اسلام ایک دین فطرت ہے اور اس کے تمام تر احکامات فطرت کے عین مطابق ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر ایک بچے کو فطرت ، یعنی دین توحید پر پیدا کرتے ہیں لیکن بسا اوقات بد قسمتی سے اس کے والدین اسے دین فطرت سے ہٹا کر شرک و کفر کی تاریک راہوں میں دھکیل دیتے ہیں۔ زیر نظر کتاب’اسلام ہی انسانیت کا حل ہے ‘ میں محترم ڈاکٹر وصی اللہ محمد عباس نے دین اسلام کو ایک فطری اور کامل مذہب کی صورت میں پیش کرتے ہوئے ان تمام خصوصیات کا تذکرہ کیا ہے جو اسلام کو دوسرے مذاہب سے ممتاز کرتی ہیں۔ اسلام کی آفاقیت اور ابدیت کی یہ ایک ناقابل تردید دلیل ہے کہ دین اسلام میں انسانی جان کی حفاظت، دین کی حفاظت، عزت کی حفاظت، عقول کی حفاظت اور مال کی حفاظت کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی گئی ہے۔