#1939

مصنف : ڈاکٹر حافظ حسن مدنی

مشاہدات : 12251

نبی اکرم ﷺ کے عدالتی فیصلے ( مقالہ )

  • صفحات: 630
  • یونیکوڈ کنورژن کا خرچہ: 15750 (PKR)
(بدھ 24 ستمبر 2014ء) ناشر : شعبہ علوم اسلامیہ جامعہ پنجاب

کسی بھی قوم کی نشوونما اور تعمیر  وترقی کےلیے  عدل وانصاف ایک بنیادی ضرورت ہے  ۔جس سے مظلوم کی نصرت ،ظالم کا قلع  قمع اور جھگڑوں کا  فیصلہ کیا جاتا ہے  اورحقوق کو ان کےمستحقین تک پہنچایا جاتاہے  اور  دنگا فساد کرنے والوں کو سزائیں دی جاتی ہیں  ۔تاکہ معاشرے  کے ہرفرد کی جان  ومال ،عزت وحرمت اور مال واولاد کی حفاظت کی جا  سکے ۔ یہی وجہ ہے  اسلام نے ’’قضا‘‘یعنی قیام عدل کاانتہا درجہ اہتمام کیا ہے۔اوراسے انبیاء ﷩ کی سنت  بتایا ہے۔اور نبی کریم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے  لوگوں میں فیصلہ کرنے کا  حکم  دیتےہوئے  فرمایا:’’اے نبی کریم ! آپ لوگوں کےدرمیان اللہ  کی  نازل کردہ ہدایت کے مطابق فیصلہ کریں۔‘‘نبی کریمﷺ کی  حیات مبارکہ مسلمانوں کے لیے دین ودنیا کے تمام امور میں مرجع کی حیثیت رکھتی ہے ۔ آپ کی تنہا ذات میں حاکم،قائد،مربی،مرشد اور منصف  اعلیٰ کی تمام خصوصیات جمع تھیں۔جو لوگ آپ کے فیصلے پر راضی  نہیں ہوئے  ا ن کے بارے  میں اللہ تعالیٰ نے  قرآن کریم میں سنگین وعید نازل فرمائی اور اپنی ذات کی  قسم کھا کر کہا کہ آپ  کے فیصلے تسلیم نہ کرنے  والوں کو اسلام سے خارج قرار دیا ہے۔نبی کریمﷺ کےبعد  خلفاء راشدین  سیاسی قیادت ،عسکری سپہ سالاری اور دیگر ذمہ داریوں کے ساتھ  منصف وقاضی کے مناصب پر بھی فائزر ہے اور خلفاءراشدین نےاپنے  دور ِخلافت  میں دور دراز شہروں میں  متعدد  قاضی بناکر بھیجے ۔ائمہ محدثین نےنبی ﷺ اور صحابہ کرام ﷢کے  فیصلہ جات کو  کتبِ  احادیث میں نقل کیا ہے  ۔اور کئی اہل علم  نے   اس سلسلے میں   کتابیں تصنیف کیں ان میں سے   اہم  کتاب امام ابو عبد اللہ  محمدبن  فرج  المالکی   کی  نبی  کریم ﷺ کے  فیصلوں پر مشتمل   ’’اقضیۃ الرسول  ﷺ ‘‘ ہے  ۔ڈاکٹر ضیاء الرحمن  اعظمی ﷾نے جامعہ ازہر ،مصر میں اس  کتاب کی تحقیق پر پی   ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ۔ادارہ معارف اسلامی ،لاہور نے اسکا  اردو ترجمہ کرواکر شائع کیا۔اورپندرہ سال قبل حافظ  عبد الرحمن مدنی ﷾ نےمجلس التحقیق الاسلامی،لاہور  کے تحت الموسوعۃ القضائیۃ (اسلامی عدالتوں کے فیصلوں پر مبنی انسائیکلو پیڈیا)  کے سلسلے میں  کام کا آغازکیاجوکہ ابھی جاری ہے ۔اور  چند سال  قبل  شیخ ڈاکٹرارکی  نور محمد  نے  صحابہ کرام ﷢ کے  کتب ِحدیث وفقہ اورکتب سیر وتاریخ  میں  منتشر  اور  بکھرے  ہوئے فیصلہ جات کو   ’’اقضیۃ الخلفاء الراشدین ‘‘کے  نام سے جمع کرکے  جامعہ اسلامیہ ،مدینہ منور ہ  سے پی ایچ ڈی کی ڈگری  حاصل  کی ۔ اشاعت کتب کے عالمی ادارے دارالسلام نے نےاسے  دو جلدوں میں شائع کیا ۔زیر نظرمقالہ ’’نبی کریم  ﷺ عدالتی فیصلے ‘‘ڈاکٹر حافظ حسن  مدنی ﷾(مدیر  ماہنامہ محدث،لاہور)  کا در اصل وہ  تحقیقی مقالہ ہے جسے  انہوں نے   پنجاب یونیورسٹی میں  پی ایچ ڈی  کے لیے پیش کرکے ڈاکٹریٹ کی ڈگری  حاصل کی ۔موصوف نے اس مقالہ میں  986 فیصلوں کو مستند ذرائع سےجمع کر کے  جدید قانونی ترتیب کے مطابق  اس  طر ح پیش کیا  کہ  موصوف  کے  اس  کا  م کو اس موضوع  پر کئے گئے  تمام تحقیقی کاموں میں   انفرادی اور امتیازی حیثیت حاصل ہے۔اوراس مقالہ میں ایک اہم پہلو  یہ ہے کہ  موصوف  نے  اپنے  مقالہ کو  یونیورسٹی میں  پیش کرتے وقت  فیصلوں کی  کمپیوٹرائزیشن   کی  اور ایک  ایسا   سوفٹ  وئیر  تیار کیا   جو  نہ صرف سی ڈی  بلکہ انٹرنیٹ پر بھی  آن لائن کام کرسکتا ہے۔اس سافٹ وئیر میں  موضوع  کے اعتبار سے  نمبر کے  لحاظ سے یا کسی بھی لفظ کے ذریعے  مطلوبہ  مقام تک رسائی  ہوسکتی ہے اور کسی بھی فیصلے کوتلاش کرکے  اس کو پرنٹ کیا  جاسکتا ہے۔ مقالہ نگار  ڈاکٹر حافظ حسن  مدنی ﷾ محتر  م  جناب  ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مدنی ﷾ (مدیر اعلی ماہنامہ محدث ، بانی و مدیر  جامعہ لاہورالاسلامیہ،لاہور )کے صاحبزادے  ہیں۔ موصوف   ڈاکٹر  حسن مدنی  صاحب تکمیل حفظ کے بعد  درس نظامی کے لیے  جامعہ لاہور میں داخل  ہوئے۔درس نظامی کے ساتھ  ساتھ عصری تعلیم کو بھی جاری رکھا۔ 1992ء میں جامعہ لاہورالاسلامیہ  سے  فراغت  کے بعد   جامعہ تدریس  اور مجلس التحقیق الاسلامی اور ماہنامہ  محدث سے منسلق ہوگے ۔کئی  سال مجلس التحقیق اسلامی  کے ناظم کی حیثیت سے  اپنے  فرائض انجام دیتے رہے اس  دوران انہوں نے   تقریبا ایک درجن کتب  شائع کیں۔جن کو اہل علم او ر  عوام الناس میں  قبولِ عام حاصل  ہوا ۔اس  کے ساتھ ساتھ  آپ  طلباء جامعہ  کے لیے  قائم  کے گے ’’لاہورانسٹی ٹیوٹ فار کمپیوٹر سائنسز‘‘کے  پرنسپل  بھی رہے۔اس کے علاوہ آپ نے  جامعہ سے   فراغت کے بعد   ماہنامہ محدث میں   معاون مدیرِ محدث   کے   طور  پر کام کا آغاز کیا  اور فروری 2001 سے  بطور مدیر  محدث  خدمات سرانجام دے رے ہیں ۔اور تقربیا  8سال سے  جامعہ لاہور الاسلامیہ(رحمانیہ) کے  مدیر التعلیم اور اس  کے ساتھ ساتھ پنجاب یونیورسٹی میں علوم اسلامیہ کے اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حال ہی میں ان کی دینی  وتحقیقی صحافی خدمات کے  اعتراف میں انہیں کتاب وسنت کی اشاعت کے عالمی ادارے 'دار السلام انٹرنیشنل' کے زیر اہتمام قائم ہونے والی اہل علم وقلم کی تنظیم 'اہل حدیث رائٹرز فورم' کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ آپ  نے  اپنی ادارت میں ماہنامہ محدث کے خاص نمبرز( فتنہ انکار حدیث نمبر،اصلاحی نظریات پر اشاعت خاص ، تصویر نمبر، امامت  زن نمبر،اشاعت  خاص مسئلہ توہین رسالت ،تہذیب وثقافت پر خصوصی اشاعت ،تحریک  نسواں پر اشاعت خاص،اشاعت خاص بر المیہ سوات وغیرہ  )  کے  علاوہ  پر ویزیت  اور غامدیت  کے رد   میں  قیمتی مضامین شائع کیے  اور کئی کرنٹ موضوعات  پر    آپ نے  بڑے ہی  اہم   اداریے  اور مضامین تحریر کیے   بالخصوص  مشرف  دور  میں   حدودآرڈیننس  اور حقوق نسواں بل پر آپ  کی  تحریری  کاوشیں انتہائی لائق تحسین ہیں۔اور آپ دینی  مدارس کی تعلیم  وترقی  کے حوالے سے  بڑے فکر مند  ہیں اس حوالے   آپ کئی مقالات لکھ چکے  ہیں۔  ماہنامہ محدث کے معروف کالم نگار  محترم عطاء اللہ صدیقی﷫ سے    قیمتی مضمون لکھوا کر شائع کرنا بھی آپ ہی کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔اور موصوف کئی   قومی وبین الاقوامی کانفرنسز میں  مختلف موضوعات پر تحقیقی  مقالات بھی  پیش کرچکے  ہیں ۔اللہ تعالیٰ موصو ف   کےعلم وعمل ان کی دینی وتعلیمی  اور صحافتی خدمات میں اضافہ فرمائے ۔ اور محدث کی 45 سالہ   علمی وتحقیقی  روایت  کو تسلسل  کے ساتھ باقی رکھنے کی توفیق  عنائت فرمائے (آمین)(م۔ا)

عناوین

 

صفحہ نمبر

مقدمہ

 

21

باب اول نظام عدل و انصاف

 

44

باب دوم شخصی اور عائلی امور

 

98

باب سوم عقوبات ، حدود و قصاص

 

234

باب چہارم مالی معاملات

 

366

باب پنجم جہاد اور اموال جہاد

 

516

فہارس و مراجع

 

608

اشاریہ قرآنی آیات

 

611

اشاریہ مقامات

 

617

مراجع و مصادر

 

619

 

اس مصنف کی دیگر تصانیف

اس ناشر کی دیگر مطبوعات

فیس بک تبصرے

ایڈ وانس سرچ

اعدادو شمار

  • آج کے قارئین 42815
  • اس ہفتے کے قارئین 339793
  • اس ماہ کے قارئین 1393293
  • کل قارئین110714731
  • کل کتب8851

موضوعاتی فہرست