(پیر 23 دسمبر 2024ء) ناشر : دار المصنفین لاہور
احادیث نبویہ کا مبارک علم پڑھنے پڑھانے میں بہت سی اصطلاحات استعمال ہوتی ہیں جن سے ہر طالب علم کو آگاہ ہونا از حد ضروری ہے تاکہ وہ اس علم میں کما حقہ درک حاصل کر سکے ، ورنہ اس کے فہم و تفہیم میں بہت سے الجھنیں پیدا ہوتی ہیں اس موضوع پر ائمہ فن و علماء حدیث نے مختصر و مطول بہت سی کتابیں تصنیف فرمائی ہیں ۔ ان میں سے ایک زیر نظر مختصر رسالہ ’’ اصطلاحات المحدثین‘‘ کے نام سے مولانا سلطان محمود محدث نے بھی ترتیب دیا جو کہ اکثر مدارس اہل حدیث میں شامل نصاب ہے ۔ جس میں اس فن کی بنیادی اصطلاحات کی تفہیم کی گئی ہے جس سے طلبہ و طالبات بخوبی فائدہ اٹھاتے ہیں ۔لیکن اس کتابچہ میں اصطلاحات کے ساتھ ان کی مثالیں نہ تھیں جس کے لیے مدرسین اور طلبا کو کچھ دقت کا سامنا تھا ۔ فضیلۃ الشیخ عبد الرحمٰن عزیز حفظہ اللہ نے اساتذہ و طلباء کی آسانی کے لیے اس رسالہ میں عام فہم انداز میں مثالوں کا اضافہ کیا ہے جس سے اس رسالہ کی افادیت دوچند ہو گئی ہے۔ دار المصنفین،لاہور نے اسے ’’امثال اصطلاحات المحدثین‘‘ کے نام سے شائع کیا ہے ۔(م ۔ا)