(اتوار 25 فروری 2018ء) ناشر : دار التذکیر
دین اسلام میں رسول اللہ ﷺ کی حیثیت وہی ہے جو جسم میں روح کی ہے۔ جس طرح سورج سے اس کی شعاعوں کو جدا کرنا ممکن نہیں، اسی طرح رسول اکرم ﷺ کے مقام و مرتبہ کو تسلیم کیے بغیر اسلام کا تصور محال ہے۔ آپ دین اسلام کا مرکز و محور ہیں۔سیرتِ رسول عربی ﷺ پر منثور اور منظوم نذرانہ عقیدت پیش کرنے کا لا متناہی سلسلہ صدیوں سے جاری ہے اور ہمیشہ جاری رہے گا، بلکہ فرمان الٰہی کے مطابق ہر آنے والے دور میں آپ کا ذکر خیر بڑھتا جائے گا۔ جس طرح رسول اللہ ﷺ پر نازل ہونے والی کتاب محفوظ و مامون ہے، اسی طرح آپ کی سیرت اور زندگی کے جملہ افعال و اعمال بھی محفوظ ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ حیات رسول امیﷺ‘‘ خالد مسعود کی ہے۔ جس میں آپﷺ کی ولادت لاسعادت سے قبل عرب کے حالات و واقعات ، ولادت با سعادت سے ما بعد مکی ، مدنی زندگی اور وفات تک 63 سال کی زندگی کو موتیوں کی لڑی میں پرو کر رکھ دیا ہے۔ اسلوب میں ادبی چاشنی اور سطر سطر سے نبی کریم ﷺ سے محبت کے جھلکتے آثار اس کتاب کی نمایاں خوبیاں ہیں۔ اللہ سے دعا ہے کہ مصنف کی اس عظیم خدمت کو قبول فرمائے اور آخرت میں بخشش کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔(رفیق الرحمن)