رمضان المبارک کے روزے رکھنا اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ہے نبی کریم ﷺ نے ماہ رمضان اور اس میں کی جانے والی عبادات کی بڑی فضیلت بیان کی ہے ۔روزہ کے احکام و مسائل سے آگاہی ہر روزہ دار کے لیے ضروری ہے ۔لیکن افسوس روزہ رکھنے والے بیشتر لوگ ان احکام و مسائل سے لا علم ہوتے ہیں،بلکہ بہت سے افراد تو ایسے بھی ہیں جو بدعات و خرافات کی آمیزش سے یہ عظیم عمل برباد کر لینے تک پہنچ جاتے ہیں ۔ کتبِ احادیث میں ائمہ محدثین نے کتاب الصیام کے نام سے باقاعدہ عنوان قائم کیے ہیں اور کئی اہل علم نے رمضان المبارک کے احکام و مسائل و فضائل کے حوالے سے کتب تصنیف کی ہیں ۔ زیر نظر کتاب’’ روزہ اور اسکے آداب ‘‘ محترم جناب محمد صدیق لون السلفی صاحب کی تصنیف ہے ۔انہوں نے اس کتاب میں شریعت اسلامیہ کے دلائل کو جمع کیا ہے اور آئے روز درپیش آنے والے جدید مسائل کے بارے میں فتاویٰ جات نقل کر کے رواۃ حدیث اور علماء کرام کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے وضاحت طلب مسائل کو عام فہم انداز میں پیش کرنے کی حتی الوسع کوشش کی ہے ۔ (م۔ا)