دار السلام، لاہور

دار السلام، لاہور
267 کل کتب
دکھائیں

  • 61 معانی القرآن الکریم (پیر 03 فروری 2014ء)

    مشاہدات:22741

    یہ ایک ناقابل انکار حقیقت ہے کہ آج اس کائنات میں قرآن شریف کے سوا کوئی ایسی کتاب موجود نہیں ہے ،جسے پوری قطعیت اور یقین کے ساتھ الہامی قرار دیا جاسکےیہ شرف محض قرآن مقدس ہی کو حاصل ہے ۔قرآن مجید کی تعلیمات پر عمل سے امت کو بلندی حاصل ہوئی ہے اور اس سے غفلت برتنے سے پستی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔امت مسلمہ کی موجودہ ذلت ورسوائی کا سبب بھی یہی ہے کہ آج افراد امت نے قرآن حکیم کو پس پشت ڈال رکھا ہے۔قرآن سے اعراض اور بے التفاتی ہی کا ایک مظہر یہ ہے کہ اسے سمجھنے کو کوشش نہیں کی جاتی بلکہ محض الفاظ کی تلاوت پر ہی اکتفا کیا جاتا ہے یوں یہ قرآن سے دوری کا مظہر بھی ہے اور سبب بھی کہ جب تک قرآن کے معانی سے واقفیت نہیں ہو گی اس سے تعلق بھی استوار نہیں ہو سکتا۔المختصر تعلق بالقرآن  کے لیے اس کے مفاہیم سے با خبر ہونا ضروری ہے ۔اس کے لیے جناب حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ کے زیر نظر ترجمہ قرآن کا مطالعہ بہت مفید ثابت ہو گا جو معانی القرآن الکریم کے نام سے پیش کیا گیا ہے۔اس میں لفظی ترجمے کا انداز اختیار کیا گیا ہے ،جس سے الفاظ قرآنی کا مفہوم سمجھنے میں آسانی رہتی ہے۔(ط۔ا)

  • 62 اطلس القرآن (پیر 01 اگست 2011ء)

    مشاہدات:21068

    قرآن کریم اللہ عزوجل کا کلام اور آخری الہامی کتاب ہے ۔امت مسلمہ کی خوش نصیبی ہے کہ یہ آج  اپنے متن کے تمام ترتقاضوں کے ساتھ محفوظ حالت میں موجود ہے۔قرآن شریف اصلاً ایک کتاب ہدایت ہے جس کا مقصد راہ گم کردہ انسانیت کو خدا کی طرف بلانا اور اس کی مہت کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔قرآن میں متعدد امتوں اور قوموں کے حالات بیان ہوئے اور کئی مقامات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔قرآن پڑھتے ہوئے اگر ان اشخاص ،اقوام اور مقامات سے آگاہی ہو تو اس کے معانی ومفاہیم کو سمجھنے میں نہ صرف سہولت رہتی ہے بلکہ اس میں اثر پذیری کی خصوصیت دو چند ہو جاتی ہے ۔زیر نظر کتاب پہلی قرآنی اطلس ہے جسے جدید فی تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے ۔فاضل مصنف ڈاکٹر شوقی ابو خلیل نے اس مقصد کے لیے قرآن مجید کی آیات کا بالاستعاب مطالعہ کیااور ان آیات کو جمع کیا،جن میں اماکن ،اقوام،اعلام یا دوسری جغرافیائی معلومات کے بارے میں تذکرہ ملتا ہے۔پھر ہر موضو ع پر متعلقہ آیات کا انتخاب معلومات کے جد اول اور بعد ازاں ان کے فن جغرافیہ کی روشنی میں واضح رنگ دار نقشے ترتیب دیے۔جن سے قرآن شریف کے اس متعلقہ متن میں موجود مقامات،شخصیات اور اعلام  کی بخوبی وضاحت ہو جاتی ہے ۔اس اطلس  میں نقشوں کی تعداد75،جد اول کی تعداد31اور تصاویر کی تعداد 21ہے۔(ط۔ا)
     

  • اللہ عزوجل نے یہ کائنات ہست و بود انسان کے لیے بنائی ہے اور انسان کو اپنی بندگی کے لیے پیدا فرمایا ہے۔ہمارا عظیم خالق خوب جانتا ہے کہ یہ دنیا انسان کو کن طریقوں سے فائدہ پہنچائے گی اور کن کرتوتوں کی وجہ سے شدید نقصانات سے دوچار رکردے گی۔اللہ تعالیٰ نے یہ باتیں قرآن کریم میں اوامر نواہی کی صورت میں بتلا دی ہیں اور اپنے آخری رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کے ذریعے سے سارے عالم پر ہمیشہ کے لیے روشن  کر دی ہیں۔علمائے سنت نے ان اوامر و نواہی کو جو کتا وسنت میں بیان ہوئے ہیں،آسان زبان میں ایک ترتیب کے ساتھ امت مسلمہ کے سامنے پیش کر دیے ہیں۔انہی میں حجاز مقدس کے عظیم اسکالر اور معروف دینی رہنما شیخ صالح بن فوزان بھی ہیں۔زیر نظر کتاب ان کے لیکچرز اور تقاریر کا مجموعہ ہے ،جو ریڈیو پر نشر ہوئے بعد ازاں انہیں کتابی صورت میں شائع کیا گیا۔اب اسے اردو زبان میں پیش کیا جارہا ہے اس کے مطالعہ سے اہل اسلام اخلاقیات،عبادات اور معاملات کے باب میں اللہ عزوجل کے احکام سے با خبر ہو سکتے ہیں اور ان پر عمل پیرا ہو کر اللہ رب العزت کی رضامندی کے مستحق بن سکتے ہیں۔(ط۔ا)
     

  • 64 عورتوں کے امتیازی مسائل و قوانین (جمعہ 01 جولائی 2011ء)

    مشاہدات:20139

    اللہ تعالیٰ نے نسل بنی آدم کو مرد وزن کی دو اصناف میں تقسیم کیا ہے۔ان کے نیک اعمال کا اجر تو  ہر ایک کو برابر ملے گا اور اس اعتبار سے ان میں کوئی فرق نہیں،تاہم چونکہ جسمانی اعتبار سے ان میں بعض امتیازات پائے جاتے ہیں ،اس لیے بعض احکامات میں ان کے مابین فرق روا رکھا گیا ہے۔مثلاً عورت کی وراثت،دیت،گواہی اور سربراہ حکومت بننے کا مسئلہ وغیرہ۔اسی طرح بعض عبادات  کے باب میں بھی ان کے احکامات الگ الگ ہیں۔ان مسائل میں یہ فرق کیوں ہے؟ان میں کیا حکمتیں ہیں؟زیر نظر کتاب میں اسی کو موضوع بحث بنایا گیا ہے۔معروف مفسر قرآن اور عالم دین جناب حافظ صلاح الدین یوسف نے ان شرعی حکمتوں کو انتہائی خوبصورت انداز میں اجاگر کیا ہے،جس کے مطالعہ سے شرعی احکام پر یقین و بصیرت میں اضافہ ہو گا اور مغربی تہذیب کے اعتراضات و شبہات کا بھی ازالہ ہو گا۔ان شاء اللہ۔(ط۔ا)
     

  • 65 رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے 200سنہری ارشادات (جمعہ 23 ستمبر 2011ء)

    مشاہدات:18413

    اللہ تعالیٰ نے بنی نوع انسان کو راہ ہدایت دکھلانے کے لیے مختلف آسمانی صحائف نازل فرمائے اور پھر ان صحائف کی تشریح و تبیین کے لیے اپنے برگزیدہ بندوں کا انتخاب کیا۔ حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم انہیں ہستیوں میں سے سب سے آخری ہیں جن کی زندگی قرآن کریم کی تفسیر کا بہترین نمونہ ہے۔ زیر مطالعہ کتاب میں نہایت خوبصورتی کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان پر جاری ہونے والے 200 ارشادات کو مع اردو ترجمہ صفحہ قرطاس پر منتقل کیا گیا ہے۔ مولانا عبدالمالک مجاہد نے ان احادیث کو مرتب کرنے کی سعادت حاصل کی ہے۔ یہ احادیث دین اسلام کے بنیادی عقائد اور اصولوں سے متعلق ہیں جن کوانہوں نے موضوعاتی یا فقہی ترتیب سے بھی پاک رکھا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام مسلمان ان احادیث نبویہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حرز جان بنائیں۔ تاکہ مصنف کے بقول دوران گفتگو ہماری زبانوں پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث رواں دواں ہوں۔(ع۔م)

  • 66 تفسیر السعدی(اردو)پارہ 1 (پیر 12 ستمبر 2011ء)

    مشاہدات:18285

    اللہ عزوجل نے لوگوں تک اپنا پیغام پہنچانےکے لیے جو کتابیں نازل فرمائیں،قرآن حکیم ان میں آخری کتاب ہے جو تاقیامت بنی نوع انسان کے لیے ہدایت ورہنمائی کا ذریعہ ہے ۔قرآن کے مطالب و مفاہیم کو اجاگر کرنے کی ذمہ داری جناب نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو سونپی گئی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے بہ طریق احسن سرانجام دیا۔بعد ازاں مفسرین عظام نے حدیث نبوی اور ارشادات صحابہ رضی اللہ عنہم کی روشنی میں قرآنی مطالب کو لوگوں تک پہنچایا۔اس فن میں اب تک بے شمار تفاسیر مختلف زبانوں میں لکھی جا چکی ہیں اور یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔علامہ عبدالرحمٰن بن ناصر سعدی رحمہ اللہ کی تفسیر بھی معتبر کتب تفاسیر میں شمار ہوتی ہے ۔آپ سعودی عرب کے نام ور عالم دین تھے۔زیر نظر ’تفسیر السعدی‘کی متعدد خصوصیات ہیں،مثلا:یہ اسرائیلی اور ضعیف روایات سے پاک ہے،قصص وواقعات سے عبر وحکم کا استنباظ بھی خوب اور نہایت عجیب ہے۔یہ تفسیر اختصار اور جامعیت کا حسین امتزاج ہے۔تفسیر میں منہج سلف کی پابندی کی گئی ہے۔آج کے مادی دور میں قرآنی حکمت وموعظت کے حصول کے لیے یہ تفسیر انتہائی مفید ہے ،جس کا مطالعہ ہر مسلمان کو کرنا چاہیے تاکہ وہ قرآن حکیم سے اپنے تعلق کو استوار کر سکے اور فلاح و کامرانی سے بہرہ مند ہو سکے۔(ط۔ا)

     

  • 67 اسلام کی سچائی اور سائنس کے اعترافات (منگل 09 اگست 2011ء)

    مشاہدات:17964

    دین اسلام کی صداقت کی ایک بہت مضبوط اور پختہ دلیل یہ ہےکہ بعض  سائنسی حقائق جو صدیوں کے تجربات کے نتیجے میں سامنے آئے ہیں ،قرآن مجید نے چودہ سو سال قبل ہی ان کا انکشاف کر دیا تھا۔ایسے انکشافات نے سینکڑوں ملحد اور بے دین سائنس دانوں اور غیر مسلم دانش وروں کو اسلام کی نعمت حاصل کرنے میں مدد دی ہے۔ہمیں یقین ہے کہ جیسے جیسے سائنس دان اور ماہرین علوم،قرآن شریف کی آیات بینات پر غور کریں گے،انہیں اس کائنات کے خالق اورمالک کی حکمتوں اور قدرتوں کا ادراک حاصل ہوتا چلا جائے گا۔زیر نظر کتاب ایک جداگانہ اور منفرد کتاب ہے جس میں قرآن مجید کی صداقت اور اس کے ناقابل اور مبنی برحقیقت بیانات ،اسلام کے بطور دین الہی ٰ اثبات اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کی شہادت اور سچائی کے لیے سائنسی وعلمی حقائق کے تناظر میں نہایت اہم مطالعات پیش کیے گئے ہیں ۔اس کے مطالعہ سے ایمان وایقان کی دولت میں یقیناً اضافہ  محسوس ہوگا۔(ط۔ا)
     

  • 68 شادی سے شادیوں تک (جمعرات 01 دسمبر 2011ء)

    مشاہدات:16428

    اسلام تعدد ازواج کا پرزور حامی ہے  اور مسلم مرد کو بیک وقت چار شادیوں کی رخصت ہے ۔یہ خدائی فیصلہ مردوزن کے لیے نہایت موضوع اور عصمت وعفت کے تحفظ کا بہترین نسخہ ہے۔سو تعدد ازواج فحاشی وبدکاری سے بچاؤ اور نسل انسانی میں ارتقاء کا بہترین ذریعہ ہے۔لیکن دشمنان اسلام بالخصوص مغرب اور اس کے حواری مسلمانوں کو پاکدامن اور جنسی آلائشوں سے پاک دیکھنا کبھی بھی پسند نہیں کرتے۔بلکہ ان کی شروع سے خواہش ہے کہ اہل اسلام بھی اقوام مغرب کی طرح جنسیت زدہ ہو جائیں اور فحاشی وبدکرداری کے گند میں لتھڑ کر بےضمیر وبے غیرت ہو جائیں۔اپنی اسی سوچ کی آبیاری کے لیے کبھی وہ حقوق نسواں کے نام سے اور کبھی تعدد ازواج کے قانون میں نقائص نکال کر سادہ لوح مسلمانوں اور مغربیت زدہ افراد کو اپنے دام تذویر میں لانا چاہتے ہیں۔لیکن اسلام کے قوانین اٹل ہیں اور عقلی اور نقلی دلائل سے شرعی دلائل کا توڑ اور ان کی بے وقعتی ناممکن ہے ۔اور علمائے کرام نے ہر دو رمیں ان شورشوں کی قوی دلائل سے بیخ کنی کی اور حق کو حق ثابت کرنے کی بھرپور کوشش کی۔تعدد ازواج کے برحق ہونے اور اس پر وارد اعتراضات کا اس کتاب میں خوب جائزہ لیا گیا ہے۔اور تعدد ازواج سے دوچار مسلم بہنوں کی اصلاح کے لیے خاطر خواہ مواد جمع کیا گیا ہے ۔جو ان کی حوصلہ افزائی کے لیے کافی مواد ثابت ہو گا۔(ف۔ر)
     

  • 69 مسئلہ رؤیت ہلال اور 12 اسلامی مہینے (ہفتہ 03 دسمبر 2011ء)

    مشاہدات:21452

    اسلامی نقطہ نگاہ میں تمام اوقات اور تمام مہینے مقدس ومحترم ہیں۔اور ہر مسلمان پر ان کی تعظیم واحترام واجب ہے۔مختلف اوقات اور مہینوں کو منحوس قرار دینا تعلیمات اسلامیہ سے دوری کا نتیجہ اور باطل نظریات کا شاخسانہ ہے ۔کتاب وسنت میں مختلف مہینوں کے فضائل ومناقب بیان ہیں۔جو کتب احادیث میں منتشر تھے انہیں کسی دستاویزی شکل میں یک جا کرنے کی ضرورت تھی ۔پھر مختلف مہینوں میں مختلف بدعات مروج ہیں اور عامتہ الناس اسے دین سمجھ کر طلب ثواب کی نیت سے ان پر عمل پیرا ہیں۔زیر نظر کتاب میں فاضل مؤلف ماہر محقق ،معروف قلمقار اور جید عالم دین حافظ صلاح الدین یوسف صاحب نے اسلامی مہینوں کے فضائل ومسائل بیان کرنے کے بعد ان مہینوں کی مروجہ بدعات کا اچھے طریقے سے پوسٹ مارٹم کیا ہے ۔یہ کتاب خطبا ،علما اور عوام الناس کے لیے انتہائی مفید ہے اور اسلامی مہینوں کے حوالے سے عوام میں پھیلی مختلف بدعات کا تریاک بھی ہیں۔کتاب کی اشاعت وطباعت اور سرورق کا حسن دارالسلام ادارہ کے ذوق طباعت کا آئینہ دار ہے ۔(ف۔ر)
     

  • سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے افضل ہیں ۔اور آپ کی تمام زندگی اسلام کی سربلندی کے لیے وقف تھی۔آپ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے معتمد ترین رفیق اور اسلام کے عظیم داعی اور مبلغ تھے۔جنہوں نے اسلامی کرنوں کی ضیاع پاشیوں کے ساتھ ہی اسلام قبول کیا اور مردوں میں سے سب سے پہلے انہیں ہی اسلام قبول کرنے کا شرف حاصل ہوا۔اور تادم مرگ آپ کی اسلام سے شدید وابستگی رہی ۔حتی کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں یہ بات معروف تھی کہ امت کے افضل بزرگ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ ہیں۔اور ان کی اسلامی خدمات کا اعتراف خود نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی کیا۔ایسی عظیم شخصیت کی سیرت نگاری  امتیوں کے لیے رشد وہدایت کا باعث ہے۔ان کی سیرت وکردار سے واقفیت حاصل کرنا اور ان جیسی خدمات انجام دینے کی کوشش کرنا ہر مسلمان کا حق ہے۔ان کی سیرت نگاری پر کئی کتب دستیاب ہیں اور اس کو مزید متعارف کروانے کے لیے مولانا عبدالمالک مجاہد ڈائریکٹر دارالسلام نے اپنا حصہ ڈال کر ایمانی محبت اور صحابہ کرام سے دلی وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔کتاب طباعت کے تمام محاسن سے مزین ہے البتہ واقعات کی مکمل تحقیق میں تشنگی باقی ہے۔اس کتاب کا مطالعہ نہایت معلومات افزا اور ایمان میں  اضافے کا باعث ہے۔(ف۔ر)
     


ایڈوانس سرچ

اعدادو شمار

  • آج کے قارئین: 1304
  • اس ہفتے کے قارئین: 11151
  • اس ماہ کے قارئین: 31844
  • کل مشاہدات: 45323498

موضوعاتی فہرست

ای میل سبسکرپشن

محدث لائبریری کی اپ ڈیٹس بذریعہ ای میل وصول کرنے کے لئے ای میل درج کر کے سبسکرائب کے بٹن پر کلک کیجئے۔

رجسٹرڈ اراکین

ایڈریس

        99--جے ماڈل ٹاؤن،
        نزد کلمہ چوک،
        لاہور، 54700 پاکستان

       0092-42-35866396، 35866476، 35839404

       0092-423-5836016، 5837311

       library@mohaddis.com

       بنک تفصیلات کے لیے یہاں کلک کریں