضیہ میں اسلامی سزاؤں کے مماثل یا ان سے بھی سخت بہت معمولی جرائم پر دینے کا رواج رہا ہے ۔یہ کتاب اپنے موضوع میں تحقیقی وتاریخی دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے۔ (م۔ا)
نماز دین اسلام کے بنیادی پانچ ارکان میں سے کلمہ توحید کے بعد ایک اہم ترین رکن ہے۔اس کی فرضیت قرآن و سنت اور اجماعِ امت سے ثابت ہے۔ یہ شبِ معراج کے موقع پر فرض کی گئی ،اور امت کو اس تحفہ خداوندی سے نوازا گیا۔اس کو دن اور رات میں پانچ وقت پابندی کے ساتھ باجماعت ادا کرنا ہر مسلمان پر فرض اور واجب ہے۔لیکن نماز کی قبولیت کے لئے سب سے پہلی شرط یہ ہے کہ وہ نبی کریم ﷺ کی نماز کے موافق ہو۔نماز کے مختلف فیہ مسا ئل میں سے ایک مسئلہ فاتحہ خلف الامام کا ہے کہ امام کے پیچھے مقتدی سورۃ الفاتحہ پڑھے گا یا نہیں پڑھے گا۔ہمارے علم کے مطابق فرض نفل سمیت ہر نماز کی ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ پڑھنا فرض اور واجب ہے،نمازی خواہ منفرد ہو،امام ہو یا مقتدی ہو۔کیونکہ سورۃ الفاتحہ نماز کے ارکان میں سے ایک رکن ہے اور اس کے بغیر نماز نامکمل رہتی ہے۔نبی کریم ﷺ نے فرمایا: اس شخص کی کوئی نماز نہیں جس نے اس میں فاتحۃ الکتاب نہیں پڑھی۔دوسری جگہ فرمایا: “جس نے أم القرآن(یعنی سورۃ الفاتحہ)پڑھے بغیرنماز ادا کی تو وہ نماز ناقص ہے، ناقص ہے، ناقص ہے، نا مکمل ہے۔یہ احادیث اور اس معنیٰ پر دلالت کرنے والی دیگر متعدد احادیث سے ثابت ہوتا ہے کہ امام کے پیچھے سورۃ الفاتحہ پڑھنا واجب اور ضروری ہے۔ زیرتبصرہ کتاب ’’ تحقیق الکلام فی وجوب القراءۃ الخلف الامام ‘‘ شارح ترمذی محدث العصر علامہ عبدالرحمٰن مبارکپوری کی تصنیف لطیف ہے ۔ انہوں نے اس کتاب میں امام کے پیچھے سورۃ فاتحہ پڑھنے کی فرضیت کا تفصیلی اور محققانہ اثبات پیش کیا ہے اورمانعین قراءت خلف الامام کے رسائل ومباحث خصوصاً آثار السنن کے ابوابِ قراءت کا مدلل اور شافی جواب دیا ہے ۔ (م۔ا)
صبر کے معنی ہیں کسی خوشی ، مُصیبت ، غم اور پریشانی وغیرہ کے وقت میں خود کو قابو میں رکھنا اور خلاف شریعت کاموں سے بچنا ہے۔ صبرکی اہمیت کااندازہ اس بات سے لگایاجاسکتا ہے کہ قرآن پاک میں ستر بار اس کاذکر آیا ہے۔ہم نے اپنی زندگیوں میں شایدصبرکااستعمال ترک کر دیا ہے ۔ اس لئے ہم فرسٹریشن،ڈیپریشن یا ٹینشن جیسی مہلک امراض میں مبتلاہورہے ہیں۔ حالاں کہ صبرکااوراس کائناتی اور دنیاوی نظام کاآپس میں بڑا گہراتعلق ہے۔کائنات کے ہر عمل میں صبرکی آمیزش ہے۔ مثلاًچاندستارے اپنے اپنے مدار میں رہتے ہوئے اپناسفرطے کر تے ہیں اوررات کو دن اوردن کورات میںبدلتے ہیں ۔ا یک پودامکمل درخت راتوں رات نہیں بن جاتا ۔آہستہ آہستہ پروان چڑھتا ہے۔ پہلے پھول اورپھرپھل آتے ہیں ۔ یہ کائناتی ربط ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں بھی اسے شامل کر کے زندگی میں ربط پیداکریں۔اگرہم دنیاوی تناظرمیں بھی دیکھیں توکسی بھی منزل کوپانے کے لئے ہرانسان کوبہرصورت صبرکی سیڑھی پر چڑھنا پڑتا ہے۔ا یک ڈاکٹرکو بھی اپنی ڈگری لینے کے لئے پانچ سال تک انتظارکرنا پڑتا ہے۔گویا یہ صبرہی ہے کہ جو منزل بہ منزل اسے ایک بڑے رتبے سے نوازتا ہے ۔ کسی بھی شے یا شعبے میں لمحہ بہ لمحہ ترقی حاصل ہو تی ہے ۔ اگر انسان صبر نہیں کر تاتووہ مایوسی کا شکارہوجاتاہے۔ زیر تبصرہ کتاب" وبشر الصابرین "مکتب الدعوہ اسلام آباد پاکستان کے مدیر ابو سعد محمد الدوسری کی فرمائش پر محترم مولانا حافظ عبد الحمیدازہر صاحب نے مرتب فرمائی ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف موصوف کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)
اکابر علمائے اہل حدیث نے ہندوستان کی تحریک آزادی میں نمایاں خدمات اور ہندوستان کی سرزمین سےبرطانوی سامران کو نکالنے کےلیےگراں قدر خدمات سرانجام دیں۔کئی علماء اہل حدیث مجاہدین ہندوستان کے قائد رہے اور جماعت المجاہدین کےاعلیٰ عہدوں پر بھی سرفراز رہے ۔ان کے مجاہدانہ کارناموں کے جرم میں گورنمنٹ برطانیہ نے انہیں جزائرانڈیمان (کالاپانی ) کی سزا سنائی۔مولانا ولایت علی صادق پوری، مولانا عنایت علی ، مولانا عبد اللہ ، مولانا عبد الکریم وغیرہم جماعت مجاہدین کے امیربنے۔انگریز دشمنی میں یہ خاندان خصوصی شہرت رکھتا تھا۔ سیّد احمد شہید کے شہادت کے بعد اسی خاندان کے معزز اراکین نے تحریک جہاد کی باگ دوڑ سنبھالی۔ اندرونِ ہند بھی اسی خاندان کے دیگر اراکین نے تحریک کی قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ مولانا یحیٰ علی ، مولانا احمد اللہ ، مولانا عبد الرحیم عظیم آبادی کو اسی پاداش میں کالا پانی کی سزا ہوئی۔ انگریزوں نے ان پر سازش کے مقدمات قائم کیے۔معروف مقدمہ انبالہ بھی مجاہدین کے ساتھ تعاون کرنے پر مولانا عبد الرحیم عظیم آبادی کے خلاف کیا گیا۔ جائیدادوں کی ضبطی ہوئی۔ حتیٰ کہ خاندانی قبرستان تک کو مسمار کر دیا گیا۔ ان کی مجاہدانہ ترکتازیوں کا اعتراف ہر طبقہ فکر نے کیا۔مولانا عبدالرحیم عظیم آبادی مسلک اہل حدیث کے عظیم سرخیل قائد جید عالم دین اور عظیم مجاہد تھے۔ آپ کی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ برصغیر پاک وہند کے چند تاریخی حقائق‘‘ محترم محمداحسن اللہ ڈیانوی عظیم آبادی اور ان کے صاحبزادے محمد تنزیل الصدیقی الحسینی کی مشترکہ کاوش ہے ۔ حصہ اول محمداحسن اللہ ڈیانوی عظیم آبادی اور حصہ دوم وثالث کراچی سے نکلنے والے مجلہ ’’الواقعہ‘‘ کےمدیر محمد تنزیل الصدیقی الحسینی کے رشحات قلم پر مشتمل ہے ۔اس کتاب کے 25 عنوانات ہیں جس میں انہوں نے متعلقہ موضوع پر بکھرے ہوئے حقائق کونہایت سلیقے سے جمع کردیا ہے ۔اس میں اکثر وبیشتر حصہ سیدین شہیدین کی تحریک آزادی اوراسکےنتیجہ میں پیدا ہونے والے مباحث سےمتعلق ہے ۔مصنف کتاب نے اس میں اکابر علمائے اہل حدیث کےتابناک ماضی کوروشن کیا اور ان پر گرد ڈالنے والوں کی سیاہ کاری کودھو ڈالا ہے ۔ یہ کتاب علمائے اہل حدیث پر اعتراضات کے جوابات کا بہترین مجموعہ اور اپنے موضوع پر ایک نہایت عمدہ اور سنجیدہ کوشش ہے۔(م۔ا)
اسلام نے خاندان کوخاص اہمیت دی ہے اور چونکہ معاشرہ سازی کے سلسلہ میں اسے ایک سنگ بنیاد کی حیثیت حاصل ہے لہذا اسلام نے اس کی حفاظت کے لئے تمام افراد پر ایک دوسرے کے حقوق معین کئے ہیں اور چونکہ والدین کا نقش خاندان اور نسل کی نشو ونما میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے لہذا قرآن کریم نے بڑے واضح الفاظ میں ان کی عظمت کوبیان کیا ہے اور ان کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا ہے۔بنی نوع انسان پر حقوق اللہ کے بعد حقوق العباد میں سے سب سے زیادہ حق اس کے والدین کا ہوتا ہے۔ ایک شخص نے نبی کریم ﷺ کی خدمت اقدس میں حاضر ہو کر عرض کیا: یا رسول اللہﷺ! مجھ پر سب سے زیادہ حق کس کا ہے؟ آپ نے فرمایا :تیری ماں کا۔ اس نے دوبارہ اور سہ بارہ پوچھا: آپ نے فرمایا: تیری ماں کا۔ پھر فرمایا تیرے والد کا۔ ماں اللہ کے احسانات میں سے وہ احسان ہے جس کا جتنا بھی شکر بجا لایا جائے کم ہے۔قرآن پاک نے ماں باپ سے حسن سلوک کا حکم دیا ہے۔ ماں باپ اگرچہ مشرک بھی ہوں تب بھی ان سے بدسلوکی کرنے سےمنع فرمایا گیا ہے۔ ماں کی عظمت وشان پرمتعدد آیات قرآنی اور احادیث نبویہ موجود ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب " تلاش درس گاہ برائے والدین "محترم ابو العاصم عقیل خان صاحب کی تصنیف ہے ،جس میں انہوں نے والدین کے مقام ومرتبے اور ان کے ساتھ حسن سلوک کرنے سے متعلق قرآن مجید کی آیات اور نبی کریم ﷺ کی احادیث مبارکہ کو ایک جگہ جمع فرما دیا ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ مولف کی اس کوشش کو قبول فرمائے اور تمام مسلمانوں کو اپنے والدین کی خدمت کرنے کی توفیق دے ۔آمین(راسخ)
آج مسلمانوں کی اکثریت جہاں زندگی کے دیگر معاملات میں افراط و تفریط کا شکار ہے وہیں عبادات کے سلسلے میں بھی وہ اعتدال و توازن سے دور ہے۔ ایک طبقہ یہ سمجھتا ہے کہ عبادات ہی کامل دین ہیں، جس نے نماز ادا کرلی، روزہ رکھ لیا اور مال دارہونے کی صورت میں زکوٰة ادا کردی اور حج کیا اس نے گویا مکمل دین پر عمل کرلیا؛ حالانکہ قرآن و حدیث کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ عبادات مقاصد بھی ہیں اور ذرائع بھی، کسی ایک چیز کے مقصداور ذریعہ ہونے کے درمیان کوئی تضاد نہیں ہے،بعض حیثیتوں سے ایک چیز مقصود ہوسکتی ہے اور وہی چیز بعض دوسری حیثیتوں سے ذریعہ بن سکتی ہے۔بحیثیت انسان ہم سب خطا کار ہیں اور اچھے خطا کار وہ ہیں جو اپنے گناہوں پر اصرار نہیں کرتے بلکہ اقرار واستغفار کا راستہ اپناتے ہیں اور اللہ تعالی کا قرب حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔قرب خدا وندی حاصل کرنے کے بے شمار طریقے اور ذرائع ہیں اور ایک مومن کو وہ تمام ذرائع اختیار کرنے چاہئیں تاکہ کسی ذریعہ سے اللہ تعالی کا قرب حاصل ہو جائے۔ زیر تبصرہ کتاب"تقرب الی اللہ"محترم جناب فاروق احمد صاحب کی تصنیف ہے، جس کی تخریج محترم عبد اللہ یوسف ذہبی صاحب نے کی ہے۔ اس کتاب میں مولف موصوف نے ان اعمال صالحہ کو جمع کر دیا ہے جن سے اللہ کا تقرب حاصل ہوتا ہے اور انسان اپنے خالق کے قریب ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے ۔آمین(راسخ)
اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو بندوں کی رشد و ہدایت کے لیے نازل فرمایاہے۔، یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کیا جانے والا ایسا کلام ہے جس کے ایک ایک حرف کی تلاوت پر دس دس نیکیاں ملتی ہیں۔ اور قرآن مجید کی درست تلاوت اسی وقت ہی ممکن ہو سکتی ہے، جب اسے علم تجویدکے قواعد وضوابط اور اصول و آداب کے ساتھ پڑھا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو ترتیل کے ساتھ پڑھنے کا حکم دیا ہے۔ لہٰذا قرآن کریم کو اسی طرح پڑھا جائے جس طرح اسے پڑھنے کا حق ہے۔ اور ہرمسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علمِ تجوید کے بنیادی قواعد سے آگاہی حاصل کرے۔ فن تجوید پر اب تک عربی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی بہت سارے رسائل و کتب لکھی جا چکی ہیں۔ جن سے استفادہ کرنا اردو دان طبقہ کے لئے اب نہایت سہل اور آسان ہو گیا ہے. زیر تبصرہ کتاب "تجوید کی تدریس کے مناہج اور اس کی تعلیم وتعلم کے احکام" محترم ڈاکٹر فہد عبد الرحمن رومی اور محترم محمد السید الزعبلاوی صاحبان کی مشترکہ کاوش ہے، جس کا اردو ترجمہ محترم ڈاکٹر حافظ محمد زبیر تیمی صاحب نے کیا ہے۔ مولف موصوف نے اس کتاب میں تجوید کی تدریس کے مناہج اور اسکی تعلیم وتعلم کے احکام کو مدلل انداز میں پیش کیا ہے۔ علم تجوید پڑھانے والے اساتذہ کرام کے لئے یہ ایک مفید اور شاندار کتاب ہے، جس کا تجوید وقراءات کے ہر مدرس کو مطالعہ کرنا چاہئے۔ اللہ تعالی مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔ آمین (راسخ)
اسلامی نظام حیات میں طہارت وپاکیزگی کے عنصر کوجس شدو مد سے اُجاگر کر نے کی کوشش کی گئی ہے اس طرح سے کسی اور مذہب میں نہیں کی گئی ۔پلیدگی ،گندگی ا ور نجاست سے حاصل کی جانے والی ایسی صفائی وستھرائی جو شرعی اصولوں کے مطابق ہو، اسے طہارت کہتے ہیں۔نجاست خواہ حقیقی ہو، جیسے پیشاب اور پاخانہ، اسے خبث کہتے ہیں یا حکمی اور معنوی ہو، جیسے دبر سے ریح (ہوا) کا خارج ہونا، اسے حدث کہتے ہیں۔ دینِ اسلام ایک پاکیزہ دین ہے اور اسلام نے اپنے ماننے والوں کو بھی طہارت اور پاکیزگی اختیار کرنے کو کہا ہے اور اس کی فضیلت و اہمیت اور وعدووعید کا خوب تذکرہ کیا ہے۔نبی ﷺنے طہارت کی فضیلت بیان کرتے ہوءے فرمایا:الطّھور شطر الایمان (صحیح مسلم 223) طہارت نصف ایمان ہے۔ایک اور حدیث میں طہارت کی فضیلت کے متعلق ہے کہ آپ ﷺنے فرمایا:’’وضو کرنے سے ہاتھ، منہ،اورپاؤں کے تمام (صغیرہ) گناہ معاف ہوجاتے ہیں‘‘۔(سنن النسائی،:103)طہارت سے غفلت برتنے کی بابت نبیﷺ سے مروی ہے: ’’ قبر میں زیادہ عذاب طہارت سے غفلت برتنے پر ہوتا ہے‘‘۔ (صحیح الترغیب و الترھیب: 152)۔مذکورہ احایث کی روشنی میں ایک مسلمان کے لیے واجب ہے کہ وہ اپنے بدن، کپڑے اور مکان کو نجاست سے پاک رکھے- اللہ تعالی نے اپنے نبی کو سب سے پہلے اسی بات کا حکم دیا تھا : ’’ اپنے لباس کو پاکیزہ رکھیے اور گندکی سے دور رہیے‘‘ (المدثر:5،4) مکان اور بالخصوص مقام عبادت کے سلسلہ میں سیدنا ابراھیم اور اسماعیل ؑ کو حکم دیا گیا: " میرے گھر کو طواف کرنے والوں، اعتکاف کرنے والوں اور رکوع و سجود کرنے والوں کے لیے پاک صاف رکھیں-" (البقرۃ:125)۔اللہ تعالی اپنے طاہر اور پاکیزہ بندوں ہی سے محبت کرتا ہے۔ ارشاد باری تعالی ہے کہ: ’’بلاشبہ اللہ توبہ کرنے والوں اور پاک رہنے والوں سے محبت کرتا ہے۔‘‘ (البقرۃ: 222)، نیز اہل قباء کے متعلق فرمایا: "اس میں ایسے آدمی ہیں جو خوب پاک ہونے کو پسند کرتے ہیں اور اللہ تعالی پاک صاف رہنے والوں سے محبت فرماتا ہے‘‘۔ (التوبہ:108)۔لہذا روح کی طہارت کے لیے تزکیہ نفس کے وہ تمام طریقے جن کی تفصیل قرآن وحدیث میں ملتی ہے ان کا اپنے نفس کو پابند بنانا ضروری ہے ۔جب کہ طہارتِ جسمانی کے لیے بھی ان تمام تفصیلات سے اگاہی ضروری ہے جو ہمیں کتاب وسنت مہیا کر تی ہے۔ زیر تبصرہ کتا ب’’ طہارت کےمسائل ‘‘ سیدسابق کی مشہور ومعروف فقہ اسلامی کی عظیم کتاب ’فقہ السنۃ میں سے کتاب الطہارۃ کا اردو ترجمہ ہے ۔یہ کتاب وفاق المدارس کے نصاب میں شامل ہے ۔ لہذا طلبہ اور عام قارئین کی ضرورت کے پیش نظر اس کتاب کو مولانا حافظ محمد اسلم شاہدروی ﷾ نےاردو قالب میں ڈھالا ہے ۔موصوف نےاس کتاب کا عام فہم اور خوبصورت ترجمہ کرنے کے ساتھ ساتھ کتاب میں موجود احادیث مبارکہ کی تخریج کی اور جہاں بات سمجھانے کی ضرورت تھی حاشیہ میں بات کی توضیح بھی کردی ہے۔(م۔ا)