اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو بندوں کی رشد و ہدایت کے لیے نازل فرمایا ہے۔یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کیا جانے والا ایسا کلام ہے جس کے ایک ایک حرف کی تلاوت پر دس دس نیکیاں ملتی ہیں۔اور قرآن مجید کی درست تلاوت اسی وقت ہی ممکن ہو سکتی ہے، جب اسے علم تجوید کے قواعد و ضوابط اور اصول و آداب کے ساتھ پڑھا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو ترتیل کے ساتھ پڑھنے کا حکم دیا ہے ۔لہٰذا قرآن کریم کو اسی طرح پڑھا جائے جس طرح اسے پڑھنے کا حق ہے۔اور ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علمِ تجوید کے بنیادی قواعد سے آگاہی حاصل کرے۔ زیر نظر کتاب ’’القول الجلیل فی حکم الترتیل المعروف تجوید کی اہمیت ‘‘ محترم ابو معاویہ محمد عبد الستار محمود کوٹی صاحب کی تصنیف ہے ۔ فاضل مصنف نے اس کتاب میں تجوید کی اہمیت و ضرورت اور قرآن پاک کو باتجوید پڑھنے کے فوائد اور خلافِ تجوید پڑھنے کے نقصانات کو بہت ہی عمدہ انداز میں بیان کیا ہے۔(م۔ا)