(پیر 04 دسمبر 2023ء) ناشر : نا معلوم
سورۂ فاتحہ قرآن مجید کی پہلی اور مضامین کے اعتبار سے جامع ترین سورۃ ہے جو پورے قرآن مجید کا مقدمہ ،تمہید اور خلاصہ ہے ۔ اور سورۃ الفاتحہ نماز کے ارکان میں سے ایک ترین رکن بھی ہے۔ اس کے بغیر نماز نامکمل رہتی ہے۔نبی کریم ﷺ نے فرمایا: اس شخص کی کوئی نماز نہیں جس نے اس میں فاتحۃ الکتاب نہیں پڑھی۔دوسری جگہ فرمایا: ’’جس نے أم القرآن(یعنی سورۃ الفاتحہ)پڑھے بغیر نماز ادا کی تو وہ نماز ناقص ہے، ناقص ہے، ناقص ہے، نا مکمل ہے۔ اس سورت کی عربی اور اردو میں کئی ایک تفسیریں الگ سے شائع ہو چکی ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’حسن الخطاب تفسیر أم الکتاب‘‘شیخ الحدیث و التفسیر مولانا حافظ محمد عباس انجم گوندلوی رحمہ اللہ کی تصنیف ہے انہوں نے اس کتاب میں تفسیری نکات عام فہم انداز میں واضح کرنے کے علاوہ آیات کی ترکیب اور نحوی نکات بھی ذکر کر دئیے ہیں تاکہ طلباء و اساتذہ اس سے مستفید ہو سکیں ۔نیز قرآن یا سورۂ فاتحہ پر جو بھی غیر مسلموں اور دہریوں یا گمراہ فرقوں نے اعتراض کیے ان کے اطمینان بخش جوابات بھی دئیے گئے ہیں ۔ (م۔ا)