کل کتب 6855

دکھائیں
کتب
  • 276 #7167

    مصنف : ابو عدنان محمد منیر قمر

    مشاہدات : 1670

    امر بالمعروف و نہی عن المنکر اور ضرورت جہاد

    (جمعرات 02 نومبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7167 Book صفحات: 130

    ایمان باللہ کے بعد دینی ذمہ داریوں میں امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دینا اہم ذمہ داری ہے۔ یہ بات ہر آدمی جانتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نیکی اور نیک لوگوں کو پسند فرماتے ہیں اور اسلام صرف عقائد کا نام نہیں ہے بلکہ مکمل نظام حیات ہے۔ جس میں اوامر بھی ہیں اور نواہی بھی۔ بعض اوامر و نواہی کا تعلق تبلیغ ،تذکیر اور وعظ و نصیحت کے ساتھ ہے جس پر عمل کرنا والدین ،اساتذہ کرام، علماء و فضلاء اور معاشرے کے دیگر افراد پر واجب ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ امر بالمعروف و نہی عن المنکر اور ضرورت جہاد‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی تصنیف ہے جو کہ ان کے ریڈیو ام القیوین متحدہ عرب امارات کی اردو سروس میں پیش کیے گئے پروگرامز کی کتابی صورت ہے۔ (م۔ا)

  • 277 #7166

    مصنف : ابو عدنان محمد منیر قمر

    مشاہدات : 1676

    اسیران جہاد اور مسئلہ غلامی

    (بدھ 01 نومبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7166 Book صفحات: 130

    اسلام سے قبل رائج نظام غلامی کی اسلام نے اصلاح کی اور غلاموں کو ان کے حقوق دئیے۔ قرون وسطی کی غلامی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ غلامی کا مسئلہ ہمیشہ دانشوران یورپ کی زبان پر رہتا ہے بلکہ یہ اسلام و پیغمبر اسلام ﷺ پر اعتراض کے سلسلہ میں ان کا بہت مشہور ہتھیار ہے۔ اسلام کے روئے روشن کو داغدار کرنے کی غرض سے دانشوران یورپ کوئی موقعہ ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ ان کی ہر کتاب میں یہ اعتراض بڑے اہتمام سے موجو ہوتا ہے۔ زیر نظر کتاب ’’اسیران ِجہاد اور مسئلہ غلامی‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی تصنیف ہے۔ انہوں نے اس کتاب میں اسلام میں غلاموں کے حقوق اور مسئلہ غلامی کے خاتمہ کے لیے کیے گئے اقدامات کا تذکرہ کر کے معاندین کے شکوک و شبہات اور اعتراضات و الزامات کا ازالہ کیا ہے اور ساتھ ہی مسئلہ فلسطین وغیرہ جیسے جدید مسائل کی طرف بھی اشارہ کیا ہے۔ (م۔ا)

  • 278 #7165

    مصنف : محمد عبد العظیم زرقانی

    مشاہدات : 6408

    مناہل العرفان فی علوم القرآن ( مترجم ) جلد اول

    dsa (پیر 30 اکتوبر 2023ء) ناشر : مکتبہ رحمانیہ لاہور
    #7165 Book صفحات: 506

    علوم قرآن سے مراد وہ تمام علوم و فنون ہیں جو قرآن فہمی میں مدد دیتے ہیں اور جن کے ذریعے قرآن کو سمجھنا آسان ہو جاتا ہے۔ ان علوم میں وحی کی کیفیت، نزولِ قرآن کی ابتدا اور تکمیل، جمع قرآن، تاریخ تدوین قرآن، شانِ نزول، مکی و مدنی سورتوں کی پہچان، ناسخ و منسوخ، علم قراءات، محکم و متشابہ آیات وغیرہ، اعجاز القرآن، علم تفسیر، اور اصول تفسیر وغیرہ جیسے علوم شامل ہیں۔ علومِ قرآن کے مباحث کی ابتداء عہد نبوی اور دورِ صحابہ کرام سے ہی ہو چکی تھی تاہم دوسرے اسلامی علوم کی طرح اس موضوع پر بھی مدون کتب لکھنے کا رواج بہت بعد میں ہوا۔ قرآن کریم کو سمجھنے اور سمجھانے کے بنیادی اصول اور ضابطے یہی ہیں کہ قرآن کریم کو قرآن اور نبوی علوم کی روشنی میں ہی سمجھا جائے۔ علوم قرآن کو اکثر جامعات و مدارس میں بطور مادہ پڑھایا جاتا ہے اور اس کے متعلق عربی و اردو زبان میں بیسیوں کتب موجود ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’ مناہل العرفان فی علوم القرآن‘‘شیخ محمد عبد العظیم زرقانی رحمہ اللہ کی تصنیف ہے جو علوم قرآن پر لکھی گئی کتابوں میں ایک اہم ترین، مرجع کی حیثیت رکھنے والی، مفید معلومات پر مشتمل، عمدہ ترین کتاب ہے۔ زرقانی کے بعد علوم القرآن پر کتابیں تصنیف کرنے والے اکثر علما نے اس کتاب سے کافی استفادہ کیا ہے اور ترتیب و تبویب میں بھی مناہل العرفان کی ترتیب کی اتباع کی ہے۔ مؤلف رحمہ اللہ نے اس کتاب میں علوم القرآن کے اہم ترین مباحث کو پیش کیا ہے۔ یہ کتاب علوم قرآن کے سترہ مباحث پر مشتمل ہے۔ مصنف نے ہر مبحث کے تحت متعدد اہم مسائل کا ذکر کیا ہے، ان مسائل اور تقسیمات کو ذکر کرنے کے لیے مختلف عناوین بھی قائم کیے ہیں ، ضرورت کے تحت ان عناوین کے معانی بھی بیان کیے ہیں اور ہر مبحث کے آخر میں اس سے متعلق اعدائے اسلام کے شکوک و شبہات کا ذکر کر کے ان کا جواب بھی دیا ہے ۔ الغرض یہ کتاب علوم القرآن کے حساس موضوع پر تحریر کردہ بنیادی و حوالہ جاتی کتاب ہے، جس میں ملحدین اور مستشرقین کے شبہات کے تشفی بخش جوابات دئیے گئے ہیں۔ (م۔ا)

  • 279 #7164

    مصنف : ابو عدنان محمد منیر قمر

    مشاہدات : 2024

    مختصر فقہ الصلاۃ نماز نبوی جدید ایڈیشن

    (اتوار 29 اکتوبر 2023ء) ناشر : توحید پبلیکیشنز، بنگلور
    #7164 Book صفحات: 497

    نماز دینِ اسلام کا دوسرا رکنِ عظیم ہے۔ قرآن و حدیث میں نماز کو بروقت اور باجماعت ادا کرنے کی بہت زیادہ تلقین کی گئی ہے۔ نماز کی ادائیگی اور اس کی اہمیت و فضلیت اس قدر اہم ہے کہ سفر و حضر، میدانِ جنگ اور بیماری کی حالت میں بھی نماز ادا کرنا ضروری ہے۔ نماز کی اہمیت و فضیلت کے متعلق بے شمار احادیث ذخیرۂ حدیث میں موجود ہیں اور بیسیوں اہل علم نے مختلف انداز میں اس پر کتب تالیف کی ہیں۔ نماز کی ادائیگی کا طریقہ جاننا ہر مسلمان مرد و زن کے لیے ازحد ضروری ہے، کیونکہ اللہ عزوجل کے ہاں وہی نماز قابل قبول ہو گی جو رسول اللہ ﷺ کے طریقے کے مطابق ادا کی جائے گی اسی لیے آپ ﷺ نے فرمایا "صلو كما رأيتموني اصلي" لہذا ہر مسلمان کے لیے رسول للہ ﷺ کے طریقۂ نماز کو جاننا بہت ضروری ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ مختصر فقہ الصلاۃ نماز نبوی ‘‘ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی ان تقاریر کا مجموعہ ہے جو انہوں نے متحدہ عرب امارات کی ریاست ام القیوین کے ریڈیو اسٹیشن کی اردو سروس سے نماز کے بارے میں روزانہ نشر ہونے والے پروگرام ’’ دین و دنیا‘‘میں تقریباً 786 نشتوں میں پیش کیے۔ بعد ازاں مولانا حافظ ارشاد الحق (فاضل مدینہ یونیورسٹی) نے انہیں بڑی محنت سے مرتب کیا ہے۔ اس کتاب میں استقبال قبلہ سے لے کر سلام پھیرنے تک کے مسائلِ نماز کو صحیح و حسن اجادیث کی روشنی میں نبی کریمﷺ کی نماز کی صحیح کیفیت اور اس کا مسنون طریقہ پوری تفصیل کے ساتھ بیان کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے اس سے قبل یہ کتاب 3؍ ضخیم جلدوں میں بھی شائع ہو چکی ہے۔ (م۔ا)

  • 280 #7163

    مصنف : ابو عمار زاہد الراشدی

    مشاہدات : 7962

    اسرائیل ، عالم اسلام اور پاکستان

    (ہفتہ 28 اکتوبر 2023ء) ناشر : پاکستان شریعت کونسل راولپنڈی
    #7163 Book صفحات: 52

    یہودِ مدینہ نے عہد رسالت مآب میں جو شورشیں اور سازشیں کیں ان سے تاریخِ اسلام کا ہر طالب علم آگاہ ہے۔ گزشتہ چودہ صدیوں سے یہود نے مسلمانوں کے خلاف معادانہ رویہ اپنا رکھا ہے۔ بیسویں صدی کے حادثات و سانحات میں سب سے بڑا سانحہ مسئلہ فلسطین ہے۔ یہود و نصاریٰ نے یہ مسئلہ پیدا کر کے گویا اسلام کے دل میں خنجر گھونپ رکھا ہے ۔ 1948ء میں اسرائیل کے قیام کے بعد یورپ سے آئے ہوئے غاصب یہودیوں نے ہزاروں سال سے فلسطین میں آباد فلسطینیوں کو ان کی زمینوں اور جائیدادوں سے بے دخل کر کے انہیں کیمپوں میں نہایت ابتر حالت میں زندگی بسر کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ گزشتہ نصف صدی سے زائد عرصہ کے دوران اسرائیلی یہودیوں کی جارحانہ کاروائیوں اور جنگوں میں ہزاروں لاکھوں فلسطینی مسلمان شہید، زخمی یا بے گھر ہو چکے ہیں اور لاکھوں افراد مقبوضہ فلسطین کے اندر یا آس پاس کے ملکوں میں کیمپوں کے اندر قابلِ رحمت حالت میں زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ مسئلہ فلسطین و اسرائیل کی اصل نوعیت اور اس کے بنیادی مقاصد و عناصر کو سمجھنے کے لیے زیر نظر کتابچہ ’’ اسرائیل ،عالمِ اسلام اور پاکستان ‘‘ میں معروف عالمی شخصیت مولانا زاہد الراشدی صاحب کی تحریریرات کو پیش کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کے قبلۂ اول کو آزاد اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد فرمائے ۔ (م۔ا)

  • 281 #7162

    مصنف : ابو عدنان محمد منیر قمر

    مشاہدات : 1971

    نماز میں عدم پابندی کا انجام اور تارک نماز کا حکم ( قرآن و سنت اور علماء کی نظر میں )

    (جمعہ 27 اکتوبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7162 Book صفحات: 175

    نماز دینِ اسلام کا دوسرا رکنِ عظیم ہے جو بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ قرآن و حدیث میں نماز کو بروقت اور با جماعت ادا کرنے کی بہت زیادہ تلقین کی گئی ہے۔ نماز کی ادائیگی اور اس کی اہمیت و فضلیت اس قدر اہم ہے کہ سفر و حضر، میدان ِجنگ اور بیماری کی حالت میں بھی نماز ادا کرنا ضروری ہے۔ نماز کی اہمیت و فضیلت کے متعلق بے شمار احادیث ذخیرہ حدیث میں موجود ہیں۔ بیسیوں اہل علم نے نماز سے متعلقہ امور، تارک نماز کے حکم اور اسلام میں اس کے مقام و مرتبے کے حوالے سے بے شمار کتب تالیف کی ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’ نماز میں عدم پابندی کا انجام اور تارک نماز کا حکم ( قرآن و سنت اور علماء کی نظر میں) ‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی تصنیف ہے۔ انہوں نے اس کتاب میں اس بات کو واضح کیا ہے کہ قرآن و سنت میں نمازوں کو ان کے مقرر اوقات میں پابندی کے ساتھ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور نماز میں عدم پابندی یعنی اسی طرح کبھی بروقت اور باجماعت ادا کر لی اور کبھی بے وقت قضاء دیتے رہیں، اس طرح کبھی پڑھ لی کبھی چھوڑ دی، اس سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔ بالکل ترک نماز تو کسی مسلمان کو زیب ہی نہیں دیتا کیونکہ مسلمان اور کافر و مشرک کے مابین یہ نماز ہی تو وجہ امتیاز ہے ۔ (م۔ا)

  • 282 #7161

    مصنف : ابو عدنان محمد منیر قمر

    مشاہدات : 1830

    مذمت فحاشی و زناکاری

    (جمعرات 26 اکتوبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7161 Book صفحات: 190

    زنا کاری و فحاشی اور جنسی بے راہ روی ایک جرم عظیم ہے۔ اس کی حرمت و قباحت شرائع سابقہ و امم قدیمہ، قبائل بدویہ اور شریعت اسلامیہ میں موجود ہے۔ فحاشی سے مراد ہر وہ عمل ہے جو ناجائز جنسی لذت کے حصول کے لئے کیا جائے یا جس کے ذریعے جنسی اعضاء یا فعل کی اس نیت سے اشاعت کی جائے کہ جنسی اشتہا بھڑکے یا جنسی تسکین حاصل ہو۔ زنا و اغلام بازی تو واضح طور پر ایک فحش عمل ہے۔ البتہ وہ امور جو زنا سے قریب کرنے کا ذریعہ ہوں وہ بھی فحاشی ہی ہیں۔ ہمارے معاشرے میں فحاشی کا سیلاب آیا ہوا ہے جس سے ہمارا معاشرہ تباہی کی طرف گامزن ہے۔ فحاشی کے اس سیلاب سے ہمارے ایمان و یقین اور اقدار و روایات کو خطرہ ہے۔ فحاشی کا یہ سیلاب اونچے اونچے گھرانوں تک پہنچ چکا ہے۔ اس فحاشی کے سیلاب کو روکنا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ مذمت فحاشی و زناکاری‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی اس موضوع پر تیسری کاوش ہے۔ انہوں نے اس کتاب میں معاشرتی و معاشی، اقتصادی و روحانی اور جسمانی اضرار و نقصانات اور ان امورکا ارتکاب کرنے والوں کے لیے سزا و عقاب کی ضروری تفصیل کتاب و سنت کی روشنی میں پیش کی ہے، تاکہ فحاشی و زناکاری جیسے خطرناک اور مہلک جرم سے بچنا آسان ہو سکے۔ا للہ تعالیٰ مصنف کی تمام دعوتی و تبلیغی، تحقیقی و تصنیفی کاوشوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے ۔(آمین) (م۔ا)

  • 283 #7160

    مصنف : ابو عدنان محمد منیر قمر

    مشاہدات : 2493

    مختصر احکام و مسائل نماز جنازہ

    (بدھ 25 اکتوبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7160 Book صفحات: 98

    اللہ تعالیٰ نے ہر مسلمان کے دوسرے مسلمان پر پانچ حق رکھے ہیں جن کو ادا کرنا اخلاقی اور شرعی فرض بنتا ہے اور انہیں حقوق العباد کا درجہ حاصل ہے۔ ان پانچ حقوق میں سے ایک حق یہ ہے کہ جب کوئی مسلمان بھائی فوت ہو جائے تو اس کی نماز جنازہ ادا کی جائے۔ نماز جنازہ حقیقت میں فوت ہونے والے کے لیے دعا ہوتی ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کی اگلی منزل کو آسان کر دے۔ لیکن عوام الناس میں اکثر لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کو جنازے کے مسائل تو دور کی بات جنازہ میں پڑھی جانے والی دعائیں بھی یاد نہیں ہوتیں، جس وجہ سے وہ اپنے جانے والے عزیز کے لیے دعا بھی نہیں کر سکتے ۔ زیر نظر کتاب ’’ مختصر احکام و مسائل نماز جنازہ ‘‘ مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کے ریڈیو ام القیوین متحدہ عرب امارات کی اردو سروس میں پیش کیے گئے پروگرامز کی کتابی صورت ہے۔ جسے فاضل مصنف کی دختر ام محمد شکیلہ قمر صاحبہ نے مرتب کیا ہے۔ اس کتاب میں بیمار اور قریب المرگ کے احکام و مسائل، وفات کےبعد حاضرین کے کام، غسل میت، نماز جنازہ، دفن میت کے احکام و مسائل کو قرآن و سنت کی روشنی میں آسان فہم انداز میں پیش کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ مصنف کی تمام دعوتی و تبلیغی، تحقیقی و تصنیفی کاوشوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے۔ (آمین) (م۔ا)

  • 284 #7159

    مصنف : ابو عدنان محمد منیر قمر

    مشاہدات : 1799

    انسداد زناکاری کے لیے اسلام کی حفاظتی تدابیر

    (منگل 24 اکتوبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7159 Book صفحات: 178

    زنا کاری و فحاشی اور جنسی بے راہ روی ایک جرم عظیم ہے جس کی حرمت و قباحت شرائع سابقہ و امم قدیمہ، قبائل بدویہ اور شریعت اسلامیہ میں موجود ہے۔ فحاشی سے مراد ہر وہ عمل ہے جو ناجائز جنسی لذت کے حصول کے لئے کیا جائے یا جس کے ذریعے جنسی اعضاء یا فعل کی اس نیت سے اشاعت کی جائے کہ جنسی اشتہا بھڑ کے یا جنسی تسکین حاصل ہو۔ زنا و اغلام بازی تو واضح طور پر ایک فحش عمل ہے۔ البتہ وہ امور جو زنا سے قریب کرنے کا ذریعہ ہوں وہ بھی فحاشی ہی ہیں۔ ہمارے معاشرے میں فحاشی کا سیلاب آیا ہوا ہے جس سے ہمارا معاشرہ تباہی کی طرف گامزن ہے۔ فحاشی کے اس سیلاب سے ہمارے ایمان و یقین اور اقدار و روایات کو خطرہ ہے۔ فحاشی کا یہ سیلاب اونچے اونچے گھرانوں تک پہنچ چکا ہے۔ فحاشی کے سیلاب کو روکنا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے ۔  زیر تبصرہ کتاب ’’ انسداد زناکاری کے لیے اسلام کی حفاظتی تدابیر‘‘ مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ(مترجم و مصنف کتب کثیرہ ) کے ریڈیو ام القیوین متحدہ عرب امارات کی اردو سروس میں پیش کیے گئے مقالات کی کتابی صورت ہے۔ اس کتاب میں انہوں نے اسلامی نکتہ نظر سے فحاشی، بے حیائی اور اس کے مضمرات و مفاسد پر ایسی سیر حاصل بحث کی ہے کہ موضوع کا کوئی پہلو تشنہ نہیں چھوڑا۔ اللہ تعالیٰ مصنف کی تمام دعوتی و تبلیغی، تحقیقی و تصنیفی کاوشوں کو شرفِ قبولیت سے نوازے۔ (آمین) (م۔ا)

  • 285 #7158

    مصنف : غلام مصطفی ظہیر امن پوری

    مشاہدات : 1589

    عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شرعی حیثیت

    (پیر 23 اکتوبر 2023ء) ناشر : نا معلوم
    #7158 Book صفحات: 228

    متنازعہ مسائل میں سے ایک اہم ترین مسئلہ بارہ ربیع الاول کو میلاد النبی ﷺ منانے کا ہے۔ بہت سارے مسلمان ہر سال 12 ربیع الاول کو عید میلاد النبی ﷺ اور جشن میلاد مناتے ہیں۔ لیکن اگر قرآن و حدیث اور قرونِ اولیٰ کی تاریخ کا پوری دیانتداری کے ساتھ مطالعہ کیا جائے تو ہمیں پتہ چلتا ہے کہ قرآن و حدیث میں جشن عید یا عید میلاد کا کوئی ثبوت نہیں ہے اور نہ نبی کریم ﷺ نے اپنا میلاد منایا اور نہ ہی اسکی ترغیب دلائی، قرونِ اولیٰ یعنی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم، تابعین، تبع تابعین کا زمانہ جنہیں نبی کریم ﷺ نے بہترین لوگ قرار دیا ان کے ہاں بھی اس عید کا کوئی تصور نہ تھا اور نہ ہی وہ جشن مناتے تھے۔ اسی طرح بعد میں معتبر ائمہ دین کے ہاں بھی نہ اس عید کا کوئی تصور تھا، نہ وہ اسے مناتے تھے اور نہ ہی وہ اپنے شاگردوں کو اس کی تلقین کرتے تھے بلکہ نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن منعقد کرنے کا آغاز نبی ﷺ کی وفات سے تقریبا چھ سو سال بعد کیا گیا۔ عید میلاد النبی جشن میلاد کی حقیقت کو جاننے کے لیے اہل علم نے بیسیوں کتب تصنیف کی ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’ عید میلاد النبیﷺ کی شرعی حیثیت‘‘محقق العصر علامہ غلام مصطفیٰ ظہیر امن پوری حفظہ اللہ کی کاوش ہے۔ انہوں نے اس کتاب میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے بارے میں اسلاف امت کے طرز عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سوال اٹھایا ہے کہ کیا کسی کا یوم ولادت بطور عید منایا جا سکتا ہے کہ نہیں؟ پھر محققانہ انداز میں مذکورہ سوال کا جواب ڈھونڈ کر نوک قلم سے گزار دیا ہے اور رحمت الٰہی کے زیر سایہ منہج سلف کی نشاندہی کر دی ہے۔ ( م۔ا)

  • 286 #7157

    مصنف : احمدسالم بادویلان

    مشاہدات : 1679

    اور سگریٹ چھوٹ گئی مع تمباکو نوشی کی تباہ کاریاں

    (اتوار 22 اکتوبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7157 Book صفحات: 107

    سگریٹ نوشی ان ممنوعات میں سے ہے جو خبیث، نقصان دہ اور گندی ہونے کی وجہ سے ناجائز ہیں۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے:وَيُحِلُّ لَهُمُ الطَّيِّبَاتِ وَيُحَرِّمُ عَلَيْهِمُ الْخَبَآئِثَ.’’(نبی مکرم ﷺ)ان (اہلِ ایمان) کے لیے پاکیزہ صاف ستھری چیزیں حلال بتاتے ہيں اور خبائث کو حرام کرتے ہيں۔‘‘ (الأعراف: 157) سگریٹ نوشی سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات واضح ہیں، یہی وجہ ہے کہ سارى انسانیت اس كے خلاف جنگ میں مصروف ہے یہاں تک کہ سگریٹ بنانے والے بھی ہر ڈبی پر ’’مضر صحت ہے‘‘ لکھ کر اس سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہ کرتے ہیں۔ شرعِ متین کا تو اولین مقصد ہی انسانی جان و مال کی حفاظت ہے اور اسی لیے ہر نقصان دہ و ضرر رساں شے حکمِ شریعت کی رو سے ممنوع ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ اور سگریٹ چھوٹ گئی مع تمباکو نوشی کی تباہ کاریاں ‘‘ تمباکو نوشی سے خلاصی پانے والے شیخ احمد سالم بادویلان کی آپ بیتی پر مشتمل کتاب وهكذا أطفأت السيجارة الأولى كا اردو ترجمہ ہے ۔ترجمہ و تفہیم کا کام فضیلۃ الشیخ محمد منیر قمر حفظہ اللہ نے انجام دیا ہے ۔ کتاب ہذا میں سگریٹ کے شرعی حکم کو اجاگر کیا گیا ہے ،اس کے مہلک نقصانات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے اور تمباکو کے بارے میں سیر حاصل بحث کی ہے۔اپنے موضوع یہ ایک مفید رسالہ ہے۔ (م۔ا)

  • 287 #7156

    مصنف : ام عدنان بشریٰ قمر

    مشاہدات : 2152

    زاد المبلغات

    (ہفتہ 21 اکتوبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7156 Book صفحات: 706

    امت مسلمہ صرف ’کلمہ گو‘جماعت نہیں بلکہ داعی الی الخیر بھی ہے۔ یہ اس کے دینی فرائض میں داخل ہے کہ دنیا کی سرفرازی اور آخرت کی سرخروئی کے لیے جو بھی بھلے کام نظر آئیں، بنی آدم کو ان کا درس اور ان کی مخالف سمت چلنے سے روکیں۔ مسلم معاشرے کے ہر فرد کا فرض ہے کہ کلمہ حق کہے، نیکی اور بھلائی کی حمایت کرے اور معاشرے یا مملکت میں جہاں بھی غلط اور ناروا کام ہوتے نظر آئیں ان کو روکنے میں اپنی ممکن حد تک کوشش صرف کر دے۔ ایمان باللہ کے بعد دینی ذمہ داریوں میں امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دینا سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ قرآن و حدیث میں اس فریضہ کو اس قدر اہمیت دی گئی ہے کہ تمام مومن مردوں اور عورتوں پر اپنے دائرہ کار اور اپنی استطاعت کے مطابق امر بالمعروف اور نہی عن المنکر پر عمل کرنا واجب ہے۔ زیر نظر کتاب ’’زاد المبلغات ‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی زوجہ محترمہ امّ عدنان بشریٰ قمر صاحبہ کی کاوش ہے۔ یہ کتاب ان کے ان دروس کی کتابی صورت ہے۔ جو انہوں نے سعودی عرب کے مشرقی صوبے الخبر شہر میں خواتین کے حلقوں میں دیے۔ انہوں نے ان دروس میں واعظانہ قصے کہانیوں، من گھڑت و ضعیف اور لااصل و منکر روایات کو پیش کرنے سے گریز کیا ہے۔ دعوت دین میں مصروف خواتین کے لیے یہ راہنما کتاب ہے۔ (م۔ا)

  • 288 #7155

    مصنف : ام عدنان بشریٰ قمر

    مشاہدات : 1609

    تحفۃ الواعظات

    (جمعہ 20 اکتوبر 2023ء) ناشر : نا معلوم
    #7155 Book صفحات: 245

    ایک اسلامی معاشرہ اس وقت تک قائم نہیں ہو سکتا جب تک اس کے بااثر افراد، تعلیم یافتہ لوگ، دانشور، ماہرینِ تعلیم، فوجی و پولیس افسران، سیاست دان، جج اور وکلاء وغیرہ شعوری ایمان کے ساتھ قرآن مجید، احادیث رسول ﷺ اور دیگر اسلامی علوم سے وابستگی نہ کریں، اسلام اور قانونِ شریعت کی حقانیت کے قائل ہونے کے ساتھ ساتھ، دنیا اور آخرت میں اللہ کی پکڑ کے خوف سے لرزاں نہ ہوں، یعنی قیادت ایسی ہو جو شعور عصر حاضر کے ساتھ ساتھ اسلامی علوم، وحی اور قرآن و سنت پر راست اور گہری نظر رکھتی ہو۔ لہذا جو شخص بھی دعوت و تبلیغِ اسلام اور اقامت دین کا پیغمبرانہ مشن اختیار کرنا چاہتا ہے اس کے لیے لازمی ہے کہ وہ قرآن سیکھے اور دعوت و تبلیغ کے ہر ہر مرحلے میں اس سے مستفید ہو۔ مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی زوجہ محترمہ امّ عدنان بشریٰ قمر صاحبہ نے زیر نظر کتاب ’’تحفۃ الواعظات ‘‘ میں اصلاح معاشرہ کے سلسلے میں چند عنوانات کو قرآن و سنت کی روشنی میں آسان فہم انداز میں پیش کیا ہے۔(م۔ا)

  • 289 #7154

    مصنف : غلام مصطفی ظہیر امن پوری

    مشاہدات : 2014

    مسئلہ رفع الیدین

    (جمعرات 19 اکتوبر 2023ء) ناشر : دار التخصص و التحقیق جہلم
    #7154 Book صفحات: 195

    اسلام کے ارکانِ خمسہ میں سے عقیدہ توحید و رسالت کے بعد سب سے اہم ترین رکن نماز پنجگانہ ہے۔ جس کو مسنون طریقے سے ادا کرنا ضروری ہے، کیونکہ عقیدہ توحید کے بعد کسی بھی عمل کی قبولیت کے لیے دو چیزوں کا ہونا ضروری ہے۔ نیت اور طریقۂ رسول ﷺ، لہٰذا نماز کے بارے میں آپ ﷺ کا واضح فرمان ہے: ’’نماز اس طرح پڑھو جس طرح تم مجھے پڑھتے ہوئے دیکھتے ہو‘‘(صحیح بخاری)۔ نماز میں رفع الیدین کرنا رسول اللہ ﷺ سے تواتر کے ساتھ ثابت ہے۔ امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ: رفع الیدین کی حدیث کو صحابہ کرام کی اس قدر کثیر تعداد نے روایت کیا ہے کہ شاید کسی اور حدیث کو اس قدر صحابہ نے روایت کیا ہو۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے جزء رفع الیدین میں لکھا ہے کہ: رفع الیدین کی حدیث کو انیس صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے روایت کیا ہے۔ لیکن صد افسوس اس مسئلہ کو مختلف فیہ بنا کر دیگر مسائل کی طرح تقلید اور مسلکی تعصب کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔ اثبات رفع الیدین پر امام بخاری رحمہ اللہ کی جزء رفع الیدین کے علاوہ کئی کتابیں موجود ہیں، تقریبا20 کتابیں کتاب و سنت ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’مسئلہ رفع الیدین‘‘محقق العصر علامہ غلام مصطفیٰ ظہیر امن پوری حفظہ اللہ کی کاوش ہے۔ انہوں نےاس کتاب میں مسئلہ رفع الیدین کے دلائل اور اس مسئلہ پر پیش کیے جانے والے شبہات کا محققانہ جائزہ پیش کیا ہے۔ (م ۔ا)

  • 290 #7153

    مصنف : ڈاکٹر محمد بن عبد الرحمٰن العریفی

    مشاہدات : 2100

    مچھلی کے پیٹ میں

    (بدھ 18 اکتوبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7153 Book صفحات: 160

    انسانی فطرت ہے کہ وہ کہانیوں اور داستانوں کو پڑھ، سن کر اپنے اندر ایک باطنی تأثر محسوس کرتا ہے۔ واقعات جہاں انسان کے لیے خاصی دلچسپی کا سامان ہوتے ہیں، وہیں یہ انسان کے دل پر بہت سارے پیغام اور اثرات نقش کر دیتے ہیں۔ اسی لیے قرآن مبین میں اللہ تعالیٰ نے جابجا سابقہ اقوام کے قصص و واقعات بیان کیے ہیں تاکہ لوگ ان سے عبرت و نصیحت حاصل کریں۔ زیر نظر کتاب ’’مچھلی کےپیٹ میں‘‘ ڈاکٹر محمد بن عبد الرحمٰن العریفی حفظہ اللہ کے ایک مقبول رسالہ في بطن الحوت کا اردو ترجمہ ہے۔ انہوں نے اس کتاب میں 21 ایسے واقعات و حکایات اور قصص کو جمع کیا ہے جو فقر و تنگدستی میں مبتلا اور آسودہ و خوش حال سبھی لوگوں کے لیے باعث ِ عبرت و نصیحت ہیں۔ (م۔ا)

  • 291 #7152

    مصنف : غلام مصطفی ظہیر امن پوری

    مشاہدات : 1651

    الحق المبین فی الجھر بالتامین

    (منگل 17 اکتوبر 2023ء) ناشر : نا معلوم
    #7152 Book صفحات: 46

    نماز میں سورہ فاتحہ کے بعد آمین کہنا بالاتفاق مسنون ہے، علماء کا اس بات پر بھی اتفاق ہے کہ سرّی اور انفرادی نمازوں میں آمین آہستہ کہی جائے گی۔ جن نمازوں میں بالجہر (بلند آواز) سے قراءت کی جاتی ہے، (جیسے مغرب، عشاء، فجر) ان میں سورہ فاتحہ ختم ہوتے ہی امام و مقتدی دونوں کا با آواز بلند آمین کہنا مشروع و مسنون ہے، اس کا ثبوت احادیث مرفوعہ صحیحہ صریحہ اورآثار صحابہ کرام اور اجماع صحابہ سے ہے۔ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جب امام "غیر المغضوب علیہم ولا الضالین" کہے تو تم آمین کہو کیوں کہ جس نے فرشتوں کے ساتھ آمین کہی اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔ زیر نظر رسالہ بعنوان ’’الحق المبین فی الجهر بالتأمین‘‘ محقق العصر علامہ غلام مصطفیٰ ظہیر امن پوری حفظہ اللہ کی کاوش ہے۔ انہوں نے اس رسالہ میں محققانہ دلائل سے ثابت کیا ہے کہ جہری نمازوں میں امام اور مقتدی دونوں کے لیے اونچی آواز سے آمین کہنا سنت ہے۔ جس کے ثبوت کے لیے متواتر احادیث، آثار صحابہ اور ائمہ محدثین کی تصریحات شاہد ہیں۔ اللہ تعالیٰ فاضل مصنف کی دعوتی و تبلیغی، تحقیقی و تصنیفی اور تدریسی جہود کو قبول فرمائے ۔آمین (م ۔ا)

  • 292 #7151

    مصنف : ام عدنان بشریٰ قمر

    مشاہدات : 2426

    صحیح اسلامی عقیدہ

    (پیر 16 اکتوبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7151 Book صفحات: 229

    اسلام کی فلک بوس عمارت کی اساس عقیدہ پر قائم ہے ۔ اگر اس بنیاد میں ضعف یا کجی پیدا ہو جائے تو دین کی عظیم عمارت کا وجود خطرے میں پڑ جاتا ہے۔ عقائد کی تصحیح اخروی فوز و فلاح کے لیے اولین شرط ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ کی طرف سے بھیجی جانے والی برگزیدہ شخصیات سب سے پہلے توحید کا علم بلند کرتے ہوئے نظر آتی ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے بھی مکہ معظمہ میں 13 سال کا طویل عرصہ صرف اصلاح ِعقائد کی جدوجہد میں صرف کیا۔ عقیدہ توحید کی تعلیم و تفہیم کے لیے جہاں نبی کریم ﷺ اور آپ کے صحابہ کرام نے بے شمار قربانیاں دیں اور تکالیف کو برداشت کیا وہاں علماء اسلام نے بھی دن رات اپنی تحریروں اور تقریروں میں اس کی اہمیت کو خوب واضح کیا۔ عقائد کے باب میں اب تک بہت سی کتب ہر زبان میں شائع ہو چکی ہیں اردو زبان میں بھی اس موضوع پر قابل قدر تصانیف اور تراجم سامنے آئے ہیں اور ہنوز یہ سلسلہ جاری ہے۔ زیر نظر کتاب ’’صحیح اسلامی عقیدہ‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی زوجہ محترمہ امّ عدنان بشریٰ قمر صاحبہ کی تصنیف ہے ۔ اصلاح عقائد کے سلسلے میں یہ ایک اہم کوشش ہے۔ مصنفہ نے کتاب کو مرتب کرنے میں قرآنی آیات و احکام اور صحیح و حسن درجہ کی احادیث نبویہ اور اہل علم کی نگارشات سے بھر پور استفادہ کیا ہے۔کتاب میں وارد احادیث کی فنی تخریج جناب حافظ شاہد رفیق حفظہ اللہ (فاضل مدینہ یونیورسٹی) نے کی ہے جس سے کتاب کی افادیت دوچند ہو گئی ہے۔ (م۔ا)

  • 293 #7150

    مصنف : محمد بن عبد الوہاب

    مشاہدات : 2431

    کتاب التوحید

    (اتوار 15 اکتوبر 2023ء) ناشر : توحید پبلیکیشنز، بنگلور
    #7150 Book صفحات: 241

    اشاعتِ توحید کے سلسلے میں شیخ الاسلام محمد بن عبد الوہاب رحمہ اللہ کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے۔ آپ ایک متبحر عالم دین،قرآن و حدیث اور متعدد علوم و فنون میں یگانہ روز گار تھے۔آپ نے اپنی ذہانت و فطانت اور دینی علوم پر استدراک کے باعث اپنے زمانے کے بڑے بڑے علماء دین کو متاثر کیا اور انہیں اپنا ہم خیال بنایا۔آپ نے قرآن و سنت کی توضیحات کے ساتھ ساتھ شرک و بدعات کے خلاف علمی و عملی دونوں میدانوں میں زبردست جہاد کیا۔آپ متعدد کتب کے مصنف ہیں۔جن میں سے ایک کتاب (کتاب التوحید)ہے۔ مسائل توحید پر یہ آپ کی بہترین کتابوں میں سے ایک ہے ۔شیخ موصوف نے اس کتاب میں ان تمام امور کی نشاندہی کر دی ہے جن سے عقائد میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے اور نتیجۃً انسان ایسے عملوں کا ارتکاب کر لیتا ہے حو شرک کے دائرے میں آتے ہیں ۔ اس کتاب میں مصنف رحمہ اللہ نے ہر مسئلہ کے لیے علیحدہ علیحدہ باب باندھا ہے اور ہر بات کے ثبوت کے لیے قرآنی آیات اور احادیثِ صحیحہ بطور دلیل پیش کی ہیں۔ زیر نظر ’’ کتاب التوحید ‘‘کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ پروفیسر سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ (سابق مدرس جامعہ لاہور الاسلامیہ) نے کیا ہے۔ یہ ترجمہ نہایت شگفتہ اسلوب میں کیا گیا ہے۔ حافظ ابو محمد مصلح الدین محمدی حفظہ اللہ نے اس کتاب کو تحقیق و تخریج سے مزین کیا ہے۔(م۔ا)

  • 294 #7149

    مصنف : ابو عدنان محمد منیر قمر

    مشاہدات : 1867

    خنزیر کی چربی پر مشتمل اشیائے استعمال

    (ہفتہ 14 اکتوبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7149 Book صفحات: 25

    خنزیر ایک انتہائی غلیظ جانور ہے جو گندگی میں پیدا ہوتا ہے اور گندگی میں ہی رہتا ہے۔ یہاں تک کہ اس کی خوراک بھی غلیظ ہی ہے ، جس میں گلے سڑے جانوروں کے گوشت کے علاوہ اپنے اور دوسرے جانوروں کی نجاست شامل ہے۔ قرآن حکیم کی چار مختلف آیات میں خنزیر کا گوشت کھانے سے منع کیا گیا ہے۔ روز مرہ زندگی میں خنزیر سے دور رہنے کے لیے یہی وجہ کافی ہے کہ یہ بے حد غلیظ جانور ہے۔ جن اشیاء میں خنزیر کی چربی کی آمیزش ثابت ہو جائے ایسی چیزوں کا استعمال ناجائز و حرام ہے۔ زیر نظر کتابچہ ’’خنزیر کی چربی پر مشتمل اشیائے استعمال‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کا مرتب شدہ ہے اس کتابچہ میں یورپ سے بن کر آنے والی ان اشیاء کی تفصیل دی گئی ہے جن میں خنزیر کی چربی شامل ہوتی ہے ۔ (م۔ا)

  • 295 #7148

    مصنف : ام عدنان بشریٰ قمر

    مشاہدات : 5464

    فکر آخرت

    (جمعہ 13 اکتوبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7148 Book صفحات: 299

    اُخروی زندگی ہی ابدی زندگی ہے، جو وہاں کامیاب ہو گیا وہ ہمیشہ جنت کی نعمتوں سے لطف اندوز ہوتا رہے گا اور جو وہاں ناکام ہوا وہ دوزخ میں جلے گا۔ اگرچہ دنیا میں اللہ کا قانون مختلف ہے اور وہ کافر و مومن سب کو زندگی کے آخری لمحہ تک روزی پہنچاتا ہے، لیکن موت کے بعد دونوں کے احوال مختلف ہو جائیں گے جس کا مقصدِ حیات صرف دنیا طلبی ہو گا اسے جہنم کا ایندھن بنا دیا جائے گا اور جو آخرت کا طلبگار ہو گا اسے جنت کا وارث بنا دیا جائے گا۔ اس لیے دنیا میں رہتے ہوئے ہمیشہ اپنی آخرت، موت اور حساب کتاب کو یاد رکھنا چاہیے اور اسی فکر میں رہنا چاہیے کہ میں نے جہنم سے بچاؤ اور جنت میں داخلے کے لیے کیا عمل کیے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’فکر آخرت‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کی زوجہ محترمہ امّ عدنان بشریٰ قمر صاحبہ کی کاوش ہے۔ انہوں نے اس کتاب میں دنیا کی بے ثباتی اور آخرت کی حیاتِ جاودانی کے بارے میں قرآن و سنت کی روشنی میں تفصیلات پیش کی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ مصنفہ کی اس کاوش کو قبول فرمائے۔ ہم رب کے حضور دعاگو ہیں کہ یہ کتاب امت مسلمہ کے لیے اپنی آخرت کو بہتر بنانے کا مفید ذریعہ ثابت ہو۔(م۔ا)

  • 296 #7146

    مصنف : ابو عدنان محمد منیر قمر

    مشاہدات : 1591

    سوئے حرم ( حج و عمرہ اور زیارت حرمین کے احکام و مسائل جدید ایڈیشن )

    (بدھ 11 اکتوبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7146 Book صفحات: 417

    بیت اللہ کی زیارت اور فریضۂ حج کی ادائیگی ہر صاحب ایمان کی تمنا اور آرزو ہے۔ ہر صاحب استطاعت اہل ایمان کے لیے زندگی میں ایک دفعہ فریضہ حج کی ادائیگی فرض ہے ۔اجر و ثواب کے لحاظ سے یہ رکن بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ جس طرح نماز، روزہ، زکوٰۃ، اسلام کے ارکان اور فرائض ہیں اسی طرح حج دین کا بہت بڑا رکن اور رفیع الشان فریضہ ہے۔ نماز اور روزہ صرف بدنی عبادتیں ہیں، زکوٰۃ صرف مالی عبادت ہے، لیکن حج اپنے اندر بدنی اور مالی دونوں قسم کی عبادتیں سموئے ہوئے ہے۔ یعنی حاجی گھر سے چل کر مکہ مکرمہ، عرفات اور مدینہ منورہ سے ہو کر لوٹتا اور ساتھ ہی مال بھی خرچ کرتا ہے تو گویا دونوں قسم کی بدنی اور مالی عبادتوں کا شرف حاصل کرتا ہے۔ حج کرنے سے پہلے حج کے طریقۂ کار سے مکمل آگاہی ضروری ہے۔ تمام كتب حديث و فقہ میں اس کی فضیلت اور احکام و مسائل کے متعلق ابواب قائم کیے گئے ہیں اور تفصیلی مباحث موجود ہیں۔ اس موضوع پر اب تک اردو و عربی زبان میں چھوٹی بڑی بیسیوں کتب لکھی جا چکی ہیں اور ہنوز یہ سلسلہ جاری و ساری ہے ۔  زیر تبصرہ کتاب ’’سوئے حرم (حج و عمرہ اور زیارت حرمین کے احکام و مسائل)‘‘ مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ کے تقریبا 35سال قبل ریڈیو متحدہ عرب امارات ام القیوین سے شمال اسٹوڈیوز کی اردو سروس میں نشر ہونے والے سلسلہ وار پروگرام ’’سوئے حرم‘‘کی کتابی شکل ہے، جس میں مناسب ترمیم اور مفید اضافے بھی کیے گئے ہیں ۔ اس کتاب میں حج و عمرہ اور قربانی کے جملہ احکام و مسائل کا کتاب و سنت کی روشنی میں احاطہ کیا گیا ہے۔ حافظ عبد الرؤف رحمہ اللہ (فاضل مدینہ یونیورسٹی) کی کتاب میں وارد تمام احادیث و آثار کی علمی و تفصیلی تخریج نے کتاب کی افادیت کو دوبالا کر دیا ہے ۔اللہ تعالیٰ کتاب کے مؤلف ،مخرِّج و معلّق کی اس کاوش کو قبول فرمائے۔اور اسے عوام الناس کے لیے مفید و نافع بنائے ۔(آمین) (م ۔ا)

  • 297 #7145

    مصنف : ڈاکٹر مصطفٰی سباعی

    مشاہدات : 2935

    سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم عبرت و نصیحت کا لازوال خزانہ

    (منگل 10 اکتوبر 2023ء) ناشر : توحید پبلیکیشنز، بنگلور
    #7145 Book صفحات: 193

    اس روئے ارضی پر انسانی ہدایت کے لیے اللہ تعالیٰ کے بعد حضرت محمد ﷺ ہی وہ کامل ترین ہستی ہیں جن کی زندگی اپنے اندر عالمِ انسانیت کی مکمل رہنمائی کا پورا سامان رکھتی ہے۔ رہبر انسانیت سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ کی شخصیت قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ گزشتہ چودہ صدیوں میں اس ہادئ کامل ﷺ کی سیرت و صورت پر ہزاروں کتابیں اور لاکھوں مضامین لکھے جا چکے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’سیرت نبویﷺ عبرت و نصیحت کا لازوال خزانہ ‘‘معروف عرب مصنف ڈاکٹر مصطفیٰ السباعی مؤلف ’’ السنة و مكانتها في التشريع؍ اسلام میں سنت کی آئینی حیثیت‘‘ كی عربی کتاب "السيرة النبوية، دروس و عبر" کا اردو ترجمہ ہے۔ یہ کتاب ان کے دمشق یونیورسٹی کے شریعت کالج میں سیرت کے موضوع پر دئیے گئے لیکچرز کی کتابی صورت ہے۔مزمل حسین فلاحی (علیگ) نے اس کتاب کو اردو قالب میں ڈھالا ہے۔ مولانا ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ نے اس کتاب کی احادیث کی تخریج کے علاوہ بعض جگہوں پر مناسب و مفید حواشی کا کام کیا ہے جس سے اس کتاب کی افادیت دوچند ہو گئی ہے۔(م۔ا)

  • 298 #7144

    مصنف : ابو عدنان محمد منیر قمر

    مشاہدات : 2344

    سماع و قوالی اور گانا و موسیقی ( کتاب و سنت اور سلف امت کی نظر میں)

    (پیر 09 اکتوبر 2023ء) ناشر : توحید پبلیکیشنز، بنگلور
    #7144 Book صفحات: 97

    اسلام میں ہر اس چیز کی روک تھام کی گئی ہے جس سے اخلاقی بگاڑ پیدا ہوتا ہو۔ ذہنی انتشار اور اخلاقی بگاڑ پیدا کرنے والی مختلف چیزوں میں سے ایک موسیقی ہے جس کو لوگوں نے جواز بخشنے کے لیے روح کی غذا قرار دے دیا ہے جبکہ اسلام میں موسیقی اور گانے بجانے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ نبی کریم ﷺ نے واضح الفاظ میں اس حوالے سے وعید کا تذکرہ کیا ہے۔ فرمانِ رسولﷺ ہے:’’ میرى امت میں سے ایسے لوگ ضرور پیدا ہونگے جو شرمگاہ [زنا] ’ریشم ’شراب اور گانا و موسیقی کو حلال کر لیں گے‘‘یہ دل میں نفاق پیدا کرنے اور انسان کو ذکر الٰہی سے دور کرنے کا سبب ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:﴿وَمِنَ النّاسِ مَن يَشتَر‌ى لَهوَ الحَديثِ لِيُضِلَّ عَن سَبيلِ اللَّهِ بِغَيرِ‌ عِلمٍ وَيَتَّخِذَها هُزُوًا ۚ أُولـٰئِكَ لَهُم عَذابٌ مُهينٌ﴾( سورة القمان)’’ لوگوں میں سے بعض ایسے بھی ہیں جو لغو باتوں کو مول لیتے ہیں تاکہ بے علمی کے ساتھ لوگوں کو اللہ کی راہ سے بہکائیں اور اسے مذاق بنائیں۔ یہی وہ لوگ ہیں جن کے لیے رسوا کن عذاب ہے‘‘ جمہور صحابہ و تابعین اور ائمہ مفسرین کے نزدیک لهوالحدیث عام ہے جس سے مراد گانا بجانا اور اس کا ساز و سامان ہے اس میں آلات ِ موسیقی اور ہر وہ چیز جو انسان کو خیر اور بھلائی سے غافل اور اللہ کی عبادت سے دور کر دے شامل ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’سماع و قوالی اور گانا و موسیقی‘‘ (کتاب و سنت اور سلف امت کی نظر میں) مولانا ابو عدنان محمد منیر قمرحفظہ اللہ کی تصنیف ہے۔انہوں نے اس کتاب میں گانا و موسیقی کے بارے میں قرآن و سنت کی نصوص اور سلف ِامت کے اقوال کی روشنی میں گانا و موسیقی کی شرعی حیثیت کو واضح کیا ہے۔ مسجد نبوی کے امام و خطیب فضیلۃ الشیخ صلاح البدیر حفظہ اللہ کے گانے بجانے کی شرعی حیثیت کے عنوان پر مشتمل خطبہ کو اس کتاب میں بطور مقدمہ شامل کر دیا ہے۔(م ۔ا)

  • 299 #7143

    مصنف : مفتی عبید اللہ خان عفیف

    مشاہدات : 13

    سفر آخرت مع اضافہ علامات حسن خاتمہ و سوء خاتمہ

    (اتوار 08 اکتوبر 2023ء) ناشر : توحید پبلیکیشنز، بنگلور
    #7143 Book صفحات: 65

    انسانی زندگی کے آخری لمحات کو زندگی کے درد انگیز خلاصے سے تعبیر کیا جاتا ہے اس وقت بچپن سے لے کر اس آخری لمحے کے تمام بھلے اور برے اعمال پردۂ سکرین کی طرح آنکھوں کے سامنے نمودار ہونے لگتے ہیں ان اعمال کے مناظر کو دیکھ کر کبھی تو بے ساختہ انسان کی زبان سے درد و عبرت کے چند جملے نکل جاتے ہیں اور کبھی یاس و حسرت کے چند آنسوں آنکھ سے ٹپک پڑتے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’سفر آخرت مع اضافہ علامات حسن خاتمہ و سوء خاتمہ‘‘ڈاکٹر محمد بن عبد الرحمٰن العریفی حفظہ اللہ کے تحریرہ کردہ عربی رسالہ بعنوان رحلة الي السماء کا اردو ترجمہ ہے۔ فاضل مصنف نے اس کتاب میں قرآن و سنت اور واقعات کی روشنی میں مسلمانوں کو فکر آخرت کی ترغیب دی ہے اور موت کے وقت اور موت کے بعد کس کے ساتھ کیسے حالات پیش آنے والے ہیں ،ان کی نشاندہی کی ہے تاکہ انسان اس آنے والی زندگی کو یاد رکھے۔ اس دن کام آنے والے نفع بخش اعمال سرانجام دے کر کامیابی و کامرانی سے ہمکنار ہو اور آخرت کی پہلی منزل قبر سے لیکر قیامت کے دوسرے سارے مراحل آسانی سے طے ہو سکیں۔(م۔ا)

  • 300 #7142

    مصنف : ام عدنان بشریٰ قمر

    مشاہدات : 2894

    مختصر سیرت خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم

    (ہفتہ 07 اکتوبر 2023ء) ناشر : مکتبہ کتاب وسنت ریحان چیمہ ڈسکہ
    #7142 Book صفحات: 706

    اسلام کی ابتدائی تاریخ کے خلفاء اربعہ کو ’’خلفائے راشدین ‘‘کہا جاتا ہے۔ یہ خلفاء کرام عہد نبوت میں ہی ہر لحاظ سے دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مقابلے میں ایک امتیازی شان و مقام رکھتے تھے۔ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو عمومی طور پر اور خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم کو خصوصی طور پر، امت میں جو مقام و مرتبہ حاصل ہے ، اس کے بارے میں صرف اتنا کہہ دینا کافی ہے کہ انبیاء کرام علیہم السلام کے بعد یہ مقدس ترین جماعت تھی جس نے خاتم الانبیاء محمد رسول اللہ ﷺ کی رسالت کی تصدیق کی، اللہ تعالیٰ نے ان کے بارے میں قرآن مجید میں ارشاد فرمایا کہ: رضی اللہ عنہم ورضو عنہ، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے آپﷺ کی دعوت پر لبیک کہا، اپنی جان و مال سے آپﷺ کا دفاع کیا، راہِ حق میں بے مثال قربانیاں دیں ، نبی اکرم ﷺ کے اسوۂ حسنہ کی بے چوں و چراں پیروی کی اور آپﷺ کی رحلت کے بعد اپنے عقیدہ و عمل کے ذریعے اس آخری دین اور اس کی تعلیمات کی حفاظت کی۔ زیر نظر کتابچہ ’’مختصر سیرت خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم‘‘مولانا ابو عدنان محمد منیر قمرحفظہ اللہ کی زوجہ محترمہ امّ عدنان بشریٰ قمر صاحبہ کی تصنیف ہے انہوں نے اس کتاب میں صرف خلفائے راشدین(سیدنا ابوبکر صدیق، سیدنا عمر فاروق،سیدنا عثمان غنی،سیدنا علی رضی اللہ عنہم)کے فضائل و مناقب، مختصر سیرت و زندگی ، عہد خلافت، حالات و واقعات اور کارناموں کو بیان کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے ان کے میزانِ حسنات میں اضافہ کا ذریعہ بنائے اور ہمیں خلفائے راشدین کی سیرت کو اختیار کی توفیق دے ۔(م۔ا)

< 1 2 ... 9 10 11 12 13 14 15 ... 274 275 >

ایڈ وانس سرچ

اعدادو شمار

  • آج کے قارئین 61627
  • اس ہفتے کے قارئین 95455
  • اس ماہ کے قارئین 1712182
  • کل قارئین111033620
  • کل کتب8851

موضوعاتی فہرست