کل کتب 6741

دکھائیں
کتب
  • 4101 #3007

    مصنف : قاضی سلیمان سلمان منصور پوری

    مشاہدات : 7582

    وما ارسلناک الا رحمۃ اللعالمین

    (اتوار 25 اکتوبر 2015ء) ناشر : مکتبہ اسلامیہ، لاہور
    #3007 Book صفحات: 990

    رسول اکرمﷺ کی مبارک زندگی ہر شعبے سے منسلک افراد کے لیے اسوۂ کامل کی حیثیت رکھتی ہے ۔ کوئی مذہبی پیشوا، سیاسی لیڈر، کسی نظریے کا بانی حتی کہ سابقہ انبیائے کرام ﷩ کےماننے والے بھی اپنے پیغمبروں کی زندگیوں کو ہرشعبے سے منسلک افراد کےلیے نمونہ کامل پیش نہیں کرسکتے۔ یہ یگانہ اعزاز وامتیاز صرف رسالت مآب ﷺ ہی کو حاصل ہے ۔اور ہر دلعزیز سیرتِ سرورِ کائنات کا موضوع گلشنِ سدابہار کی طرح ہے ۔جسے شاعرِ اسلام سیدنا حسان بن ثابت ﷜ سے لے کر آج تک پوری اسلامی تاریخ میں آپ ﷺ کی سیرت طیبہ کے جملہ گوشوں پر مسلسل کہااور لکھا گیا ہے او رمستقبل میں لکھا جاتا رہے گا۔اس کے باوجود یہ موضوع اتنا وسیع اور طویل ہے کہ اس پر مزید لکھنے کاتقاضا اور داعیہ موجود رہے گا۔ دنیا کی کئی زبانوں میں بالخصوص عربی اردو میں بے شمار سیرت نگار وں نے سیرت النبی ﷺ پر کتب تالیف کی ہیں۔ اردو زبان میں سرت النبی از شبلی نعمانی ، رحمۃللعالمین از قاضی سلیمان منصور پوری اور مقابلہ سیرت نویسی میں دنیا بھر میں اول آنے والی کتاب   الرحیق المختوم از مولانا صفی الرحمن مبارکپوری کو بہت قبول عام حاصل ہوا۔ زیر تبصرہ کتاب’’ رحمۃ للعالمین‘‘ برصغیر کے معروف سیرت نگار قاضی سلیمان منصورپوی﷫ کی تصنیف ہے۔ یہ کتاب سیرت النی ﷺ مقبول ترین کتاب ہے۔ اس کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں قرآن وسنت کےدلائل کےساتھ ساتھ دیگر مذاہب کی کتب (تورات، انجیل وغیرہ ) سے پیغمبر آخر الزمان ﷺ کی صداقت بیان کی گئی ہے۔ رسول ِ ہاشمی پر یہود وہنود اورنصاریٰ کےاعتراضات کےمدلل جوابات دئیے گئے ہیں۔اس کتاب کی مقبولیت اورافادیت کےپیش نظر اس کو عربی زبان میں منتقل کر کےبھی شائع کیا جاچکا ہے ۔نسخہ ہذا مکتبہ اسلامیہ ،لاہور کا شائع شدہ ہے اس جدید ایڈیشن کو محترم سرور عاصم صاحب (مدیر مکتبہ اسلامیہ) نے عصر حاصر کی جدتوں کاروپ دے کر انتہائی عمدہ طباعت سےآراستہ کیا ہے۔انہوں نے اس کتاب کوجاذب نظر،اہل ذوق کےتسکین اور اہل ادب کے حسن طلب کے لیےجہاں بہترین کمپوزنگ اور دیدہ زیب ٹائٹل کا جامہ پہنایا ہے وہاں اس کتاب کی افادیت کو دوچند کر نے کےلیے قدیم مطبوعہ نسخہ ہائے ’’رحمۃللعالمین‘‘ 1921ء اور 1933ء سے تقابل اور تخریج کےبعد ہدیہ قارئین کیا ہے۔ اور مؤرخ اہل حدیث مولانا محمد اسحاق بھٹی ﷾ کے قلم سے تحریر کردہ   قاضی صاحب کے احواا آثار بھی اس کتاب میں شامل اشاعت ہیں۔اللہ تعالیٰ   قاضی سلیمان منصورپوری ﷫ کی مرقد پر اپنی رحمت کی برکھا برسائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے۔ (آمین) (م۔ا)

  • 4102 #2984

    مصنف : سید محمد متین ہاشمی

    مشاہدات : 7047

    اسلامی نظام عدل کا نفاذ مشکلات اور ان کا حل

    (ہفتہ 24 اکتوبر 2015ء) ناشر : مرکز تحقیق دیال سنگھ ٹرسٹ لائبریری، لاہور
    #2984 Book صفحات: 42

    اسلام کا نظامِ عدل اپنے  تصور انسان ، صفتِ دوام ،مساوات، تصور آخرت وخوف  الہ ، نظام عقوبات ، تصور قضا ، شہادت کے معیار اور سیدھے سادے طریق کار کی بنا پر دنیا کےتمام نظامہائے عدل سے ارفع اور فائق ہے۔ مغرب کےنظامِ عدل کوترمیمات کےذریعہ اسلامی  نہیں بنایا جاسکتا ہے ۔ اس لیے  کہ اسلام کے نظام ِ عدل میں تصور انسان دوسرا ہے اور مغرب کے نظام میں دوسرا اور  تصور انسان ہی وہ بنیاد ہے جس پر قوانین کی تدوین عمل میں آتی ہے۔اس لیے وطن عزیز میں  اسلامی  نظام عدل کو ہی نافذ کرنا چاہیے۔ اور یہ سمجھنا کہ اسلامی نظام  کےنفاذ کی ذمے داری صرف حکومت پر عائد ہوتی ہے غلط ہے بلکہ یہ پاکستان کے ہر باشندے کی ذمہ داری ہے  کہ جن بنیادوں پر اس مملکت کا  قیام ہوا تھا انہیں بہر صورت وبہر قیمت مستحکم کیا جائے  اور اس کام کی انجام دہی میں ہر شخص  حسبِ حیثیت اپنا فر ض ادا کرے ۔ جنرل ضیاء کےدور حکومت میں  پاکستان میں  اسلامی  نظام عدل کے نفاذ کی کوششیں کی  گئیں اور اس کے لیے عملی اقدامات بھی کیے گئے لیکن  یہ کوششیں بار آور نہ ہوسکیں۔ زیر تبصرہ کتاب’’ اسلامی  نظام ِعدل کا نفاذ مشکلات ان کا حل‘‘مولاناسیدمحمد  متین ہاشمی ﷫ کی کاوش ہے اس میں انہوں نے اختصار کے ساتھ اسلامی نظامِ عدل کی ایسی  چند امتیازی خصوصیات جو  دیگر نظامہائے عدل سے ممتاز کرنے  والی ہیں کو بیان کر کےبعد  پاکستان میں اسلامی  نظامِ عدل کے نقاذ میں مشکلات اوران کا  حل  کو  بڑے احسن انداز میں  بیان کیا ہے۔ اللہ  تعالیٰ ان کی اس کاوش کو قبول فرمائے (آمین) (م۔ا)

  • 4103 #2985

    مصنف : پروفیسر خورشید احمد

    مشاہدات : 4171

    ترقیاتی پالیسی کی اسلامی تشکیل

    (ہفتہ 24 اکتوبر 2015ء) ناشر : انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز، اسلام آباد
    #2985 Book صفحات: 160

    اسلام محض ایک مذہب نہیں جو بندے اور خدا کے درمیان ذاتی تعلق کا ذریعہ ہو، بلکہ یہ انسانیت کے جملہ مسائل بشمول معاشی امور میں رہنمائی مہیا کرتا ہے۔اس کی یہ سرگرمی حصول منزل اور اخروی انجام تک کا احاطہ کرتی ہے۔آج یہ دو سوال بنیادی اہمیت اختیار کر چکے ہیں اور ان سوالوں کا جواب مسلم دنیا کے مفکرین کے ذمے انسانیت کا قرض ہے۔پہلا سوال یہ ہے کہ گزشتہ چالیس سال سے مسلم دنیا میں بالخصوص اور تیسری دنیا میں بالعموم ترقی کا سفر،  ایک قابل ذکر خوشحالی اور فلاح وبہبود متعارف نہیں کر سکا ہے، تو کیا اس کے حصول کا کوئی دوسرا طریقہ موجود ہے؟دوسرا سوال یہ ہے کہ سرمایہ داری اور اشتراکیت نے انسانیت کو جس بند گلی میں دھکیل دیا ہے کیا اس سے نکلنے کا کوئی راستہ ہے؟مسلمان اس امر کا دعوی رکھتے ہیں کہ ان کے پاس متبادل راستہ موجود ہے۔ زیر تبصرہ کتاب " ترقیاتی پالیسی کی اسلامی تشکیل، مسلم دنیا کے لئے لائحہ عمل "اسی فخر وامتیاز کا ایک نمونہ ہے جو محترم پروفیسر خورشید صاحب کی کاوش ہے۔اس کتاب میں انہوں نے اسلامی معاشیات کے خدو خال کی وضاحت کرتے ہوئے ترقیاتی حکمت عملی پر اس کے اثرات کا جائزہ پیش کیا ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائےاور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4104 #2982

    مصنف : خالق داد رانجھا

    مشاہدات : 11393

    اسلام میں قانون سازی

    (جمعہ 23 اکتوبر 2015ء) ناشر : مرکز تحقیق دیال سنگھ ٹرسٹ لائبریری، لاہور
    #2982 Book صفحات: 98

    اسلام کا معنی ہے اللہ کے سامنے سر تسلیم خم کر دینا اور جس سے وہ روکے بلا اعتراض رک جانا۔اسلام ایک عالمگیر شریعت ہے جس کا مقصد پوری انسانیت کی اصلاح اور فلاح ہے۔اسلام انسان کے بنائے ہوئے قوانین کو خدا کے بنائے ہوئے قوانین  کی بالاتری سے محدود کرتا ہے۔منبر ومحراب سے لے کر حکومت واقتدار تک ہر شعبہ زندگی میں اسلام ہماری مکمل رہنمائی کرتا ہے۔ ساری کائنات کا خالق ،مالک اور رازق اللہ تعالی ہے۔وہی اقتدار اعلی کا بلا شرکت غیرے  مالک اور انسانوں کا رب رحیم وکریم ہے۔انسانوں کے لئے قوانین حیات مقرر کرنا اسی کا اختیار کلی ہے۔اس کا قانون عدل بے گناہ افراد میں اطمینان خاطر پیدا کرتا ہے اور بڑے جرائم پر اس کی مقرر کردہ سخت سزائیں مجرموں کو ارتکاب جرم سے روکنے ،انہیں کیفر کردار تک پہنچانے اور دوسرے افراد کے لئے عبرت وموعظت کا سامان مہیا کرنے کا باعث ہیں۔اسلامی قانون عدل وانصاف کی ضمانت فراہم کرتا ہے،معاشرتی حقوق کا تحفظ کرتا ہے اور عزت وحرمت کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے۔انسانوں اور رب کے باہمی تعلق کا تقاضا یہ ہے کہ اللہ کے قوانین کے نفاذ کے نتیجے میں زندگی میں وہ راحت،آرام اور آسائشیں پیدا ہوں جن کا قرآن حکیم میں بار بار وعدہ کیا گیا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب"اسلام میں قانون سازی"محترم جناب خالد داد رانجھا صاحب کی تصنیف ہے ، جس میں انہوں نے اسلامی قوانین  کے نفاذ اور ان کی اہمیت وضرورت پر روشنی ڈالی ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائےاور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4105 #2983

    مصنف : محمد علی جانباز

    مشاہدات : 8642

    عمدۃ التصانیف شرح نخبۃ الاحادیث

    (جمعہ 23 اکتوبر 2015ء) ناشر : دار الابلاغ، لاہور
    #2983 Book صفحات: 227

    کتاب اللہ اور سنت رسول ﷺدینِ اسلامی کے بنیادی مآخذ ہیں۔ احادیث رسول ﷺ کو محفوظ کرنے کے لیے کئی پہلوؤں اور اعتبارات سے اہل علم  نے خدمات  انجام دیں۔ تدوینِ  حدیث  کا آغاز  عہد نبوی  سے  ہوا  او ر صحابہ وتابعین  کے  دور میں  پروان چڑھا ۔ ائمہ محدثین کےدور  میں  خوب پھلا پھولا ۔مختلف  ائمہ  محدثین نے  احادیث  کے کئی مجموعے مرتب کئے۔ان ضخیم مجموعہ جات سے     استفتادہ  عامۃ الناس  کےلیے  انتہائی دشوار  ہے ۔عامۃ الناس  کی ضرورت کے پیش  نظر کئی اہل علم  نے  مختصر مجموعات حدیث تیار کیے ہیں  جن میں ایک  100 احادیث پر مشتمل  ایک  مجموعہ  عارف با اللہ  مولانا سید محمد داؤد غزنوی  ﷫ نے   نتہائی مختصراور جامع رسالہ ’’نخبۃ الاحادیث‘‘  کے  نام سے مرتب کیا جس میں  عبادات معاملات ،اخلاق وآداب وغیرہ سے متعلق کامل  رااہنمائی موجود ہے۔ نخبۃ  الاحادیث ایک ایسی کتاب ہے کہ جس نے علماء کرام پیدا کرنےکے لیے  بنیاد میں رکھی جانے والی اینٹ کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ وہ کتاب ہے  جس کومدرسہ میں داخل ہونےوالا طالب علم سب سے پہلے  حفظ کرتا ہے۔ یعنی ایک طالب حدیث کی علم  حدیث کی ابتداء اسی کتاب سےہوتی ہےموصوف کے کمال حسنِ انتخاب کی وجہ سے یہ کتاب اکثر دینی مدارس کے نصاب  میں شامل  ہے۔اس کی افادیت واثرپذیری کومحسوس کرتے ہوئے شارح ابن ماجہ مولانا محمد علی جانباز﷫ نے زیر تبصرہ  دلپذیر شرح لکھی ہے ۔ اس شرح کے بعد یہ کتاب جہاں اساتذہ وطلباء کے لیے مزید مفید ہوگئی ہے وہاں ہی یہ عام لوگوں کےلیے ایک ایسی روشن شمع بن گئی  ہے کہ جس کی روشنی میں وہ اندھیروں سےروشنیوں کی طرف سفر کی شروعات کرسکتے ہیں ۔ اگرچہ یہ کتاب چھوٹی ہےمگر اس میں مولانا نےاس کی شرح کرتے ہوئے انداز بڑی حدیث کی کتب جیسا رکھا ہے یعنی  کوزے  میں دریا بند کردیا ہے اور راوی الحدیث پر بھی علیحدہ بحث کی ہے ۔حدیث کےترجمہ کے بعد حدیث کی شرح صحاح ستہ کے علاوہ دیگر کتب حدیث کو سامنے رکھتے ہوئے بیان کی ہے ۔ کتاب کے متن میں آنے  والی احادیث کی تخریج بھی شامل کردی گئی ہے تاکہ اصل مراجع تک آسانی  سے رسائی ممکن ہو اور دیگر کتب حدیث  میں  تلاش کر کے  تحقیق کے کام کوآگے  بڑھایا جاسکے ۔ اللہ تعالیٰ    مولاناداؤد غزنوی ﷫ ، مولانا محمد علی جانباز ﷫ کو جنت میں اعلی مقام عطافرمائے  اورناشرین  کو  اجر عظیم  سے نوازے ۔(آمین) (م۔ا)

  • 4106 #2980

    مصنف : ابن قیم الجوزیہ

    مشاہدات : 12092

    اسلام میں عدل کے ضابطے

    (جمعرات 22 اکتوبر 2015ء) ناشر : فاروقی کتب خانہ، ملتان
    #2980 Book صفحات: 567

    کسی بھی قوم کی نشوونما اور تعمیر وترقی کےلیے عدل وانصاف ایک بنیادی ضرورت ہے ۔جس سے مظلوم کی نصرت ،ظالم کا قلع قمع اور جھگڑوں کا فیصلہ کیا جاتا ہے اورحقوق کو ان کےمستحقین تک پہنچایا جاتاہے اور دنگا فساد کرنے والوں کو سزائیں دی جاتی ہیں ۔تاکہ معاشرے کے ہرفرد کی جان ومال ،عزت وحرمت اور مال واولاد کی حفاظت کی جا سکے ۔ یہی وجہ ہے اسلام نے ’’قضا‘‘یعنی قیام عدل کاانتہا درجہ اہتمام کیا ہے۔اوراسے انبیاء ﷩ کی سنت بتایا ہے۔اور نبی کریم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے لوگوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتےہوئے فرمایا:’’اے نبی کریم ! آپ لوگوں کےدرمیان اللہ کی نازل کردہ ہدایت کے مطابق فیصلہ کریں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ اسلام میں عدل کے ضابطے‘‘ امام ابن قیم ﷫ کی معروف کتاب ’’الطرق الحکمیۃ فی السیاسۃ الشرعیۃ‘‘ کااردوترجمہ ہے۔ اس کتا ب میں امام صاحب نےشرعی سیاست ،اسلامی نظام حکومت اور نظام حکومت اور نظام عدل ، اسلام کا عدالتی طریقہ کار ، اسلامی ضابطہ ہائے عدل وانصاف ، شرعی مناہج قضا جیسی مباحث کو بہترین اندازمیں بیان کیاہے ۔ یہ کتاب اسلامی شریعت کے نفا ذ کے لیے جدوجہد کرنے والوں خصوصاً علماء اور قانون دان حضرات کے لیے بہت فائدہ مند ہے ۔پاکستا ن کے وکلاء اور جج صاحبان کے لیے اس کا مطالعہ انتہائی مفید ہے۔فقہ اسلامی کےاردو ذخیرہ میں یہ کتاب ایک گرانقدر اضافہ ہے ۔ اللہ تعالیٰ مصنف ، مترجم وناشرین کی اس کاوش کوقبول فرمائےاوراسے عوام الناس کےلیے باعث نفع بنائے ۔ (آمین) (م۔ا)

  • 4107 #2981

    مصنف : ابو ایمن احمد بن محمود بن ابراہیم

    مشاہدات : 6804

    مرگی لگانے والے جنات

    (جمعرات 22 اکتوبر 2015ء) ناشر : دار الابلاغ، لاہور
    #2981 Book صفحات: 162

    جادو اور جنات  سے تعلق رکھنے والی بیماریوں کے علاج کےلیے کتاب وسنت  کے بیان کردہ طریقوں سے ہٹ کر بے شمار لوگ شیطانی  اور طلسماتی کرشموں کے ذریعے ایسے مریضوں  کاعلاج کرتے نظر آتے ہیں جن کی اکثریت تو محض وہم وخیال کے زیر اثر خود کو مریض سمجھتی ہے ۔جادوکا موضوع ان اہم موضوعات میں سے  ہے  جن کا بحث وتحقیق اور تصنیف وتالیف کے  ذریعے  تعاقب کرنا علماء کےلیے ضروری ہے  کیونکہ جادو عملی طور پر ہمارے  معاشروں میں بھر پور انداز سے موجود ہے اور جادوگرچند روپوں کے بدلے  دن رات فساد پھیلانے  پر تلے  ہوئے ہیں  جنہیں وہ کمزور ایمان والے  اور ان کینہ پرور لوگوں سے  وصو ل کرتے ہیں  جو اپنے  مسلمان بھائیوں سے بغض رکھتے ہیں  او رانہیں جادو کے عذاب میں مبتلا دیکھ کر خوشی محسوس کرتےہیں  لہذا علماء کے لیے ضروری ہے کہ جادو کے خطرے او راس کے  نقصانات کے متعلق لوگوں کوخبر دارکریں  اور جادو کا شرعی  طریقے  سے علاج کریں تاکہ  لوگ اس کے  توڑ اور علاج  کے لیے  نام نہادجادوگروں عاملوں کی طرف رخ نہ کریں۔جنات کےذریعہ  انسانوں کولاحق ہونےوالی بیماریوں میں سے ایک بیماری مرگی  ہے۔مرگی ایک تکلیف دہ مرض ہے جو اچانک انسان پر بغیر کسی پیشگی اطلاع دیے یا علامت ظاہر کیے حملہ  آور  ہو جاتا ہے۔انسان اس کے حملہ آور ہوتے ہی ہوش وحواس کھو بیٹھتا ہے۔بعض لوگ اس  صورت حال میں جعلی عاملوں  اوردرباروں کی طرف  دھوڑتے ہیں اور شرکیہ  علاج کواختیار کرتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’مرگی لگانے والے جنات‘‘ ابو ایمن احمد ین محمود بن ابراہیم  کی ایک عربی کتاب کا ترجمہ  ہے ۔ اس کتاب میں انہوں نے  جناتی وعضوی مرگی کی علامات ، اسباب اور علاج کو  قرآن  و سنت کی روشنی میں  بڑے احسن انداز رمیں بیان کیا ہے ۔ اور مرگی  کےعلاج سےمتعلق راہنمائی  فراہم کی ہے ۔یہ کتاب ان لوگوں کےلیے  بھی مفید ثابت ہوگی  جوآئے دن بہروپیے  عاملوں کےپاس جاکر  نہ صرف عقیدہ کی دولت لٹاتے ہیں بلکہ اپنی جیب سے خو ن پسینے کو بہا کر کمائی گئی دولت بھی لٹا بیٹھتے ہیں ۔  معروف  سلفی روحانی معالج  محترم جناب  ابوحمزہ ظفر اقبال  ﷾ نے اردو دان طبقہ کے لیے اس اہم کتاب  کا  سلیس ورواں ترجمہ کرنے  کی خدمات انجام دی ہیں ۔اللہ تعالی ٰ مصنف ، مترجم اور ناشرکی اس کاوش کو قبول فرمائے۔ (آمین) (م۔ا)

  • 4108 #3004

    مصنف : ڈاکٹر فضل الٰہی

    مشاہدات : 8729

    حضرت ابراہیم کی قربانی، تفسیر و دروس

    (جمعرات 22 اکتوبر 2015ء) ناشر : دار النور اسلام آباد
    #3004 Book صفحات: 101

    قرآن کریم کاایک بہت بڑا حصہ انبیائے سابقین ﷩ او ردیگر لوگوں کے قصوں پر مشتمل ہے۔ بعض اہل علم کی رائے میں یہ حصہ قرآن کریم کے آٹھ پاروں کے برابر ہے۔ قرآنی قصوں کی اہمیت او رفائدہ کوواضح کرنے کےلیے یہ بذات خود ایک بہت بڑی شہادت ہے۔ علازہ ازیں اللہ تعالیٰ نےنبی کریم ﷺ کوحکم دیا کہ وہ لوگوں کوتدبر وتفکر پرآمادہ کرنے کےلیے ان کے روبروقصے بیان کریں۔قرآنی قصوں میں کتنے فوائد ہیں ! ان سے انسانی معاشروں میں ہمیشہ سے موجود سنن الٰہیہ سے آگاہی ہوتی ہے۔قرآنی قصے انسانیت کو اس بات کی خبر دیتے ہیں کہ انسانوں کےاعمالِ خیر سے کیا بہاریں آئیں او راعمال ِ شر کن بربادیوں کاسبب بنے۔ قرآنی قصے تاریخی نوادرات ہیں، جوانسانیت کو تاریخ سے فیض یاب ہونے کا سلیقہ سکھاتے ہیں۔ اوران قصوں میں نبی کریم ﷺ اور آپ کے بعد امت کےلیے دلوں کی تسکین اور مضبوطی کاسامان ہے۔ اللہ تعالی نے قرآن مجید میں انبیائے کرام﷩کے واقعات بیان کرنے کامقصد خودان الفاظ میں واضح اور نمایا ں فرمایا ’’اے نبیﷺ جونبیوں کے واقعات ہم آپ کے سامنے بیان کرتے ہیں ان سے ہمارا مقصد آپ کے دل کو ڈھارس دینا ہے اور آپ کے پاس حق پہنچ چکا ہے اس میں مومنوں کے لیے بھی نصیحت وعبرت ہے۔‘‘ قرانی قصوں میں ایک اہم قصہ سیدنا ابراہیم ﷤ کابڑھاپے میں ملنے والے لخت جگر کودوڑ دھوپ کی عمر کوپہنچنے پر حکم الٰہی کی بجا آوری میں ذبح کرنے کا ارادہ کرنا ہے۔ سیدنا حضرت ابراہیم ﷤ اللہ تعالی کے جلیل القدر پیغمبر تھے ۔قرآن مجید میں وضاحت سے حضرت ابراہیم ﷤ کا تذکرہ موجود ہے ۔قرآن مجید کی 25 سورتوں میں 69 دفعہ حضرت ابراہیم ﷤ کا اسم گرامی آیا ہے۔ اور ایک سورۃ کا نام بھی ابراہیم ہے۔ حضرت ابراہیم ﷤نے یک ایسے ماحول میں آنکھ کھولی جو شرک خرافات میں غرق اور جس گھر میں جنم لیا وہ بھی شرک وخرافات کا مرکز تھا بلکہ ان ساری خرافات کو حکومتِ وقت اورآپ کے والد کی معاونت اور سرپرستی حاصل تھی۔ جب حضرت ابراہیم ﷤ پربتوں کا باطل ہونا اور اللہ کی واحدانیت آشکار ہوگی تو انہوں نے سب سے پہلے اپنے والد آزر کو اسلام کی تلقین کی اس کے بعد عوام کے سامنے اس دعوت کو عام کیا اور پھر بادشاہ وقت نمرود سےمناظرہ کیا اور وہ لاجواب ہوگیا ۔ اس کے باجود قوم قبولِ حق سے منحرف رہی حتیٰ کہ بادشاہ نے انہیں آگ میں جلانے کا حکم صادر کیا مگر اللہ نے آگ کوابراہیم﷤ کے لیے ٹھنڈی اور سلامتی والی بنا دیا اور دشمن اپنے ناپاک اردادوں کے ساتھ ذلیل ورسوار ہوئے اور اللہ نے حضرت ابراہیم﷤کو کامیاب کیا۔ زیر تبصرہ کتاب’’حضرت ابراہیم کی قربانی کاقصہ تفسیر ودروس‘‘ شہید ملت علامہ احسان الٰہی ظہیر شہید کے برادر محترم مصنف کتب کثیرہ جناب ڈاکٹر فضل الٰہی ﷾ کی تصنیف ہےیہ کتاب سیدنا ابراہیم ﷤کی واقعہ قربانی پر مشتمل تفصیلی کتاب ہے۔ڈاکٹر صاحب نےاس قصے کوسمجھنے سمجھانے اوراس میں موجود دروس اور عبرتوں سے فیض یاب ہونے اور دوسروں کوفیض کرنے کےلیے اس کتا ب کومرتب کیا ہے۔ انہوں نے اس قصے سےمتعلقہ آیات کی تفسیر اوران سے اخذ کردہ دروس اور عبرتوں کے تحریر کرنے میں معتمد تفسیروں سے استفادہ کیا ہے۔ اور ضعیف احادیث اوراسرائیلی روایات سے کلی طور پر اجنتاب کیا ہے کیوں کہ ثابت شدہ تھوڑی معلومات غیر ثابت شدہ زیادہ معلومات سے کہیں بہترہیں۔مصنف موصوف نے قصے سے متعلقہ آیات پندرہ حصوں میں تقسیم کی کیں ہیں او ر ہر حصے میں اس کی تفسیر اوراخذ کردہ دروس بیان کیے گئے ہیں۔ بیان کردہ دروس کی مجموعی تعداد بتیس ہے۔ اپنے موضوع پر یہ کتاب انتہائی جامع اور مستند ہے۔ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر صاحب کی تمام دعوتی وتبلیغی اور تحقیقی وتصنیفی خدمات قبول فرمائے۔(آمین) (م۔ا)

  • 4109 #2978

    مصنف : فضل الرحمان بن محمد

    مشاہدات : 8338

    انکم ٹیکس کی شرعی حیثیت

    (بدھ 21 اکتوبر 2015ء) ناشر : دار الدعوۃ السلفیہ، لاہور
    #2978 Book صفحات: 50

    جب سے مہذب انسانی معاشرہ وجود میں آیا ہےتب سے اس میں ٹیکسوں کا تصور کسی نہ کسی صورت میں موجود رہا ہے۔کہا جاتا ہے کہ یونان اور روم میں سب سے پہلے استعمال ہونے والی اشیاء پر ٹیکس لگایا گیا۔درآمدی ڈیوٹی کو اندرون ملک بننے والے مال پر وصول ہونے والی ڈیوٹی پر ترجیح دی جاتی تھی۔جنگ کے دنوں میں جائیداد پر بھی عارضی طور پر ٹیکس عائد کر دیا جاتا تھا ۔پھر اس کا دائرہ کار دیگر اشیاء تک وسیع کر دیا گیا۔چونکہ دنیا میں اسلام کے علاوہ جتنے بھی مذاہب ہیں ان میں موثر مالی نظام کا فقدان ہے۔لہذا دنیا کے غیر اسلامی ممالک کو اپنے مالی نظاموں کے لئے مروجہ نظام ٹیکس کا سہارا لینا پڑا۔جبکہ اسلام میں اس کمی کونظام زکوۃ کے ذریعےبحسن وخوبی پوراکر دیا گیا ہے۔افسوس کی بات تو یہ ہے کہ ایک طرف ہم اسلام کی عظمت وکاملیت کے دعویدار ہیں تو دوسری طرف عملی طور اس کی نفی کرتے ہیں اور غیر اسلامی نظام حیات پر عمل پیرا ہو کر ثابت کرتے ہیں کہ فی زمانہ اسلامی نظام قابل عمل نہیں ہے۔ زیر تبصرہ کتاب " انکم ٹیکس کی شرعی حیثیت، علمی وتحقیقی مقالہ "  محترم مولانا فضل الرحمن بن میاں محمد صاحب کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے انکم ٹیکس کی شرعی حیثیت پر مدلل گفتگو کی ہے۔کیونکہ انکم ٹیکس کا نظام نہ صرف غیر اسلامی اور ظالمانہ ہے بلکہ اس میں جھوٹ کو اپنانے کی رغبت بھی پائی جاتی ہے۔اگر کوئی شخص صحیح طور پر انکم ٹیکس کا گوشوارہ بھرتا ہے تو پھر اس کے لئے اپنا کاروبار چلانا مشکل ہوجاتا ہے۔خاص طور پر ان حضرات کے لئے تو بہت ہی مشکل ہو جاتا ہے جو ٹیکس کے ساتھ ساتھ زکوۃ ادا کرنے کی بھی کوشش کرتے ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائےاور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4110 #2979

    مصنف : امیر حمزہ بن نذیر احمد

    مشاہدات : 3067

    میثاق خلاق

    (بدھ 21 اکتوبر 2015ء) ناشر : مکتبہ الفرقان لاہور
    #2979 Book صفحات: 62

    توحید کا معنی ہے کہ انسان یہ عقیدہ رکھے کہ حق  باری تعالیٰ اپنی ذات، صفات اور جُملہ اوصاف و کمال میں یکتا و بے مثال ہے۔ اس کا کوئی ساتھی یا شریک نہیں۔ کوئی اس کا ہم پلہ یا ہم مرتبہ نہیں۔ صرف وہی با اختیار ہے۔ اس کے کاموں میں نہ کوئی دخل دے سکتا ہے، نہ اسے کسی قسم کی امداد کی ضرورت ہے۔ حتیٰ کہ اس کی نہ اولاد ہے اور نہ ہی وہ کسی سے پیدا  ہواہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:قُلْ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ   اَللّٰہُ الصَّمَدُ  لَمْ یَلِدْ ڏ وَلَمْ یُوْلَدْ  وَلَمْ یَکُنْ لَّہٗ کُفُوًا اَحَدٌ کہو کہ وہ (ذات پاک ہے جس کا نام) اللہ (ہے) ایک ہے۔معبود برحق جو بےنیاز ہے۔نہ کسی کا باپ ہے۔ اور نہ کسی کا بیٹا۔ اور کوئی اس کا ہمسر نہیں۔(سورۃالاخلاص)علامہ جرجانی ؒ توحید کی تعریف اس طرح بیان کرتے ہیں :توحید تین چیزوں کا نام ہے۔ اللہ تعالیٰ کی ربوبیت کی پہچان اس کی وحدانیت کا اقرار اور اس سے تمام شریکوں کی نفی کرنا۔ (التعریفات73) توحید کا تقاضا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حقوق صرف اللہ تعالیٰ ہی کیلئے خاص رکھے جائیں۔ زیر تبصرہ کتاب " میثاق خلاق " جماعت الدعوہ پاکستان کے مرکزی رہنما محترم مولانا امیر حمزہ صاحب کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے اللہ سے کئے گئے پختہ وعدے توحید کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4111 #3003

    مصنف : عبد الہادی بن حسن وہبی

    مشاہدات : 7396

    جنت کی کنجیاں

    (بدھ 21 اکتوبر 2015ء) ناشر : فقہ الحدیث پبلیکیشنز، لاہور
    #3003 Book صفحات: 94

    جنت اللہ کےمحبوب بندوں کا   آخری مقام ہے اور اطاعت گزروں کےلیے   اللہ تعالیٰ کا عظیم انعام ہے ۔ یہ ایسا حسین اور خوبصورت باغ ہے جس کی مثال کوئی نہیں ۔یہ مقام مرنے کے بعد قیامت کے دن ان لوگوں کو ملے گا جنہوں نے دنیا میں ایمان لا کر نیک اور اچھے کام کیے ہیں۔ قرآن مجید نے جنت کی یہ تعریف کی ہے کہ اس میں نہریں بہتی ہوں گی، عالیشان عمارتیں ہوں گی،خدمت کے لیے حورو غلمانملیں گے، انسان کی تمام جائز خواہشیں پوری ہوں گی، اور لوگ امن اور چین سے ابدی زندگی بسر کریں گے۔نبی کریم ﷺنے فرمایا ہے کہ:’’جنت میں ایسی ایسی نعمتیں ہیں جنھیں کسی آنکھ نے دیکھا نہیں نہ کسی کان نے ان کی تعریف سنی ہے نہ ہی ان کا تصور کسی آدمی کے دل میں پیدا ہوا ہے۔‘‘(صحیح مسلم: 2825) اور ارشاد باری تعالیٰ ہے’’ابدی جنتوں میں جتنی لوگ خود بھی داخل ہوں گے اور ان کے آباؤاجداد، ان کی بیویوں اور اولادوں میں سے جو نیک ہوں گے وہ بھی ان کے ساتھ جنت میں جائیں گے، جنت کے ہر دروازے سے فرشتے اہل جنت کے پاس آئیں گے اور کہیں گے تم پر سلامتی ہو یہ جنت تمھارے صبر کا نتیجہ ہے آخرت کا گھر تمھیں مبارک ہو‘‘۔(سورۂ الرعدآیت نمبر: 23،24) حصول جنت کےلیے انسان کو کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے تو اسے ادا کرکے اس کامالک ضرور بنے۔جنت کاحصول بہت آسان ہے یہ ہر اس شخص کومل سکتی ہے جو صدق نیت سے اس کےحصول کے لیے کوشش کرے ۔ اللہ تعالیٰ نے اسے اپنے بندوں کے لیے ہی بنایا ہے اور یقیناً اس نے اپنے بندوں کوہی عطا کرنی ہے۔ لیکن ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہمیں کماحقہ اس کا بندہ بننا پڑےگا۔ زیر تبصرہ کتاب’’ جنت واجب کرنے والے اعمال‘‘ شیخ عبد الہادی بن حسن وھبی کی عربی کتاب کا ترجمہ ہےانہوں نے اس کتاب میں صحیح احادیث کی روشنی میں ان اعمال کا حسین انتخاب پیش کیا ہے۔جن کا التزام ہر مسلمان کےلیے جنت میں داخلہ یقینی بنا سکتاہے۔ محترم حافظ عمران ایو ب لاہوری ﷾ نے اس کتاب کو اردوقالب میں ڈھالنے کے ساتھ ساتھ اس کی تخریج اور مختصر فوائد کا   کا م بھی کیا ہے۔نیز ہرحوالہ کو علامہ ناصر الدین البانی ﷫ کی تحقیق سے مزین کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ مصنف ومترجم کی اس کاوش کو قبول فرمائے اوراسے عامۃ المسلمین کے لیے نفع بخش بنائے۔ (آمین)

  • 4112 #2972

    مصنف : ڈاکٹر محمد امین

    مشاہدات : 9651

    عصر حاضر اور اسلام کا نظام قانون

    (منگل 20 اکتوبر 2015ء) ناشر : ادارہ ترجمان القرآن لاہور
    #2972 Book صفحات: 286

    جب کوئی معاشرہ مذہب کو اپنے قانون کا ماخذ بنا لیتا ہے تو اس کے نتیجے میں علم فقہ وجود پذیر ہوتا ہے۔ علم فقہ، دین کے بنیادی ماخذوں سے حاصل شدہ قوانین کے ذخیرے کا نام ہے۔ چونکہ دین اسلام میں قانون کا ماخذ قرآن مجید اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی سنت ہے اس وجہ سے تمام قوانین انہی سے اخذ کیے جاتے ہیں۔ جب قرآن و سنت کی بنیاد پر قانون سازی کا عمل شروع کیا جائے تو اس کے نتیجے میں متعدد سوالات پیدا ہو جاتے ہیں۔قرآن مجید کو کیسے سمجھا جائے؟قرآن مجید کو سمجھنے کے لئے کس کس چیز کی ضرورت ہے؟ سنت کو سمجھنے کے لئے کس کس چیز کی ضرورت ہے؟ سنت کہاں سے اخذ کی جائے گی وغیرہ وغیرہ۔ ان سوالوں کا جواب دینے کے لئے جو فن وجود پذیر ہوتا ہے، اسے اصول فقہ کہا جاتا ہے۔اور تمام قدیم مسالک (احناف،شوافع،حنابلہ اور مالکیہ)نے قرآن وسنت سے احکام شرعیہ مستنبط کرنے کے لئے  اپنے اپنے اصول وضع کئے  ہیں۔بعض اصول تو تمام مکاتب فکر میں متفق علیہ ہیں جبکہ بعض میں اختلاف بھی پایا جاتا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب " عصر حاضر اور اسلام کا نظام قانون " محترم ڈاکٹر محمد امین صاحب کی تصنیف ہے۔جس میں فقہ اسلامی،علم اصول فقہ،فقہ اسلامی کے امتیازی خصائص،اہم فقہی علوم اور مضامین ایک تعارف،تدوین فقہ اور مناہج فقہاء،اسلامی قانون کے بنیادی تصورات،مقاصد شریعت اور اجتہاد،اسلام کا دستوری اور انتظامی قانون،اسلام کا قانون جرم وسزا،اسلام کا قانون تجارت ومالیات،مسلمانوں کا بے مثال فقہی ذخیرہ ایک جائزہ،اور فقہ اسلامی دور جدید میں جیسے عنوانات جمع  ہیں۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور پاکستاب میں اسلامی قانون کا نفاذ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4113 #2973

    مصنف : محمد نجات اللہ صدیقی

    مشاہدات : 9172

    غیر سودی بنک کاری

    (منگل 20 اکتوبر 2015ء) ناشر : اسلامک پبلیکیشنز، لاہور
    #2973 Book صفحات: 227

    دین اسلام نے سود کو حرام قرار دیا ہے اور تمام مسلمانوں کا اس کی حرمت پر اتفاق ہے۔لیکن افسوس کہ اس وقت پاکستان میں موجود تمام بینک سودی کاروبار چلا رہے ہیں۔حتی کہ وہ بینک جو اپنے آپ کو اسلامی کہلاتے ہیں  وہ بھی سود کی آلائشوں سے محفوظ نہیں ہیں۔سودخواہ کسی غریب ونادار سے لیاجائے یا کسی امیر اور سرمایہ دار سے ، یہ ایک ایسی لعنت ہے جس سے نہ صرف معاشی استحصال، مفت خوری ، حرص وطمع، خود غرضی ، شقاوت وسنگدلی، مفاد پرستی ، زر پرستی اور بخل جیسی اخلاقی قباحتیں جنم لیتی ہیں بلکہ معاشی اور اقتصادی تباہ کاریوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، اس لیے دین اسلام اسے کسی صورت برداشت نہیں کرتا۔ شریعت اسلامیہ نے نہ صرف اسے قطعی حرام قرار دیاہے بلکہ اسے اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ جنگ قرار دیاہے۔ زیر تبصرہ کتاب''غیر سودی بنک کاری "انڈیا کے معروف عالم دین ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ معاشیات کے پروفیسرمحترم ڈاکٹر محمد نجات اللہ صدیقی صاحب کی تصنیف  ہے،جس میں انہوں نے غیر سودی بینکاری کا خاکہ پیش کیا ہے کہ اگر صدق دل سے سودی بینکاری کی جگہ غیر سودی بینکاری کو نافذ کرنا ہو تو اس خاکے کے مطابق غیر سودی بینکاری کا نظام نافذ کیا جا سکتا ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف موصوف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور تمام مسلمانوں کو سود جیسی لعنت سے چھٹکارا عطا فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4114 #3002

    مصنف : ارشاد الحق اثری

    مشاہدات : 11222

    تفسیر سورۃ یٰس

    (منگل 20 اکتوبر 2015ء) ناشر : ادارۃ العلوم الاثریہ، فیصل آباد
    #3002 Book صفحات: 442

    قرآن مجید پوری انسانیت کے لیے کتاب ِہدایت ہے او ر اسے یہ اعزاز حاصل ہے   کہ دنیا بھرمیں سب   سے زیاد ہ پڑھی جانے والی کتاب ہے۔ اسے پڑھنے پڑھانے والوں کو امامِ کائنات نے اپنی زبانِ صادقہ سے معاشرے کے بہتر ین لوگ قراردیا ہے اور اس کی تلاوت کرنے پر اللہ تعالیٰ ایک ایک حرف پرثواب عنایت کرتے ہیں۔ دور ِصحابہ سے لے کر دورِ حاضر تک بے شمار اہل علم نے اس کی تفہیم وتشریح اور ترجمہ وتفسیرکرنے کی خدمات سر انجام دیں اور ائمہ محدثین نے کتبِ احادیث میں باقاعدہ ابواب التفسیر کے نام سے باب قائم کیے۔اور بعض مفسرین نے بعض سورتوں کی الگ الگ تفسیر اور ان کے مفاہیم ومطالب سمجھا نے کےلیے بھی کتب تصنیف کی ہیں جیسے معوذتین، سورہ اخلاص، سورۂ فاتحہ، سورۂ یوسف، سورۂ کہف، سورۂ ملک وغیرہ کی الگ الگ تفاسیر قابل ذکر ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’تفسیر سورۂ یٰسین‘‘ محقق دوراں مولانا ارشاد الحق اثری ﷾ کے محققانہ قلم سے ہفت روزہ الاعتصام میں شائع ہونے والے دروسِ قرآن کا مجموعہ ہےجو مسلسل الاعتصام میں شائع ہوتے رہے۔ اس کی افادیت کے پیش نظر اس میں مزید حک واضافہ کے ساتھ ادارۃ العلوم اثریہ ،فیصل آباد نے اسے کتابی صورت میں شائع کیا ہے۔ مولانا ارشاد الحق اثری صاحب نے آیات  سے متعلقہ متفرق فوائد ونکات جو کتب تفاسیر وغیرہ میں پائے جاتے ہیں حتی الوسع انہیں اس تفسیر میں جمع کردیا گیا ہے اور تفسیر سے قبل سورۃ یٰسین کی فضیلت میں منقول 20 احادیث واقوال کو بیان کر کے ان کی صحت وضعف کوبھی تفصیل سے تحریری کیاہے۔ اللہ تعالی اسے اہل علم ،طلباء اور عوام الناس کے لیے نفع بخش بنائے۔ آمین( م۔ا )

  • 4115 #2970

    مصنف : عبد الرشید حنیف

    مشاہدات : 5028

    اولیاء الرحمن کی پہچان

    (پیر 19 اکتوبر 2015ء) ناشر : ادارہ تبلیغ القرآن والسنۃ سنت نگر لاہور
    #2970 Book صفحات: 83

    کس قدر عجیب بات ہے کہ آدمی جس عقل اور فہم وبصیرت سے دنیوی امور میں کام لیتا ہے دین کے معاملے میں اس عقل وبصیر ت اور تدبر سے کام نہیں لیتا۔کوئی چیز خرید کرنا ہو گھی، گوشت، دودھ درکار ہو تو کئی دکانیں پھر پھرا کر خالص اور ملاوٹ سے پاک سستی اور اچھی چیز خریدی جاتی ہے۔لیکن کس قدر جہالت، کور چشمی اور نادانی کی بات ہے کہ دین کے معاملے میں ہم بالکل اندھے اور بہرے بن جاتے ہیں۔جہاں کہیں کوئی واقعہ عجوبہ روزگار، خارق عادت دیکھ لیا یا کوئی پاگل اور دیوانہ نظر آگیا جھٹ اسے بزرگ اور ولی اللہ سمجھ لیتے ہیں اور اسے مجذوب کا نام دیکر محبوب خدا خیال کرنے لگتے ہیں اور یہ سوچنے کی زحمت گوارا ہی نہیں کرتے کہ جو آدمی از خود رفتہ ہوش وحواس باختہ ہے ۔اللہ کے اوامر اور نواہی کی پابندی نہیں کرتابلکہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات کی خلاف ورزی کرتا ہے وہ بھلا ولی اللہ یعنی اللہ کا دوست کیسے ہو سکتا ہے۔زیر تبصرہ کتاب" اولیاء الرحمن کی پہچان"شیخ الحدیث مولانا عبد الرشید ناظم اعلی مدرسہ تدریس القرآن والحدیث سنت نگر لاہور کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے اولیاء الرحمن کی پہچان کو بیان کرتے ہوئے  اولیاء الرحمن اور اولیاء الشیطان کا فرق بیان کیا ہے اوراولیاء الشیطان سے بچنے کی تلقین فرمائی ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائےاور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4116 #2971

    مصنف : گوہر رحمان

    مشاہدات : 8597

    عورت کی سربراہی قرآن و سنت کی روشنی میں

    (پیر 19 اکتوبر 2015ء) ناشر : جمعیت اتحاد العلماء پاکستان
    #2971 Book صفحات: 74

    اسلام دینِ فطرت ہے اس لیے اس میں معاشرہ کی بنیاد فطرتِ انسانی کی رعائیت کرتے ہوئے ’’الرجال قوامون علی النساء‘‘مرد عورتوں پر حاکم ہیں۔ کے اصول رکھی گئی ہے ۔اللہ تعالی نے مرد اور عورت کو پیدا فرما کر ان کے دائرہ کار بھی متعین کر دئیے ہیں کہ مرد کی کون کون سی ذمہ داریاں ہیں اور عورت کی کیا ذمہ داریاں ہیں۔مرد چونکہ عورتوں کی نسبت زیادہ طاقتور، حوصلہ مند اور فہم وفراست کا حامل ہوتا ہے ،اس لئے اللہ تعالی اسے قیادت  وسیادت جیسی ذمہ داریوں سے سرفراز فرمایا ہے جبکہ عورت نازک ،کمزور اور ناقص العقل ہوتی ہے اسلئے اللہ تعالی نے اس کی سیادت وقیادت کو قبول نہیں فرمایا۔نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے کہ وہ قوم ہر گز فلاح نہیں پا سکتی جو اپنی سربراہ عورت کو بنا لیتی ہے۔لیکن 16 نومبر 1988ء کو ہونے والے انتخابات میں پاکستان اس جادثے سے دورچار ہوگیا کہ ایک ایسی جماعت کو حکومت بنانے کا موقع ملاجس  کی قیادت نسوانی  تھی ۔ چنانچہ اس  نے ملک کی باگ ڈور بھی ایک 35 سالہ خاتون کےہاتھ میں دے دی اور اسے وزیر اعظم  بنا دیا۔ اس حادثہ کے  ظہور کےساتھ ہی بیداری کی ایک لہر دوڑ گئی۔ علماء نے اس موضوع پر تحقیقی مقالے لکھے ۔ زیر تبصرہ کتاب " عورت کی سربراہی قرآن وسنت کی روشنی میں "پاکستان کے معروف عالم دین  مولانا گوہر الرحمن ﷫ کی تصنیف ہے،جس میں انہوں نے عورت کی سربراہی کے حوالے سے  قرآن وسنت  سے مستند اور مدلل دلائل کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ عورت کا سربراہ بننا شرعا ناجائز،حرام اور شریعت اسلامیہ سے بغاوت  ہے۔اور جو قوم کسی عورت کو اپنا سربراہ بنا لیتی ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتی ہے۔ اللہ تعالی سے دعا کہ وہ مولف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(م۔ا )

  • 4117 #3001

    مصنف : ڈاکٹر فضل الٰہی

    مشاہدات : 19310

    بیٹی کی شان و عظمت

    (پیر 19 اکتوبر 2015ء) ناشر : دار النور اسلام آباد
    #3001 Book صفحات: 121

    اللہ تعالیٰ نےدنیاکی ہر نعمت ہر انسان کوعطا نہیں کی بلکہ اس نے فرق رکھا ہے اور یہ فرق بھی اس کی تخلیق کا کمال ہے کسی کو اس نے صحت قابلِ رشک عطا کی کسی کو علم دوسروں کے مقابلے میں زیادہ دیا، کسی کودولت کم دی کسی کوزیادہ دی ،کسی کو بولنے کی صلاحیت غیرمعمولی عطا کی ، کسی کو کسی ہنر میں طاق بنایا، کسی کودین کی رغبت وشوق دوسروں کی نسبت زیادہ دیا کسی کو بیٹے دئیے، کسی کو بیٹیاں، کسی کو بیٹے بیٹیاں، کسی کو اولاد زیادہ دی ، کسی کوکم اور کسی کو دی ہی نہیں۔اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کے اندر اولاد کی محبت اور خواہش رکھ دی ہے ۔ زندگی کی گہما گہمی اور رونق اولاد ہی کےذریعے قائم ہے۔ یہ اولاد ہی ہےجس کےلیے انسان نکاح کرتا ہے ،گھر بساتا ہے اور سامانِ زندگی حاصل کرتا ہے لیکن اولاد کے حصول میں انسان بے بس اور بے اختیار ہے۔ اللہ تعالیٰ نےاس نعمت کی عطا کا مکمل اختیار اپنےہاتھ میں رکھا ہے چاہے توکسی کو بیٹے اور بیٹیوں سے نوازے او رکسی کو صرف بیٹے دے او رچاہے توکسی صرف بیٹیاں دے دے توبیٹیوں کی پیدائش پر پریشانی کا اظہار نہیں کرناچاہیے کیونکہ بیٹیوں کی پیدائش پر افسردہ ہونا کافروں کی قابل مذمت صفات میں سے ہے۔امام احمد بن حنبل﷫ بیٹیوں کی ولادت پر فرمایا کرتے تھے کہ حضرات انبیاء ﷩ بیٹیوں کےباپ تھے ۔بیٹیوں کی بجائے صرف بیٹوں کی ولادت پرمبارک باد دینا طریقہ جاہلیت ہے ۔ دونوں کی ولادت پر مبارک باددی جائے یا دونوں موقعوں پر خاموشی اختیار کی جائے ۔آنحضرتﷺ نےبیٹیوں کو ناپسند کرنے سے منع فرمایا او رانہیں پیار کرنے والیاں اور بیش قیمت قرار دیا۔ اور نیک بیٹیاں اپنے والدین کےلیے ثواب وامید میں بیٹوں سے بہتر ہوتی ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’بیٹی کی شان وعظمت‘‘ کی شہید ملت علامہ احسان الٰہی ظہیر شہید کے برادر محترم مصنف کتب کثیرہ جناب ڈاکٹر فضل الٰہی ﷾ کی تصنیف ہے تصنیف ہے اس کتا ب میں انہوں نے قرآ ن واحادیث کی روشنی میں بیٹی کی شان وعظمت کو بیان کرتے ہوئے اس بات کوواضح کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں بیٹیوں کاذکر بیٹوں سے پہلے فرمایا ہے اور اس سے یہ واضح کرنا مقصود تھا کہ تمہاری طرف سے نظر انداز کی ہوئی یہ حقیر قسم میرے نزدیک ذکر میں مقدم ہے او ران کی کمزوری کےپیش نظر ان کا خصوصی خیال رکھنے کی تاکید کی خاطر انہیں ذکر میں مقدم کیاگیاہے۔ اور بیٹیوں کی کفالت کا ثواب بیٹوں کی کفالت سے زیادہ ہے ۔اور تین بیٹیاں اپنے محسن باپ کے لیے دوزخ کی آگ کےمقابلہ میں رکاوٹ ہوں گی۔۔اگر کسی کی دوبیٹیاں ہوں، بلکہ صرف ایک بیٹی ہی ہو تو وہ بھی اپنے محسن باپ کےلیے جہنم کی آگ کےمقابلہ میں رکاوٹ ہوگی۔ اور بیٹیوں کو اپنی ذات پر ترجیح دینے والے والدین کے لیے جنت واجب ہوجاتی ہے وہ دوزخ کی آگ سے آزادی پاتے ہیں او راللہ رب العزت کی رحمت کے مستحق قرار پاتے ہیں ۔اللہ تعالیٰ نے عورتوں کا وراثت میں حق جداگانہ طور پر بیان فرمایا تاکہ یہ بات واضح ہوجائے کہ وہ ذاتی حیثیت سے وراثت کا استحقاق رکھتی ہے۔ اپنے موضوع پر یہ کتاب انتہائی جامع ہے ۔ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر صاحب کی تمام دعوتی وتبلیغی اور تحقیقی وتصنیفی خدمات قبول فرمائے اور اس کتا ب کو تمام اہل اسلام کےلیے بیٹیوں کے مقام کوسمجھنے کاذریعہ بنائے۔ (آمین) (م۔ا)

  • 4118 #2968

    مصنف : محمد بن عبد الوہاب تمیمی

    مشاہدات : 4381

    مختارات من الجامع الفرید

    (اتوار 18 اکتوبر 2015ء) ناشر : انصار السنہ المحمدیہ نواں کوٹ لاہور
    #2968 Book صفحات: 131

    بارہویں صدی ہجری میں عالم اسلام کا زوال وانحطاط اپنی آخری حدودکو پہنچ چکا تھا، مسلمان ہراعتبارسے پستی اور تخلف کا شکارتھے، دین کی گرفت نہ صرف یہ کہ مسلمانوں پرڈھیلی پڑچکی تھی بلکہ صحیح بات یہ ہے کہ دین ان کی زندگی سے پورے طور پر نکل چکا تھا، ان پرآشوب حالات میں عالم اسلام خصوصاً جزیرۃ العرب پراللہ کافیضان ہوا، اورشیخ الاسلام محمدبن عبدالوہاب تیمی نجدی﷫نے نجد میں ایک علمی خانوادہ کے اندرآنکھیں کھولیں۔ آپ سن شعورکو پہنچنے کے بعدتحصیل علم میں لگ گئے، اپنے والد شیخ عبدالوہاب سے جونجدکے علماء میں ممتاز تھے کسب فیض کیا اورمزید علم کی تلاش میں حجاز کا رخ کیا اورمدینہ منورہ پہنچ کر وہاں کے علماء ومشائخ سے حدیث کا درس لیا اورپھر مزید علمی تشنگی بجھانے کے لئے بصرہ کاقصدکیا اور وہاں پہنچ کر حدیث وادب میں مزید مہارت پیداکی، اور اس کے بعدآپ اپنے علاقہ نجدمیں واپس آکر دعوت وتبلیغ میں مصروف ہوئے۔ نجدواپس آنے کے بعد آپ نے شرک وبدعات کے استیصال کا عزم مصمم کیا، توحید کی دعوت عام کی ،شرک اوراس کے مفاسد کا برملا بیان کیا، غیراللہ کی عبادت اورقبرپرسجدہ کرنے سے منع کیا، اسلامی اخلاق کوعام کرنے کی کوشش کی۔ زیر تبصرہ کتاب " مختارات من الجامع الفرید "آپ کےتوحید وشرک کے موضوع پر مبنی آٹھ مختلف رسائل کا اردو ترجمہ ہے۔ترجمہ کرنے کی سعادت محترم مولانا عطاء اللہ ثاقب صاحب﷫ نے حاصل کی ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف اور مترجم  کی اس کوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائےاور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4119 #2996

    مصنف : عبد العزیز ابراہیم الغدیر

    مشاہدات : 5324

    سماجی تعلقات میں مکالمے کی اہمیت

    (اتوار 18 اکتوبر 2015ء) ناشر : نا معلوم
    #2996 Book صفحات: 112

    دوسروں کے ساتھ اچھے تعلقات بنا کر رکھنے کی صلاحیت ایک ایسی صلاحیت ہے جو اعلیٰ انسانی خوبی قرار دی جا سکتی ہے۔ وہ لوگ جو سماج میں اعلیٰ رتبوں پر فائز ہوتے ہیں ان میں صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ لوگوں سے اچھے تعلقات بنا کر رکھتے ہیں اور وہ ایسا صرف اپنے عہدوں کی بنیاد پر نہیں کرتے بلکہ ان کی کامیابی اور سماجی مرتبے کی وجہ ہی بنیادی طور پر یہی ہوتی ہے کہ وہ ہر قسم کے لوگوں سے بآسانی میل جول بڑھا سکتے ہیں۔ گھریلو اور دفتری تعلقات کے علاوہ انسان کو بہت سے دیگر تعلقات بھی نبھانا پڑتے ہیں۔ دوستوں اور شناساؤں کے علاوہ کتنے ہی ایسے لوگ ہوتے ہیں جن سے روز آپ کا واسطہ پڑتا ہے۔ مثال کے طور پر لفٹ مین، مالی، گھریلو ملازم اور گارڈ وغیرہ۔ بازار جائیں تو وہاں دکانداروں، سیلزمینوں اور ان کے مددگاروں سے بات کرنا ہوتی ہے۔ یہاں تک کہ وہ گوالا جو آپ کو دودھ دینے آتا ہے، وہ ڈاکیا جو آپ کے خط گھر چھوڑنے آتا ہے اور وہ دھوبی جو آپ کے کپڑے دھو کر گھر دے جاتا ہے اس سے بھی ملنا پڑتا ہے۔ اگرچہ یہ تعلقات گہرے نہیں ہوتے اور انہیں متعین بھی نہیں کیا جا سکتا مگر بہر حال یہ سب تعلق ہماری زندگی کا حصہ ہیں جو اگر زندگی سے نکل جائیں تو کئی قسم کی مشکلات سے ہمارا پالا پڑ جائے۔ زیر تبصرہ کتاب " سماجی تعلقات میں مکالمے کی اہمیت " پاکستان میں متعین سعودی عرب کے سفیر محترم المقام عبدالعزیز ابراہیم الغدیر صاحب کی عربی تصنیف "الحوار والتواصل" کا اردو ترجمہ ہے۔اردو ترجمہ محترم سعید الرحمن صاحب نے کیا ہے۔اس کتاب کو انہوں نے پاکستانی معاشرے کے نام منسوب کیا ہے اور اس میں سماجی تعلقات میں مکالمے کی اہمیت کو واضح اور اجاگر کیا ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اوران کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4120 #2967

    مصنف : امام ابو عبید القاسم بن سلام

    مشاہدات : 10105

    کتاب الاموال جلد اول

    dsa (ہفتہ 17 اکتوبر 2015ء) ناشر : ادارہ تحقیقات اسلامی،اسلام آباد
    #2967 Book صفحات: 547

    اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات اور دستور زندگی ہے،جس میں معاشرت ومعیشت سمیت زندگی کے تمام شعبوں کے حوالے سے مکمل راہنمائی موجود ہے۔ اسلام کا نظریہ معیشت فطرت سے ہم آہنگ اور تمام معاشی مشکلات کا واحد حل ہے، اس لئے کہ یہ نظام نہ تجربات کا مرہون منت ہے اور نہ اقتصادی ماہرین کی ذہنی کاوش کا نتیجہ،بلکہ یہ معاشی نظام پروردگار نے تجویز کیا اور پیغمبر اسلام نے پیش کیا، اس لئے یہ نظام ہی وہ واحد نظام معیشت ہے جو اگر تمام عالم پر چھا جائے تو دنیا میں صرف معاشی سکون ہی سکون ہو، اس لئے کہ یہ مالک حقیقی نے بنایا ہے وہ ہم سب کا رب ہے، لہٰذا اس کی ربوبیت کا سایہ بھی سب پر یکساں ہے، اس میں اجتماعی مفاد ہی ملحوظ ہے، شخصی یا گروہی مفاد کا شائبہ تک نہیں۔ اسلامی نقطہ نظر سے حقیقی مالک صرف اللہ ہے، ہر چھوٹی سے چھوٹی چیز اور بڑی سے بڑی چیز اس کی ملکیت میں داخل ہے، چنانچہ اُس نے مال کی نسبت اپنی ذات کی طرف دیتے ہوئے فرمایا:”خدا کے مال میں سے جو اُس نے تمہیں دیا ہے، اُن کو بھی دو“۔ زیر تبصرہ کتاب"کتاب الاموال"دوسری صدی ہجری کے معروف عالم دین امام ابو عبید القاسم بن سلام ﷫کی عربی تصنیف کا اردو ترجمہ ہے۔جس میں نبی کریم ﷺ اور خلفاء راشدین کے دور کی اسلامی مملکت کے مالیاتی نظام کوپیش کیا گیا ہے۔یہ کتاب دو ضخیم جلدوں پر مشتمل ہے جس کا اردو ترجمہ محترم مولانا عبد الرحمن طاہر سورتی صاحب نے کیا ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف موصوف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4121 #2969

    مصنف : محمود خالد مسلم

    مشاہدات : 6072

    آفاقی حدود میں قید و بند کا عدم جواز

    (ہفتہ 17 اکتوبر 2015ء) ناشر : المسلمین لوئر مال لاہور
    #2969 Book صفحات: 34

    پاکستان اس وقت جن بڑے بڑے مسائل سے دوچار ہےان پر ہر پاکستانی پریشان اور خوف وہراس کا شکار ہے۔آئے روز ڈکیتیوں، شاہراہوں پر لوٹ مار، قتل وغارت اور بم دھماکوں کی بھر مار ہے۔حتی کہ اندرون خانہ بھی کوئی شہری محفوظ نہیں ہے۔کیا ان جرائم کو روکنے والا کوئی نہیں ؟پولیس اور دوسرے ادارے کیوں ناکام ہو گئے ہیں۔ان جرائم اور لاقانونیت کے پس پردہ وہ کون سے عوامل اور اسباب ہیں جن کے باعث ان پر قابو پانا مشکل ہو رہا ہے؟ان عوامل میں جہاں معاشرتی اور معاشی اسباب ہیں وہاں جزا وسزا کے تصور کا بھی فقدان ہے اور سب سے بڑا سبب ایک اسلامی ملک پاکستا ن میں اللہ کی مقرر کردہ سزاؤں سے رو گردانی اور ملکی قانون کی گرفت کا کمزور ہونا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب" آفاقی حدود میں قید وبند کا عدم جواز " محترم خالد محمود مسلم صاحب کی تصنیف ہے۔جس میں انہوں نے پاکستان کے موجودہ عدالتی نظام میں مقدمات کو نمٹانے کی رفتار  کا جائزہ لیتے ہوئے اسے انصاف مہیا کرنے کی راہ میں ایک بہت بڑا عیب قرار دیا ہے۔ مولف کے نزدیک عدالتی طریق کار میں تاخیری حربوں نے انصاف کی روح کو مجروح کر رکھا ہے اور یہ نظام مجرموں کے لئے بجائے عبرت کے ایک ترغیب اور تشویق کا پہلو رکھتا ہے۔ مولف ایک متحرک، فعال اور درد مند مسلمان ہیں جو امت مسلمہ کی اصلاح کے لئے مختلف اور متنوع قسم کے پروگرام تشکیل دیتے رہتے ہیں۔اور یہ کتاب بھی ان کی انہی کاوشوں کا ایک حصہ ہے۔اس کتاب میں انہوں نے قید وبند کی سزا کو شریعت کے منافی قرار دیا ہے ، کیونکہ شرعی طور پر ہر مجرم کو فوری سزا دے دی جاتی ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائےاور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4122 #2995

    مصنف : عبد المنان راسخ

    مشاہدات : 6193

    خواتین گلشن نبوی میں

    (ہفتہ 17 اکتوبر 2015ء) ناشر : مکتبہ قدوسیہ،لاہور
    #2995 Book صفحات: 88

    یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ عورت کی تخلیق مرد کے سکون واطمینان کا باعث ہے ۔ عورت انسانی تہذیب وتمدن کی روا ں دواں گاڑی ہے ، اگر یہ اسلامی پلیٹ فارم پر سیدھی چلتی رہی تو اس مادی دنیا کا اصل زیور وحسن ہے اورمرد کی زندگی میں نکھار اور سوز وگداز پیداکرنے والی یہی عورت ہے ۔ اس کی بدولت مرد جُہدِ مسلسل اور محنت کی دلدوز چکیوں میں پستا رہتاہے۔ اور اس کی وجہ سے مرددنیا کے ریگزاروں کو گلزاروں او رسنگستانوں کو گلستانوں میں تبدیل کرنے کی ہر آن کوشش وکاوش کرتا رہتا ہے ۔اگر عورت بگڑ جائے اور اس کی زندگی میں فساد وخرابی پیدا ہوجائے تویہ سارے گلستانوں کو خارستانوں میں تبدیل کردیتی ہے اور مرد کوہر آن ولحظہ برائی کے عمیق گڑھوں میں دھکیلتی دیتی ہے ۔اسلام نے عورت کوہر طرح کے ظلم وستم ، وحشت وبربریت، ناانصافی، بے حیائی وآوارگی اور فحاشی وعریانی سے نکال کر پاکیزہ ماحول وزندگی عطا کی ہے ۔ او ر جتنے حقوق ومراتب اسلام نے اسے دیے ہیں دنیا کے کسی بھی معاشرے اور تہذیب وتمدن میں وہ حقوق عورت کوعطا نہیں کیے گئے ۔اس لیے عورت کا اصل مرکز ومحور اس کے گھر کی چاردیواری ہے ۔جس کے اندر رہ کر گھر کے ایک چھوٹے سے یونٹ کی آبیاری کرنا اس کا فریضہ ہے ۔اسلام عورت کی تربیت پر خصوصی توجہ دیتا ہے کسی گھر کی عورت اگر نیک اور پرہیز گار ہے تو وہ امن وآشتی کا گہوارہ ہے اور اگر عورت بدکار فاسقہ وفاجرہ ہے تو وہ برائی کا اڈا ہ اور فحاشی وعریانی کاسیل رواں ہے۔اس لیے ہمیں اپنے گھر کی خواتین کو اسلامی تہذیب وتمدن ، دینی معاشرت ورہن سہن اور عقائد صحیحہ واعمال صالحہ پر گامزن رکھنے کی بھر پور کوشش کرنی چاہیے۔ زیر تبصرہ کتاب’’ خواتین گلشنِ نبوی میں ‘‘ محترم مولانا ابو الحسن عبدالمنان راسخ ﷾( مصنف کتب کثیرہ) کی تصنیف ہے اس کتاب میں انہوں نے ذخیرہ احادیث سےایسی سو احادیث کاانتخاب کیا ہےجن میں عقائد، عبادات، معاملات، اور اخلاقیات کے تمام گوشوں کاذکر کیاگیا ہے۔ترجمہ وفوائد سے ان کو زیادہ سے زیادہ عام فہم بنا دیاگیا ہے۔ اس اعتبار سے یہ کتاب وقت کی ایک نہایت اہم ضرورت کو پورا کرتی ہے ۔اس گلشن نبویﷺ میں سیر کرنے والی خاتون کوعقیدہ کی پختگی اور درستگی نصیب ہوگی وہاں اس کی روح کو قرار ، حیا کونکھاراور دارین کی زندگی کامیابی ووقار سے سرشار ہوجائے گی۔ کتاب کے مصنف جامعہ اسلامیہ ،صادق آباد کے فیض یافتہ ہیں اور مولانا حافظ ثناء اللہ زاہدی﷾ کے مایۂ ناز قابل شاگردوں میں شمار ہوتے ہیں۔ تبلیغی واصلاحی موضوعات کے علاوہ علمی وتحقیقی موضوعات کو بیان کرنے اور تحریر کی کامل دسترس رکھتے ہیں۔ موصوف جامعہ اسلامیہ،صادق آبادسے فراغت کےبعد شروع شروع میں مجلس التحقیق الاسلامی ، لاہور میں حافظ عبد الرحمن مدنی﷾ کی زیر نگرانی بھی علمی وتحقیقی خدمات سرانجام دیتے رہے ۔ موصوف ایک اچھے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ بڑے اچھے خطیب اور واعظ بھی ہیں ۔ عرصہ دراز سے فیصل آباد میں خطابت کافریضہ انجام دینے کےساتھ ساتھ تصنیف وتالیف کا کام بھی کرتے ہیں ۔تقریبا دو درجن کتب کےمصنف ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی تبلیغی واصلاحی ،تصنیفی خدمات کو شرف قبولیت سے نوازے،ان کے علم وعمل اور زور ِقلم میں اضافہ فرمائے ۔اور ان کی تمام کتب کوعوام الناس کےلیےنفع بخش بنائے۔ آمین(م۔ا)

  • 4123 #2965

    مصنف : عاشق حسین علوی

    مشاہدات : 6908

    اسلام اور غیر اسلامی فکر و عمل

    (جمعہ 16 اکتوبر 2015ء) ناشر : علمی کتب خانہ لاہور
    #2965 Book صفحات: 227

    جب تک کوئی نظام فکر بیرونی اثرات وخیالات کی آمیزش سے پاک رہتا ہے اس کے افراد میں یکجہتی قائم رہتی ہے۔اسلام ایک کامل دین اورمکمل دستور حیات ہے، جوزندگی کے تمام شعبوں میں انسانیت کی راہ نمائی کرتا ہے، اسلام جہاں انفرادی زندگی میں فردکی اصلاح پر زوردیتاہے وہیں اجتماعی زندگی کے زرین اصول وضع کرتاہے،اسلامی نظامِ حیات میں جہاں عبادت کی اہمیت ہے وہیں معاملات ومعاشرت اور اخلاقیات کو بھی اولین درجہ حاصل ہے،اسلام کاجس طرح اپنانظامِ معیشت ہے اوراپنے اقتصادی اصول ہیں اسی طرح اسلام کا اپنانظامِ سیاست وحکومت ہے،اسلام کا نظامِ سیاست وحکم رانی موجودہ جمہوری نظام سے مختلف اوراس کے نقائص ومفاسد سے بالکلیہ پاک ہے،لیکن اسلام میں سیاست شجرِ ممنوعہ نہیں ہے،یہ ایسا کامل ضابطہٴ حیات ہے جو نہ صرف انسان کو معیشت ومعاشرت کے اصول وآداب سے آگاہ کرتا ہے، بلکہ زمین کے کسی حصہ میں اگراس کے پیرو کاروں کواقتدار حاصل ہو جائے تووہ انہیں شفاف حکم رانی کے گربھی سکھاتاہے۔لیکن اس کے باوجود بہت سارے لوگ غیر اسلامی فکر وعمل کو فروغ دینے کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب"اسلام اور غیر اسلامی  فکر وعمل"محترم جناب عاشق حسین علوی صاحب کی تصنیف ہے ، جس میں انہوں  اسلام اور غیر اسلامی فکر وعمل کا ایک بہترین موازنہ کیا ہےاور اسلام کی روشن تعلیمات کو دلائل کے ذریعے دیگر تمام غیر اسلامی افکار سے بہتر اور اعلی قرار دیا ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اوران کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین(راسخ)

  • 4124 #2966

    مصنف : ابو یاسر عبد اللہ بن بشیر

    مشاہدات : 29606

    کامل ابواب الصرف

    (جمعہ 16 اکتوبر 2015ء) ناشر : مکتبہ احیاء الشریعہ سیالکوٹ
    #2966 Book صفحات: 313

    اللہ تعالی کاکلام اور  نبی کریم ﷺکی احادیث مبارکہ عربی زبان میں  ہیں اسی وجہ  سے اسلام اور مسلمانوں سے  عربی کا رشتہ مضبوط ومستحکم ہے  عربی اسلام کی سرکاری زبان ہے ۔شریعت اسلامی  کے بنیادی مآخد اسی زبان میں ہیں  لہذا قرآن وسنت اور  شریعت اسلامیہ پر عبور حاصل  کرنےکا واحد ذریعہ عربی زبان ہے  اس لحاظ سے عربی سیکھنا اور  سکھانا   امت مسلمہ  کا اولین فریضہ ہے ۔عربی زبان  سیکھنے کےلیے نحو  وصرف کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔فن صرف علم نحو ہی کی  ایک شاخ ہے  شروع  میں اس کے مسائل  نحو کے تحت  ہی بیان کیےجاتے تھے معاذ بن مسلم ہرّاء  یاابو عثمان بکر بن محمدمزنی  نے  علم صرف کو علم النحو سے الگ کرکے مستقل فن کی حیثیت مرتب ومدون کیا۔ صرف ونحوصرف کی کتابوں کی تدوین وتصنیف میں علماء عرب کےساتھ ساتھ  عجمی علماء بھی   پیش پیش رہے  ۔جب یہ تسلیم کرلیا گیا کہ  تعلیم وتدریس میں  علم وفن کاپہلا تعارف طالب علم کی مادری زبان میں  ہی ہوناچاہیے تو مختلف علاقوں کے  اہل علم  نے  اپنی  اپنی مقامی زبان میں اس فن پر  کئی  کتب تصنیف کیں ۔تاریخ اسلام کا یہ باب  کس قدر عظیم ہے کہ  عربی زبان کی صحیح تدوین وترویج  کا اعزاز عجمی علماء اور بالخصوص کبار علمائے  ہندکے  حصے میں آیا  ہندوستان اور مغل حکمرانوں کی سرکاری زبان فارسی  ہونےکی وجہ سے  ہندی علماء   نے صرف ونحو کی کتب فارسی زبان میں ہی تصنیف کیں پھر رفتہ رفتہ   برصغیر کے باشندوں کے لیے فارسی زبان  بھی اجنبی  ہونے لگی توبرصغیر کے فضلا ءنےاردو میں نحووصرف  کے موضوع پرکتاب النحو، کتاب الصرف،عربی کا معلم کے علاوہ  متعدد کتب لکھیں ان  علماء کرام  کااردو زبان میں صر ف ونحو پر کتابیں لکھنےکا مقصد عربی وزبان وادب کی تفہیم وتسہیل اور اشاعت وترویج ہی تھا کیوں کہ  اگر ابتدائی  طور پرکوئی مضمون  مادری زبان میں ذہن نشین ہوجائے تو پھر اس زبان  میں تفصیل واضافہ کو بخوبی پڑھا  اورسمجھا جاسکتاہے  ۔مدارس میں پڑھنے والے طلباء صرف گردانیں یاد کرنے کےلیے ابواب الصرف کتاب پڑھتے ہیں بعض کتب میں مصادر کاترجمہ فارسی زبان میں  ہے  چونکہ اب فارسی زبان کی طرف قوم کا رجحان  بہت کم  ہوگیا ہے لہذا   طلباء کے لیے معانی  میں مشکل ہوتی ہے ۔ بعض کتب میں لازم  کے ابواب کی  مجہول گرادنوں کی متعدی باب کی مانند لکھ دیاگیا ہے جو کہ صرفی طور غلط ہے ۔ محترم جناب  ابو یاسر عبد اللہ بن بشیر ﷾ نے  زیر تبصرہ کتاب’’ کامل ابواب الصرف‘‘ مرتب کی ہے جس میں انہوں نے  طلباء کی سہولت  وبہتری کےلیے  زیادہ ترمادے قرآن اور حدیث سے لیے ہیں تاکہ قرآ ن وحدیث کے زیادہ سے زیادہ الفاظ کا ذخیرہ جمع ہوسکے ۔قرآن وحدیث  سے اخذ کیے ہوئے مادے کے ساتھ آیت وحدیث کا ٹکڑا لکھا  ہے۔تمام ابواب کی  گردانیں مکمل کیں ہیں۔ مرکبات سےتقریباً  ہر قسم کاباب بنایا ہے۔ہر مصدر کا  ترجمہ اردو زبان میں کیاہے۔ مہموز ، مضاعف اور معتل کےقواعد لکھے  اور صیغوں کی تعلیلات کیں ہیں الغرض یہ کتاب ابواب الصرف اورعلم الصرف کی گردانیں بنانے کے طریقے ،مہموز، مضاعف اورمعتل کےقواعد اور صیغوں کی تعلیل کرنے  کےطریقوں کوجمع کرنےوالی ہے۔اللہ تعالیٰ مصنف کی اس کاوش کو  قبول فرمائے اور اسے  طلبہ وطالبات دینیہ کےلیے نفع بخش بنائے (آمین) (م۔ا)

  • 4125 #2994

    مصنف : ڈاکٹر خالد علوی

    مشاہدات : 23715

    حفاظت حدیث

    (جمعہ 16 اکتوبر 2015ء) ناشر : الفیصل ناشران وتاجران کتب، لاہور
    #2994 Book صفحات: 354

    رسول اکرم ﷺ کے قووعمل اور تقریر کوحدیث کہتے ہیں ۔ یہ وہ الہامی ذخیرہ ہے جو بذریعہ وحی نطق رسالت نے پیش فرمایا۔ یہ وہ دین ہے جس کے بغیر قرآن فہمی ناممکن ،فقہی استدلال فضول اور راست دینی نظریات عنقا ہوجاتے ہیں۔یہ اس شخصیات کے کلماتِ خیر ہیں جنہیں مان کر ایک عام شخص صحابی رسول بنا اور رب ذوالجلال نے اسے﷜ کے خطاب سے نوازا۔ یہ وہ علم ہےجس کاصحیح فہم حاصل کرکے ایک عام مسلمان ،امامت کےدرجے پر فائز ہوجاتاہے ۔ جس طرح کہ قرآن کریم تمام شرعی دلائل کا مآخذ ومنبع ہے۔اجماع وقیاس کی حجیت کے لیے بھی اسی سے استدلال کیا جاتا ہے ،اور اسی نےحدیث نبویہ کو شریعت ِاسلامیہ کا مصدرِ ثانی مقرر کیا ہے مصدر شریعت اور متمم دین کی حیثیت سے قرآن مجید کے ساتھ حدیث نبویہ کوقبول کرنےکی تاکید وتوثیق کے لیے قرآن مجید میں بے شمار قطعی دلائل موجود ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے اپنے صحابہ کرام کو حدیث کو محفوظ کرنے کے لیے   احادیث نبویہ کو زبانی یاد کرنے اوراسے لکھنے کی ہدایات فرمائیں ۔ اسی لیے مسلمانوں نے نہ صرف قرآن کی حفاظت کا اہتمام کیا بلکہ حدیث کی حفاظت کے لئے بھی ناقابل فراموش خدمات انجام دیں، ائمہ محدثین نے بھی حفظ احادیث اور کتابت حدیث کےذریعے   حفاظت ِحدیث کا عظیم کارنامہ انجام دیا۔ اللہ کے رسول ﷺکو شروع میں یہ خوف لاحق تھا کہ ایسا نہ ہو کہ لوگ حدیث اور قرآن دونوں کو ایک ساتھ ملا کر لکھ لیں جس سے کچھ لوگوں کے لئے دونوں میں فرق کرنا مشکل ہوجائے، اسی لئے آپ ﷺ نے صحابہ کو احادیث لکھنے سے منع کر دیا تھا، جیسا کہ مسند احمد کی حدیث ہے:لا تكتبوا عني، ومن كتب عني شيئا سوى القرآن فليمحه (مسند أحمد)’’مجھ سے کچھ مت لکھو، اور جس نے قرآن کے علاوہ مجھ سے کچھ بات لکھی ہو اسے چاہیے کہ مٹا دے۔‘‘رسول اللہ ﷺکا یہ حکم سن 7 ہجری تک برقرار رہا، لیکن جب قرآن کی حفاظت کے تئیں اللہ کے رسول ﷺ کو اطمینان حاصل ہو گیا تو اپنے ساتھیوں کو احادیث بھی قلمبند کرنے کی عام اجازت دے دی، صحابہ میں کچھ لوگ ایسے تھے جو آپ کی باتیں سننے کے بعد انہیں باضابطہ لکھ لیا کرتے تھے۔ سیدناعبداللہ بن عمرو بن عاص ﷜ کہتے ہیں کہ میں نبی کریم ﷺ سے جو کچھ سنتا اسے یاد کرنے کے لئے لکھ لیا کرتا تھا، لوگوں نے مجھے روکا اور کہا: اللہ کے رسول ﷺایک انسان ہیں، کبھی خوشی کی حالت میں باتیں کرتے ہیں تو کبھی غصہ کی حالت میں، اس پر میں نے لکھنا چھوڑ دیا۔ پھر میں نے نبیﷺسے اس کا ذکر کیا تو آپ نے اپنی انگلیوں سے اپنے منہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا:اكتب فوالذي نفسي بيده لا يخرج منه إلا حق (رواه أبو داود والحاكم)“لکھ لیا کرو، قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اس منہ سے حق کے سوا کچھ نہیں نکلتا۔‘‘اسی طرح سیدنا ابوهریرہ ﷜بیان کرتے ہیں کہ اللہ کے رسول ﷺنے (فتح مکہ کے موقع پر) ایک خطبہ دیا. ابو شاہ نے کہا: اے اللہ کے رسول! اسے میرے لئے لکھا دیجئے، آپ نے کہا: أكتبوا لأبي شاة اسے ابوشاہ کے لیے لکھ دو. (بخاری، مسلم)رسول اللہ ﷺکے انتقال کے بعد قرآن جھليوں، ہڈیوں اور کھجور کے پتوں پر لکھا گیا تھا، صحابہ نے اسے جمع کردیا، لیکن حدیث کو جمع کرنے کی طرف صحابہ کا دھیان نہیں گیا لیکن وہ زبانی طور پر ایک دوسرے تک اسے پہنچاتے رہے، اس کے باوجود کچھ صحابہ نے جو حدیثیں لکھی تھیں ان میں سے کچھ صحيفے مشہور ہو گئے تھے. جیسے ’’ صحیفہ صادقہ‘‘ جو ایک ہزار احادیث پر مشتمل عبداللہ بن عمرو بن عاص ﷜عنہ کا صحیفہ تھا، اس کا زیادہ تر حصہ مسند احمد میں پایا جاتا ہے، ’’صحیفہ سمرہ بن جندب ﷜‘‘، ’’صحیفہ سعد بن عبادہ‘‘ ،’’ صحیفہ جابر بن عبداللہ انصاری﷜ ‘‘۔ جب مختلف ممالک میں اسلام کا دائرہ وسیع ہونے لگا اور صحابہ کرام مختلف ملکوں میں پھیل گئے، پھر ان میں سے زیادہ تر لوگ وفات پاگئے اور لوگوں کی یادداشت میں بھی کمی آنے لگی تواب حدیث کو جمع کرنے کی ضرورت کا احساس ہوا، لہذا سن 99 ہجری میں جب عمر بن عبدالعزیز ﷫ مسلمانوں کے خلیفہ بنے اور مسلمانوں کے احوال پر نظر ڈالی  جس سے اس وقت مسلمان گزر رہے تھے تو اس نتیجہ پر پہنچے کہ احادیث کی تدوین کا بندوبست کیا جائے، چنانچہ آپ نے اپنے حکام اور نمائندوں کو اس کا حکم دیتے ہوئے لکھا اور تاکید کی کہ اللہ کے رسول ﷺ کی احادیث کو جمع کرنے کا کام شروع کر دیا جائے، جیساکہ آپ نے مدینہ کے قاضی ابو بکر بن حزم کو لکھا کہ: ’’تم دیکھو، اللہ کے رسول ﷺکی جو حدیثیں تمہیں ملیں انہیں لکھ لو کیوں کہ مجھے علم کے ختم ہونے اور علماء کے چلے جانے کا اندیشہ ہے۔‘‘اسی طرح آپ نے دوسرے شہروں میں بھی ائمہ اور محدثین کو خطاب کیا کہ رسول اکرم ﷺکی حدیثیں جمع کرنے کی طرف توجہ دیں۔جب تیسری صدی آئی تو اس میں احادیث جمع کرنے کا ایک الگ طریقہ مشہورہوا کہ محض اللہ کے رسول ﷺ کی حدیثیں جمع کی گئیں، اور ان میں صحابہ کے قول اورو فعل کو شامل نہیں کیا گیا. اسی طرح مسانيد بھی لکھی گئیں ۔امیر المومنین فی الحدیث امام محمد بن اسماعیل البخاری ﷫نے فقہی ترتيب کے مطابق محض صحیح احادیث کا مجموعہ تیار کیا جسے دنیا آج صحیح بخاری کے نام سے جانتی ہے جو حدیث کی صحیح اور مستند کتابوں میں پہلے نمبر پر آتی ہے، پھر ان کے بعد ان کے ہی شاگرد امام مسلم بن حجاج ﷫نے صحیح حدیث کا ایک مجموعہ تیار کیا جو آج صحیح مسلم کے نام سے مقبول ہے. اور صحیح بخاری کے بعد دوسرے نمبر پر آتا ہے.امام بخاری اور امام مسلم کے طریقے پر ان کے دور میں اور ان کے بعد بھی محدثین نے کتابیں لکھیں، آج حدیث کی بڑی کتابوں میں جو حدیثیں محفوظ ملتی ہیں انہیں جمع کرنے والے محدثین نے راویوں کے حوالے سے روایتیں بیان کی ہیں، صحابہ نے اللہ کے رسول ﷺکو جو کچھ کہتے سنا تھا یا کرتے دیکھا تھا اسے انہوں نے حفظ کیا اور کچھ لوگوں نے اسے لکھا پھر بعد کی نسل تک اسے پہنچایا، جن کی تعداد لاکھوں تک پہنچتی ہے پھر سننے والوں نے دوسروں کو سنایا یہاں تک کہ اسے جمع کر دیا گیا. جیسے فلاں نے فلاں سے کہا اور فلاں نے فلاں سے کہا کہ میں نے اپنے کانوں سے محمد ﷺکو ایسا فرماتے ہوئے سنا ہے. آ ج صرف مسلمانوں کو یہ اعزاز اور فخر حاصل ہے کہ انہوں نے اپنے رسول کی ایک ایک بات کو مکمل طور پر محفوظ کیا، اس کے لئے مسلمانوں نے اسماء الرجال کاعلم ایجاد کیا، جس کی گواہی ایک جرمن مستشرق ڈاکٹر اے سپرگر (Dr A. Springer) نےدی  اور حافظ ابن حجر ﷫کی کتاب الإصابہ (مطبوعہ کلکتہ )کے مقدمہ میں لکھا ہے:’’دنیا کی تاریخ میں نہ پہلے دنیا کی کسی قوم کو یہ شرف حاصل ہوا نہ جدید مہذب دنیا میں کسی کو یہ فخر حاصل ہوا کہ اسماء الرجال کے تیکنک کو مسلمانوں کے انداز پر دنیا کے سامنے پیش کر سکیں. مسلمانوں نے اس علم سے دنیا کو آگاہ کرکے ایک ریکارڈ قائم کر دیا ہے، اس ہمہ گیر اور عظیم علم کے ذریعہ 5 لاکھ لوگوں کی زندگیاں انتہائی باریکی سے محفوظ ہو گئیں ‘‘۔ حفاظت حدیث کےسلسلے   میں تفصیلی مواد متعدد اصول حدیث ودفاع کے موضوع پر لکھی گئی کتب میں موجود ہے اورنامور اہل علم کے مضامین ومقالات بھی علمی رسائل وجرائد میں طبع ہوچکے ہیں۔ اوراسی اس طرح اس موضوع پر مستقل کتب لکھی گئی ہیں زیرتبصرہ کتاب’’ حفاظت حدیث ‘‘ بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔اس کتاب کا پہلا ایڈیشن 1971ء میں شائع شائع ہوا پھر اس کے بعد مصنف کی طرف سے اس کی تصحیح وتنقیح اور اضافوں کے ساتھ کئی ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں۔مذکورہ کتاب   ڈاکٹر خالد صاحب کی تصنیف ہے ۔اس میں انہوں نے اردو عربی کتابوں سے استفادہ کر کے عہد نبویﷺ سے عہد تدوین تک کی   تمام مساعی کا مختصر جائزہ لیا ہےاور حفاظت حدیث کے مسلسل عمل کو مربوط طریق پر پیش کرکی سعی جمیل کی ہے ۔ مصنف موصوف   نے اس کتاب میں کتابت حدیث اور حجیت حدیث پر کافی شافی بحث کی ہے ۔اللہ تعالیٰ مصنف کی اس کاوش کوقبول فرمائے   اوران کے میزانِ حسنات میں اضافہ فرمائے (آمین) (م۔ا)

< 1 2 ... 162 163 164 165 166 167 168 ... 269 270 >

ایڈ وانس سرچ

اعدادو شمار

  • آج کے قارئین 23526
  • اس ہفتے کے قارئین 23526
  • اس ماہ کے قارئین 312379
  • کل قارئین101872895
  • کل کتب8723

موضوعاتی فہرست