کل کتب 6856

دکھائیں
کتب
  • 5976 #1209

    مصنف : حافظ عبد الستار حماد

    مشاہدات : 22011

    مسئلہ ایمان وکفر

    (بدھ 29 اگست 2012ء) ناشر : مکتبہ اسلامیہ، لاہور
    #1209 Book صفحات: 262

    ایمان کے لیے تین چیزوں کا ہونا ضروری ہے: دل سے تصدیق، زبان سے اقرار اور دیگر اعضا سے التزام عمل ۔ ان تین چیزوں کے اجتماع کا نام ایمان ہے۔ تصدیق میں کوتاہی کا مرتکب منافق، اقرار سے پہلو تہی باعث کفر اور عملاً کوتاہی کا مرتکب فاسق ہے اگر انکار کی وجہ سے بدعملی کا شکار ہے تو ایسے شخص کے کفر میں کوئی شک نہیں ہے۔ علمائے سلف مسئلہ ایمان و کفر کو بالبداہت بیان کرتے آئے ہیں۔ امام بخاری نے اپنی تالیف الجامع الصحیح کے کتاب الایمان میں ایمان کے عملی اور اخلاقی پہلوؤں پر بالتفصیل روشنی ڈالی ہے۔ زیر تبصرہ کتاب میں مولانا عبدالستار حماد نے بھی ایمان کے فکری اورعملی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ تالیف دراصل ماہنمامہ شہادت میں ایمان و عقیدہ کے نام سے شائع ہونے والے سلسلہ وار مضامین کا مجموعہ ہے جسے معمولی حک و اضافہ کے بعد کتابی شکل میں پیش کیا جا رہا ہے۔ مولانا موصوف نے مسئلہ تکفیر، جو موجودہ جہادی تناظر میں بہت زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے، پر بھی شرح و وضاحت کے ساتھ روشنی ڈالی ہے اور اس حوالے پائے جانے والے اشکالات کو رفع کرنے کی کوشش کی ہے۔ اگرچہ یہ بحث صرف 35 کے قریب صفحات پر محیط ہے جو دوسری کتاب کے مقابلہ میں کافی کم ہیں، لیکن پھر بھی افادیت کے اعتبار سےبہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔ کتاب کے آخر میں ’امام بخاری اور فتنہ تکفیر‘ کے عنوان سے تکفیر سے متعلق امام بخاری کے موقف کو ان کی تالیف الجامع الصحیح کی روشنی میں بیان کیا گیا ہے۔(ع۔م)
     

  • 5977 #1210

    مصنف : شفیق الرحمٰن الدراوی

    مشاہدات : 26266

    توبہ وتقویٰ اسباب، وسائل اور ثمرات

    (منگل 28 اگست 2012ء) ناشر : الفرقان ٹرسٹ، مظفر گڑھ
    #1210 Book صفحات: 158

    جب سے اللہ تعالیٰ نے انسان کو وجود بخشا ہے تب ہی سے اس سے غلطیاں سرزد ہونے کا بھی آغاز ہو گیا۔ مگر یہ اللہ تعالیٰ کی اپنے بندوں پر خاص رحمت ہے کہ اس نے غلطی اور گناہ کرنے والےکو فوراً اس کی سزا نہیں دی بلکہ گناہ کے بعد توبہ کرلینے اور معافی مانگ لینے والے کے لیے اس کی غلطیوں کو نیکیوں میں بدلنے کا وعدہ کیا ہے۔ زیر مطالعہ کتاب ایسے لوگوں، جو یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ ہمارے گناہ اس قدر زیادہ ہیں کہ اب واپسی کی گنجائش باقی نہیں رہی اور وہ اسی بدگمانی میں گناہ پر گناہ کیے جا رہے ہیں کہ اب ذلت ہمارا مقدر بن چکی ہے، توبہ کرنے اور متقیوں کو تقویٰ پر استقامت کے لیے سیدھی راہ دکھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ کتاب میں فاضل مؤلف ابو شرحبیل شفیق الرحمٰن نے پہلے گناہ، اس کی اقسام اور اس کے انسانی نفس اور کائنات میں واقع ہونے والے برے اثرات کا ذکر کیا ہے۔ اس کے بعد توبہ و استغفار کے فوائد، اس کے شروط و احکام اور توبہ و استغفار کے درمیان فرق بیان کیا ہے۔ پھر اس کے بعد تقویٰ، اس کی اہمیت اور احکام و مسائل ذکر کیے ہیں۔ اس کے بعد نیک اعمال کی حفاظت کے بارے میں کچھ نگارشات بیان کی گئی ہیں۔  (ع۔م)
     

  • 5978 #1208

    مصنف : مختلف اہل علم

    مشاہدات : 22567

    مقالات تربیت

    (پیر 27 اگست 2012ء) ناشر : دارالتربیۃ للنشر والتالیف فیصل آباد
    #1208 Book صفحات: 289

    مرکز التربیۃ الاسلامیہ نے 2004ء میں پختہ کار علما اور سلیم الفکر مصلحین سے علمی و فکری استفادے کے لیے ایک تربیتی اجتماع کا انعقاد کیا۔ جس میں بہت سے علمائے کرام نے اپنی گہری بصیرت اور علم و فہم کے ساتھ بہت قیمتی دروس ارشاد فرمائے۔ ان علما میں حافظ یحییٰ عزیز میر محمدی رحمۃ اللہ علیہ، ڈاکٹر عبدالرشید اظہر رحمۃ اللہ علیہ، مولانا ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ، پروفیسر عبدالجبار شاکر حفظہ اللہ، حافظ مسعود عالم حفظہ اللہ، حافظ محمد شریف حفظہ اللہ اور پروفیسر نجیب اللہ طارق حفظہ اللہ جیسے علمانے بھی شرکت کی اور اپنے قیمتی دروس سے عوام و خواص کو مستفید فرمایا۔ حافظ یحییٰ عزیز میر محمدی ؒ نے ’دعوت کی اہمیت اور داعی کی صفات‘ پر اپنے قیمتی خیالات کا اظہار فرمایا۔ ’عقیدہ، فقہ اور سیاست میں محدثین کا منہج‘ کے موضوع پر حافظ عبدالرشید اظہر ؒ نے تفصیلی اور علمی انداز میں، جو کہ ان کا طرہ امتیاز تھا، خطاب فرمایا۔ دیگر علمائے کرام نے بھی اس علمی اور اصلاحی مجلس میں اپنی بساط کے مطابق اپنا حصہ ڈالا۔ ان قیمتی دروس کو افادہ عام کے لیے کتابی صورت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ان مقالات کے عناوین پر ایک نظر ڈالنے سے ان کی اہمیت کا اندازہ ہو سکتا ہے۔ ان مقالات میں فکر و نظر کی بہت سی بحثوں کو حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ تحریک اسلامی کے مخلص کارکنان اور علما و دعاۃ کے لیے کئی نئے ابواب اور میادین عمل کھلتے ہوئے نظر آتے ہیں جن میں کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں علما کے ان فرمودات میں طلبا و علما میں ایک نیا حوصلہ، ولولہ اور جذبہ عمل پیدا کرنے کی مخلصانہ کاوش کی گئی ہے۔  (ع۔م)
     

  • 5979 #1130

    مصنف : ڈاکٹر وہبہ الزحیلی

    مشاہدات : 24551

    بین الاقوامی تعلقات

    (اتوار 26 اگست 2012ء) ناشر : شریعہ اکیڈمی اسلام آباد
    #1130 Book صفحات: 234

    جدید دنیا میں بین الاقوامی تعلقات کی بنیاد کاتعین اور اس کے قواعد و ضوابط کی تشکیل تو کچھ ہی عرصہ پہلے ہوئی مگر اسلام نے قرآن مجید میں جگہ جگہ ’یا ایہا الناس‘ کے خطاب سے آج سے پندریاں صدیاں قبل ہی اس کی طُرح ڈال دی تھی۔ اسلام کا نظام بین الاقوامی تعلقات زبانی جمع خرچ کی بجائے ٹھوس حقائق، صدیوں کے تجربات اور عملی کامیابی کے ساتھ نمایاں اور ممتاز رہا ہے۔ اس موضوع پر ایک وسیع اور ضخیم لٹریچر اس کا دستاویزی سرمایہ ہے۔ ڈاکٹر وحبہ زحیلی نے اسی موضوع پر ایک ضخیم کتاب ’العلاقات الدولیۃ فی الاسلام‘ کے نام سے لکھی۔ جس کا اردو ترجمہ مولانا حکیم اللہ نے زیر نظر کتاب کی صورت میں کیا۔ ڈاکٹر وحبہ زہیلی کی یہ کتاب اسلام کے بین الاقوامی تعلقات کے نظام پر ایک قابل قدر کاوش ہے جس میں اسلامی قواعد و ضوابط کا جدید بین الاقوامی قانون کے ساتھ موازنہ بھی شامل ہے۔ یہ کتاب بنیادی طور پر ایک تمہید اور دو ابواب پر مشتمل ہے۔ پہلے باب میں حالت جنگ میں بین الاقوامی تعلقات کا تذکرہ ہے۔ اس میں پانچ مباحث کے تحت جنگ کے حالات، اس کی ابتدا اور انتہا اور قواعد و ضوابط کا بیان ہے جبکہ دوسرا باب حالت امن میں بین الاقوامی تعلقات کے اصول و ضوابط پر مشتمل ہے۔ اس میں متعدد مباحث کے تحت اسلام کے مزاج امن، دارالاسلام اور دارالحرب  کی تقسیم کی منطق اور بین الاقوامی تعلقات کے قیام کے اصول و ضوابط اور عالم اسلام کے علمی تجربات کی تفصیل موجود ہے۔ جدید بین الاقوامی قانون کے حوالے سے اس کتاب میں قارئین کے لیے بہت کچھ ہے۔(ع۔م)
     

  • 5980 #1198

    مصنف : ناصر الدین البانی

    مشاہدات : 21840

    مسلمان کی فلاح ونشاۃ ثانیہ کا واحد راستہ سلفی منہج ( اپ ڈیٹ)

    (ہفتہ 25 اگست 2012ء) ناشر : مکتبہ احیاء منہج السلف کراچی
    #1198 Book صفحات: 75

    علامہ ناصر الدین البانی عالم اسلام کی مشہور و معروف علمی شخصیت ہیں۔ آپ نے کتب کی شکل میں جو ورثہ چھوڑا ہے اس کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔ بہت سے علماے کرام علامہ موصوف کو گزشتہ صدی کا مجدد قرار دیتے ہیں۔ زیر مطالعہ کتابچہ دراصل ایک ٹیلی فونک خطاب ہے جو شیخ البانی رحمۃ اللہ علیہ کے وعظ و نصیحت پر مشتمل ہے۔ 70 صفحات پر مشتمل اس کتابچہ میں شیخ صاحب نے امت مسلمہ کے لیے اپنا کھویا ہوا وقار اور عروج حاصل کرنے کی صحیح سمت متعین کرنے کی کوشش کی ہے، جوکہ آپ کی علمی بصیرت اور امت کے لیے پرخلوص خیر خواہی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ علامہ صاحب کا کہنا ہے کہ امت مسلمہ کی مشکلات کا واحد حل فہم سلف کے مطابق کتاب و سنت کے ساتھ تمسک یعنی سلفی منہج اختیار کرنے میں ہے۔ کتابچہ کے شروع میں مختصر انداز میں علامہ صاحب کی زندگی کے چند گوشوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ آخر میں اپنے آپ کو سلفی کہلانے کے موضوع پر ایک دلچسپ مکالمہ نقل کیا گیا ہے جو شیخ صاحب کا ایک دوسرے سلفی صاحب کے ساتھ ہوا۔ یہ مکالمہ ہر خاص و عام کو مطالعہ کرنا چاہیے جس سے بہت سے اشکالات رفع ہوں گے۔ (ع۔م)
     

  • 5981 #1172

    مصنف : ابو عبد الرحمٰن محمد رفیق الطاہر

    مشاہدات : 21439

    عید میلاد النبی ﷺ کا شرعی وتاریخی جائزہ

    (جمعہ 24 اگست 2012ء) ناشر : ادارہ دین خالص
    #1172 Book صفحات: 48

    اسلام بدعات و خرافات سے پاک دین ہے۔ تاریخ شاہد ہے کہ غلو و بدعات  نے ہردین سماویہ کونقصان پہنچایا۔ اسلام میں بھی بہت سی بدعات نے رواج پایا اور ہر دور میں علماے حق نے ان کی بیخ کنی کی خصوصا برصغیر میں مسلمانوں میں در آنےوالی بدعات نے یوں رواج پکڑا کہ آج تک اس کے اثرات دکھائی دیتے  اور یہی بدعات پاکستان کے مسلمانوں میں رواج پکڑ چکی  ہیں ان بدعات میں سے عیدمیلاد النبیؐ کی بدعت پاک و ہند میں بڑی عقیدت سےمنائی جاتی ہے۔حالانکہ اس کا تصور قرون اولیٰ میں کہیں بھی نہیں پایا جاتا۔ زیر نظر  کتاب اسی موضوع پر تحریر کی گئی مصنف نےبرصغیر میں اس بدعت کا آغاز اور اس میں پیش آنے والےدوسرےمفاسد کاقرآن و حدیث  کی نصوص اور تاریخی حقائق سے ردّ کیا ہے۔(ک۔ط)
     

  • 5982 #1207

    مصنف : ڈاکٹر ابوامینہ بلال فلپس

    مشاہدات : 24764

    توحید کے بنیادی اصول

    (جمعرات 23 اگست 2012ء) ناشر : نا معلوم
    #1207 Book صفحات: 230

    اللہ کی توحید وہ روشنی ہے کہ جس کے دل میں جگہ بنا لیتی ہے اسے زندگی کے تمام فنون و راہیں سجھا دیتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے زمین پر بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہ راست پر لانے کے لیے انبیاء کا سلسلہ نازل کیا۔جن کی دعوت کا مرکزی موضوع ہی توحید تھا وہ لوگوں کو ان کے رب کی حقیقی شناخت کروانے اور معبودوان باطلہ  کی نشاندہی کرتے ہوئے ان سےبراء ت کادرس دیتے۔ اسی توحید کےلیے  انبیاء و رسل نے اپنی جان قربان کیں اور اپنے جسم مخالفین کے پتھروں سےلہولہان کروائے۔زیر نظر کتاب نو مسلم ڈاکٹر ابوامینہ بلا ل فلپس کی تصنیف ہے جو جمیکا میں پیدا ہوئے  کینیڈا میں پلے بڑھے اور 1972ء میں  اسلام قبول کیا اور عرب کے مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں میں اسلامی تعلیم حاصل کی۔مذکورہ کتاب میں مصنف نے توحید اور اس سے متعلقہ ابحاث کو مفصل ذکر  کردیا ہے اس کتاب کے کل گیارہ باب ہیں۔ پہلا باب توحید کے مختلف پہلوؤں پر مشتمل ہے۔ دوسرا شرک کی اقسام ۔ تیسرا اللہ کا آدم سے عہدلینا۔ چوتھاطلسم اور شگون۔ پانچواں قسمت سےمتعلقہ بحث ۔ چھٹے میں علم نجوم کی وجہ سے شرک کی قباحتوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اسی طرح ساتویں باب میں جادو  اور  اس کی حقیقت کا بیان ہے۔ آٹھویں باب میں اللہ کےہرجگہ ہونے کے عقیدہ پر وضاحت ہے۔نویں باب میں اللہ تعالیٰ کے دنیا میں دیدار سے متعلق بحث ہے جبکہ دسویں باب میں وحدت الوجود کےمسئلہ کو موضوع  بحث بنایا گیا ہے ۔اس طرح گیارہویں اور آخری باب  فوت شدہ سے دعائیں مانگنے کاردّ پر مشتمل ہے۔(ک۔ط)
     

  • 5983 #1205

    مصنف : عبد السلام بستوی

    مشاہدات : 81016

    خطبات جمعہ انتخاب اسلامی خطبات

    (بدھ 22 اگست 2012ء) ناشر : المکتبہ السلفیہ شیش محل روڈ، لاہور
    #1205 Book صفحات: 449

    اسلام کی اشاعت کے لیےعلماء کاکردار اہمیت کا حامل  ہے کہ جنہوں نے اپنی تحریر و تقریر سے عامۃ الناس میں علم دین کو پھیلایا اور علم و عرفان کی  قندیلیں ابھی تک جلا رے ہیں۔ علماء  ہی انبیاء کے وارث ہیں کہ جنہوں نے  نبوی مشن سنبھالتے ہوئے شریعت کےعلم کو دوسرےلوگوں تک پہنچانا ہوتاہے۔شرعی مسائل اور اخلاقی شرعی رہنمائی کے لیے علماء کے قرآن و سنت اور آثار صحابہ سے اخذ کردہ مسائل عامۃ الناس کے لیے انہیں دین کے فہم میں آسانی فراہم کرتے ہیں اور اگر یہی اقتباسات کو تحریری شکل دے کر لوگوں کے لیے شائع کردیاجائے تو گراں قدر خدمت دین ہے۔زیرنظر  کتاب مولانا عبدالسلام بستوی کے خطبات کہ جن میں امور زندگی سےمتعلقہ موضوعات پر  قرآن و حدیث کی نصوص سے مزین، مبسوط اور مستقل تحریریں جمع  تھیں کا  خلاصہ ہے ۔جس میں عقائد و اخلاقیات، عبادات اور معاملات سے متعلقہ بیسیوں مضامین اکٹھے کردیئے گئے ہیں اور ان تحریروں کو بحوالہ بنانے کے لیے  عبارات و نصوص کی تخریج کردی گئی ہے تاہم اگر اس میں موجود روایات کی صحت کا حکم ابھی باقی ہے اگر وہ بھی ہوجاتا تو قارئین کے لیے اس بیش بہا علمی خزانہ سے استفادہ میں اور بہتری پیدا ہوجاتی۔(ک۔ط)
     

  • 5984 #1199

    مصنف : محمد عبد الجبار عمرپوری

    مشاہدات : 18456

    البراہین القاطعہ فی رد الانوار الساطعہ

    (پیر 20 اگست 2012ء) ناشر : دار الخلد، لاہور
    #1199 Book صفحات: 81

    نبی کریمﷺ پر دین مکمل ہوچکا ہے اب اس میں کسی بھی کمی یابیشی کی گنجائش نہیں ہے۔ لیکن دیکھنے میں آیا ہے کہ بہت سے لوگ مختلف تاویلات کے ذریعے دین میں بدعات کا دروازہ کھولنے کی سعی کرتے ہیں۔ صاحبان علم و عمل شروع دن سے بدعات کے خاتمے کے لیے ہمہ تن رہے ہیں۔ زیر نظر کتابچہ میں بھی بدعات کو ثابت کرنے کے حوالے سے جو دلائل پیش کیے جاتے ہیں ان کا محاکمہ کیا گیا ہے۔ یہ رسالہ مولانا عبدالغفار حسن رحمۃ اللہ علیہ کے دادا مولانا عبدالجبار نے 1905ء میں تحریر فرمایا۔ کتابچے کی افادیت کے پیش نظر مولانا صہیب حسن نے اس کو جدید اسلوب اورکتابی صورت میں پیش کیا ہے۔ فارسی اور عربی تراکیب کا ترجمہ حاشیہ میں دے دیا گیا ہے، اور جو احادیث یااقوال حوالہ کے محتاج تھے ان کے حوالے بھی درج کر دئیے گئے ہیں۔ (ع۔م)
     

  • 5985 #1197

    مصنف : پروفیسر علی محسن صدیقی

    مشاہدات : 22366

    تاریخ اسماعیلیہ

    (جمعہ 17 اگست 2012ء) ناشر : قرطاس کراچی
    #1197 Book صفحات: 190

    علاء الدین عطا ملک جوینی کی کتاب ’تاریخ جہاں کشائی‘ کو منگولوں، خوارزم شاہوں اور اسماعیلیوں کی تاریخ کی حیثیت سے بڑی اہمیت حاصل رہی ہے۔ اصل کتاب تین جلدوں پر مشتمل ہے۔ پہلی جلد منگولوں کے حالات پر دوسری جلد خوارزم شاہوں کے احوال و آثار پر اور تیسری جلد اسماعیلوں کے حالات، ان کے قلعوں کی تفصیل، ان کے مذہبی عقائد کی توضیح و تشریح، ان کے قدیم عقائد نیز ہلاکو کے ہاتھوں ان کی مکمل خاتمے کے ذکر پر مبنی ہے۔ ’تاریخ جہاں کشائی‘ کا نسخہ 1937ء میں مشہور ایرانی فاضل علامہ محمد بن عبدالوہاب قزوینی کے علمی مقدمہ اور تحقیقی حاشیوں کے ساتھ ہالینڈ سے شائع ہواتھا۔ اسی کتاب کی جلد سوم کا اردو ترجمہ پہلی بار پروفیسر علی محسن صدیقی صاحب نےکیا ہے۔ جو اس قارئین کتاب و سنت ڈاٹ کام کے سامنے ہے۔(ع۔م)
     

  • 5986 #1196

    مصنف : محمد بن صالح العثیمین

    مشاہدات : 21079

    نسوانی طبعی خون کے احکام

    (جمعرات 16 اگست 2012ء) ناشر : عبد اللہ حنیف پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرز ملتان
    #1196 Book صفحات: 91

    فضیلۃ الشیخ محمد بن صالح العثمین کا شمار اس دور کے اکابر فقہا میں ہوتا ہے۔ فتاویٰ کےمیدان میں ان کی مساعی سے اہل علم طبقہ واقف ہے۔ ’الدماء الطبعیۃ للنساء‘ ان کاایک نادر علمی تحفہ ہے۔ بالعموم مستورات حیض، استحاضہ اور نفاس کے مسائل سے ناواقف ہوتی ہیں۔ کتاب و سنت کی روشنی میں ان سے آگہی نہایت ضروری ہے۔ اسی احساس کے ساتھ شیخ مکرم نے مذکورہ رسالہ تحریر فرمایا تھا۔ اردو دان طبقے کے لیے اس سے استفادہ مشکل تھا حافظ ریاض احمدنے اس قیمتی کتاب کو اردو میں منتقل کر کے اس مشکل کے حل کی سبیل نکالی ہے۔ انہوں نے ترجمہ کے ساتھ آیات قرآن اور احادیث کی تخریج بھی کر دی ہے۔ جس سے متعلقہ مسائل سمجھنے میں آسانی ہو گئی ہے۔ اس کتاب کی افادیت اس لحاظ سے بڑھ جاتی ہے کہ اس میں خواتین کے اہم مسائل کی تفصیلات آگئی ہیں جن پر ان کے مخصوص احکام کا دارومدار ہے۔ (ع۔م)
     

  • 5987 #1215

    مصنف : حافظ صلاح الدین یوسف

    مشاہدات : 29692

    اہل حدیث کا منہج اور احناف سے اختلاف کی حقیقت و نوعیت

    (بدھ 15 اگست 2012ء) ناشر : ام القریٰ پبلی کیشنز، گوجرانوالہ
    #1215 Book صفحات: 292

    زیر تبصرہ کتاب محترم حافظ صلاح الدین یوسف اور چند دیگر صاحبانِ علم کے مضامین و مقالات کا مجموعہ ہے۔ شروع میں بطور مقدمہ مولانا حنیف ندوی کا مضمون کتاب کا حصہ بنایا ہے گیا ہے جس میں انہوں نے اہلحدیث اور ان کے مسلک کے تعارف کے حوالے سے بحث کی ہے۔ اس کے باقاعدہ مضامین کا سلسلہ شروع ہوتا ہے۔ پہلا مضمون حافظ صاحب کی وہ تحریر ہے جو انہوں نے حافظ محمد گوندلوی کی کتاب ’الاصلاح‘ کے مقدمہ کے طور پر لکھی تھی۔ اس کے بعد ’عقائد علمائے دیوبند‘ کے عنوان سے دوسرا مقالہ شروع ہوتا ہے جس میں آل دیوبند کی مشہور و معروف کتاب ’المہند علی المفند‘ میں سے ان کے بعض اعقتادات ان ہی کی زبانی بیان کیے گئے ہیں اور ساتھ ساتھ فاضلانہ تبصرہ بھی پیش کی گیا ہے۔ تیسرا مضمون ’شخصیت پرستی اور مشیخیت کے دینی و اخلاقی مفاسد‘ کے عنوان سے ہے جو دراصل ایک دیوبندی عالم دین ہی کی تحریر ہے جس میں انہوں نے نہایت اخلاص اور دردِ دل سے اپنے مشاہدات اور ان کے دینی رجحانات کا تذکرہ کیا ہے۔ چوتھا مقالہ مولانا ابراہیم میر سیالکوٹی کا شامل کیا گیا ہے جس میں مولانا نے نہایت شدو مد کے ساتھ اہل تقلید کے تقلیدی جمود کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اسی مناسبت سے مولانا عبدالرحمٰن ضیا کے مضمون کو بھی کتاب کا حصہ بنایا ہے جو اس سے قبل سہ ماہی ’نداء الجامعہ‘ میں بھی شائع ہو چکا ہے۔ سب سے آخر میں علامہ البانی کا اپنے دوست کے ساتھ ہونے والے مکالمہ ’ہم سلفی کیوں کہلائیں؟‘ کے عنوان سے شامل اشاعت ہے۔ یہ مضمون علامہ البانی کی کتاب ’سلفی منہج‘ کا بھی حصہ ہے اور یہ کتاب کتاب و سنت ڈاٹ کام پر موجود ہے۔(ع۔م)
     

  • 5988 #1191

    مصنف : ارشاد الحق اثری

    مشاہدات : 27886

    آفات نظر اور ان کا علاج

    (منگل 14 اگست 2012ء) ناشر : ادارہ علوم اثریہ، فیصل آباد
    #1191 Book صفحات: 100

    فی زمانہ ہم دیکھتے ہیں کہ ہر عمر کے افراد میں جنسی بے روی بڑھ رہی ہے۔ اور اس کا نقطہ آغاز ہے بد نظری۔ جب سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر فحش لٹریچر کی ترویج و اشاعت برسرعام ہوتی ہے تو لامحالہ اس کے اثرات معاشرے پر بھی نظر آتے ہیں۔ اور اسی وجہ سے ہمارے معاشروں میں روز بروز جنسی طور پر ہراساں کیے جانے اور زیادتی کے بعد قتل کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ چھ، چھ سال کی بچیاں اس درندگی کا نشانہ بن رہی ہیں۔ آنکھ خداتعالیٰ کی طرف سے عنایت کی جانے والی ایک نعمت غیر مترقبہ ہے۔ فلہٰذا ہر مسلمان کا فرض ہے کہ وہ اس کا استعمال اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق کرے۔ زیر نظر رسالہ میں ہم نے کتاب و سنت اور آثار سلف کی روشنی میں آنکھ سے پیدا ہونے والے فتنوں اور ان کے انجام سے خبردار کیا ہے اور ان کے انجام سے خبردار کیا ہے اور ان سے محفوظ رہنے اور بچنے کا طریقہ ذکر کیا ہے۔ اور اسی ضمن میں آنکھ کے متعلق بض دیگر مفید مباحث کا بھی تذکرہ آ گیا ہے جو یقیناً قارئین کے لیے دلچسپی کا باعث ہوگا۔(ع۔م)
     

  • 5989 #1217

    مصنف : ابو حمزہ عبد الخالق صدیقی

    مشاہدات : 25506

    پیارے رسول ؑ کی پیاری نماز تراویح

    (پیر 13 اگست 2012ء) ناشر : انصار السنہ پبلیکیشنز لاہور
    #1217 Book صفحات: 103

    نبی کریمﷺ اور خلفائے راشدین سے آٹھ رکعت تراویح کا ثبوت ملتا ہے لیکن کیا کیجئے ائمہ کی اندھی تقلید کا کہ صریح ثابت شدہ سنتوں کو بھی بے عمل کرنے میں بھی باک محسوس نہیں کیا جاتا۔ ہمارے مقلدین حضرات واضح احادیث رسولﷺ ہونے کے باوجود بیس رکعات تراویح ہی کو سنت رسولﷺ قرار دینے پر بضد ہیں۔ بہرحال اس موضوع پر افہام و تفہیم کے انداز میں گفتگو ہونی چاہئے اور فریقین کو اس مسئلہ کو نزاعی رنگ نہیں دینا چاہیے۔ زیر نظر کتاب ’پیارے رسولﷺ کی پیاری تراویح‘ ابوحمزہ عبدالخالق صدیقی حفظہ اللہ کی ایک نئی کاوش ہے جس میں وہ تروایح کے تقریباً تمام مسائل و احکام کو لے آئے ہیں۔ نماز تراویح کے فضائل، اہمیت، طریقہ کار اور مسنون تعداد بیان کرتے ہوئے ان فرق کا رد کیا ہے جو بیس رکعت تراویح کے قائل ہیں۔ اگرچہ یہ بحث صرف تقریباً 15 صفحات پر مشتمل ہے۔ حالانکہ اس کو مزید پھیلایا جا سکتا تھا اور باقی کچھ اضافی چیزوں کو کم کیا جا سکتا تھا۔ وتر سے متعلقہ مسائل بھی کتاب کا حصہ ہیں۔ (ع۔م)
     

  • 5990 #1146

    مصنف : قاری محمد ابراہیم میر محمدی

    مشاہدات : 24413

    علم الفواصل

    (اتوار 12 اگست 2012ء) ناشر : کلیۃ القرآن الکریم والتربیۃ الاسلامیہ قصور
    #1146 Book صفحات: 163

    قرآن مجید سے تلاوت سے متعلقہ علوم میں سے ایک اہم ترین علم، جس کا ہر  قاری محتاج ہے، علم الفواصل ہے۔ اس علم کی بدولت آیات قرآنیہ کی ابتدا اور فواصل، نیز شمار آیات کے حوالے سے متفق علیہ اور مختلف فیہ آیات کاعلم ہو جاتا ہے۔ زیر نظر کتاب فضیلۃ الشیخ قاری ابراہیم میر محمدی  نے اسی موضوع پر نہایت آسان اور مختصرکتاب ترتیب دی ہے۔ یہ کتاب دو قسموں پر مشتمل ہے۔ پہلی قسم میں علم الفواصل کی سات بنیادی مباحث بیان کی گئی ہیں۔ جبکہ دوسری قسم ’الفرائد الحسان فی عد آی القرآن‘ منظوم قصیدے کے ترجمہ و تشریح پر مبنی ہے۔ جس میں ہر شعر کا ترجمہ و تشریح کرنے کے ساتھ ساتھ وجہ العد اور وجہ عدم العد کو بیان کرنے کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ ہر سورۃ کے اختلافی مقام بیان کرنے سے پہلے اس سورۃ کے مکی یا مدنی ہونے اور علمائے عدد کے ہاں اس کی آیات کی اجمالی تعداد کو بھی بیان کیا گیا ہے۔ کتاب کا اردوترجمہ محترم قاری محمد مصطفیٰ راسخ نے کیا ہے۔ ترجمہ کرتے وقت اس امر کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے کہ عبارت سلیس اورعام فہم ہو۔ اشعار کی تفہیم کے پیش نظر لفظی ترجمہ کرنے کی بجائے بامحاورہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ (ع۔م)
     

  • 5991 #1194

    مصنف : عبد المنان راسخ

    مشاہدات : 24376

    رحمت کے فرشتے آپ کے پاس

    (ہفتہ 11 اگست 2012ء) ناشر : مکتبہ قدوسیہ،لاہور
    #1194 Book صفحات: 44

    اللہ تعالیٰ نے بعض اعمال ایسے مقرر فرمائے ہیں جن کی انجام دہی پر حوصلہ افزائی کے طور پر فرشتوں کا نزول ہوتا ہے اللہ تعالیٰ رحمتوں کا نزول فرما کر، کبھی فرشتوں کو مبعوث فرما کر، کبھی مقرب ملائکہ کے ذریعہ بشارتیں سنا کر اور کبھی رحمت کے فرشتوں کو ان کانگران بنا کر ان کی عزت اور عظمت میں اضافہ فرماتے ہیں۔ معدودے چند خوش نصیب ایسے ہوتے ہیں جن کے پاس اللہ تعالیٰ کے فرشتے تشریف لاتے ہیں۔ اور یقیناً یہ بہت بڑی سعادت کی بات ہے۔ اس مختصر سے رسالہ میں محترم عبدالمنان راسخ نے 25 ایسے اعمال صحیح احادیث کی روشنی میں تحریر کیے ہیں۔ جن کی ادائیگی پر رحمت کے فرشتوں کا v.i.pپروٹوکول حاصل ہوتا ہے۔  (ع۔م)
     

  • 5992 #1192

    مصنف : ابوالریان نعیم الرحمٰن

    مشاہدات : 23548

    اعمال ایسے کہ فرشتے اتریں

    (جمعہ 10 اگست 2012ء) ناشر : دار الاندلس،لاہور
    #1192 Book صفحات: 130

    دنیا میں کچھ خوش نصیب ایسے بھی ہیں جن کے لیے اللہ تعالیٰ کے فرشتے اترتے اور ان کو خوشخبریاں دیتے ہیں۔ لیکن اس کے لیے شرط یہ ہے کہ ایسے اعمال اختیار کیے جائیں جو فرشتوں کے نزول کا باعث بنیں۔ زیر مطالعہ کتاب میں ابوالریان نعیم الرحمان نے کتاب و سنت کی روشنی میں ایسے اعمال کا تذکرہ کیا ہے کہ جن پر اللہ تعالیٰ کی رحمت کے فرشتے اترتے ہیں۔ کتاب کے تین ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے باب میں ان اعمال کا تذکرہ ہے جن کے باوصف فرشتے اترتے ہیں۔ دوسرے باب میں ان اشخاص کا تعارف کرایا گیا ہے جن پر فرشتوں کا نزول ہوا۔ اس میں حضرت مریم ؑ ، سیدہ عائشہ، حفصہ، فاطمہ ؓ وغیرہ کا تذکرہ موجود ہے۔ تیسرے اور آخری باب میں ایسے اعمال کو قلمبند کیا گیا ہے جن کی وجہ سے فرشتے دور بھاگتے ہیں۔(ع۔م)
     

  • 5993 #1190

    مصنف : عبد القادر بن محمد بن حسن ابوطالب

    مشاہدات : 19964

    حسن معاشرت سے شوہر کی اصلاح(اضافہ شدہ ایڈیشن)

    (بدھ 08 اگست 2012ء) ناشر : الفرقان ٹرسٹ، مظفر گڑھ
    #1190 Book صفحات: 212

    اسلام نےصنف نازک کو ماں، بہن، بیوی، بیٹی کے روپ میں جو مقام عطا کیا ہے وہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔اسی کے باوصف عورت معاشرے کی اصلاح میں سب سے اہم عنصر کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس لیے خواتینِ اسلام کو اپنے مقام و مرتبے کو سمجھنا چاہیئے اور ایک شوپیس کی صورت میں اپنے کو پیش کرنے کی بجائے معاشرے کے عزت دار فرد کا سا کردار ادا کرنا چاہئے۔ زیر تبصرہ کتاب کا نام اگرچہ ’حسن معاشرت سے شوہر کی اصلاح‘ ہے لیکن اس میں شوہر کی اصلاح کے حوالے سے بہت سی نگارشات کے علاوہ خود بیوی کی اصلاح کے حوالے سے بھی کافی قیمتی ابحاث موجود ہیں۔ کتاب کے شروع میں ان باتوں کا تذکرہ کیا گیا ہے جو ایک بیوی کو خاوند سے مطلوب ہوتی ہیں۔ اس میں شادی کرتے ہوئے عورت کی صفات کا خیال رکھنے کے ساتھ بیوی کے لیے بعض تفریحی امور اختیار کرنے کی نصیحت کی گئی ہے۔ اس کے بعد ایک تفصیلی بحث میں ان امور کا تذکرہ کیا گیا ہے جو خاوند کو ایک بیوی سے مطلوب ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں ازدواجی زندگی سے متعلقہ چند نصیحتیں بھی کتاب کا حصہ ہیں۔کتاب اصل میں عربی میں تھی جس کے مصنف عبدالقادر بن محمد بن حسن ابو طالب ہیں موصوف ایک مصری عالم اور سعودی عرب کے شہر دمام میں ایک اہم عہدے پر فائز ہیں۔ کتاب کا اردو ترجمہ مدینہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل مولانا عبدالرحمٰن عزیز نے کیا ہے۔ ترجمہ نہایت آسان پیرائے میں کیا گیا ہے، ثقیل اور مشکل الفاظ استعمال کرنے سے گریز کیا گیا ہے۔ (ع۔م)
     

  • 5994 #1189

    مصنف : ڈاکٹر محمد بہاؤ الدین

    مشاہدات : 29955

    تاریخ اہل حدیث جلد1(بہاؤالدین )

    dsa (پیر 06 اگست 2012ء) ناشر : مکتبہ اسلامیہ، لاہور
    #1189 Book صفحات: 478

    ’اہل حدیث‘ ایک فکر اور تحریک کا نام ہے جو سنت کو مدار عمل ٹھہرانے میں انتہائی حریص اور رد بدعات میں نہایت بے باک ہے۔ اس کا مطمح نظر فقط عمل بالقرآن والحدیث ہے۔ معاشرے میں پھیلے رسوم و رواج کو یہ جماعت سنت رسول کی نگاہ سے دیکھتی ہے اگر ان میں سے کوئی چیز سنت کی میزان پر پوری اترتی ہے تو اسے فوراً قبول کر لیا جاتا ہے اور اگر کسی چیز کا کوئی بھی گوشہ سنت رسول سے متصادم ہے تو اس سے اعراض کر لیا جاتا ہے۔ اس تحریک کے خلاف جہاں بریلی شہر سے صدائیں بلند ہوئیں وہیں ابنائے دیوبند بھی اس کام میں پیچھے نہیں رہے اور اس تحریک پر طرح طرح کے الزامات لگا کر اس کا راستہ روکنے کی سعی لاحاصل کرتے رہے۔ برصغیر میں جماعت اہل حدیث مختلف مصائب اور آزمائشوں سے دوچار رہی لیکن اس ابتلا کے دور میں بھی اس فکر سے وابستہ لوگوں کی توانائیاں کم نہیں ہوئیں اور وہ پامردی کے ساتھ تمام مصائب کا مقابلہ کرتے رہے۔ ضرورت اس امر کی تھی کہ آزمائشوں کے تسلسل میں جماعت کی ثابت قدمی اور پامردی کی داستان رقم کی جائے۔ ڈاکٹر محمد بہاؤ الدین نے دیار غیر میں ہونے کے باوجود زیر نظر کتاب کی صورت میں تاریخ اہل حدیث بیان کر کے  اس قرض اور فرض کو ادا کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر صاحب کے کام پر ایک نظر ڈالنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس قدر وسیع اور ہمہ گیر کام شاید اس سے پہلے انجام نہیں پایا۔ انہوں نے اکابر اہل حدیث کی زبانی مسلک اہل حدیث کے خدو خال واضح کیے ہیں اور اس کے مابہ الامتیاز  مسائل کو اکابر کی تحریروں سے نقل کیا ہے جو اہل حدیث جماعت کے تاریخی ورثے کی حفاظت کی بہترین صورت ہے۔ مصنف نے تاریخ میں اہل حدیث مسلک کے تسلسل کو بیان کیا ہے اور برصغیر میں جن لوگوں نے عمل بالحدیث کی راہیں دشوار گزار بنانے کی کوشش کی ہے انہیں بے نقاب کیا ہے۔ اس کے علاوہ کتاب میں اور بھی بہت کچھ ہے جو یقیناً قارئیں کے لیے افادے کا باعث ہوگا۔ یہ تاریخی دستاویز اور داستان عزیمت، جماعت اہل حدیث کے اصول و مقاصد اور خصائص و امتیازات کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ (ع۔م)
     

  • 5995 #1163

    مصنف : سعید بن علی بن وہف القحطانی

    مشاہدات : 23330

    عقیدہ اہل سنت والجماعت کا بیان اور اس کی پابندی کی اہمیت

    (اتوار 05 اگست 2012ء) ناشر : نا معلوم
    #1163 Book صفحات: 100

    نبی اکرم ﷺ کی وفات اور صحابہ کرام ؓ کے اس دنیا سےتشریف لے جانے  کے بعد امت میں نئے نئے فرقوں نے سراٹھایا۔ جس میں معتزلہ، جہمیہ جیسے کلامی گمراہ فرقے وجود میں آئے اور ان کےبعد صوفیہ، باطنیہ اور اس طرح کے دوسرے گروہ بھی پیدا ہوگئے یہ سب گروہ عقیدہ  کی بنیاد پر تقسیم ہوئے تھے۔ لیکن ہر دور میں مسلمانوں کی ایک جماعت حق کادفاع کرتی رہی اور انہوں نے ہمیشہ باطل نظریات و عقائد رکھنے والے فرقوں کو علمی محاذوں پر للکارا اور دلائل  قاطعہ سے ان  فتنوں کو روکا او ریہ جماعت اہل سنت والجماعۃ کے نام سے معروف ہوئی۔زیر نظر کتاب میں اہل سنت والجماعۃ کے نظریات و عقائد کاتعارف ہے۔ اس کتاب میں اسلامی عقائد پر تفصیل سےروشنی ڈالی گئی ہے اور اس کے علاوہ اس تحریر پر شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن باز کی تعلیق بھی موجود ہے۔(ک۔ط)
     

  • 5996 #1162

    مصنف : عبد الرحمن محمد عثمان عمری

    مشاہدات : 41628

    آسان قاعدہ مع دینیات

    (ہفتہ 04 اگست 2012ء) ناشر : مرکز ابن تیمیہ، سیونی۔ ایم پی، انڈیا
    #1162 Book صفحات: 66

    قرآن مجید اللہ کی کتاب ہے او راس کی زبان عربی ہے جس کا سیکھنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے۔عربی زبان کے حروف تہجی اور حرکات و سکنات اپنی جگہ خاص اہمیت کے حامل ہیں۔اگر حرف کی ادائیگی صحیح نہ ہو تو اس کاتلفظ بدل جاتا ہے اورمعنی میں تبدیلی آجاتی ہے جو گناہ کا باعث ہے۔ دینی تعلیم کے لئے مسلمان اپنے بچوں کو صغر سنی سے ہی قرآن کی تعلیم کی طرف راغب کردیتے ہیں ۔ مدارس و مساجد میں بچوں کو قرآن پڑھنے کے ابتدائی مراحل سے گزارا جاتا ہے جس میں عربی حروف تہجی کی پہچان اور تراکیب کو ایک خاص اسلوب سے ذہن نشین کروایا جاتا ہے۔زیرنظر کتاب اسی نوعیت کو ملحوظ رکھتے ہوئے ترتیب دی گئی ہے جس میں حروف تہجی کی پہچان اور تلفظ کی تصحیح کے لیے ایک خاص ترتیب سےمفرد و مرکب حروف و الفاظ درج ہیں تاکہ آسان ترین انداز میں بچوں کے ذہن میں قرآنی الفاظ کو راسخ کیاجاسکے۔(ک۔ط)
     

  • 5997 #1164

    مصنف : ولی الدین الخطیب التبریزی

    مشاہدات : 39923

    اضواء المصابیح فی تحقیق مشکوۃ المصابیح

    (جمعہ 03 اگست 2012ء) ناشر : مکتبہ اسلامیہ، لاہور
    #1164 Book صفحات: 376

    مشکوٰۃ المصابیح مسائل میں احادیث کاوہ بہترین مجموعہ ہے کہ جس میں محمد بن عبداللہ التبریزی نے بہترین ترتیب کے ساتھ مسند کتب حدیث سےسينكڑوں روایات کومتعلقہ مسائل کےتحت نقل کردیا ہے۔مشکوٰۃ کی تخریج و تحقیق اگرچہ علامہ ناصر الدین البانی کر چکے ہیں۔ او راب حافظ زبیرعلی زئی حفظہ اللہ جو کہ فن اسماء الرجال میں منجھی ہوئی شخصیت ہیں ۔زیر نظر کتاب انہی کی تخریج و تحقیق او رفوائد پر مشتمل ہے جس میں انہوں نے مشکوٰۃ میں درج ہر حدیث کا فن جرح و تعدیل کی روشنی میں جائزہ لیا ہے اور ان پر  صحت و ضعف کا حکم لگایا ہے۔ احادیث کی استنادی حالت کو جانچنے کے لیےنہایت عمدہ تحریر ہے۔(ک۔ط)
     

  • 5998 #1179

    مصنف : تفضیل احمد ضیغم ایم اے

    مشاہدات : 28273

    نیکیوں کو مٹا دینے والے اعمال

    (جمعرات 02 اگست 2012ء) ناشر : مکتبہ قدوسیہ،لاہور
    #1179 Book صفحات: 135

    ایمان اور اعمال صالحہ دو ایسی چیزیں ہیں جو اخروی کامیابی کی ضمانت بن سکتی ہیں ۔ ان دو چیزوں کی بربادی آخرت میں ملنے والی عزت و توقیر کی بربادی ہے۔ بعض لوگ بڑی محنت سے اعمال صالحہ انجام دیتے ہیں لیکن اس کےساتھ ساتھ وہ کچھ ایسے غیر شرعی کام کر بیٹھتے ہیں جن کی وجہ سے ساری نیکیاں ضائع ہوجاتی ہیں۔ زیر نظر کتاب میں جیسا کہ نام سے ظاہر ہے ایسے کاموں پر روشنی ڈالی گئی ہے جو نیکیوں کو برباد کر دینے والے ہیں۔ ایمان و عمل کو برباد کر دینے والے عوامل کون سے ہیں، ان کا علم ہر بندے کے لیے ضروری ہے۔ نیکیوں کو برباد کر دینے والے یہ شیطانی اعمال ہمارے بدترین دشمن ہیں۔ اس کتاب میں ایسے ہی دشمنوں کے چہروں سے نقاب اتارا گیا ہے۔ مصنف نے پہلے وہ اعمال بیان کیے ہیں جن سے نیکیاں مکمل طور پر برباد ہوجاتی ہیں ۔ اس کے بعد ان اعمال کا تذکرہ ہے جن سے نیکیاں مکمل طور پر تو ضائع نہیں ہوتیں البتہ نیکیوں میں سے ایک بڑا حصہ ضائع ہوجاتا ہے۔ کتاب کے مصنف تفضیل احمد ضیغم ہیں جن کی کتب اصلاح معاشرہ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔  (ع۔م)
     

  • 5999 #1177

    مصنف : حافظ عبد الستار حماد

    مشاہدات : 24810

    لعنت کا مستحق ٹھہرانے والے چالیس اعمال

    (بدھ 01 اگست 2012ء) ناشر : مکتبہ اسلامیہ، لاہور
    #1177 Book صفحات: 66

    قرآن و سنت میں بہت سے مقامات پر ایسے لوگوں کا تذکرہ موجود ہے جن پر اللہ تعالیٰ نے لعنت فرمائی۔ مفسرین نے اللہ تعالیٰ کی لعنت کا مطلب یہ بتایا ہے کہ ایسا بد نصیب شخص دنیا اور آخرت میں اللہ تعالیٰ کی رحمت سے محروم ہوگیا۔ فلہٰذا ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ شعوری طور پر ایسے کاموں اور اعمال سے گریز کرے جو اللہ تعالیٰ کی لعنت کا مستحق ٹھیراتے ہوں۔ زیر نظر کتابچہ مولانا عبدالستار حماد نے اسی  مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے ترتیب دیا ہے۔ انہوں نے کتاب و سنت کی نصوص سے ایسے اعمال کی فہرست مرتب کر دی ہے جن کی وجہ سے کوئی انسان اللہ تعالیٰ کی لعنت کا سزاوار ہو سکتا ہے۔ تاکہ ایسے اعمال سے کنارہ کیا جائے اور ایسے اعمال اختیار کیے جائیں جو اللہ کی رحمت کا مستحق بناتے ہوں۔ جب انسان اللہ کی لعنت پانے والے اعمال سے اجتناب کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ چھوٹے چھوٹے گناہوں کو معاف فرما دیتے ہیں۔ کتابچہ 61 صفحات پر مشتمل ہے۔ اسلوب نہایت واضح اور سادہ ہے۔ کوئی بھی عام فہم شخص اس کا مطالعہ کر کے اپنے آپ کو ایسے قبیح اعمال سے بچانے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔ (ع۔م)
     

  • 6000 #1176

    مصنف : تفضیل احمد ضیغم ایم اے

    مشاہدات : 34558

    عرش الٰہی کا سایہ پانے والے خوش نصیب

    (منگل 31 جولائی 2012ء) ناشر : مکتبہ قدوسیہ،لاہور
    #1176 Book صفحات: 100

    قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے جا بجا قیامت کے دن کی ہولناکیوں کا تذکرہ کیا ہے۔ تاکہ لوگوں کو اللہ تعالیٰ کا خوف دامن گیر ہو اور وہ دنیوی زندگی کو طاعت الٰہی میں گزارنے کی کوشش کریں۔ قیامت کے دن جب کچھ لوگ سورج کی دھوپ سے جھلس رہے ہوں گے اور اپنے پسینے میں ڈوب رہے ہوں گے اللہ تعالیٰ کچھ خوش نصیبوں کو اپنے عرش کا سایہ نصیب فرمائیں گے۔ صحیح بخاری کی ایک حدیث میں ایسے خوش نصیبوں کی سات قسمیں بیان ہوئی ہیں۔ زیر نظرکتاب میں محترم تفضیل احمد ضیغم نے نہایت واضح اور جامع اندازمیں ان لوگوں کی تفصیل بیان فرمائی ہے اس کے علاوہ عرش کا سایہ پانے والے ان خوش نصیبوں کا بھی تذکرہ کیا ہے جن کا ذکر صحیح بخاری کی حدیث میں موجود نہیں ہے بلکہ دیگر احادیث میں ایسے لوگوں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ اس طرح ان لوگوں کی مجموعی طور پر دس قسمیں بنتی ہیں۔ مؤلف نے کتاب کے شروع میں اللہ تعالیٰ کے عرش کے حوالے سے نہایت قیمتی معلومات فراہم کی ہیں ۔ عرش کے حوالے سے متکلمین کی رائے کا تذکرہ کرتے ہوئے اس حوالے سے پائے جانے والے اشکالات کا بھی جواب دیا ہے۔کتاب کے آخر میں عرش عظیم کا سایہ پانے والے ان لوگوں کا تذکرہ موجود ہے جن کا ذکر ضعیف احادیث میں آیا ہے۔ (ع۔م)
     

< 1 2 ... 237 238 239 240 241 242 243 ... 274 275 >

ایڈ وانس سرچ

اعدادو شمار

  • آج کے قارئین 43936
  • اس ہفتے کے قارئین 182439
  • اس ماہ کے قارئین 1799166
  • کل قارئین111120604
  • کل کتب8851

موضوعاتی فہرست