شیخ الاسلام فاتح قادیان مولانا ثناء اللہ امرتسری امرتسر میں پیدا ہوئے آپ نے ابتدائی تعلیم امرتسر میں پائی۔ سات سال کی عمر میں والد اور چودہ برس کی عمر تک پہنچے تو والدہ بھی داغِ مفارقت دے گئیں۔ بنیادی تعلیم مولانا احمد اللہ امرتسر سے حاصل کرنے کے بعد استاد پنجاب، مولانا حافظ عبد المنان وزیرآبادی سے علم حدیث کی کتابیں پڑھیں۔ ۱۸۸۹ء میں سند فراغت حاصل کر کے صحیحین پڑھنے دہلی میں سید نذیر حسین دہلوی کے پاس پہنچے۔ مولانا کی ساری زندگی ادیان باطلہ کے رد میں گزری۔آپ نے یہود و نصاریٰ، ہندو اور قادیانیوں کو دندان شکن جواب دیے۔ عیسائیت اور ہندو مت اور قادیانیت کے ردّ میں آپ نے متعدد کتب لکھیں۔اس کے علاوہ آپ نے لاتعداد مناظرے کیے اور ہر جگہ اسلام کی حقانیت کو ثابت کیا۔قادیانیت ،عیسائیت اور ہندو مت کے ردّ کے علاوہ بھی بہت سی کتب لکھیں ۔ زیر نظر رسالہ ’’ مقدمہ تفسیر آیات متشابہات ‘‘ شیخ الاسلام مولانا ثناء اللہ امرتسری رحمہ اللہ کا رسالہ ہے جو دراصل موصوف کی دونوں تفسیروں تفسیر ثناء (اردو ) اور تفسیر القرآن بکلام الرحمٰن (عربی) کے لیے بطور مقدمہ تحریر کیا۔ضمناً انہوں نے اس میں اصول تفسیر، آیات صفات اور آیات متشابہات کی تحقیق پیش کی ہے ۔ (م۔ا)