قرآن مجید جو انسان کے لیے ایک مکمل دستور حیات ہے ۔اس میں بار بار توجہ دلائی گئی ہے کہ شیطان مردود سے بچ کر رہنا یہ تمہارا کھلا دشمن ہے ۔ شیطان انسان کو کہیں خواہشِ نفس کو ثواب کہہ کر ادھر لگا دیتا ہے ،کبھی زیادہ اجر کا لالچ دے کر اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کے منافی خود ساختہ نیکیوں میں لگا دیتا ہے اور اکثر کو آخرت کی جوابدہی سے بے نیاز کر کے دنیا کی رونق میں مدہوش کر دیتا ہے۔قرآن مجید اور احادیثِ صحیحہ میں شیطانوں سے بچنے کی آسان تدابیر مفصل طور پر موجود ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’انسان کا سب سے بڑا دشمن کون؟‘‘ محترمہ ام عابد نسیم بنت ڈاکٹر عبد الماجد لاری رحمہ اللہ کی تصنیف ہے مصنفہ نے اگرچہ یہ کتاب بنیادی طور پر حلقہ خواتین کے لیے مرتب کی ہے لیکن اس سے مرد حضرات بھی یکساں مستفید ہو سکتے ہیں ۔مصنفہ نے اس کتاب میں شیطان کو انسان کے سب سے بڑے دشمن کے طور متعارف کروایا ہے۔اور سلیس و سادہ اور عام فہم انداز میں شیطان کی اصلیت کو بے نقاب کرنے کی ایک کامیاب کوشش کی ہے۔(م۔ا)