#6411

مصنف : جاوید جمال ڈسکوی

مشاہدات : 2917

علامہ احسان الہٰی ظہیر شہید

  • صفحات: 131
  • یونیکوڈ کنورژن کا خرچہ: 4585 (PKR)
(ہفتہ 03 جولائی 2021ء) ناشر : جنگ پبلشرز لاہور

شہید ملت علامہ احسان الٰہی ظہیر شہید کی شخصیت کی تعارف کی محتاج نہیں۔آپ 31 مئی1945ء بروز جمعرات شہر  سیالکوٹ کے محلہ احمد پورہ میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد حاجی ظہور الہٰی، مولانا ابراہیم میر سیا لکوٹی﷫  کے عقیدتمندوں میں سے تھے۔ابتدائی تعلیم اپنے گاؤں کے پرائمری اسکول میں حاصل کی۔ا ور دینی  ابتدائی تعلیم ’’دارالسلام ‘‘  سیالکوٹ سے حاصل کی اس کے بعد محدث العصر جناب حافظ محمدگوندلوی  ﷫ کی درسگاہ جامعہ الاسلامیہ گوجرانوالہ چلے آئے ۔ 1960ء میں دینی علوم کی تحصیل سے فراغت پائی اور پنجاب یونیورسٹی سے عربی میں ’’بی اے  اونرز‘‘ کی ڈگری حاصل کی۔ پھر کراچی یونیورسٹی سے لاء کا امتحان پاس کیا۔اس کے بعد اعلیٰ دینی تعلیم کے حصول کیلئے مدینۃ الرّسولﷺمیں، ملتِ اسلامیہ کی عظیم عالمی یونیورسٹی’’ مدینہ یونیورسٹی  ‘‘ میں داخلے کی سعادت نصیب ہوئی ۔ وہاں آپ  نے وقت کے ممتاز علماء  کرام سے علم حاصل کیا ،ان میں سرفہرست محدّث العصر امام ناصر الدین البانی ، مفسرِ قرآن الشیخ محمد امین الشنقیطی ،  فضیلۃ الشیخ ڈاکٹرعطیہ محمد سالم ،سماحۃ الشیخ علامہ عبد العزیز بن باز ، محدّث ِ مدینہ  علامہ عبد المحسن العباد البدر ﷭۔  وغیرہ شامل ہیں۔ مدینہ یونیورسٹی سے  فراغت کے بعد وطن واپسی پر آپ نے ابتداءًتحریر  کے ذریعہ دعوت دین کے کام  کا آغاز کیا  اور چٹان لیل ونہاراور ملک کے دیگر معروف و مشہور رسائل میں لکھتے رہے ۔ نیز  ہفت روزہ  ’’الاعتصام‘‘،  ہفت روزہ’’ اہلحدیث ‘‘ کے مدیر بھی رہے ۔ اور ترجمان الحدیث کے نام سے ایک رسالہ بھی  جاری کیا۔ ملک بھر کےعلاوہ آپ نےکئی  ممالک کے تبلیغی سفر کیے۔ دعوتی و تبلیغی اور ادارتی مصروفیات کے باوجود آپ نے عربی ادب میں شاندار اضافہ کیا ہے اوربھاری بھرکم کتب تالیف فرماکرعالمِ عرب میں اپنی علمی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔علامہ شہید کی کتب کودنیا بھر  کے علمی  وعوامی حلقوں میں یکساں مقبولیت کا شرف حاصل ہوا۔ علامہ کی  اکثر  کتب کے تراجم اردو ، فارسی و دیگر عالمی زبانوں میں موجود ہیں ۔آپ نے جس موضوع یا جس باطل فرقہ  پر قلم اٹھایا اللہ کے فضل و کرم سے اس کا حق ادا کر کے دکھایا اور آج تک آپ کی کسی  بھی کتاب کا کوئی علمی جواب نہیں دے سکا۔23 مارچ 1987 کو لاہور میں جلسہ سیرت النبی  ﷺ میں مولانا حبیب الرحمن یزدانی  ﷫ کی تقریر کے بعد جناب علامہ شہید کا خطاب شروع ہوا ،آپ کا باطل شکن خطاب اپنے نقطہ عروج کو پہنچ رہا تھا، ابھی آپ 20منٹ کی تقریر کرپائے تھے کہ بم کا انتہائی خوفناک لرزہ خیز دھماکہ ہوا ،تمام جلسہ گاہ میں قیامت صغریٰ کا عالم تھا ،دور دور تک دروبام دھماکے سے لرز اٹھے۔اس  دھماکہ میں آپ شدید زخمی ہوگئے اور میوہسپتال میں زیر علاج رہے  ۔ 29 مارچ کو سعودی ائیر لائن کی خاص  پرواز کے ذریعہ شاہ فہد  کی دعوت پر سعودیہ عرب علاج کے لئے روانہ ہوئےآپ کو فیصل ملیٹری ہسپتال میں داخل کیا گیا۔علامہ صاحب 22 گھنٹے ریاض میں زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد قافلہ شہداء میں شامل ہوئے ۔ (انا للہ و انا الیہ راجعون)مفتی اعظم سعودیہ عرب سماحۃ الشیخ عبدالعزیز بن باز  ﷫نے دیرہ ریاض کی مرکزی مسجد میں نماز جنازہ پڑھائی ۔ نمازِ جنازہ کے بعد آپ کے جسدِ خاکی کو شہرِ حبیب ﷺمدینہ منورہ لے جایا گیا، مسجدِ نبوی میں دنیا ئے اطراف سے آنے والے وفود  و  شیوخ،مفتیان، اساتذہ علماء اور طلباء کی وجہ سے مسجد نبوی میں انسانوں کا سیلاب نظر آتا تھا اور تا حد نگاہ سر ہی سر دیکھائی دیتے تھے اژدہام کا یہ عالم تھا کہ آپ کا آخری دیدار کرنا محال تھا ۔مدینہ طیبہ میں ڈاکٹر  شمس الدین افغانی ﷫ نے نماز جنازہ پڑھائی ۔  مدینہ یونیورسٹی کے شیوخ و اساتذہ اور طلباء کے علاوہ سعودی عرب کے اطراف سے ہزاروں علماء کرام ، طلباء و عوام  اشکبار آنکھوں سے جنازے میں شامل تھے ۔ آپ کے جسد خاکی  کو  جنت البقیع میں دفن کیا  گیا ۔ علامہ کی شہادت کے بعد ان کی حیات  وخدمات پر مختلف اہل علم نے بیسیوں مضامین تحریر کیے اور ہر سال  ماہ مارچ   میں  کوئی نیا  مضمون  اخبار ، رسائل  وجرائد کی زینت بنتا ہے ۔ زیر نظرکتاب’’علامہ احسان الٰہی ظہیر شہید‘‘ علامہ شہید کے قریبی صحافی دوست جاوید جمال ڈسکوی کی تصنیف ہےجس میں انہوں نے علامہ صاحب  کی  خدمات  جلیلہ  کاتذکرہ کیا ہے  اور انکے بارے میں اپنے ثاثرات پیش کیے  ہیں  اور علامہ کی مختلف تصاویر بھی اس کتاب میں شامل کی ہیں۔ اللہ تعالیٰ علامہ شہید  کی مرقد پر اپنی رحمت  کی برکھا برسائے اور انہیں جنت الفردوس  میں اعلیٰ وارفع مقام عطافرمائے ۔(آمین)(م۔ا)

اس کتاب میں فہرست موجود نہیں

فیس بک تبصرے

ایڈ وانس سرچ

اعدادو شمار

  • آج کے قارئین 46807
  • اس ہفتے کے قارئین 46807
  • اس ماہ کے قارئین 2118724
  • کل قارئین113726052
  • کل کتب8888

موضوعاتی فہرست