رمضان المبارک کے روزے رکھنا اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ہے نبی کریم ﷺ نے ماہِ رمضان اور اس میں کی جانے والی عبادات ( روزہ ،قیام ، تلاوت قرآن ،صدقہ خیرات ،اعتکاف ،عبادت لیلۃ القدر وغیرہ )کی بڑی فضیلت بیان کی ہے ۔روزہ کے احکام و مسائل سے آگاہی ہر روزہ دار کے لیے ضروری ہے ۔لیکن افسوس روزہ رکھنے والے بیشتر لوگ ان احکام و مسائل سے لا علم ہوتے ہیں،بلکہ بہت سے افراد تو ایسے بھی ہیں جو بدعات و خرافات کی آمیزش سے یہ عظیم عمل برباد کر لینے تک پہنچ جاتے ہیں ۔ کتبِ احادیث میں ائمہ محدثین نے کتاب الصیام کے نام سے باقاعدہ عنوان قائم کیے ۔ اور کئی علماء اور اہل علم نے رمضان المبارک کے احکام و مسائل و فضائل کے حوالے سے کتب تصنیف کی ہیں۔ محترم جناب عبد السلام بن صلاح الدین مدنی حفظہ اللہ کی زیر نظر کتاب ’’مسائل رمضان ‘‘ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس میں انہوں نے عام فہم انداز میں قرآن و سنت کی روشنی میں استقبال رمضان ، رمضان المبارک کے جملہ احکام و مسائل کے علاوہ روزہ سے متعلق جدید فقہی و طبی مسائل کو بھی بیان کیا ہے۔ (م۔ا)