تاریخ نویسی ہو یا سیرت نگاری ایک مشکل ترین عمل ہے ۔ اس کےلیے امانت ودیانت او رصداقت کاہونا از بس ضروری ہے۔مؤرخ کے لیے یہ بھی ضروری ہےکہ وہ تعصب ،حسد بغض، سے کوسوں دور ہو ۔تمام حالات کو حقیقت کی نظر سے دیکھنے کی مکمل صلاحیت رکھتاہو ۔ذہین وفطین ہو اپنے حافظےپر کامل اعتماد رکھتا ہو۔حالات وواقعات کوحوالہ قرطاس کرتے وقت تمام کرداروں کا صحیح تذکرہ کیا گیا ہو ۔اس لیے کہ تاریخ ایک ایسا آئینہ ہے کہ جس کے ذریعے انسان اپنا ماضی دیکھ سکتاہے اور اسلام میں تاریخ ، رجال اور تذکرہ نگار ی کو بڑی اہمیت حاصل ہے اور یہ اس کے امتیازات میں سے ہے ۔بے شمارمسلمان مصنفین نے اپنے اکابرین کے تذکرے لکھ کر ان کےعلمی عملی،تصنیفی،تبلیغی اورسائنسی کارناموں کوبڑی عمدگی سے اجاگر کیا ہے۔ یوں تو صدیوں کی تاریخ ہمارے سامنے ہے لیکن ماضی قریب او ر موجودہ دور میں تذکرہ نویسی اور سوانح نگاری کے میدان میں جماعت اہل حدیث میں اردو مصنفین اور مقالہ نگاروں میں محترم مولانا محمد اسحاق بھٹی،مولانا حافظ صلاحالدین یوسف، مولانا محمد رمصان یوسف سلفی حفظہم اللہ وغیرہ کی خدمات قابلِ قدر ہیں اللہ تعالی ان بزرگوں کو صحت وعافیت سے نوازے اور ان کےعلم وعمل اضافہ فرمائے ۔(آمین) زیر نظرکتاب مولانا محمدرمضان سلفی﷾ کی تصنیف ہے جو کہ بانی جماعت غرباء اہل حدیث مولانا عبد الوہاب محدث دہلوی اوران کےخاندان کے حالات واقعات پرمشتمل ہے ۔مولانا عبدالوہاب محدث دہلوی کی دینی وتبلیغی،تدریسی وتصنیفی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے مولانا سلفی صاحب مولانا عبد الوہاب دہلوی او ران کے خاندان کے علمائےکرام سے بہت متاثر ہیں۔اس کتاب میں آپ نے اس خاندان کے چودہ علمائے کرام کے حالات اوران کی دینی وتبلیغی اور علمی وتصنیفی خدمات کوبڑی تفصیل سے بیان کیا ہے یہ کتاب اپنے مشمولات کےاعتبار سے خاندان عبد الوہاب کےبارے وقیع معلومات کا مجموعہ ہے ۔کتاب ہذا کے مصنف مولانا محمد رمصان یوسف سلفی ﷾ علمی ،دینی اور تعلیمی حلقوں میں محتاجِ تعارف نہیں ہیں جماعت اہل حدیث پاکستان کےمعروف مقالہ نگاراورمصنف ہیں۔ان کی تصانیف پران کوایوارڈ دیئے جاتے ہیں اورعلمی ادبی حلقوںمیں ان کو بہت پذیرائی حاصل ہے ۔ ان کے مضامین ومقالات مختلف موضوعات پر ملک کے مؤقر رسائل وجرائد میں شائع ہوتے ہیں رہتے ہیں سلفی صاحب کتاب ہذا کے علاوہ تقریبا 8 کتب کے مصنف ہیں ۔اللہ تعالی ان کے زورِ قلم میں مزید اضافہ فرمائے اور ان کی خدمات کو شرف قبولیت سے نوازے (آمین)(م۔ا)
مولانا احمددین گھکڑوی بہت بڑے مناظراور جلیل القدر عالمِ دین تھے 1900ء میں ضلع گوجرانوالہ کے ایک مشہور مقام گکھڑ میں پیداہوئےاور مختلف اہل علم سےدینی تعلیم حاصل کی ۔مولانا ابھی کم عمر ہی تھے کہ والدگرامی انتقال کرگئے لیکن انہوں نے اپنی تعلیم کو جاری رکھا دورانِ تعلیم ہی مولانا احمد دین کووعظ وتقریرکا شوق پیدا ہوگیا تھا وہ بدعات او رغیراسلامی رسوم ورواج کے سخت خلاف تھے اور ان پرکھل کر تنقید کرتےتھے ذہن ابتداہی سے مناظرانہ تھا دینی تعلیم سے فراغت کے بعد وہ باقاعدہ طور سے تقریبا 1920میں مناظرے اور تقریر کےمیدان میں اترے۔پھر عیسائیوں ،شیعوں، مرزائیوں اور بریلویوں سےان کے بے شمار مناظرے ہوئے او راس زمانے میں ان کے مناظروں کی سامعہ نواز گونج دور دور تک سنی گئی اور کامیاب مناظرکی حیثیت سے معروف ہوئے ۔زیر نظر کتاب معروف مؤرخ اہل حدیث مصنف کتب کثیرہ مولاناکی امحمد اسحاق بھٹی ﷾ کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے مولانا احمد دین کگھڑوی کی دینی ، تبلیغی وعوتی خدمات او ربالخصوص ان کے مناظروں کی روداد اور واقعات کو بڑے احسن انداز میں بیان کیا ہے اللہ مولانا احمدین کے درجات بلند فرمائے اور ان کی قبر پر اپنی رحمتوں کا نزول فرمائے اور مصنف کتاب مولانا بھٹی صاحب کو تندورستی اور صحت عطا فرمائے اور ان دین ِاسلام کے لیے ان کی خدمات کو قبول فرمائے (آمین)(م۔ا)
مولانا عبد الرحمن کیلانی کی شخصیت محتاجِ تعارف نہیں، انکی علمی و تحقیقی کتب ہی ان کا مکمل تعارف ہیں۔ موصوف جس موضوع پر بھی قلم اٹھاتے ہیں اس کا حق ادا کر دیتے ہیں، مولانا كيلانى اسلامى اور دينى ادب كے پختہ كارقلم كار تھے ۔کتب کے علاوہ ان کے بیسیوں علمی وتحقیقی مقالات ملک کے معروف علمی رسائل وجرائد(ماہنامہ محدث، ترجمان الحدیث ، سہ ماہی منہاج لاہور وغیرہ ) میں شائع ہوئے ان كى بيشتر تاليفات اہل علم وبصيرت سے خراج تحسين پا چکی ہیں۔مولانا کیلانی نےفوج کی سرکاری ملازمت سے استعفی کے بعد کتابت کو بطورِ پیشہ اختیار کیا۔ آپ عربی ،اردو کے بڑے عمدہ کاتب تھے۔١٩٤٧ء سے ١٩٦٥ء تک اردو کتابت کی اور اس وقت کے سب سے بہتر ادارے ، فیروز سنز سے منسلک رہے ۔١٩٦٥ء میں قرآن مجید کی کتابت شروع کی اور تاج کمپنی کے لئے کام کرتے رہے ۔تقریباپچاس قرآن کریم کی انہوں نے کتابت کی ۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ١٩٧٢ء میں حج کرنے گئے تو مکی سورتوں کی کتابت باب بلال(مسجد حرام ) میں بیٹھ کر اور مدنی سورتوں کی کتابت مسجد نبوی میں اصحاب صفہ کے چبوترہ پر بیٹھ کر کی ۔یہ وہی قرآن کریم ہے جو پاک وہند کے مسلمانوں کے لیے ان کے مانوس رسم الخط میں سعودی حکومت نے حمائل سائز میں چھاپا اور ہر سال لاکھوں کی تعداد میں چھپتا او رفری تقسیم ہوتا ہے یعنی پاکستان اور سعودی عرب میں مروجہ رسم قرآنی میں سب سے زیادہ چھپنے والے قرآن کی کتابت کی سعادت بھی آپ کو حاصل ہے ۔ تفسیر' تیسیر القرآن 'میں قرآن مجید کی اسی بابرکت کتابت کو ہی بطور متنِ قرآن شائع کیا گیا ہے کتابت کے سلسلہ میں موصوف نے خاندان کے بہت سے لوگوں کو کتابت سکھا کر باعزت رورگار پر لگایا۔١٩٨٠ء کے بعد جب انہیں فکر معاش سے قدرے آزادی نصیب ہوئی تو تصنیف وتالیف کی طرف متوجہ ہوئے ۔اس میدان میں بھی ماشاء اللہ علماء ومصنفین حضرات کی صف میں نمایاں خدمات انجام دیتے ہوئے تقریبا 15 کتب تصنیف کرنے کے علاوہ 'سبل السلام شرح بلوغ المرام ' اور امام شاطبی کی کتاب 'الموافقات 'کا ترجمہ بھی کیا۔ دو دفعہ قومی سیرت کانفرنس میں مقالہ پیش کر کے صدارتی ایوارڈ حاصل کیا۔آخری عمر میں تفسیر تیسیر القرآن لکھ رہے تھے اور انکی خواہش تھی کہ ا سکوخود طبع کروائیں مگر عمر نے وفانہ کی١٨دسمبر١٩٩٥ء کو باجماعت نمازِ عشاء ادا کرتے ہوئے حالتِ سجدہ میں اپنے خالق حقیقی جا ملے ۔ان کا ایک اورعلمی ودینی کارنامہ ''مدرسہ تدریس القرآن والحدیث للبنات'' لاہو ر ہے اس ادارے سےسیکڑوں کی تعداد میں لڑکیاں دینی علوم سے آراستہ ہوچکی ہیں ۔مولانا کیلانی کا ادارہ محدث ،لاہور کے ساتھ ایک خاص تعلق تھا موصوف مدیر اعلیٰ محدث ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مدنی کےسسر جبکہ ڈاکٹر حافظ حسن مدنی وڈاکٹر حافظ انس نضر کے نانا تھے ۔مولانا کیلانی کی وفات پر مختلف رسائل وجرائد میں ان کی حیات وخدمات پر کئی اہل علم اور کالم نگاروں کے مضامین شائع ہوئے بالخصوص ماہنامہ محدث جنوری،جولائی1996ء میں ام عبد الرب، حافظ صلاح الدین یوسف ،مولانا محمد رمضان سلفی (شیخ الحدیث جامعہ لاہور الاسلامیہ) ،مولانا عبد الوکیل علوی حظہم اللہ کے مولانا کیلانی کی شخصیت اور حیات وخدمات کے متعلق قیمتی مضامین اور مولانا کیلانی کے علمی رسائل وجرائد میں شائع شدہ مضامین ومقالات کی لسٹ بھی شائع کی گئی تھی ۔زیرتبصرہ مجلہ ماہنامہ '' مطلع الفجر'' کی مولانا عبد الرحمن کیلانی (بانی مدرسہ تدریس القرآن والحدیث،للبنات ،مفسر قرآن ،خطاط قرآن ، مصنف کتب کثیرہ ،صدارتی ایوارڈ یافتہ ) کی حیات وخدمات پر اشاعت خاص ہے جو کہ ان کی شخصیت کے متعلق ان کی اولاد،عزیز واقارب کے علاوہ جید علمائے کرام کی تحریروں او رمقالات پر مشتمل ہے ۔اس اشاعت خاص میں مولانا کیلانی کی علمی ودینی اور تصنیفی خدمات اوران کی زندگی کے تمام گوشوں کواجاگر کیا گیا ہے ۔ ماہنامہ مطلع الفجر دار السلام کے کے ڈائریکٹر مولانا عبد المالک المجاہد ﷾ کی سر پرستی میں شائع ہوتا رہا ۔لیکن شاید اس اشاعت خاص کے بعد اس کی اشاعت بند ہوچکی ہے۔ واللہ اعلم (م۔ا)
شریعتِ اسلامیہ میں نماز بہت بڑا اور اہم رکن ہے اور اس پر مواظبت لازم قرار دی گئی ہے بلکہ کفر وایمان کے درمیان نماز ایک امتیاز ہے۔عقیدہ توحید کے بعد کسی بھی عمل کی قبولیت کےلیے دو چیزوں کاہونا ضروری ہے۔ نیت اور طریقۂ رسول ﷺ ۔لہٰذا نماز کے بارے میں آپ کاﷺ واضح فرمان ہے '' نماز اس طرح پڑھو جس طرح تم مجھے پڑھتے ہوئے دیکھتے ہو'' (بخاری) نماز میں رفع الیدین رسول اللہ ﷺ سے متواتر ثابت ہے۔امام شافعی فرماتے ہیں کہ رفع الیدین کی حدیث کو صحابہ کرام کی اس قدر کثیر تعداد نے روایت کیا ہے کہ شاید اور کسی حدیث کواس سے زیادہ صحابہ نے روایت نہ کیا ہو۔ او رامام بخاری نے جزء رفع الیدین میں لکھا ہے ہے کہ رفع الیدین کی حدیث کوانیس صحابہ نے روایت کیا ہے ۔ لیکن صد افسوس اس مسئلہ کو مختلف فیہ بنا کر دیگر مسائل کی طرح تقلید اور مسلکی تعصب کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ۔اثبا ت رفع الیدین پر امام بخاری کی جزء رفع الیدین ،حافظ زبیر علی زئی کی نور العینین فی مسئلۃ رفع الیدین وغیرہ کتب قابل ذکر ہیں۔اثبات رفع الیدین پر کتا ب ہذا کے علاوہ تقریبا 5 کتابیں کتاب وسنت ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں۔زیر نظر کتاب ''مسئلہ رفع الیدین'' شیخ ابومحمد عبد القادر بن حبیب اللہ سندھی کی عربی تصنیف الكشف عن كشف الرين عن مسئلة رفع اليدين کا ترجمہ ہے ۔ترجمہ کی سعادت مشہور ومعروف مترجم ومصنف مولانا محمد خالد سیف ﷾ نے حاصل کی ہے ۔اس کتا ب میں مصنف نے فاضلانہ ومحدثانہ انداز میں مضبوط ومستحکم دلائل کے ساتھ ثابت کیا ہے کہ رفع الیدین ہی حضور اقدس ﷺ کی دائمی سنت ہے۔اس کے منسوخ ہونے کا دعویٰ باطل ہے او رکسی ایک صحابی سے بھی صحیح سند کے ساتھ یہ ثابت نہیں کہ وہ رفع الیدین نہ کرتےہوں۔نیز اس میں ایک حنفی عالمِ دین مولانا محمد ہاشم سندھی کی کتاب '' کشف الرین'' کا علمی وتحقیقی اسلو ب میں تجزیہ کیا گیا ہے۔ اثبات رفع الیدین کے موضوع پر یہ ایک عمدہ تالیف ہے ،جس کا مطالعہ قارئین کے لیے نہایت مفید ہوگا۔ شیخ عبد القادر سندھی سندھ میں پیدا ہوئے اور پچپن میں ہی مدینہ منورہ میں ہجرت کرگئے تھے انہوں نے ابتدائی تعلیم مدینہ منورہ کے سکولوں میں حاصل کی۔آپ بہت ذہین وفطین تھے ان کی ذہانت او رتعلیمی قابلیت سے متاثر ہو کر شاہ سعود نے انہیں سعودی شہریت دینے کا حکم صادر کیا تھا۔آپ کا شمار مدینہ یونیورسٹی کے اولین طلباء میں ہوتا ہے ۔فراغت کے بعد بیت اللہ شریف میں قائم معہد الحرم مکی او رمدینہ یونیورسٹی کے کلیۃ الحدیث میں تدریسی خدمات انجام دیتے رہے۔شیخ عبد القادر کو تصنیف وتالیف سے خاص دلچسپی تھی آپ نے بے شمار کتب اور رسائل تصنیف کئے ۔جامعہ علوم اثریہ ،جہلم (پاکستان) کا سنگ بنیاد آپ نے رکھا اور اس کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کیا ۔1999 کومدینہ منورہ میں وفات پائی ۔اللہ تعالی سے دعاہے کہ وہ حق کا علم ہو جانے کے بعد اس پر عمل کی توفیق عطا فرمائے-آمین( م۔ا)
رب کائنات نے ہر دور میں فرعون کے لئے موسی کو پیدا فرمایا ہے۔جہاں بڑے بڑے ظالم ،جابر اور غاصب آئے جو اسلام کے پودے کو کاٹنا بلکہ جڑ سے اکھاڑنا چاہتے تھے،وہاں اسلام پر اپنی جان ،مال ،وطن ، اولاد اور سب کچھ قربان کر کے اسلام کی شمع کو روشن کرنے والے بھی سر پر کفن باندھے میدان کار زار میں موجود تھے۔ایسے معززین ،مکرمین اور خادمین اسلام میں سے ایک روشن نام شیخ العرب والعجم ابو محمد بدیع الدین شاہ راشدی کا بھی ہے۔آپ کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے۔آپ متعدد کتب کے مصنف اور مولف ہیں،جو عربی ،اردو اور سندھی میں لکھی گئی ہیں۔اہل علم بخوبی جانتے ہیں کہ شاہ صاحب کی پیش کردہ تحقیق کو آسانی سے رد نہیں کیا جا سکتا ہے۔زیر نظر کتاب (حق وباطل عوام کی نظر میں)بھی آپ کے بے شمار شہ پاروں میں سے ایک جوہر نایاب ہے،جو آپ کے ایک خطبے کا خلاصہ ہے۔اس میں شاہ صاحب نے دلائل وبراہین سے یہ ثابت کیا ہے کہ جماعت حقہ صرف وہی جماعت ہے جو قرآن وسنت کی بنیاد پر قائم ہے۔وہی اصل اور عہد رسالت سے چلی آرہی ہے۔دیگر تمام تمام جماعتیں اور مسالک جو اپنے آپ کو دیگر اماموں کی طرف منسوب کرتے ہیں ،وہ اصل سے کٹ چکے ہیں۔اللہ تعالی شاہ صاحب کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور ان کی قبر کو منور فرمائے ۔آمین(راسخ)
نوجوان کسی بھی قوم وملت اور معاشرے کے اہم ستون اور حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں،اور اسے ترقی دینے کے لئے بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ آج یہ نوجوان ذہنی خلفشار اور مختلف قسم کے نظریاتی اور نفسیاتی الجھنوں کا شکار ہیں۔جنہیں وہ خود بھی اپنی اپنی استطاعت کے مطابق حل کرنے کی موششیں کرتے رہتے ہیں ،لیکن صحیح معلومات نہ ہونے کے سبب گمراہی کے راستے پر چل نکلتے ہیں۔نوجوانوں کی انہی الجھنوں کو دور کرنے کے لئے سعودی عرب کے معروف عالم دین سماحۃ الشیخ محمد بن صالح عثیمین نے یہ عظیم الشان کتاب تالیف فرمائی ہے ۔جس میں انہوں نے نوجوان کی الجھنوں،ان کی گمراہی کے اسباب اور پھر اس کا حل بڑے احسن انداز میں پیش کیا ہے۔اللہ تعالی ان کی اس محنت کو قبول فرمائے اور اس کتاب کو نوجوانوں کی اصلاح کا ذریعہ بنائے۔آمین(راسخ)
ڈاکٹر محمد حمید اللہ (پیدائش: 9فروری 1908ء، انتقال : 17 دسمبر 2002ء) معروف محدث، فقیہ، محقق، قانون دان اور اسلامی دانشور تھے اور بین الاقوامی قوانین کے ماہر سمجھے جاتے تھے۔ تاریخ حدیث پر اعلٰی تحقیق، فرانسیسی میں ترجمہ قرآن اور مغرب کے قلب میں ترویج اسلام کا اہم فریضہ نبھانے پر آپ کو عالمگیر شہرت ملی۔ آپ جامعہ عثمانیہ سے ایم۔اے، ایل ایل۔بی کی ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے لیے یورپ پہنچے۔ بون یونیورسٹی (جرمنی) سے ڈی فل اور سوربون یونیورسٹی (پیرس)سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ۔ ڈاکٹر صاحب کچھ عرصے تک جامعہ عثمانیہ حیدر آباد میں پروفیسر رہے۔ یورپ جانے کے بعد جرمنی اور فرانس کی یونیورسٹیوں میں بھی تدریسی خدمات انجام دیں۔ فرانس کے نیشنل سنٹر آف سائینٹیفک ریسرچ سے تقریباً بیس سال تک وابستہ رہے۔ علاوہ ازیں یورپ اور ایشیا کی کئی یونیورسٹیوں میں آپ کے توسیعی خطبات کا سلسلہ بھی جاری رہا۔زیر نظر کتاب خطبات بہاولپور دراصل مارچ 1980ءمیں جامعہ عباسیہ(اسلامیہ یونیورسٹی بھاولپور،پاکستان) کی دعوت پر یونیورسٹی میں ججز، علماءاور یونیورسٹیوں کے چانسلرز او رڈین حضرات کی زیر صدارت ڈاکٹر حمیداللہ کے مختلف علمی موضوعات پر بارہ خطبات کا مجموعہ ہے جو علمی حلقوں ، قانون دان او ر دانشور طبقے کے درمیان خطبات بہاولپور کے نا م سے معروف ہے ۔یہ خطبات 8مارچ 1980 ء سے 20 ماچ 1980ءتک مسلسل جاری رہے۔ان خطبات کوسننے کےلیے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے اساتذہ،طلباء وطالبات کےعلاوہ شہر کے علمائے کرام اوراہل ذوق و طلب خواتین وحضرات کی ایک کثیر تعدادتشریف لاتی جن میں ملک کے دوسرے شہروں سے آنے والے مہمانانِ گرامی بھی شامل ہوتے۔ان خطبات کاپہلا ایڈیشن اپریل 1981ءمیں شائع ہوا اور اسے بڑا قبول عا م حاصل ہوا ۔ زیر نظر خطبات بہاولپور کی گیارویں اشاعت ہے جسے ادارہ تحقیقات اسلامی،اسلام آباد نے اچھے کاغذ پر بڑی عمدگی سے شائع کیا ہے اللہ تعالی ڈاکٹر حمید اللہ مرحوم کی اشاعت اسلام کےلیے کوششوں کو قبول فرمائے (آمین)(م۔ا)
جہاد دینِ اسلام کی چھوٹی ہے ۔جہاد اعلائے کلمۃ اللہ کا سب سے بڑا سبب او رمظلوموں ومقہوروں کو عد ل انصاف فراہم کرنے کا عمدہ ذریعہ ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کی حفاظت کے لیے مسلمانوں کو دعوت و انذار کےبعد انتہائی حالات میں اللہ کے دشمنوں سے لڑنے کی اجازت دی ہے او راللہ کے راستے میں لڑنےوالے مجاہد کے لئے انعام و اکرام اور جنت کا وعدہ کیا ہے اسی طرح اس لڑائی کو جہاد جیسے مقدس لفظ سے موسوم کیا ہے۔ جہادکی اہمیت وفضلیت کے حوالے سے کتب احادیث میں ائمہ محدثین نے باقاعدہ ابواب قائم کیے ہیں او رکئی اہل علم نے اس پر مستقبل عربی اردوزبان میں کتب تصنیف کی ہیں ۔زیر کتاب صحیح بخاری شریف کی کتاب الجہاد کا ترجمہ وتشریح ہے یہ ترجمہ وشرح معروف عالم ِدین مولانا محمد داؤد راز محدث دہلوی نے بڑی محنت وعرق ریزی سے مرتب کیا ہے اوراس پر نظر ثانی کا فریضہ محترم مولانا مبشر ربانی ﷾ نے انجام دیا ہے۔ اللہ تعالی ٰ اس کتاب کے مصنف ،شارح ،ناشرین کی کوششوں کوقبول فرمائے (آمین)(م۔ا)
رسول کریم ﷺ کی عزت،عفت، عظمت اور حرمت اہل ایمان کا جز وِلاینفک ہے اور حبِ رسول ﷺ ایمانیات میں سے ہے اور آپ کی شانِ مبارک پر حملہ اسلام پر حملہ ہے عصر حاضر میں کفار ومشرکین کی جانب سے نبوت ورسالت پر جو رکیک اور ناروا حملے کیے گئے دراصل یہ ان کی شکت خودردگی اور تباہی وبربادی کے ایام ہیں نبی کریم ﷺ کی توہین کرنے والے کی سز ا قتل کے حوالے سے کتبِ احادیث اورتاریخ وسیرت میں بے شمار واقعات موجود ہیں ۔ شیخ االاسلام اما م ابن تیمیہ کی متنوع خدمات کادائرہ بہت وسیع ہے آپ نے ہر میدان میں دفاع او رغلبۂ اسلام کی خاطر خدمات سرانجام دیں ۔ شیخ الاسلام کی مساعی جمیلہ میں سے ایک خوبصورت کارنامہ '' الصارم المسلول علی شاتم الرسول ﷺ ''ہے جو کہ آپ نے ایک عساف نصرانی کے جواب میں تصنیف فرمائی جس کا ترجمہ کتاب وسنت ویب سائٹ پر موجود ہے ۔زیر نظرکتاب '' گستاخ رسول کی سزا'' دراصل مختصرالصارم المسلول علی شاتم الرسول ﷺ کا اردو ترجمہ ہے یہ اختصار آٹھویں صدی ہجری کے علامہ محمدبن علی الحنبلی(متوفی778ھ) نے کیا اور اس کے ترجمہ کی سعادت محمدخبیب﷾ نے حاصل کی اور ادارہ تحقیقات سلفیہ ،گوجرانوالہ نے اسے حسن طباعت سے آراستہ کیا ہے صاحب اختصار نے '' الصارم المسلول'' میں موجود تمام آیات واحادیث ،اجماع،آثارصحابہ اور ان سے استدلال واجتہاد کو حسن ترتیب سے چن لیا ہے کہ جس سے استفادہ کرنا ہر خاص وعام کے لیے آسان ہوگیا ہے ۔ اللہ تعالی کتاب ہذا کےمصنف ،مترجم ،اور ناشرین کی مساعی جمیلہ کو قبول فرمائے (آمین)(م۔ا)
انبیاء کرام کے بعد صحابہ کرام کی مقدس جماعت تمام مخلوق سے افضل اور اعلیٰ ہے یہ عظمت اور فضیلت صرف صحابہ کرام کو ہی حاصل ہے کہ اللہ نے انہیں دنیا میں ہی مغفرت،جنت اور اپنی رضا کی ضمانت دی ہے بہت سی قرآنی آیات اور احادیث اس پر شاہد ہیں۔صحابہ کرام سے محبت رکھنا اور نبی کریم ﷺ نے احادیث مبارکہ میں جوان کی افضلیت بیان کی ہے ان کو تسلیم کرنا ایمان کاحصہ ہے ۔بصورت دیگرایما ن ناقص ہے ۔ صحابہ کرام وصحابیات کی سیرت اور ان کے واقعات اہل ایمان کے لیے آئیڈیل ہیں۔ صحابہ کرام کی کی سیرت وسوانح کے حوالے سےعربی اردو میں کئی موجود ہیں ۔ زیر نظر کتاب مولانا محمدنافع ﷾ کی تصنیف ہے جس میں انھو ں حضرت ابوسفیان ﷺ اور ان کی اہلیہ ہندبنت عتبہ کے سوانح مختصراً ذکر کرتے ہوئے بعض شبہات کا ازالہ بھی کردیا ہے ۔حضرت ابو سفیان نبی کریم ﷺکی سسر تھے کاتب وحی سیدنا معاویہ او رام المومنین حضرت ام حبیبہ رضی اللہ تعالی عنہا کے والد تھے ۔حضرت ابو سفیان اور ان کی اہلیہ ہند بنت عتبہ اور ان کے بیٹے حضرت یزید بن ابی سفیان فتح مکہ کے موقع پر دائرۂ اسلام میں داخل ہوئے ۔ فاضل مؤلف نے اس کتاب میں ام المومنین حضرت ام حبیبہ رضی اللہ تعالی عنہا، حضرت یزید بن ابی سفیان کا تذکرہ بھی شامل کیا ہے اللہ تعالی اہل اسلام کو صحابہ کرام کی زندگیوں کے مطابق زندگی بسر کرنےکی توفیق دے (آمین) (م۔ا)
انسان اس دنیا کی زندگی میں جہاں ان گنت ولاتعداد نعمتوں سےفائدہ اٹھاتا ہے وہاں اپنی بے اعتدالیوں کی وجہ سے بیمار وسقیم ہو جاتاہے۔ اس دنیاکی زندگی میں ہر آدمی کے مشاہد ےمیں ہےکہ بعض انسان فالج ،کینسر،یرقان،بخاروغیرہ اوراسی طرح کئی اقسام کی بیماریوں میں مبتلاہیں۔ ان تمام بیماریوں سےنجات وشفا دینےوالا اللہ تعالی ہے ان بیماریوں کے لیے جہاں دواؤں سے کام لیا جاتا ہے دعائیں بھی بڑی مؤثر ہیں۔بہت سارے اہل علم نے قرآن وحدیث سے مسنون ادعیہ پر مشتمل بڑی وچھوٹی کئی کتب تالیف کی ہیں تاکہ قارئین ان سے اٹھاتے ہوئے اپنے مالک ِحقیقی سے تعلق مضبوط کرسکیں۔ زیرنظرکتاب''مومن کی صبح سے شام'' معروف سلفی روحانی معالج مولانا محمد اقبال سلفی﷾ کی تصنیف ہے ۔جوکہ معمولات نبویﷺ او راذکارِ مسنونہ کابہترین مجموعہ ہے ۔ اس کے مطالعہ سے ہر مسلمان کوبخوبی اگاہی ہوجاتی ہےکہ اس نے صبح سے شام کس طرح گزارنی ہے ۔سلفی صاحب نے اس کتاب میں وہ بنیادی دعائیں اوراذکار جمع کردئیے ہیں کہ جن کے ذریعے ایک انسان اپنے آپ کو اللہ کی یاد سے غافل رہنے سے بچاسکتاہے او راللہ کی پناہ میں آکر شیطان وجنات کے حربوں سے محفوظ رہ سکتاہے ۔ اللہ تعالی اس کتاب کو عوام الناس کے لیے نفع بخش بنائے (آمین)(م۔ا)
مولانا محمد رمصان یوسف سلفی ﷾ علمی ،دینی اور تعلیمی حلقوں میں مختاج تعارف نہیں ہیں جماعت اہل حدیث پاکستان کےمعروف مقالہ نگار اور مصنف ہیں۔ان کی تصانیف پر ان کوایوارڈ دیئے جاتے ہیں اورعلمی ادبی حلقوں میں ان کو بہت پذیرائی حاصل ہے ۔ ان کے مضامین ومقالات مختلف موضوعات پر ملک کے مؤقر رسائل وجرائد میں شائع ہوتے ہیں رہتے ہیں سلفی صاحب کتاب ہذا کے علاوہ تقریبا 8 کتب کے مصنف ہیں ۔اللہ تعالی ان کے زورِ قلم میں مزید اضافہ فرمائے اور ان کی خدمات کو شرف قبولیت سے نوازے(آمین) ۔ زیر نظر کتاب اللہ کے چار ولی ''مولانا سلفی کی تصنیف ہے جوکہ جماعت غرباء اہل حدیث کے بانی او رامام اول مولانا عبد الوہاب صدری دہلوی ،امام ثانی مولانا عبد الستار دہلوی ،امام ثالث مولانا عبد الغفار سلفی اور مولانا عبد الجلیل خان جھنگوی کے حالات پر مشتمل ہے (م۔ا)
غزوۂ موتہ کا شمار اسلام کے فیصلہ کن معرکوںمیں ہوتا ہے یہ جنگ روم کے عیسائیوں کے خلاف لڑی گئی اس میں آپﷺ نے تین سپہ سالاروں کومقررکیا لیکن وہ تینوں شہید ہوگئے تو مسلمانوں کو انتہائی پسپائی اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔تو اس صورت حال میں حضرت خالد بن ولید نے اسلامی فوج کی قیادت سبنھالی اور مسلمانوں کو جمع کرکے رومیوں کو شکست سے دوچار کیا ۔ زیر نظر کتاب عرب کے مشہو ر تاریخ دان احمد باشمیل کی عربی کتاب کاسلیس آسان ترجمہ ہے فاضل مؤلف نے اس کتاب میں شام کے حالات وواقعات اس کاتاریخی پس منظر او رہجرت کے بعد واقع ہونے واقعات کا جائزہ لیتے ہوئے ان امورکی وضاحت بھی پیش کی جن کےنتیجہ میں غزوۂ موتہ پیش آیا تھا او راس غزوہ کے حالات واقعات کو تفصیلاً پیش کیا ہے ۔(م۔ا)
اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات اور دستورِ زندگی ہے ،جس میں زندگی کے ہر ہر گوشے سے متعلق راہنمائی موجود ہے۔اس کی ایک اپنی ثقافت ،اپنی تہذیب اور اپنا کلچر ہے ،جو اسے دیگر مذاہب سے نمایاں اور ممتاز کرتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ جب کوئی شخص اسلام لاتا ہے تواس میں متعدد تبدیلیاں پیدا ہوتی ہیں۔اس کی دوستی اور دشمنی کے معیارات بدل جاتے ہیں۔وہ دنیوی مفادات اور لالچ سے بالا تر ہو کر صرف اللہ کی رضا کے لئے دوستی رکھتا ہے اور اللہ کی رضا کے لئے ہی دشمنی کرتا ہے۔جس کے نتیجے میں کل تک جو اس کے دوست ہوتے ہیں ،وہ دشمن قرار پاتے ہیں اور جو دشمن ہوتے ہیں وہ دوست بن جاتے ہیں اور اس کی زندگی میں ایک انقلاب برپا ہو جاتا ہے۔ زیر نظر کتاب (مقالات طیبہ) جماعۃ الدعوہ کے مرکزی راہنما معروف عالم دین مولانا عبد السلام بن محمدبھٹوی﷾ کی علمی کاوش ہے ،جس میں انہوں نے اسلامی تہذیب کے انہی منفرد اصولوں کو مقالات کی شکل میں جمع کر دیا ہے،اور عصرِ حاضر کے چند مشکل موضوعات پر قرآن وسنت کے مستند دلائل کی روشنی میں بحث کی ہے۔اللہ تعالی ان کی اس محنت کو قبول فرمائے۔آمین(راسخ)
تمام انبیاء کرام ؑ ایک ہی پیغام اور دعوت لےکر آئےکہ لوگو! صرف اللہ کی عبادت کرو او راس کےسوا تمام معبودوں سےبچو۔ انبیاء کرام سالہاسال تک مسلسل اس فریضہ کو سرانجام دیتے رہے انھوں نے اس پیغام کو پہنچانےکےلیے اس قدر تکالیف برداشت کیں کہ جسکا کوئی انسان تصور بھی نہیں کرسکتاہے حضرت نوح نے ساڑے نوسوسال کلمہ توحید کی طرف لوگوں کودعوت دی ۔ اور اللہ کے آخری رسول سید الانبیاء خاتم النبین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نےبھی عقید ۂ کی دعوت کے لیے کس قدر محنت کی اور اس فریضہ کو سر انجام دیا کہ جس کے بدلے آپ ﷺ کو طرح طرح کی تکالیف ومصائب سے دوچار ہوناپڑا اللہ نے قرآن کریم کی مختلف آیات مبارکہ میں عقائد وصفات کو بیان کیاہے زیر نظر کتاب میں بھی محمداسلم سلفی صاحب نے اردو دان طبقہ کے لیے قرآن مجید میں سے اللہ تعالیٰ سے متعلقہ عقائد وصفات پر مبنی آیات کو سورتوں کی بہ ترتیب تلاوت جمع کر کے ان آیات کاترجمہ وتشریح کو سنت کی روشنی میں پیش کیا ہے اللہ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی اس کاوش کو شرف قبولیت بخشے اور اہل اسلام کے لیے اسے ذریعہ نجات بنائے (آمین)(م۔ا)
گوئبلز نے کہا تھا کہ اتنا جھوٹ بولو،اتنا جھوٹ بولو کہ اس پت سچ کا گمان ہونے لگے۔بالکل یہی فلسفہ ڈاکٹر عبد السلام قادیانی کے متعلق اپنایا گیا ہے۔ہمارے نام نہاد صحافیوں اور دانشوروں نے میڈیا کے ذریعے اس غدار کو ہیرو بنا کر پیش کیا ہے۔ان عقل کے اندھوں سے یہ پوچھنا چاہئے کہ ڈاکٹر عبد السلام نے تمام تر مراعات حاصل کرنے کے باوجود اپنی پوری زندگی کی تحقیق کے بدلے میں عالم اسلام بالخصوص پاکستان کو کیا تحفہ دیا ہے؟ زیر نظر کتاب معروف رائٹر محمد متین خالد کی کاوش ہے ،جس میں انہوں نے انتہائی محنت اور کوشش سے ڈاکٹر عبد السلام قادیانی کی اسلام اور پاکستان دشمنی پر مبنی تاریخی وتحقیقی دستاویز تیار کر دی ہے ،تاکہ بوقت ضرورت کام آوے۔(راسخ)
صیہونیت یہودیوں کی عالمگیر تحریک ہے جس کا مقصد شام اور حجاز وغیرہ کے علاقوں پر یہودی تسلط کوقائم کرنا ہے ۔ صہیونیت کی تاریخ تقریبا چار ہزارسا ل پر محیط ہے ۔ قرآن مجید میں صہیونیت کے کردار او رخدوخال پر بڑی تفصیلی گفتگو موجود ہے پہلے پارے میں مسلسل دس رکوعوں میں اسی خاص انسانی گروہ کے طرز عمل اور منفی رویوں پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔زیر نظرکتا ب''صہیونیت قرآن مجید کے آئینے میں'' انجینئر مختار فاروقی صاحب کی صہیونیت کے تعارف پر ایک اہم تصنیف ہے جس میں فاضل مؤلف نے قرآن وحدیث کی روشنی میں صہیونیت کے کردار پر روشنی ڈالی ہے تاکہ مسلمان اس مغضوب علیہم گروہ کوپہچان سکیں اور اس سے نبرد آزما ہو کر اللہ تعالی کے ہاں سرخرو ہوسکیں ۔ اللہ تعالی فاضل مؤلف کی اس کاوش کو قبول فرمائے (آمین)(م۔ا)
قرآن مجید نبی کریم پر نازل کی جانے والی آسمانی کتب میں سے آخری کتاب ہے۔آپﷺ نے اپنی زندگی میں صحابہ کرام کے سامنے اس کی مکمل تشریح وتفسیر اپنی عملی زندگی ، اقوال وافعال اور اعمال کے ذریعے پیش فرمائی اور صحابہ کرام کو مختلف قراءات میں اسے پڑھنا بھی سکھایا۔ صحابہ کرام اور ان کے بعد آئمہ فن اور قراء نے ان قراءات کو آگے منتقل کیا۔ کتبِ احادیث میں اسناد احادیث کی طرح مختلف قراءات کی اسناد بھی موجود ہیں ۔ بے شمار اہل علم اور قراء نے علوم ِقراءات کے موضو ع پرسینکڑوں کتب تصنیف فرمائی ہیں اور ہنوز یہ سلسلہ جاری وساری ہے ۔زیر نظر کتاب قراءات کے مشہور ومعروف امام محمد بن محمد الجزری کی کتاب طیبۃ النشر کی اردو زبان میں تفہیم وشرح ہے ۔علامہ جزری نے اپنی اس کتاب میں الشاطبیہ اور الدرۃ سے زائدوجوہ اور قراءات کو اختصارکےساتھ جمع فرمادیا ہے۔ طیبۃ النشر کے شارح استاد القراء والجودین الشیخ ا لمقری محمد ادریس العاصم﷾ نے اس میں بہت تسہیلی انداز کو اختیارکیا ہے۔ شرح کی تیاری میں شاطبیہ اور درہ کی بہت سے شروحات سے استفادہ کرتے ہوئے انہوں نے کوشش کی ہےکہ اس میں کوئی علمی نکتہ یاپہلو تشنہ نہ رہے، اور بات بہت زیادہ طویل بھی نہ ہونےپائے ۔قاری صاحب نے طلباء کی سہولت کی خاطر ترجمہ میں ایسا انداز اختیار کیا ہے، جو شعروں کوحل کرنے اوران سے قراءات اخذ کرنے میں آسان ترین ہے ۔ موصوف قاری صاحب ماشاء اللہ اس کتاب کے علاوہ بھی تجوید وقراءات کے موضوع پر متعدد کتب کے مصنف اور معروف قراء کے استاد ہیں۔ دورِ حاضر میں تجوید قراءات کےمیدان میں ان کی نمایاں خدمات ہیں اور ان کی کتب مدارس وجامعات میں شامل نصاب ہیں۔ اللہ تعالی خدمت قرآن میں ان کی جہودکوشرف قبولیت سے نوازے۔آمین(م۔ا)
اللہ تعالی نے نبی کریم کو آخری نبی اور رسول بنا کر بھیجا ہے۔آپ خاتم النبیین اور سلسلہ نبوت کی سب سے آخری اینٹ ہیں ،جن کی آمد سے سلسلہ نبوی کی عمارت مکمل ہو گئی ہے۔آپ کے بعد کوئی برحق نبی اور رسول نہیں آسکتا ہے ۔لیکن آپ نے فرمایا کہ میرے بعد متعدد جھوٹے اور کذاب آئیں گے جو اپنے آپ کو نبی کہلوائیں گے۔آپ کے بعد آنے والے متعدد کذابوں میں سے ایک کذاب مرزا غلام احمد قادیانی ہے ،جس نے نبوت کا دعوی کیا اور شریعت کی روشنی میں کذاب اور مردود ٹھہرا۔لیکن اللہ رب العزت نے اس کی حقیقت کو جھوٹ وفریب کا بے نقاب کرد یا ۔چنانچہ اس کے خلاف ایک زبر دست تحریک چلی جو اس کے دھوکے اور فریب کو تنکوں کی طرح بہا لے گئی۔ پاکستانی پارلیمنٹ نے اسے اور اس کے پیروکاروں کو غیر مسلم قرار دے کر ایک عظیم الشان فیصلہ کیا۔اس سے پہلے بھی اس کے خلاف متعدد عدالتی فیصلے آئے ،جنہیں فاضل مولف محمد متین خالد نے اس کتاب میں جمع فرما دیا ہے۔اللہ تعالی مولف کی اس کاوش کو قبول فرمائے ۔آمین(راسخ)
قرآن مجید کو اللہ تعالیٰ نے بندوں کی رشد و ہدایت کے لیے نازل فرمایا۔ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کیا جانے والا ایک معجزہ ہے ۔اس کی تلاوت ِکا بھر پور اجروثواب اس امر پرموقوف ہے کہ تلاوت پورے قواعد وضوابط اور اصول وآداب کے ساتھ کی جائے قرآن کریم کی تلاوت کا صحیح طریقہ جاننا او رسیکھنا علم تجوید کہلاتا ہے اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو ترتیل کے ساتھ پڑھنے کا حکم دیا ہے ۔لہٰذا قرآن کریم کو اسی طرح پڑھا جائے جس طرح اسے پڑھنے کا حق ہے۔اور ہرمسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علمِ تجوید کے بنیادی قواعد سے آگاہی حاصل کرے فن تجوید پر اب تک اردو میں بہت سارے رسائل و کتب لکھی جا چکی ہیں۔ جن سے استفادہ کرنا نہایت سہل اور آسان ہے۔ ۔ پیشِ نظر کتاب بھی انہی کتب میں ایک اضافہ ہے۔ جو کہ جامعہ لاہورالاسلامیہ ،لاہورمیں شیخ القراء قاری ابراہیم میر محمدی﷾ کے اولین شاگرد او ر بھائی محترم قاری سلمان احمد میر محمدی﷾ ( فاضل وسابق مدرس جامعہ لاہور الاسلامیہ ) کی کاوش ہے۔ قاری صاحب نے اپنی کتاب میں تجوید کے تقریباً تمام اساسی قواعد کو نہایت سہل انداز میں بیان کردیا ہے ۔مبادیات تجوید، مخارج، صفات سے لے کر ادغام اور سکتہ تک کے تمام تر قواعد کتاب کا حصہ ہیں۔کتاب کے آخر میں تجوید سے متعلقہ بعض ضروری مسائل بھی بیان کر دئیے گئے ہیں یہ کتاب کلیۃ القرآن و ا لتربیۃ الاسلامیہ ،بنگہ بلوچاں میں شامل ِنصاب ہے جس سے ابتدائی کلاسوں اور ریفریشرکورسز کے طلباء مستفید ہوتے ہیں(م۔ا)
ماہ صفر اسلامی سال کا دوسرا قمری مہینہ ہے صفر کے لغوی معنی خالی ہونے کے ہیں عرب محرم کے مہینےکا احترام کرتے ہوئے اس میں قتال وغیرہ سے باز رہتے تھے لیکن ماہِ صفر کے شروع ہوتے ہی وہ قتال وجدال کےلیے نکل کھڑے ہوتے تھے اور گھروں کو خالی چھوڑ دیتے تھے اس لیے اس کا مہینے کا نام صفر پڑگیا ۔صفر کے میں نحوست کے عقیدے کی کوئی حیثیت نہیں نبی کریم ﷺ نے فرمایا ''کو بیماری متعدی نہیں ہوتی،بدشگونی لینا جائز نہیں ۔قرآن وحدیث میں کہیں بھی ماہ ِصفر میں کسی نیک عمل کو فضیلت کے ساتھ خاص نہیں کیا گیا ،لہذا جو مسنون اعمال عام دنوں میں کیے حاتے ہیں ، وہ اس ماہ میں بھی کیے جا سکتے ہیں ماہ محرم کو منحوس سمجھ کر اس میں شادیاں نہ کرنا،اس ماہ کی آخری بدھ کو جلوس نکالنا اور بڑی بڑی محافل منعقد کرکے خاص قسم کے کھانے او رحلوے تقسیم کرنا اور اسی طرح کی دیگر رسم ورواج کا تعلق بدعت سے ہے کیوں کہ اس کا قرآن وسنت میں کوئی ثبوت نہیں ہے ۔زیر نظر کتابچہ بھی اسی موضوع پر ہے جس میں اختصارکے ساتھ احسن اور عام فہم انداز میں ماہ ِ صفر میں پائی جانے والی رسوم ورواج او ربدعات کا رد کیا گیا ہے امیدہےکہ یہ کتابچہ قاری کی سوچ اور شعور کو اس طرح جلا بخشےگا کہ وہ اپنے ہر نفع ونقصان کا مالک اللہ وحدہ لاشریک و سمجھتے ہوئے توہم اور بدشگونی سے بچ سکے گا۔(م۔ا)
احادیث مبارکہ میں بالوں کی سفیدی کو بدلنے اور اسے خضاب لگانے کی ترغیب دی گئی ہے ،ان میں مہندی ،کتھم اور صفرہ(زردی) کا تذکرہ ہے۔لیکن سیاہ خضاب سے منع کیا گیا ہے ۔علامہ ابن حجر الہیتمی نے اس کو کبیرہ گناہوں میں شمار کیا ہے۔کیونکہ اس سے تخلیق الہی میں تبدیلی ہوتی ہے اور اس میں دھوکہ وفریب ہے۔ زیر تبصرہ کتاب شیخ العرب والعجم علامہ ابو محمد بدیع الدین راشدی کی تصنیف ہے ۔مولف کی شخصیت اتنی معروف اور عالمگیر ہے کہ محتاج تعارف نہیں ہے ،انہوں نے اٹھارہ صفحات پر مشتمل اس چھوٹے سے کتابچے میں کتاب وسنت کے دلائل کی روشنی میں سیاہ خضاب لگانے کی حرمت اور عدم جواز کو واضح کیا ہے ۔اللہ تعالی مرحوم کی اس کاوش کو اپنی بارگا ہ میں قبول ومنظور فرمائے۔آمین(راسخ)
قرآن حکیم فرقان مجید اس حقیقت کی واضح شہادت دیتا ہے کہ ابتدائے آفرنیش سے لے سرور کائنات فخر موجودات حضرت محمد ﷺ کی بعثت تک نبوت ورسالت کا سلسلہ برابر جاری رہا۔ اللہ تعالی نےہر زمانے میں ہر قوم او رہر ملک میں خلقِ خدا کی ہدایت کے لیے اپنے پیغمبر بھیجے ۔او راللہ تعالی نے نبی کریم ﷺ کو انبیاء کرام کی مقدس جماعت میں بہت سے امتیازی خصائص سے سرفراز فرمایا ۔ رحمت عالم ﷺ کی سیرت طیبہ آپﷺ کا اسوۂ حسنہ اور اوصاف وکمالات ایسے پاکیزہ موضوع ہیں جس پر قرن ِاول سے لے کر آج تک دنیاکی تقریبا سبھی زبانوں میں ہزاروں کتابیں لکھی جا چکی ہیں او ران شاء اللہ قیامت تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ زیر نظر کتاب معروف سیرت نگار محترم طالب ہاشمی کی تصنیف ہے ۔ طالب ہاشمی صاحب اس کتاب کے علاوہ بھی سیرت النبی ﷺ پر بڑوں او بچوں کے لیے کئی گرانقدر کتابیں لکھ چکے ہیں ۔بعض خوصیات کی بنا پر یہ کتاب منفرد حیثت کی حامل ہے اس میں فاضل مصنف نے آنحضورﷺ کی فضائل،خصائل،شمائل اور اسوۂ حسنہ کے مختلف پہلوؤں پر ایسے بلیغ اور عام فہم انداز میں روشنی ڈالی ہے کہ قاری کے دل میں جہاں حبیب کبریا ﷺ سےبے پناہ محبت اور عقیدت کے جذبات موجزن ہوجاتے ہیں وہاں حضور ﷺ کے اسوۂ حسنہ کومشعل راہ بنانے کا داعیہ بھی پیدا ہوتا ہے اللہ تعالیٰ اس کتاب کو حضور ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے کا ذریعہ بنا دے آمین (م۔ا)
یہ ایک مسلمہ حقیقت کہ اسلامی ریاست فلاحی ریاست ہوتی ہے اوراس کے سربراہ کی یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ریاست کے وسائل کوبلا تفریق جملہ عوام کی فلاح وبہبود اور بھلائی کےلیے استعمال کرےاور اورخاص طور سے غریبوں،ضرروت مندوں اور سماج کے کمزرو طبقات کے لوگوں کی ضرورت کاخیال رکھے اور انہیں مالی مدد فراہم کرے ۔زیرنظر کتاب '' عہدِاسلامی کے ہندوستان میں معاشرت،معیشت اور حکومت کےمسائل ''میں ظفر الاسلا م اصلاحی صاحب نے عہد اسلامی کے ہندوستا ن میں سماجی واقتصادی وسیاسی زندگی میں جو نئے مسائل ابھرے تھے ان کے متعلق علماء کی فقہی تشریحات اور حکمرانوں کے اقدامات کو درج ذیل چھ ابواب میں بیان کیا ہے ۔ 1۔عہد سلطنت کے علماء اور سماجی،معاشی وسیاسی مسائل2۔عہد سلطنت کی فقہی کتب اور غیر مسلموں سے تعلقات ومعاملات کے مسائل3۔سندھ میں غیر مسلموں کے ساتھ محمد بن قاسم کابرتاؤ اسلامی اصول وضوابط کی روشنی میں4۔عہد اسلامی کے ہندوستان میں بیت المال کا تصور او راس کی کارکردگی5۔آراضی ہند کی شرعی حیثیت عہد مغلیہ کے علماء کی نظر میں 6۔ شیخ احمد سرہندی او راہل حکومت میں شریعت کی ترویج۔(م۔ا)
اسلام دین فطرت ہے،جو تمام انسانوں اور جنوں کے لئے نازل کیا گیا ہے۔دین اسلام بلا تفریق سب کی ہدایت اور بھلائی کے لئے آیاہے،جس کی تعلیمات پر عمل کر کے رحمت الہی کا حصول ممکن ہوتا ہے۔اسلام کے متعدد محاسن اور بے شمار فوائد ہیں۔یہ عقل وفکر کو مخاطب کرتا ہے اور اسے مزید جلا بخشتا ہے۔یہ صلاحیتوں کو منظم کر کے انسانیت کی خدمت پر آمادہ کرتا ہے۔وحی کی روشنی میں عقل با بصیرت ہو جاتی ہے اور صرف دنیوی مفادات کے حصول کی بجائے آخرت کی تیاری میں مگن ہو جاتی ہے۔یہ اسلام ہی ہے جو نہ صرف اپنے ماننے والوں کو بلکہ اپنے منکرین کو بھی بحیثیت ان کے لا محدود حقوق ومراعات دیتا ہے ،بلکہ وہ تو حیوانات کے حقوق کا بھی پاسدار ہے اور چرند وپرند اور موسم کا بھی محافظ ہے۔اسلام نے زندگی مرد ،عورت ،غلام ،آزاد ،آقا ،غلام سمیت تمام کے حقوق وفرائض کا تفصیل سے تذکرہ کیاہے۔زیر نظر کتاب اسلام کے انہی عظیم محاسن پر مشتمل ہے ،جو سعودی عرب کے مشہور عالم دین شیخ عبد العزیز محمد السلمان کی کاوش ہے۔جس کا اردو ترجمہ ابو اسعد قطب الدین محمد الاثری نے کیا ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ اس کتاب کو ہم سب مسلمانوں کے نافع ومفید بنائے،اور ہمیں بھی اسلام کے ان عظیم محاسن کو اپنے کی توفیق دے ۔آمین (راسخ)