انبیاء کرام علیہم السلام کے بعد صحابہ کرام کی مقدس جماعت تمام مخلوق سے افضل اور اعلیٰ ہے بہت سی قرآنی آیات اور احادیث اس پر شاہد ہیں۔صحابہ کرام سے محبت اور نبی کریم ﷺ نے احادیث مبارکہ میں جو ان کی افضلیت بیان کی ہے ان کو تسلیم کرنا ایمان کا حصہ ہے بصورت دیگر ایمان ناقص ہے ۔ صحابہ کرام کی وہ پاکیزہ جماعت ہے جس کی تعدیل قرآن نے بیان کی ہے۔متعدد آیات میں ان کے فضائل و مناقب پر زور دیا ہے اور ان کے اوصاف حمیدہ کو اسوہ‘‘کی حیثیت سے پیش کیا ہے۔ ان کی راہ سے انحراف کو غیر سبیل المؤمنین کی اتباع سے تعبیر کیا ہے۔ زیرنظر کتاب ’’عدالت صحابہ رضی اللہ عنہم‘‘محقق دوراں فضیلۃ الشیخ ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ کی تصنیف ہے انہوں نے اس رسالے میں قرآن و سنت اور اہلِ علم کے اقوال کی روشنی میں صحابی کی تعریف پیش کرنے کے بعد متعدد قرآنی آیات اور احادیث نبویہﷺ پیش کی ہیں کہ جن سے صحابہ کی عدالت اور تزکیہ ثابت ہوتا ہے اور آخر میں عدالتِ صحابہ سے متعلق اہلِ بدعت کے بعض اعتراضات کا جواب دیا ہے۔ (م۔ا)