رمضان المبارک کے روزے رکھنا اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ہے نبی کریم ﷺ نے ماہ رمضان اور اس میں کی جانے والی عبادات کی بڑی فضیلت بیان کی ہے ۔روزہ کے احکام و مسائل سے آگاہی ہر روزہ دار کے لیے ضروری ہے ۔لیکن افسوس روزہ رکھنے والے بیشتر لوگ ان احکام و مسائل سے لا علم ہوتے ہیں،بلکہ بہت سے افراد تو ایسے بھی ہیں جو بدعات و خرافات کی آمیزش سے یہ عظیم عمل برباد کر لینے تک پہنچ جاتے ہیں ۔ کتبِ احادیث میں ائمہ محدثین نے کتاب الصیام کے نام سے باقاعدہ عنوان قائم کیے ہیں اور کئی اہل علم نے رمضان المبارک کے احکام و مسائل و فضائل کے حوالے سے کتب تصنیف کی ہیں ۔ زیر نظر کتابچہ ’’مبارک ہو رمضان المبارک آ گیا‘‘ مولانا محمد عظیم حاصلپوری کی کاوش ہے انہوں نے اس مختصر کتابچہ میں روزوں کے متعلقہ احکام و مسائل یعنی سحری و افطاری، رخصت، موانع،کفارہ قضاء وغیرہ کو عامۃ الناس کے لیے عام فہم انداز میں پیش کیا ہے۔ (م۔ا)