اللہ تبارک وتعالیٰ نے مسلمانوں کو ایک بڑی دولت اور نعمت سے نوازا ہے، جو پورے دین کو جامع اور اس کی تبلیغ کا بہترین ذریعہ ہے وہ نعمت اور دولت اخلاق ہے، ہمارے نبی حضرت محمد رسول اللہﷺ اخلاق کے اعلیٰ معیار پر تھے ۔آپﷺ نے اپنے ہر قول و فعل سے ثابت کیا کہ آپﷺ دنیا میں اخلاقِ حسنہ کی تکمیل کے لیے تشریف لائے۔ پس جس نے جس قدر آپﷺ کی تعلیمات سے فائدہ اٹھا کر اپنے اخلاق کو بہتر بنایا اسی قدر آپﷺ کے دربار میں اس کو بلند مرتبہ ملا۔ حضورﷺ کی ساری زندگی اخلاقِ حسنہ سے عبارت تھی ۔ زیر نظر کتاب ’’دل بدلے تو زندگی بدلے ‘‘ النور انٹرنیشنل کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نگہت ہاشمی صاحبہ کی مرتب کردہ اخلاق سیریز کے پارٹ2 کی ورک بک ہے۔مرتبہ نے اس ورک بک میں عنوانات قائم کر کے اس سے متعلق آیات اور احادیث مع ترجمہ پیش کی ہیں ۔قارئین کی سہولت کے لیے یادداشتوں کو نوٹ کرنے کے لیے دائیں بائیں جگہ بھی موجود ہے۔(م۔ا)