قرآن مجید کے ساتھ سنت نبویہ کوقبول کرنےکی تاکید وتوثیق کے لیے قرآن مجید میں بے شمار قطعی دلائل موجود ہیں۔اہل سنت الجماعت کا روزِ اول سے یہ عقیدہ رہا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی سنت کی ایک مستقل شرعی حیثت ہے ۔حدیث سے انکا ر واعراض قرآن کریم سے انحراف وبُعد کازینہ اور سنت سے اغماض ولاپرواہی فہم قرآن سے دوری ہے ۔جس طر ح عبادات(نماز ،روزہ، حج وغیرہ) میں اتباع سنت مطلوب ہے اسی طرح اخلاق وکردار ،کاروبار، حقوق العباد اور دیگر معاملات میں بھی اتباع سنت مطلوب ہےالغرض اتباعِ سنت جزو ایمان ہے۔ زیر نظر کتاب’’اسلام میں سنت کا مقام ‘‘ کبار علماء کونسل سعودی عرب کے رکن مشہور سعودی عالم دین ڈاکٹر صالح بن فوزان الفوزان حفظہ اللہ کی اہمیت سنت سے متعلق مایہ ناز کتاب مكانة السنة في الإسلام کا اردو ترجمہ ہے ۔علامہ صالح فوزان نے اس رسالہ میں سنت کی اہمیت اور اس کی تشریعی حیثیت کو کتاب وسنت کےدلائل کی روشنی میں واضح کیا ہے۔ مولانا عبد الولی عبدالقوی حفظہ اللہ (مکتب دعوۃوتوعیۃالجالیات،سعودی عرب )نے اس رسالہ کی افادیت کے پیش نظر اسے اردو قالب میں ڈھالا ہے۔مترجم نے اس کی ترجمانی میں اسلوب انتہائی سہل اورآسان اختیار کیا ہے تاکہ ہرخاص وعام کم پڑھے لکھے لوگ بھی بآسانی مستفید ہوسکیں اور سنت کے تشریعی مقام سے روشناس ہوسکیں۔ (م۔ا)
فہرست موجود نہیں